Tag: بھکاری

  • رمضان میں بھکاریوں کی چاندی، 28 ہزار روپے فی گھنٹہ کمانے لگے!

    رمضان میں بھکاریوں کی چاندی، 28 ہزار روپے فی گھنٹہ کمانے لگے!

    رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پیشہ ور بھیک مانگنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے اور وہ فی گھنٹہ 28 ہزار روپے تک کما رہے ہیں۔

    دنیا بھر میں مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک جاری ہے۔ اس ماہ میں جہاں مسلمان روزہ رکھنے کے ساتھ عبادات کا سلسلہ بڑھا دیتے ہیں، وہیں راہ خدا میں دل کھول کر خرچ کرتے ہوئے صدقہ اور خیرات کرتے ہیں۔

    ماہ رمضان پیشہ ور بھکاریوں کے لیے کمائی کا ایسا سیزن بن گیا ہے کہ وہ فی گھنٹہ ہزاروں روپے کمانے لگے ہیں۔

    پاکستان کے ساتھ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات بھی پیشہ ور بھکاریوں کے لیے جنت بن جاتے ہیں۔ یو اے ای میں شارجہ پولیس نے بتایا ہے کہ بھکاری ایک گھنٹے میں 367 درہم (پاکستانی لگ بھگ 28 ہزار روپے) تک کما رہے ہیں۔

    امارات الیوم کے مطابق اماراتی پولیس نے اس حوالے سے ایک مشق کی جس میں ایک اہلکار کو بھکاری بنا کرسڑکوں پرگھمایا۔ اس نقلی بھکاری نے صرف ایک گھنٹے میں 367 امارتی درہم بھیک میں حاصل کیے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شخص سڑک پر بھیک مانگ رہا ہے،راہگیر اس کی مدد کے لیے رقم دے رہے ہیں۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے افراد کو رقم نہ دیں بلکہ مستند فلاحی اداروں کے ذریعے عطیات دیں۔

    اماراتی پولیس نے اپنے آگہی بیان میں کہا ہے کہ پیشہ ور گداگر ماہ رمضان کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لوگ خیرات ایسے اداروں کو دیں جو حقیقی ضرورت مندوں کی امداد کے کام کرتی ہیں تاکہ دی گئی رقم پیشہ ور گداگروں کے ہاتھوں میں نہ جائے۔

  • بھکاریوں نے وزیٹرز کے روپ میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے سامنے ڈیرا جما لیا

    بھکاریوں نے وزیٹرز کے روپ میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے سامنے ڈیرا جما لیا

    کراچی: بھکاریوں نے وزیٹرز کے روپ میں اسلام آباد ایئرپورٹ انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے سامنے ڈیرا جما لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیشہ ور گداگروں کا سیزن عروج پر ہے، اب انھوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رخ کر لیا ہے، اور بھکاری بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو تنگ کرنے لگے ہیں۔

    بھکاری وزیٹر کا بھیس بدل کر ایئرپورٹ میں داخل ہو جاتے ہیں، ان میں زیادہ تعداد خواتین پر مشتمل ہے، ذرائع کے مطابق خواتین گداگر مختلف بہانوں سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے بھیک مانگتی ہیں۔


    آمد رمضان: 3 لاکھ سے زائد بھکاری کراچی میں داخل ہو چکے


    پارکنگ ایریا اور انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے سامنے خواتین گداگروں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگر وزیٹر کا روپ دھار کر ایئرپورٹ پہنچتے ہیں۔

    بھکاری اسلام آباد ایئرپورٹ بھکاری اسلام آباد ایئرپورٹ

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ گداگروں کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر ویجلنس کی ٹیمیں آپریشن کر رہی ہیں، ایئرپورٹ منیجر کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 30 سے زائد گداگروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، زیادہ تر خواتین ہیں، ویجلنس کی ٹیم گداگروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیتی ہے۔

  • آمد رمضان: 3 لاکھ سے زائد بھکاری کراچی میں داخل ہو چکے

    آمد رمضان: 3 لاکھ سے زائد بھکاری کراچی میں داخل ہو چکے

    آمد رمضان کے ساتھ ہی ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھکاری مافیا نے انٹری دے دی ہے اور جوق درجوق آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہر قائد سخاوت کے حوالے سے پاکستان بھر میں مشہور ہے۔ ملک میں کوئی حادثہ، آفت ہو مدد میں کراچی والے پیش پیش رہتے ہیں۔ سب سے زیادہ فلاحی ادارے بھی شہر قائد میں ہیں۔ فقرا اور مساکین کے لیے روزانہ سب سے زیادہ دستر خوان بھی اسی شہر میں سجائے جاتے ہیں۔

    رمضان میں کیونکہ سخاوت معمول سے زیادہ بڑھ جاتی ہے اس لیے پیشہ ور بھکاریوں کے لیے یہ مہینہ ثواب سے زیادہ پیسہ کمانے کا ہوتا ہے۔ ہر سال کی طرح رمضان المبارک آتے ہی کراچی میں بھی بھکاری مافیا نے انٹری دے دی ہے اور ملک کے مختلف علاقوں سے پیشہ ور گداگروں نے شہر قائد کا رخ کر لیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک تقریباً تین لاکھ سے زائد بھکاری شہر قائد میں داخل ہوچکے ہیں جب کہ ٹرینوں، بسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعہ مزید بھکاریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    گداگر مافیا کے کارندے گلیوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر قبضے بھی کر رہے ہیں۔ یہاں وہ انسانی ہمدردی کے لیے مختلف بہروپ اختیار کر کے سادہ لوح شہریوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈالیں گے اور اصل حقداروں کا حق ماریں گے۔

    واضح رہے کہ گداگاری کیخلاف سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں تاہم اس کے باوجود صوبائی حکومت اور مقامی حکام اس مسئلے پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

  • بھکاری کیساتھ بھاگنے والی خاتون کی اصل کہانی سامنے آگئی

    بھکاری کیساتھ بھاگنے والی خاتون کی اصل کہانی سامنے آگئی

    بھارتی ریاست اترپردیش میں شوہر اور 6 بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کے ساتھ بھاگنے والی خاتون کی اصل کہانی سامنے آگئی۔

    گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت کی ریاست اترپردیش کی ایک خاتون راجیشوری اپنے شوہر راجو اور 6 بچوں کو چھوڑ کر ایک بھکاری کے ساتھ بھاگ گئی تھی تاہم اب اس خبر کی اصل کہانی سامنے آئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شوہر کو چھوڑ کر بھاگنے والی خاتون منظر عام پر آگئی ہے جس نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے اور ساتھ ہی اس نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کو مسترد کردیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ راجیشوری نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ وہ بھکاری کے ساتھ فرار نہیں ہوئی بلکہ وہ اب اپنے کسی قریبی رشتے دار کے گھر ہے۔

    راجیشوری نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ اپنے شوہر کے ظلم و ستم سے تنگ آگئی تھی، اس کا شوہر اسے مارتا پیٹتا تھا جس کی وجہ سے وہ گھر سے بھاگی۔

    رپورٹس کے مطابق خاتون نے چوری کے الزامات کی بھی تردید کی ہے جس کے بعد پولیس نے خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    خاتون، شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کے ساتھ بھاگ گئی

    واضح رہے کہ راجو نے اپنی بیوی پر الزام لگایا تھا کہ اس کی بیوی بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کے ساتھ بھاگ گئی ہے، راجو نے پولیس کو کہا تھا کہ میں ہرپال پور کے علاقے میں اپنی بیوی راجیشوری اور 6 بچوں کے ساتھ رہتا ہوں۔

    ’’ 45 سالہ ننھا پنڈت نامی شخص کبھی کبھی محلے میں بھیک مانگنے آتا تھا اور میری بیوی سے بات کرتا تھا، بعدازاں دونوں کی فون پر بھی بات شروع ہوگئی جس کے بعد میری بیوی اس کے ساتھ بھاگ گئی‘‘

    راجو نے پولیس کو کہا تھا کہ میری بیوی راجیشوری نے بیٹی خوشبو کو بتایا کہ وہ کپڑے اور سبزی لینے بازار جا رہی ہے لیکن وہ واپس نہیں آئی، میں نے ایک بھینس بیچ کر جو رقم حاصل کی تھی وہ بھی بیوی ساتھ لے گئی، مجھے شک ہے کہ بھکاری میری بیوی کو اپنے ساتھ لے گیا ہے۔

    راجو کی شکایت پر پولیس نے دفعہ 87 اغوا کے تحت مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کی تھی جس کے بعد خاتون منظرِ عام پر آئی ہے۔

  • بھکاریوں کو کہاں منتقل کیا جائے گا؟ کے پی حکومت نے منصوبہ بنا لیا

    بھکاریوں کو کہاں منتقل کیا جائے گا؟ کے پی حکومت نے منصوبہ بنا لیا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور سے گداگری کے خاتمے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    سرکار کی طرف سے جاری سوشل ویلفیئر دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پشاور شہر کو 1 ہزار 256 پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کیا جا رہا ہے، اور گداگر بچوں کو ’زمونگ کور‘ منتقل کیا جائے گا۔

    سوشل ویلفیئر دستاویز کے مطابق بھکاریوں کے خلاف مختلف صوبائی محکمے مشترکہ طور پر آپریشن کریں گے، اور شہر کو بھکاریوں سے پاک کرنے کے منصوبے کے لیے فنڈز بھی خرچ کیے جائیں گے، جو کہ گداگروں کے لیے عمارتوں کے کرائے، خوراک اور دیگر امور کی مد میں خرچ ہوں گے۔

    دو ہزار اکیس کی انٹیلیجنس بیورو کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پشاور میں بھیک مانگنے والے پیشہ ور گداگر گریڈ 20 اور 21 کے آفیسر کی تنخواہ سے زیادہ کماتے ہیں۔ یہ رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو جمع کرائی گئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی ٹاؤن اور حیات آباد جیسے پوش علاقوں میں ہر بھکاری کی یومیہ کمائی 10 ہزار جب کہ ماہانہ 3 لاکھ سے اوپر ہے، اسی طرح تجارتی مرکز صدر میں ان کی یومیہ اوسط کمائی 6 ہزار روپے تک ہے۔

    بھکاریوں کے خلاف نہ صرف پشاور بلکہ ملک کے دیر بڑے شہروں میں بھی خصوصی مہمات چلائی جاتی رہی ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر بار ایسی مہمات کے چند ہی دنوں بعد راستوں، بازاروں، مارکیٹس، بس اڈوں سمیت ہر جگہ بھکاری دوبارہ نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

    یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ بھکاریوں کو جگہیں دینے والے ٹھیکیداروں میں ملک کے دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ کچھ کا تعلق افغانستان سے بھی ہے۔

  • شہریوں کو پریشان کرنیوالے بھکاریوں کیخلاف بڑے اقدام کا فیصلہ

    شہریوں کو پریشان کرنیوالے بھکاریوں کیخلاف بڑے اقدام کا فیصلہ

    کراچی: ٹریفک سگنلز، چوراہوں اور شاہراہوں پر شہریوں کے لیے عذاب بننے والے بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    کمشنرکراچی نے کہا کہ ٹریفک سگنلز اور دیگر مقامات پر پیشہ گداگروں کی بھرمار سے شہری پریشان ہیں، کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ورگداگروں کےخلاف مربوط کارروائی کی جائے۔

    کمشنر کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر اور عوامل کو تلاش کریں جو پیشہ ورگداگروں کے پیچھے کام کررہے ہیں، گداگری کو کاروباری نیٹ ورک بنانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے گداگروں کے خلاف کارروائی سے متعلق بریفنگ دی گئی، لاوارث بھکاری بچوں کے لیے بحالی سینٹر بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

    بڑی عمر کے بےسہارا بھکاریوں کیلئے بھی لائحہ عمل بنانے پر بھی غور کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 37 سے زائد پیشہ ور بھکاری گرفتار کیے گئے۔

  • دبئی میں گداگروں کیخلاف مہم کا آغاز

    دبئی میں گداگروں کیخلاف مہم کا آغاز

    دبئی پولیس کی جانب سے بھکاریوں کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بھکاریوں کو بھیک نہ دیں اور گداگروں کی حوصلہ شکنی کریں، عوام ’آن لائن بھکاریوں‘ سے بھی ہوشیار رہیں۔

    واضح رہے کہ رمضان سے پہلے قبل ہی دبئی میں بھیک مانگنے والوں کو وارننگ جاری کردی گئی تھی، پولیس نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ پکڑے جانے والے بھکاریوں کو بھاری سزا بھگتنی پڑسکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے دوٹوک کہہ دیا ہے کہ بھکاریوں کو پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ اور جیل کی سزا بھگتنی پڑ سکتی ہے۔

    دبئی حکام کا کہنا ہے بھیک مانگنے و الوں کو کم از کم 5 ہزار درہم جرمانہ اور 3 ماہ تک قید کی سزا ہوگی جبکہ بیرون ملک سے لوگوں کو بلا کر بھیک مانگنے والوں کو ایک لاکھ درہم تک جرمانہ اور 6 ماہ کی سزا ہوسکتی ہے۔

    دمام: 17ویں افطار خیمے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

    دبئی پولیس کا کہنا ہے محکمہ بھیک مانگنے کے رواج کو روکنے کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے، گزشتہ چار سالوں میں 1700 سے زیادہ بھکاریوں کوحراست میں لیا جاچکا ہے۔

  • نائب تحصیلدار نے بھکاری کو لات ماردی، ٹرک کی زد میں آکر ہلاک

    نائب تحصیلدار نے بھکاری کو لات ماردی، ٹرک کی زد میں آکر ہلاک

    نائب تحصیلدار نے بھیک مانگنے پر بھکاری کو لات ماردی، جس کے باعث بھکاری ٹرک کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نظام ساگر کنال کے علاقے میں رہنے والا شیورام نامی بھکاری مامڑ پلی سگنل پر گاڑیوں کے شیشے صاف کر کے بھیک مانگ کراپنا گزر بسر کرتا تھا۔

    نائب تحصیلدار راج شیکھر اپنا کام ختم کر کے واپس اپنی منزل کی جانب جارہے تھے کہ مامڑ پلی چوراہے پر سگنل بند ہونے پر ان کی گاڑی رُک گئی، اسی دوران بھکاری نے موقع غنیمت جانتے ہوئے گاڑی کے شیشے صاف کر کے پیسے مانگنا شروع کردیئے۔

    راج شیکھر نے بھکاری کو کہا کہ پیسے نہیں ہیں اور ٹریفک سگنل گرین ہونے پر راج شیکھر نے گاڑی کو آگے بڑھایا۔ تاہم بھکاری شیورام پیسے مانگتے ہوئے گاڑی کے ساتھ ساتھ دوڑنے لگا، غصہ کے عالم میں ڈی ٹی راج شیکھر نے کار سے باہر نکل کر شیورام کولات ماردی۔

    جس کے باعث وہ نیچے گر پڑا، ٹھیک اُسی وقت ایک ٹرک گزر رہا تھا اور بھکاری اس ٹرک کے نیچے آکر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کرکے نائب تحصیلدار راج شیکھر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارت: رکن اسمبلی نندیتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راج شیکھر بھیمگل ڈویژن کے ٹی این جی او میں اہم ذمہ داریوں پر فائز ہیں اور مینڈورہ منڈل کے ڈی ٹی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک ایسے شخص کی جانب سے بھکاری کو لات مارنے پر ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

  • عمرے کی آڑ میں جانے والے بھکاریوں کا گروہ آف لوڈ کر دیا گیا

    عمرے کی آڑ میں جانے والے بھکاریوں کا گروہ آف لوڈ کر دیا گیا

    کراچی: ملتان ایئرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں جانے والے بھکاریوں اور انسانی اسمگلرز کا ایک گروہ آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں عمرے کی آڑ میں جانے والے بھکاریوں اور انسانی اسمگلرز کے ایک گروہ کو آف لوڈ کر دیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 8 مسافر عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، امیگریشن میں معلوم ہوا کہ مسافر بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہے ہیں، دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مسافر ایجنٹس کی ملی بھگت سے سعودی عرب جا رہے تھے۔

    مسافروں نے انکشاف کیا کہ بھیک سے حاصل آدھی رقم ایجنٹ کے حوالے کرنی تھی، مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا، آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔

    26 پیشہ ور بھکاریوں کو سعودی عرب جانے سے روک دیا گیا

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمرہ ویزے کی مدت پوری ہونے کے بعد مسافروں نے واپس پاکستان آنا تھا، مسافروں کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے ملتان سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • لاہور کی کون سی 5 سڑکیں ہیں جن پر اب کوئی گداگر نہیں ملے گا؟

    لاہور کی کون سی 5 سڑکیں ہیں جن پر اب کوئی گداگر نہیں ملے گا؟

    لاہور: بلدیہ عظمیٰ نے لاہور کی پانچ اہم سڑکوں کو گداگروں سے پاک قرار دے دیا ہے، ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ذوالفقار گھمن نے لاہور کی پانچ اہم سڑکوں کو بھکاری فری قرار دے دیا، بلدیہ عظمیٰ لاہور ان سڑکوں سے تمام بھکاریوں کو ہٹائے گی اور انھیں مکمل بھکاری فری بنائے گی۔

    ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بھکاریوں سے پاک سڑکوں میں مال روڈ، لوئر مال روڈ، جیل روڈ، ایم ایم عالم روڈ اور مین فیروزپور روڈ شامل ہیں۔

    کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن نے ایم سی ایل کو ان سڑکوں سے بھکاریوں کو ہٹانے کے لیے انتظامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم سی ایل ان سڑکوں پر کسی بھکاری کو داخل نہ ہونے کے لیے مستقل انتظامات رکھے گی۔

    لاہور کی ترقی کیلیے اربوں روپے کے میگا منصوبوں کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اربوں روپے کے میگا منصوبوں کا اعلان کیا تھا، انھوں نے کہا فیروز پور روڈ پر 9 ارب روپے کی لاگت سے ایک ہزار بیڈ کا جنرل اسپتال بنایا جائے گا، 400 بیڈز جنرل، 400 کارڈ یالوجی، 200 بیڈز پر بلڈ ڈیزیز کا اسپتال بنے گا، یہ نیا اسپتال ارفع کریم ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی اراضی پر بنایا جائے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں تمام بڑی سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، شاہ کام چوک اور کریم بلاک مارکیٹ چوک پر فلائی اوور بنائے جائیں گے، دونوں منصوبوں پر تقریباً 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔

    فیروزپور روڈ پر ایک ارب روپے کی لاگت سے انڈر پاس بھی بنایا جائے گا، ریلوے اسٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک ساڑھے 4 ارب سے اوور ہیڈ برج بنایا جائے گا۔