Tag: بھکاری

  • لاک ڈاؤن: شہر قائد میں دو دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے

    لاک ڈاؤن: شہر قائد میں دو دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے

    کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوسرے ہفتے 2 دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں غریب شہری شدید متاثر ہو چکے ہیں، اس دوران دو ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جنھیں دیکھ کر نرم دل شہریوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

    شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگاری سے تنگ ایک نوجوان معذور بن کر بھیک مانگنے لگا۔ نوجوان معذور بن کر مخیر حضرات سے راشن بھی طلب کرتا رہا، تاہم راشن تقسیم کرنے والے رضا کاروں کی ایک ٹیم نے نوجوان کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پکڑے جانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کے ڈر سے معذور نوجوان اٹھ کر بھاگ کھڑا ہوا، رضاکاروں نے نوجوان کو تھپڑ بھی مارے۔

    کراچی میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی

    معذور بن کر مفت راشن لینے کی کوشش کرنے والا نوجوان، جو بعد ازاں اٹھ کر بھاگ گیا

    دوسرا واقعہ کراچی کے علاقے لیاری میں پیش آیا، کراچی کے اس قدیم علاقے لیاری میں بھیم پورا پی ایس 109 میں بھوک کا مارا ایک شخص کچرے کے ڈھیر سے کھانا کھانے پر مجبور ہو گیا۔ شہری کی جانب سے اس منظر کی ویڈیو بھی بنا لی گئی جس میں بھوکا شخص کچرے کے ڈھیر سے کھانا چن کر کھاتے دیکھا گیا۔

    لیاری کے علاقے میں کوڑے دان سے کھانے کی اشیا ڈھونڈ کر کھانے والا شخص

    خیال رہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہری تاحال سرکاری امداد کے منتظر ہیں، سرکاری راشن نہ ملنے پر یو سی چئیرمینز نے ازخود راشن باٹنا شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں یو سی چیئرمین رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں راشن لے کر پہنچ گئے، انھوں نے گلبرگ، فیڈرل بی ایریا، غیریب آباد کے علاقوں میں راشن تقسیم کیا۔

    یو سیز اور شناختی کارڈ کی تفصیلات کے مطابق بنائی گئی فہرست پر مستحقین میں راشن کے بیگز تقسیم کیے گئے، یو سی چئیرمین حسن نقوی کا کہنا تھا کہ راشن بیگز میں دو ہفتوں کی ضروریات زندگی کی اشیا موجود ہیں۔

  • لاہور پولیس نے کریک ڈاؤن میں 42 بھکاری گرفتار کر لیے

    لاہور پولیس نے کریک ڈاؤن میں 42 بھکاری گرفتار کر لیے

    لاہور: پولیس کی جانب سے گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر لاہور میں کریک ڈاﺅن جاری ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 42 بھکاری گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے گزشتہ روز بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 42 گداگروں کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 42 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق صدر ڈویژن سے 16، سٹی سے 06، اقبال ٹاؤن سے 02، کینٹ سے 06، سول لائنز سے 01 جب کہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 11 گداگروں کو گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    مقدمات تھانہ رنگ محل، لوہاری گیٹ، داتا دربار، لاری اڈہ، شمالی چھاؤنی، ہیئر، قلعہ گجر سنگھ، وحدت کالونی، گلشنِ راوی میں درج کیے گئے۔

    دیگر تھانوں میں تھانہ سبزہ زار، چوہنگ، مانگا منڈی، سندر، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، تھانہ اچھرہ، غالب مارکیٹ ،گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور تھانہ نشتر کالونی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ماضی میں بھی ایک مسئلہ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے انتظامیہ متعدد بار کارروائی کر چکی ہے تاہم خاطرِ خواہ نتائج بر آمد نہیں ہوئے۔

    بھکاریوں میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خواتین بچوں کے اغوا میں بھی ملوث رہی ہیں۔

  • اسلام آباد میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    اسلام آباد میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    اسلام آباد: ایس ایس پی آپریشنز نے وفاقی دار الحکومت میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد سے پیدا ہونے والی پریشان کن صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے ایکشن لے لیا۔

    [bs-quote quote=”اسلام آباد پولیس کا مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خاتمے کا عزم” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے کریک ڈاؤن کا حکم جاری ہونے کے ساتھ ساتھ بھکاریوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اسکواڈ بھی تشکیل دے دیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے خصوصی اسکواڈ سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جا رہی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایت کی ہے کہ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے، مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کا خاتمہ کیا جائے۔

    واضح رہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ماضی میں بھی ایک مسئلہ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے انتظامیہ متعدد بار کارروائی کر چکی ہے تاہم خاطرِ خواہ نتائج بر آمد نہیں ہوئے۔


    یہ بھی پڑھیں:  لاہور:‌ عوام کو بیوقوف بنانے والے گداگر کا بھانڈا پھوٹ گیا


    بھکاریوں میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خواتین بچوں کے اغوا میں بھی ملوث رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں اسلام آباد میں بھکاریوں کے خلاف پولیس ایکشن کے دوران ایک افسوس ناک واقعہ بھی پیش آیا تھا جب سگنلز پر کلر بکس فروخت کرنے والا ایک بچہ ڈر کے مارے بھاگ کر ایک تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ کر کچلا گیا۔

  • بین الاقوامی پرواز میں بھیک مانگنے والا بھکاری کون تھا

    بین الاقوامی پرواز میں بھیک مانگنے والا بھکاری کون تھا

    کراچی: بین الاقوامی پرواز میں بھیک مانگنے والا بھکاری پاکستانی شہری نہیں ہے ، سول ایوی ایشن حکام نے سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد وضاحت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے سول ایوی ایشن حکام کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بھکاری کے حلیے والا شخص بین الاقوامی پرواز میں مسافروں سے بھیک مانگ رہا ہے اور جہاز کا عملہ اسے روکنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ بھکاری کے حلیے سے غلط فہمی پیدا ہوئی کہ وہ پاکستانی شہری ہے جس کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے سول ایوی ایشن پر سوال اٹھانے شروع کردیے۔

    سو ل ایوی ایشن نے ویڈیو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویڈیو میں موجود شخص کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ واقعہ پاکستان کی کسی ایئر لائن میں پیش آیا ہے۔ یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے دوحہ سے شیراز جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی ہے جس کی تصدیق وہاں کے کنٹری مینیجر نے بھی کی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین سمجھ رہے تھے کہ یہ واقعہ کراچی ایئر پورٹ سے بنکاک جانے والی پرواز میں پیش آیا ہے اور بھکاری بھی پاکستانی ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں غم و غصہ پایا جارہا تھا کہ اس غفلت کے سبب ملک کی عزت عالمی سطح پر خراب ہوئی ہے ، تاہم سول ایوی ایشن کی وضاحت سے اب یہ بات حتمی ہوگئی ہے کہ اس ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں