Tag: بھکر

  • باپ جلاد بن گیا ، 6 سالہ بیٹے پر وحشیانہ تشدد کرکے  ٹانگ توڑ ڈالی

    باپ جلاد بن گیا ، 6 سالہ بیٹے پر وحشیانہ تشدد کرکے ٹانگ توڑ ڈالی

    بھکر : سنگدل باپ نے اپنے چھ سالہ حقیقی بیٹے پر وحشیانہ تشدد، ڈنڈے کے وار کرکے ٹانگ توڑ ڈالی، تاہم پولیس نے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر کے نواحی علاقہ دلے والا میں روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر باپ جلاد بن گیا، سنگ دل باپ نے حقیقی بیٹے پر ظلم کی انتہا کر دی۔

    سنگدل باپ نے چھ سالہ بچے پر وحشیانہ اور بے رحم تشدد کیا اور ڈنڈے کے وار سے چھ سالہ شاہزیب کی ٹانگ ٹوٹ گئی ، معصوم بچہ تکلیف سے تڑپتا اور چیختا رہا مگر مگر جلاد باپ کو بالکل رحم نہ آیا۔

    متاثرہ کمسن بچے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ، کمسن بچے پر تشدد اور ٹانگ توڑنے کے واقعہ پر ڈی پی او شہزاد رفیق نے سخت نوٹس لیا۔

    شاہ نواز نامی ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا گیا ہے ، جبکہ پولیس نے والدہ کی مدعیت میں تھانہ دلے والا میں مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شاہ نواز کا اپنی بیوی سے گھریلو تنازعہ چل رہا تھا اور اس کی بیوی ایک سال سے روٹھ کر میکے رہ رہی تھی، جس کو ملزم نے منانے کی کوشش کی مگر ناکامی پر اپنے بچوں پر غصہ نکالا اور معصوم بیٹے پر تشدد کرکے اس کی ٹانگ توڑ ڈالی۔

  • انسانیت سوز واقعہ، سسرالیوں نے داماد کو رسیوں سے باندھ کر ٹرین کے آگے پھینک دیا

    انسانیت سوز واقعہ، سسرالیوں نے داماد کو رسیوں سے باندھ کر ٹرین کے آگے پھینک دیا

    بھکر : سسرالیوں نے داماد کو رسیوں سے باندھ کر ٹرین کے آگے پھینک دیا، جس سے نوجوان کی دونوں ٹانگیں کٹ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں سسرالیوں نے داماد کو رسیوں سے باندھ کر ٹرین کے آگے پھینک دیا، ٹرین کی زد میں آ کرنوجوان کی ٹانگیں کٹ گئیں

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ واقعہ گڈولہ پھاٹک کے قریب پیش آیا تاہم زخمی نوجوان کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    نوجوان روٹھی ہوئی بیوی کومنانےکیلئےسسرال آیا جہاں اس کا سسرال والوں سے جھگڑا ہو گیا ۔۔۔

    یاد رہے جیکب آباد میں سسرالیوں نے داماد پر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کرآگ لگادی تھی، تاہم جھلسے ہوئے نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    اہلخانہ نے الزام لگایا تھا کہ علی محمدسر کی کو سسر اور اس کے ساتھیوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

  • باپ کے تشدد سے زخمی ہونے والی معصوم بچی اسپتال میں دم توڑ گئی

    باپ کے تشدد سے زخمی ہونے والی معصوم بچی اسپتال میں دم توڑ گئی

    بھکر: پنجاب کے شہر بھکر میں باپ کے تشدد سے زخمی ہونے والی معصوم بچی اسپتال میں دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر کے نواحی علاقے گوہر والا میں سفاک باپ کے تشدد سے زخمی ہونے والی 10 سالہ بچی کو نہ بچایا جا سکا، اور وہ اسپتال میں دم توڑ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ صابر نامی ملزم نے معمولی جھگڑے پر اپنی بیوی کو قتل کر دیا تھا، بچی نے ماں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی زخمی کر دیا۔

    بچی تین روز تک نشتر اسپتال ملتان میں زیر علاج رہی مگر جاں بر نہ ہو سکی، پولیس نے ملزم صابر کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • بھکر، اسکول طالبہ کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    بھکر، اسکول طالبہ کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    بھکر: پنجاب کے شہر بھکر میں ایک نجی اسکول میں طالبہ کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بھکر میں پرائیویٹ اسکول و کالج جنڈنوالہ کے مالک عبدالرزاق نے اسکول میں ایک طالبہ کو ہراساں کیا، جس کی ویڈیو ایک شہری نے بنائی جو اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے آیا تھا۔

    ویڈیو میں پرائیویٹ اسکول کے مالک عبدالرزاق کو دیکھا جا سکتا ہے، شہری کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق اسکول بلڈنگ کے برآمدے میں طالبہ سے نازیباً حرکات کر رہا تھا۔

    ویڈیو وائرل ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا، اور واقعے کے خلاف تھانہ جنڈنوالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انھوں نے سی ای او تعلیم کو اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نازیباً حرکت پر اسکول کے مالک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ دوسری طرف کالج کے مالک عبدالرزاق نے ایک ویڈیو بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچی پریشان کھڑی تھی اور کہہ رہی تھی کہ میڈم اسے رول نمبر سلپ نہی دے رہی ہیں، جس پر میں نے اس پر لاشعوری طور پر دست شفقت رکھا اور میڈم کے پاس لے کر سلپ دلوائی۔

  • بھکر میں گاڑی سے کے پی سے اسمگل کیا جانے والا اسلحہ برآمد

    بھکر میں گاڑی سے کے پی سے اسمگل کیا جانے والا اسلحہ برآمد

    بھکر: پولیس نے خیبر پختون خوا سے پنجاب میں اسلحہ اسمگل کیے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر پولیس نے داجل چیک پوسٹ پر ایک مشکوک گاڑی کو روکا تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی، تاہم پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی پکڑ لی، جس سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    بھکر کے ڈی پی او محمد نوید نے بتایا کہ گاڑی سے 22 رائفلیں، 42 میگزین، اور 181 کارتوس برآمد ہوئے، گاڑی تحویل میں لے لی گئی ہے، اور 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    ڈی پی او کے مطابق اسلحہ تخریب کاری میں استعمال کیے جانے کا شبہ ہے، انھوں نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ڈرائیور نے بیرئیر توڑ کر گاڑی اہلکاروں پر چڑھانے کی کوشش کی اور فرار ہو گیا تھا، تاہم اہل کاروں نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کر کے کچھ ہی فاصلے پر گھیر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • ٹرین سے گرنے پر بچی شدید زخمی، والدین کی تلاش

    ٹرین سے گرنے پر بچی شدید زخمی، والدین کی تلاش

    بھکر: راولپنڈی سے ملتان جانے والی ایک ٹرین سے 5 سالہ بچی گر کر شدید زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مہر ایکسپریس سے پانچ سال کی ایک بچی گر کر شدید زخمی ہوگئی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچی سے ایک تصویر اور ٹیکسلا سے ملتان کا ریلوے ٹکٹ برآمد ہوا ہے۔

    ریسکیو کے مطابق مقامی لوگوں کو ریلوے ٹریک کے قریب ایک زخمی بچی ملی تھی، جسے دیکھ کر انھوں نے ریسکیو کو اطلاع دے دی۔

    ریسکیو ٹیموں نے بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے، اور ورثا کی تلاش شروع کر دی۔

    یاد رہے کہ نومبر 2021 میں بھی کراچی سے پشاور جانے والی تیز رفتار ٹرین سے ایک بچہ باہر جا گرا تھا، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ سکھر کے قریب پنو عاقل میں پیش آیا تھا، جہاں رحمان بابا ایکسپریس کی ‏کھڑکی سے بچہ باہر گرِ گیا تھا۔

    مسافروں کا کہنا تھا کہ بچہ کھڑکی سے بندھے جھولے میں سو رہا تھا کہ اس دوران کھڑکی میں راڈ نہ ‏ہونے کی وجہ سے وہ باہر جا گرا، جس پر ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روکا گیا اور فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کر دی گئی، 2 گھنٹے کی ‏مسلسل جدوجہد کے بعد بچہ زخمی حالت میں مل گیا تھا۔

  • بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر: پنجاب کے ضلع بھکر کی تحصیل کلور کوٹ کے قریب متاثرہ ریلوے ٹریک 36 گھنٹے کے بعد بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو بھکر میں کلور کوٹ کے قریب ایک مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے بعد ٹریک کو بند کر دیا گیا تھا، محکمہ ریلوے 22 گھنٹوں میں بھی ٹریک کو بحال نہ کر سکا تھا۔

    ریلو حکام کا کہنا ہے کہ آج ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، راولپنڈی جانے والی ٹرین کو ٹریک سے گزار دیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق اتوار کو کلورکوٹ کے قریب مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، اور اس کی 7 بوگیاں 6 فٹ گہری کھائی میں گر گئی تھیں، حادثے کی وجہ سے فوری طور پر کوٹ ادو، کندیاں سیکشن گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ ملتان سے روالپنڈی جانے والی ٹرینوں کو بھی مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

    ریلوے حکام نے کہا تھا کہ دھند بہت زیادہ ہے اس لیے امدادی کارروائیاں دن میں شروع کی جائیں گی، تاہم دوسرے دن بھی ریلوے ٹریک کو بحال نہیں کیا جا سکا، 22 گھنٹوں میں صرف 2 بوگیاں ٹریک سے ہٹائی جا سکی تھیں۔

    گزشتہ روز مہر، تھل اور خوشحال خان ایکسپریس کو براستہ فیصل آباد، شاہین آباد روانہ کر دیا گیا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق آج 36 گھنٹے بعد کوٹ ادو کندیاں سیکشن پر ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

  • پنجاب: وین نہر میں گرنے سے 6 افراد ڈوب گئے، دیگر حادثات میں 12 جاں بحق

    پنجاب: وین نہر میں گرنے سے 6 افراد ڈوب گئے، دیگر حادثات میں 12 جاں بحق

    بھکر/ چنیوٹ: پنجاب کے ضلع میانوالی کےعلاقے پپلاں میں کار کو بچاتے ہوئے وین نہر میں جا گری، جس سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب گئے، ٹریفک کے دیگر حادثات میں بھی 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی میں تیز رفتار منی وین بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ وین میں 7 افرا دسوار تھے، ایک کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔

    ریسکیو نے تھل کینال سے ڈوبنے والی 3 خواتین کی لاشیں نکال لی ہیں، تین کی تلاش جاری ہے، خواتین کا تعلق میانوالی کے نواحی علاقے ڈب پپلاں سے تھا، واقعہ گزشتہ رات پپلاں کے قریب پیش آیا تھا۔

    حادثے کا شکار بد قسمت خاندان مریضہ کو اسپتال سے گھر لے جا رہا تھا کہ راستے میں ایک کار کو بچاتے ہوئے یہ حادثہ رونما ہوا۔ ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ایک شخص کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا تھا تاہم باقی چھ افراد نہیں ملے، جن کی تلاش کی گئی، آج ان میں سے تین خواتین کی لاشیں مل گئیں۔

    دوسری طرف چنیوٹ میں فیصل آباد روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر مسافر وین پر چڑھ گیا، ریسکیو ذرایع کے مطابق وین میں سوار 6 مسافر جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، یہ حادثہ فیصل آباد جانے والی مسافر وین کو پل ڈینگرو کے قریب پیش آیا۔

    ادھر پنجاب کے شہر چکوال میں بھی ایک بس کو حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 4 مسافر جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر فیصل آباد میں بھی بس کی زد میں آ کر ایک موٹر سائیکل سوار 2 بھائی چل بسے ہیں، واقعے پر متوفی بھائیوں کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ضلع بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی، جس سے بھکر اور گرد و نواح کےعلاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت میسر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے تھل یونی ورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس یونی ورسٹی کے قیام سے بھکر کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق بھکر میں یونی ورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال پر مشتمل ہے، 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو اراضی کی جلد نشان دہی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے تھل یونی ورسٹی کے قیام کے لیے بل کا مسودہ فی الفور تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے لیے تعلیم کے شعبے کی بہتری اوّلین ترجیح ہے۔

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ننکانہ صاحب میں بھی ایک یونی ورسٹی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے گزشتہ دنوں بابا گورو نانک یونی ورسٹی کے ماڈل کا معائنہ بھی کیا تھا، اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ بابا گورو نانک یونی ورسٹی کا منصوبہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، اس کی تعمیر پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی، وزیر اعظم عمران خان اس منصوبے کا افتتاح بھی کر چکے ہیں۔

  • بھکرمیں ٹریلراورمسافروین کی ٹکر، 8 افراد جاں بحق

    بھکرمیں ٹریلراورمسافروین کی ٹکر، 8 افراد جاں بحق

    بھکر: صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں مسافروین اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھکر جھنگ روڈ پر جہان خان کے نزدیک ٹریلر اور مسافر وین میں تصادم ہوا، حادثے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بھر منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈی سی او کپیٹن ریٹائرڈ وقاص رشید اور ڈی ایس پی پرویز خان بھی ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    بھکر میں ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 جون کو بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔

    بھکرمیں رکشہ بس کی زد میں آگیا‘ 7 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 30 مارچ کو بھکر میں جھنگ روڈ جیسے والا کے قریب رکشہ بس کی زد میں آگیا تھا، افسوس ناک حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔