Tag: بھینسا

  • قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والے افراد گرفتار

    قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والے افراد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ روز فائرنگ کر کے قربانی کے بھینسے کو ذبح کرنے والے افراد کے خلاف اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، فائرنگ کرنے والے کئی افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والوں کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جانور کے مالک نے ناتجربہ کار قصائی بلوایا جو بھینسے کو سنبھال نہ سکا اور جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ گیا۔

    مقدمے میں کہا گیا کہ جانور قابو میں نہ آیا تو مالک نے مسلح ساتھیوں کی مدد لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے بیشتر مسلح افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا گیا، بیشتر مسلح افراد کے پاس اسلحے کے لائسنس تھے۔

    پولیس کے مطابق مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز عید کے دن سپر ہائی وے سے متصل ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا جب قربانی کا جانور بے قابو ہو کر دوڑ پڑا، بپھرے بھینسے کو قابو کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد ‏اسے گولیاں ماری گئیں۔

    جانور کے مالک اور اہل علاقہ نے کلاشنکوف، رپیٹر اور ٹی ٹی کے ذریعے بھینسے کو نشانہ بنایا اور کھلے عام فائرنگ کرتے رہے، ٹانگ پر گولی لگنے سے بھینسا زخمی ہو گیا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے گزشتہ روز ہی کارروائی کی اور ویڈیو میں دکھائی دینے والے 3 سے 4 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • بھوکے شیروں سے بچنے کے لیے بھینسے کی گاڑی کو زوردار ٹکر

    بھوکے شیروں سے بچنے کے لیے بھینسے کی گاڑی کو زوردار ٹکر

    کسی بھی جاندار میں زندہ رہنے کی خواہش سب سے طاقتور ہوتی ہے اور وہ اپنی زندگی کو خطرے میں دیکھ کر کچھ بھی کر گزرنے کو تیار رہتا ہے۔ ایسے ہی ایک بھینسے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنی جان بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک میں ہونے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند بھوکے شیر ایک بھینسے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور بھینسا اپنی جان بچانے کے لیے دیوانہ وار دوڑ رہا ہے۔

    اس دوران شیر اس پر حملہ کرتے ہیں لیکن وہ کسی طرح خود کو چھڑا لیتا ہے۔ ایک شیر بھینسے کی پشت پر اپنے دانت گاڑ لیتا ہے، بھینسا اسے جھٹکے دے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے۔

    اس دوران سیاحوں سے بھری دو سفاری وہیکلز بھی وہاں آن پہنچی ہیں جن میں بیٹھے افراد اس دہلا دینے والے منظر کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں، وہ وہاں سے پیچھے جانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ شیر اور بھینسے وہاں سے چلے جائیں۔

    ادھر شیر کے دانتوں سے اذیت میں مبتلا بھینسے کو کچھ اور نہیں سوجھتا تو وہ تیزی سے بھاگتا ہوا آتا ہے اور اپنے سینگوں کو ایک سفاری وہیکل سے ٹکرا دیتا ہے۔ زور دار ٹکر سے گاڑی ہل جاتی ہے جبکہ آواز سے ڈر کر شیر بھی بھینسے کو چھوڑ دیتا ہے۔

    تاہم بھوکے شیر بھینسے کی جان نہیں چھوڑتے اور ایک بار پھر اس کا پیچھا کرنا شروع کردیتے ہیں۔

    سیاحوں کی جانب سے ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔