Tag: بھینٹ

  • خزانے کی تلاش، میاں بیوی ایک گونگی بہری خاتون کو بھینٹ چڑھانے لے گئے

    خزانے کی تلاش، میاں بیوی ایک گونگی بہری خاتون کو بھینٹ چڑھانے لے گئے

    آندھرا پردیش: بھارتی ریاست میں میاں بیوی نے خزانے کی تلاش کے لیے ایک گونگی بہری خاتون کو بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چھپے ہوئے خزانے کے لیے ضعیف خاتون کی بلی دینے کی کوشش خاتون نے ناکام بنا دی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    یہ چونکا دینے والا واقعہ 15 مئی کو آندھرا پردیش کے ضلع چِتور کے ایک گاؤں وڈیکندریگا میں پیش آیا تھا، گزشتہ روز معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کیا۔

    پولیس کے مطابق 58 سالہ خاتون سروجماں جو سماعت اور قوت گویائی سے محروم ہے، نے شکایت درج کرائی کہ ان کے رشتہ داروں سیشدری اور ان کی بیوی سُباما نے مل کر کسی خزانے کی تلاش کے لیے ان کی بلی دینے کی کوشش کی۔

    متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ میاں بیوی نے مجھے پوجا کے بہانے کچھ رقم کا لالچ دیا، اور چند دیگر افراد کے ساتھ مل کر دور کی ایک ویران جگہ پر لے گئے، پھر انھوں نے مجھے نہلایا اور جسم پر ہلدی لگائی، لیکن اس کے بعد جب میں نے سیشدری کے ہاتھ میں چھری دیکھی تو میرے اوسان خطا ہو گئے۔

    خاتون کے بیان کے مطابق انھوں نے خطرہ محسوس کیا کہ انھیں کسی خزانے کی تلاش کے لیے بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے تو وہ وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئیں، اور گھر آ کر اپنے بیٹے کو مطلع کر دیا، بعد ازاں دونوں نے پولیس اسٹیشن جا کر رپورٹ درج کرائی۔

    یہ بھی بتایا گیا کہ ضعیف اور معذور خاتون کے گھر والوں کو کچھ رقم دے کر معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم انھوں نے پولیس کو معاملے کی خبر کر دی۔

  • پیرو میں دیوتاؤں کی بھینٹ چڑھائے گئے 227 بچوں کی قدیم قبریں دریافت

    پیرو میں دیوتاؤں کی بھینٹ چڑھائے گئے 227 بچوں کی قدیم قبریں دریافت

    لیما:جنوبی امریکی ملک پیرو میں چیموز دیوتاؤں کے لیے بھینٹ چڑھائے جانے والے بچوں کی قدیم اجتماعی قبریں دریافت ہوگئیں، رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ قبریں کم از کم 500 سال پرانی ہیں جن میں سے 227 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے جنوب میں واقع ملک پیرو کے دارالحکومت لیما کے ساحلی علاقے ہونیچوکو میں 227 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن کی عمریں 5 سے 14 برس تھیں،آثار قدیمہ ماہرین کے مطابق دریافت کی گئی قبریں کم از کم 500 سال پرانی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس پیرو کے دو مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 200 بچوں کی مسخ شدہ لاشیں ملی تھیں،ماہرین نے بتایا تھا کہ جب کھدائی کی گئی تو بعض بچوں کی لاشوں کے بال اور کھال موجود تھی۔

    اس حوالے سے ماہرینِ آثار قدیمہ نے بتایا کہ بچوں کو برسات کے موسم میں قتل کیا گیا اور دفن کرتے وقت ان کے چہرے سمندر کی جانب موڑ دیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بچوں کو چیموز کے دیوتاؤں کو خوش کرنے کے لیے بھینٹ چڑھایا گیا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان بچوں کو کس سال قتل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ چیموز کے باشندے پیرو کے شمالی ساحلی علاقے میں برسوں سے رہائش پذیر ہیں اور خطے کی انتہائی طاقتور ثقافت کے حامل ہیں۔

    اس حوالے سے بتایا گیا کہ چیموز باشندوں نے 1200 سے 1400 کے درمیانی عرصے میں مقبولیت حاصل کی اور انکائی باشندوں پر قبضہ کرلیا جس کے بعد اسپین نے حملہ کرکے خطے کو فتح کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چیموز چاند کو خدا مانتے تھے اور اسے شی پکارتے تھے جبکہ انکائی کے باشندے سورج کو سب سے زیادہ طاقتور سمجھتے تھےعلاوہ ازیں ماہر آثار قدیم کے مطابق کھدائی کا عمل جاری ہے تاہم مزید قبریں دریافت ہوسکتی ہیں۔