Tag: بھیک

  • بھیک منگوانے والے سرغنہ کے لیے بڑی سزائیں مقرر

    بھیک منگوانے والے سرغنہ کے لیے بڑی سزائیں مقرر

    لاہور: حکومت پنجاب نے بھکاری مافیا کے سرغنہ کے گرد شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں جو پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی گئیں، نئے قانون کے تحت پنجاب میں بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی برائے داخلہ ان اہم ترامیم کا جائزہ لے گی۔

    ترامیم کے مطابق صرف ایک شخص سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 3 سال قید اور 3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید ہوگی۔

    ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید اور 5 لاکھ تک جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جب کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 5 سے 7 سال قید اور 7 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔

    جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر گینگ کے سرغنہ کو مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔

    ایک بار سزا پانے والا شخص اگر جرم دہرائے گا تو آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔

  • بھیک مانگنے کیلیے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنیوالی خاتون گرفتار

    بھیک مانگنے کیلیے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنیوالی خاتون گرفتار

    بھیک مانگنے کے لیے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا ہے اس کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اےامیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری کے لیے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والی ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے تاہم وہ جھانسہ دے کر وزٹ ویزے پر بحرین جانے کی کوشش کر رہی تھی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمہ کو اس سے قبل سعودی عرب سے ڈیپورٹ کیا گیا تھا۔
    اس کے علاوہ ایف آئی اے امیگریشن نے ایک اور کامیاب کارروائی میں جعلی دستاویزات پر سینیگال سے پاکستان پہنچنے والے شخص کو بھی گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزم جس کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے پاسپورٹ پر اٹلی کی امیگریشن کی جعلی مہر لگی ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ گداگری کیلیے مختلف بہانوں سے بیرون ملک جا کر پاکستان کا نام بدنام کرنے والے افراد کے خلاف حکومتی اداروں کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    اب تک ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے ایسے درجنوں مرد وخواتین کو گرفتار کیا گیا ہے جو عمرے کی آڑ میں سعودی عرب یا مختلف بہانوں سے دیگر ممالک جانے کی کوشش کر رہی تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-arrested-hindu-women-going-saudi-arabia-for-begging/

  • بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے والی خاتون گرفتار

    بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے والی خاتون گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے بھیک مانگنے کی غرض سے سعودی عرب جانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی جانب سے 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں، گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث خاتون سمیت 2 مسافروں کو حراست میں لیا گیا۔

    پہلی کارروائی میں گداگری کےغرض سےسعودی عرب سفرکرنیوالی خاتون کو گرفتار کیا گیا، ملزمہ ہوٹل بکنگ کے حوالے سے دستاویزات دینے میں ناکام رہی۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمہ سفری اخراجات کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکی، ملزمہ کی جانب سے پیش کیا گیا ریٹرن ٹکٹ بھی دوسرے مسافر کے نام پر تھا۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایک اور کارروائی میں جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر پکڑا گیا، ملزم وزٹ ویزے پر ملاوی جا رہا تھا، پاسپورٹ پر جنوبی افریقہ کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔

  • بھیک منگوانے کے لیے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی دس دن بعد بازیاب

    بھیک منگوانے کے لیے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی دس دن بعد بازیاب

    صادق آباد: پنجاب کے شہر صادق آباد میں بھیک منگوانے کے لیے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی کو پولیس نے بازیاب کرا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں تھانہ سٹی پولیس نے ایک کارروائی میں بچوں کو اغوا کر کے بھیک منگوانے والے گینگ کا کارندہ گرفتار کر لیا۔

    اے ایس پی حسیب میمن نے بتایا کہ 10 مئی کو اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی کو پولیس نے سی سی ٹی وی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی گرفتاری کے بعد بازیاب کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گینگ کے کارندے مختلف شہروں سے بچوں کو اغوا کرتے تھے اور پھر انھیں ٹریننگ دے کر ان سے بھیک منگواتے تھے، بچوں کو ٹریننگ کے بعد مختلف شہروں میں بھیجا جاتا تھا۔

  • گانا ملنے کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا: سونو نگم

    گانا ملنے کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا: سونو نگم

    نئی دہلی: معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کا کہنا ہے کہ وہ گانا ملنے کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے، کبھی بھی کسی گلوکار سے گانے کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کافی عرصے تک بالی ووڈ کی فلمی دنیا سے دور رہے اور اس دوران انہوں نے ایک بھی گانا ریکارڈ نہیں کروایا، تاہم اب ان کی دوبارہ واپسی بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اور کرینہ کپور کی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا میں ہوئی ہے، جس کے لیے انہوں نے گیت گایا ہے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں سونو نگم کا کہنا تھا کہ وہ گانوں کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اس فلم کے لیے نہیں گاؤں گا جس کے لیے دوسرے گلوکار بھی کوشش کر رہے ہوں گے، میرا کبھی بھی کسی گلوکار سے گانے کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں رہا۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گانے دینے کے لیے فون کرنا اچھا نہیں لگتا، آپ کو فخر ہونا چاہیئے کہ آپ اپنا کام کرتے ہیں، اور میں اپنا کام مکمل عزت و وقار کے ساتھ کرتا ہوں۔

  • خواجہ سرا کی ناک کٹی لاش، کیا متوفی واقعی خواجہ سرا تھا، معمہ حل

    خواجہ سرا کی ناک کٹی لاش، کیا متوفی واقعی خواجہ سرا تھا، معمہ حل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں گزشتہ رات ایک خواجہ سرا کی لاش ملی تھی، جس کی شناخت کا معمہ آج پولیس نے حل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کلفٹن اپرگزری میں ایک گھر سے خواجہ سرا کی ناک کٹی لاش ملنے کے واقعے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت 45 سالہ علی زمان عرف گڈو کے نام سے ہوئی ہے، اور وہ خواجہ سرا نہیں بلکہ مرد تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ متوفی علی زمان 20 سال قبل پنجاب کے علاقے احسن ابدال سے روزگار کے لیے کراچی آیا تھا، 2 بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا، اور متوفی علی زمان عرف گڈو خواجہ سرا کا روپ دھار کر بھیک مانگتا تھا۔

    پولیس کے مطابق لاش پرگہرے زخم کے نشانات موجود ہیں، نیل پالش اور لپ اسٹک بھی لگی ہوئی تھی، لاش پر موجود زخم کے نشانات کسی جانور کے کاٹنے کے لگتے ہیں، شاید مرنے کے بعد لاش کو چوہے نے کھانے کی کوشش کی ہے، موت طبعی لگتی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علی زمان خواجہ سرا برادری سے رابطہ نہیں رکھتا تھا، اور کراچی میں اپنے عزیز سے اکثر ملاقات کرتا تھا، 5 دن قبل علی زمان نے فون پر بیٹے کو طبیعت کی خرابی کی اطلاع بھی دی تھی۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ علی زمان کے بیٹے 21 سالہ شہاب اور 12 سالہ سعد لاش لینے کراچی آئے ہیں، جناح اسپتال میں لاش کا 20 گھٹنے تاخیر سے پوسٹ مارٹم ہوا ہے، رپورٹ کے بعد حتمی وجوہ سامنے آ سکیں گی۔

    دوسری طرف پولیس نے علی زمان کی لاش ملنے کے واقعے کا بیٹے کی مدعیت میں تھانہ کلفٹن میں مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں، ایف آئی آر کے متن میں بیٹے کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ والد کو تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے۔

    معلوم ہوا کہ علی زمان نے گھر والوں کو بتایا تھا کہ وہ کراچی میں نوکری کرتا ہے، اور گھر والوں کو یہ پتا نہیں تھا کہ وہ خواجہ سرا بن کر بھیک مانگتا ہے۔

  • لاک ڈاؤن: شہر قائد میں دو دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے

    لاک ڈاؤن: شہر قائد میں دو دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے

    کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوسرے ہفتے 2 دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں غریب شہری شدید متاثر ہو چکے ہیں، اس دوران دو ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جنھیں دیکھ کر نرم دل شہریوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

    شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگاری سے تنگ ایک نوجوان معذور بن کر بھیک مانگنے لگا۔ نوجوان معذور بن کر مخیر حضرات سے راشن بھی طلب کرتا رہا، تاہم راشن تقسیم کرنے والے رضا کاروں کی ایک ٹیم نے نوجوان کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پکڑے جانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کے ڈر سے معذور نوجوان اٹھ کر بھاگ کھڑا ہوا، رضاکاروں نے نوجوان کو تھپڑ بھی مارے۔

    کراچی میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی

    معذور بن کر مفت راشن لینے کی کوشش کرنے والا نوجوان، جو بعد ازاں اٹھ کر بھاگ گیا

    دوسرا واقعہ کراچی کے علاقے لیاری میں پیش آیا، کراچی کے اس قدیم علاقے لیاری میں بھیم پورا پی ایس 109 میں بھوک کا مارا ایک شخص کچرے کے ڈھیر سے کھانا کھانے پر مجبور ہو گیا۔ شہری کی جانب سے اس منظر کی ویڈیو بھی بنا لی گئی جس میں بھوکا شخص کچرے کے ڈھیر سے کھانا چن کر کھاتے دیکھا گیا۔

    لیاری کے علاقے میں کوڑے دان سے کھانے کی اشیا ڈھونڈ کر کھانے والا شخص

    خیال رہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہری تاحال سرکاری امداد کے منتظر ہیں، سرکاری راشن نہ ملنے پر یو سی چئیرمینز نے ازخود راشن باٹنا شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں یو سی چیئرمین رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں راشن لے کر پہنچ گئے، انھوں نے گلبرگ، فیڈرل بی ایریا، غیریب آباد کے علاقوں میں راشن تقسیم کیا۔

    یو سیز اور شناختی کارڈ کی تفصیلات کے مطابق بنائی گئی فہرست پر مستحقین میں راشن کے بیگز تقسیم کیے گئے، یو سی چئیرمین حسن نقوی کا کہنا تھا کہ راشن بیگز میں دو ہفتوں کی ضروریات زندگی کی اشیا موجود ہیں۔