Tag: بہار

  • کھچڑی میں چھپکلی گر کر پکنے سے 81 افراد اسپتال پہنچ گئے

    کھچڑی میں چھپکلی گر کر پکنے سے 81 افراد اسپتال پہنچ گئے

    پٹنہ: بھارتی ریاست بہار کے دو اضلاع بیتیا اور نوادہ میں زہریلا کھانا کھانے سے کم از کم 81 افراد اسپتال پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع نوادہ کے گاؤں مہولی کے ایک چائلڈ کیئر (آنگن واڑی) سینٹر میں زہریلی کھچڑی کھانے کے سبب 2 سے 5 سال کی عمر کے 11 بچے اور ایک خاتون کی طبیعت خراب ہو گئی، جنھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

    نوادہ کے مرکزی اسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق یہ واقعہ مرکز میں دوپہر کے کھانے کے دوران پیش آیا، جہاں بچوں کے لیے کھچڑی (چاول اور دال کی ڈش) تیار کی گئی تھی۔

    ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق تمام افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر انھیں گھر بھیجا گیا، تحقیقات پر پتا چلا کہ کھچڑی میں ایک مردہ چھپکلی ملی تھی، جس کی وجہ سے کھانا زہریلا ہو گیا تھا۔

    ایک اور واقعے میں مغربی چمپارن کے علاقے بیتیا میں واقع انجینئرنگ کالج میں تقریباً 70 طلبہ بیمار ہو کر اسپتال پہنچ گئے، معلوم ہوا کہ انھیں بھی جو کھانا پیش کیا گیا تھا اس میں ایک مردہ چھپکلی پائی گئی۔

    انجینئرنگ کے ایک طالب علم امیت کمار نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جمعہ کی رات بوائز ہاسٹل میس میں کھانے کے لیے گئے تھے، جہاں مینو میں چکن اور چاول تھے، جب وہ کھانا کھا رہے تھے تو ایک طالب علم کو اپنی پلیٹ میں ایک مردہ چھپکلی ملی۔ ایک طالب علم نے کہا کہ اس رات تقریباً ڈیڑھ سو طلبہ نے کھانا کھایا تھا۔

    کھانا کھانے کے بعد بہت سے طلبہ کو الٹیاں شروع ہو گئیں، کچھ طلبہ سر اور پیٹ میں درد کی شکایت کرنے لگے، اور ستّر سے زائد طلبہ کو اسپتال لے جایا گیا۔

    ان واقعات سے ریاست بہار کے سرکاری اداروں میں فوڈ سیفٹی کے طریقوں پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ طلبہ نے ہاسٹل میس میں کیٹرنگ کے عملے کے حفظان صحت کے معیارات پر بھی تشویش کیا اظہار کیا۔

  • تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان ہو گیا

    تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان ہو گیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی چھٹیوں کا اعلان ہو گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخوا میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی یکم سے 8 اپریل تک چھٹیاں ہوں گی۔

    ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام پرنسپلز اور ہیڈ ٹیچرز اور کلریکل اسٹاف کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔

    اعلامیے کے مطابق اسکول اسٹاف نئے بچوں کے داخلے اور مفت کتابوں کی تقسیم کے لیے موجود اسکولوں میں رہیں گے۔

  • اسکول کے بچوں کو مٹی کے تیل والا کھانا کھلایا گیا

    اسکول کے بچوں کو مٹی کے تیل والا کھانا کھلایا گیا

    بہار: بھارتی ریاست بہار کے ایک اسکول کے بچوں کو مٹی کے تیل والا کھانا کھلایا گیا، جس پر 184 بچے بری حالت میں اسپتال پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے ضلع چمپارن کے علاقے بگہا میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، سرکاری مڈل اسکول میں پیر کے روز دوپہر کا کھانا کھا کر دو سو کے قریب بچے شدید بیمار پڑ گئے، جس پر انھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

    ضلع مجسٹریٹ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا، پولیس کے مطابق بانس گاؤں پارسونی مڈل اسکول میں پیر کو دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد بچوں نے الٹی دست اور پیٹ درد کے ساتھ چکر آنے کی شکایت کی۔ حکام کے مطابق دوپہر کے مینو میں دال چاول اور سبزی شامل تھی، بچوں نے شکایت کی تھی کہ اس میں سے مٹی کے تیل کی بو آ رہی ہے۔

    راہول گاندھی سائیکل پر کوئلہ ڈھونے لگے

    والدین کو واقعے کی جیسے ہی اطلاع ملے وہ دوڑتے دوڑتے اسکول پہنچے اور انھوں نے بیمار بچوں کو اسپتال پہنچایا، مغربی چمپارن کے ضلع تعلیمی افسر رجنی کانت نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انکشاف ہوا ہے کہ کھانے میں مٹی کا تیل گر گیا تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ بچوں کو طبی امداد دیے جانے کے بعد انھیں گھر بھیج دیا گیا ہے، اور بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے اسکول کے ہیڈماسٹر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا جب کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ضلعی تعلیمی افسر کو واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • بھارتی فوجیوں نے مشقوں کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولا دے مارا

    بھارتی فوجیوں نے مشقوں کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولا دے مارا

    بہار: بھارتی فوج کی نا تجربہ کاری اور نا اہلی کھل کر سامنے آ گئی، بھارتی فوجیوں نے مشقوں کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولا دے مارا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کے ضلع گیا میں بدھ کے روز ٹریننگ سیشن کے دوران ہدف کی جانب فائر کیا گیا فوج کا ایک مارٹر گولہ فائرنگ رینج سے باہر جا کر قریبی گاؤں میں جا کر ایک گھر پر گرا۔

    حادثے میں 3 افراد ہلاک اور 3 شدید زخمی ہو گئے، ہلاک افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ گیا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آشیش بھارتی کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز صبح سویرے بارچھٹی تھانہ علاقہ کے گلروید گاؤں میں پیش آیا۔

    دھماکے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، جہاں زمین میں ایک بڑا گڑھا پڑ گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    مرنے والوں میں ایک نوجوان جوڑا سورج کمار اور کنچن کماری کے علاوہ ان کا ایک قریبی رشتہ دار گووند مانجھی شامل ہے، کنچن اپنے شوہر کے ساتھ ہولی منانے اپنے بھائی کے گھر آئی تھی۔

    ہلاک خاتون کنچن کی بھابھی منجو دیوی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ سب صحن میں پوری مالپووں کی تیاری کر رہے تھے، کہ اچانک کان پھاڑ دھماکا ہوا اور زمین ہل کر رہ گئی، پھر ہم نے دیکھا کہ ہمارے عزیز زمین پر پڑے زخموں سے کراہ رہے تھے۔

  • چوروں نے انجن چرانے کے لیے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود دی

    چوروں نے انجن چرانے کے لیے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود دی

    بہار: بھارتی ریاست بہار میں چوروں نے انجن چرانے کے لیے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود دی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے چوروں نے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود کر مرمت کے لیے لایا ہوا ڈیزل انجن چوری کر لیا۔

    چوری کی اس عجیب واردات سے متعلق پولیس حکام نے جمعہ کو میڈیا کو بتایا کہ بیگوسرائے ضلع میں ریلوے یارڈ سے ڈیزل انجن کو چوری کیا گیا، چوروں نے یارڈ میں ایک سرنگ کھودی اور انجن کے پرزے پرزے کر کے آخر کار سارا انجن چوری کر لیا۔

    مظفرپور کی ریلوے پروٹیکشن فورس کے انسپیکٹر پی ایس دوبے نے بتایا گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے میں 3 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    ملزمان سے تفتیش کے بعد پولیس نے مظفرپور ضلع کے پربھات نگر علاقے میں ایک اسکریپ گودام کی تلاشی لی تو ٹرین کے پرزوں سے بھری 13 بوریاں برآمد ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق اسکریپ یارڈ کے مالک کی تلاش کی جا رہی ہے، جب کہ برآمد شدہ اشیا میں انجن کے پرزے، ونٹیج ٹرین کے انجنوں کے پہیے اور بھاری لوہے سے بنے ریل روڈ کے پرزے شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق چوروں نے ریل روڈ یارڈ تک ایک سرنگ کھودی تھی، اور اس کے ذریعے وہ انجن کے پرزے اور دیگر اشیا بوریوں میں بھر کر لے جاتے تھے، یہ گروہ اسٹیل کے پلوں کو بھی کھولتا ہے اور ان کے پرزے بھی چراتا ہے۔

  • غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی کس نے ماری؟ سی سی ٹی وی نے بھانڈا پھوڑ دیا

    غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی کس نے ماری؟ سی سی ٹی وی نے بھانڈا پھوڑ دیا

    بھارت میں ایک شخص نے غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی مار دی اور فرار ہوگیا، واقعے کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ماسک لگائے سڑک پر ٹہل رہا ہے۔

    تھوڑی دیر بعد ایک لڑکی اس کے قریب سے گزرتی ہے، مذکورہ شخص اس کے پیچھے جاتا ہے اور پھر اچانک فائر کردیتا ہے، لڑکی فوراً زمین پر گر جاتی ہے جس کے بعد حملہ آور فرار ہوجاتا ہے۔

    ویڈیو میں سڑک پر چہل پہل دکھائی دے رہی ہے اور مختلف گاڑیاں اور راہ گیر بھی وہاں سے گزر رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی اس وقت آئی سی یو میں ہے اور اس کی حالت تشویش ناک ہے، گولی اس کی گردن میں لگی ہے۔

    پولیس کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ممکنہ طور پر دونوں کے درمیان دوستی یا محبت کا تعلق بھی ہے۔

    سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا اور امن و امان کی صورتحال برقرار نہ رکھنے پر ریاستی حکومت کو برا بھلا کہا۔

  • بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    مٹھائی کے شوقین افراد کو رس گلا بے حد پسند ہوتا ہے، تاہم بھارت میں ان رس گلوں کی وجہ سے 40 گھنٹوں تک متعدد ٹرینیں تاخیر اور معطلی کا شکار ہوگئیں۔

    بھارتی ریاست بہار کے شہر برہیہ میں درجنوں افراد نے ریلوے ٹریکس پر دھرنا دے کر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی۔ اس دھرنے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ 100 سے زائد ٹرینوں کا راستہ تبدیل کرنا پڑا۔

    دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ برہیہ کو ریلوے اسٹاپ قرار دیا جائے اور یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں۔

    برہیہ اپنے لذیذ رس گلوں کی وجہ سے بے حد مشہور ہے اور اس چھوٹے سے ٹاؤن میں رس گلوں کی 200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔

    دھرنے پر بیٹھے مظاہرین میں بڑی تعداد رس گلے بیچنے والوں کی ہی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران ان کے کاروبار کو خاصا نقصان پہنچا ہے لہٰذا اب یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں تاکہ لوگ اتر کر رس گلے خریدیں اور ان کے کاروبار کو کچھ سہارا مل سکے۔

    ریلوے حکام نے فی الحال ایک ٹرین کو برہیہ پر روکنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ کچھ ماہ کے اندر اس ٹاؤن کو باقاعدہ ریلوے اسٹاپ قرار دے دیا جائے گا جس کے بعد یہاں ٹرینیں رکنے لگیں گی۔

    حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائے جانے کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کردیا اور 40 گھنٹوں بعد معمول کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔

  • مریض کی آنتوں سے پورا گلاس برآمد، ڈاکٹرز حیران

    مریض کی آنتوں سے پورا گلاس برآمد، ڈاکٹرز حیران

    بھارت میں ایک شخص شیشے کا پورا گلاس نکل گیا جس کے بعد اسے پیٹ میں شدید درد شروع ہوگیا، ڈاکٹرز کو سرجری کے ذریعے گلاس نکالنا پڑا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں ایک شخص شدید قبض اور پیٹ میں درد کی شکایت لے کر ڈاکٹر کے پاس آیا، ایکسرے میں ڈاکٹرز کو آنت میں کوئی بڑی چیز دکھائی دی۔

    بعد ازاں وہ چیز شیشے کا ایک چھوٹا گلاس نکلی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق مریض کا کہنا تھا کہ وہ چائے پیتے ہوئے اس گلاس کو نگل گیا تھا تاہم یہ ایک نہ سمجھ آنے والی بات ہے، کیونکہ خوراک کی نالی چوڑائی میں اتنی بڑی نہیں ہوتی کہ ایک گلاس وہاں سے گزر کر آنتوں تک پہنچ سکے۔

    بہرحال ڈاکٹرز نے اس کی سرجری کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے پہلے اینڈو اسکوپی کے ذریعے گلاس کو بغیر آپریشن کے جسم سے نکالنے کی کوشش کی، لیکن اس میں ناکامی کے بعد انہوں نے سرجیکل پروسس کے ذریعے پیٹ اور آنتیں چیر کر گلاس باہر نکالا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ٹانکوں اور سوجن کی وجہ سے مریض فی الحال نارمل طریقے سے رفع حاجت نہیں کرسکتا، چنانچہ فضلے کے اخراج کے لیے ایک عارضی فسٹیولر تشکیل دیا گیا ہے۔

    جیسے ہی مریض صحت یاب ہوجائے گا یہ فسٹیولر بند کردیا جائے اور مریض کی آنتیں اور مقعد نارمل طریقے سے اپنے افعال سرانجام دیں گی۔

  • مکینک نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدل دیا

    مکینک نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدل دیا

    بھارت میں شادیوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا رواج عام ہے، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا شخص بھی اپنی یا اپنے گھر کی شادی پر بھاری رقم خرچ کردیتا ہے۔

    شادی کے موقع پر دلہن یا دلہا کی آمد کے لیے بھی نئے نئے آئیڈیاز اختیار کیے جارہے ہیں، ایک بہت عام آئیڈیا ہیلی کاپٹر پر دلہن یا دلہے کی آمد یا رخصتی بھی ہے لیکن عوام کی بڑی تعداد اس کی استطاعت نہیں رکھتی۔

    اس رجحان کو دیکھتے ہوئے ایک مکینک نے انوکھا آئیڈیا پیش کیا ہے۔

    ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے گڈو شرما نے اپنی نینو کار کو ہیلی کاپٹر کی شکل دے دی۔ اس کے لیے اس نے 2 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے۔

    اس مکینک نے گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدلنے کے لیے سینسرز کا استعمال کیا۔

    اب گڈو کا یہ ہیلی کاپٹر شہر میں نہایت مقبول ہورہا ہے، اب تک 19 افراد اسے اپنی آنے والی شادیوں کے لیے بک کروا چکے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کا کرایہ 15 ہزار روپے ہے۔

    گڈو کا کہنا ہے کہ اس کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتیوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے جانے کے لیے کسی کی مدد ضرورت نہیں، ان کے پاس آئیڈیاز کی کوئی کمی نہیں۔

  • بھارت: چلتی ٹرین کے انجن میں جانور پھنس گیا، پھر کیا ہوا؟

    بھارت: چلتی ٹرین کے انجن میں جانور پھنس گیا، پھر کیا ہوا؟

    چھپرا: بھارتی ریاست بہار میں ایک ریل بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، ریل کے انجن میں ایک جانور پھنس گیا تھا جس کی وجہ سے انجن میں لگا ویکیوم پائپ پھٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست بہار کے ضلع سارن میں گوتم استھان اسٹیشن کے قریب ہفتے کو سدبھاؤنا ایکسپریس کے ساتھ حادثہ پیش آ گیا، جس کے باعث انجن کا ویکیوم پائپ پھٹ گیا اور ریل خوف ناک حادثے سے بچ گئی۔

    ریل گاڑی رکسول سے آنند وہار ٹرمینل جا رہی تھی، چھپرا جنکشن سے نکل کر گوتم استھان ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ریلوے کراسنگ پر ایک مویشی اس کی زد میں آ گیا۔

    ریل کے ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگا کر ریل روکنے کی کوشش کی، لیکن رکتے رکتے بھی اس نے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا، اس دوران انجن میں جانور پھنسنے کی وجہ سے انجن میں لگا ویکیوم پائپ پھٹ گیا۔

    رپورٹس کے مطابق انجن کے ویکیوم پائپ پھٹنے سے ریل کو بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا لیکن حادثہ ٹل گیا۔

    حادثے کی اطلاع گوتم استھان اسٹیشن سے چھپرا جنکشن کو دی گئی، جس پر چھپرا جنکشن سے ٹیم حادثے کی جگہ پر پہنچ گئی، ٹیم نے مویشی کو انجن سے نکالا، اور ویکیوم پائپ لگا کر ٹرین کو آگے بڑھایا۔

    حادثے کی وجہ سے ڈھائی گھنٹے تک ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔