Tag: بہاولنگر

  • بہاولنگر فلڈ ریلیف کیمپ میں بچے کی پیدائش پر نام سیلاب خان رکھ دیا گیا

    بہاولنگر فلڈ ریلیف کیمپ میں بچے کی پیدائش پر نام سیلاب خان رکھ دیا گیا

    بہاولنگر: پنجاب کے شہر بہاولنگر میں فلڈ ریلیف کیمپ میں بچے کی پیدائش پر اس کا نام سیلاب خان رکھ دیا گیا، بچے کی پیدائش کے بعد خاتون کو ضلعی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے قریب فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرہ محنت کش خاندان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی، ننھے مہمان کی آمد سے متاثرہ خاندان کا غم خوشیوں میں بدل گیا۔

    سیلاب سے متاثرہ خاندان نے بچے کا نام بھی سیلاب خان رکھ دیا ہے، بچے کے والد مناظر نے خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی، فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود دیگر خاندان بھی بچے کی پیدائش پر خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے شہری بدستور بے گھری کا شکار ہیں، دریائے ستلج کے علاقوں کی صورت حال گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل ناگفتہ بہ چلی آ رہی ہے۔

    اس وقت چشتیاں کے قریب دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس سے متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے سے 30 موضع جات کی 100 بستیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں، سیلابی پانی میں سڑکیں بہہ گئیں، متعدد بستیوں کے زمینی رابطے بھی منقطع ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق 50 ہزار لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر چکے ہیں، 15 ہزار افراد اور 2000 مویشیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے، جب کہ 20 ہزار ایکڑ زرعی اراضی پانی میں ڈوب گئی ہے۔

    حویلی لکھا کے قریب دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 95 ہزار 238 کیوسک اور اخراج 81 ہزار 173 کیوسک ہے، ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا اخراج 74 ہزار 390 کیوسک اور پانی کا لیول 19.6 فٹ ہے۔

  • موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان

    موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان

    لاہور / بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 روز کے دوران مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے، حادثات دیواریں، چھتیں، درخت، سائن بورڈز اور پولز گرنے سے پیش آئے۔

    شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر ہوگئی، متعدد فیڈرز کی بندش سے شہر میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    آندھی، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے باغات بھی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کپاس کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔

  • بہاولنگر: شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا

    بہاولنگر: شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا

    بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا، ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کی بستی طارق آباد میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا، مقتولہ اور منصب نامی ملزم کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا تھا، مقتولہ اپنے والدین کے گھر آگئی تھی تاہم ملزم اسے زبردستی لینے آیا۔

    بعد ازاں ملزم نے پستول سے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی۔

  • بہاولنگر: مکان کی چھت گرنے سے 3 بہنیں جاں بحق

    بہاولنگر: مکان کی چھت گرنے سے 3 بہنیں جاں بحق

    بہاولنگر: پنجاب کے شہر بہاولنگر میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر کے محلہ تیلیاں والا میں بارش کے سبب کمرے کی چھت گر گئی، جس سے کمرے میں سوئی ہوئی 3 بہنیں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے امدادی آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والی بہنوں کی لاشیں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 24 سالہ نادرہ، 28 سالہ رضیہ اور 30 سالہ روبینہ شامل ہیں، افسوس ناک حادثے سے علاقے میں کہرام مچ گیا، اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔

    کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، 7 افراد لا پتا

    جاں بحق ہونے والی 2 بہنیں نجی اسکول میں ٹیچنگ کرتی تھیں، گزشتہ روز سے بہاولنگر شہر اور گرد و نواح میں وقفے سے وقفے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ادھر ضلع بھکر میں بھی گزشتہ روز سے مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورت حال ہے، بارش کے باعث مختلف مقامات پر متعدد کچے مکانات منہدم ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چھتیں اور دیواریں گرنے سے 11 افراد زخمی ہو چکے ہیں، یہ واقعات بہل، محمد یار والا، مسلم کوٹ، نوتک نشیب میں پیش آئے۔

    صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں ضلع بھر میں تیسرے روز بھی بارش جاری رہی، بارش کے باعث رابطہ سڑکیں، پل اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا، رابطہ سڑکوں کی بندش سے کئی دیہات کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

    صوبہ بلوچستان کے شہر روجھان میں کبھڑ بند ٹوٹنے سے قریبی بستیوں میں سینکڑوں گھر منہدم ہو گئے ہیں، اور سینکڑوں ایکڑ کپاس و دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

    بلوچستان کے ضلع کوہلو میں موسلا دھار بارشوں سے ضلع میں درجنوں کچے مکانات منہدم ہو چکے ہیں، اور مختلف علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، کوہلو میں تمبو، گرسنی، شاہیجہ آباد، مری کالونی میں درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ مختلف واقعات میں خواتین اور بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

  • دعا زہرا بازیاب ہو گئی، شوہر اور سہولت کار زیر حراست

    دعا زہرا بازیاب ہو گئی، شوہر اور سہولت کار زیر حراست

    کراچی: کراچی پولیس نے پنجاب پولیس کے ہمراہ بڑا آپریشن کرتے ہوئے کراچی سے مبینہ اغوا ہونے والی دعا زہرا کو بازیاب کرا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس نے پنجاب پولیس کے ہمراہ مشترکہ آپریشن میں دعا زہرا کو بہاولنگر سے بازیاب کر کے اس کے شوہر ظہیر اور پناہ دینے والے سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔

    ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل کے مطابق دعا زہرا اور اس کے شوہر کو بہاولنگر چشتیاں سے حراست میں لیا گیا، اور دونوں کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، سی سی پی او لاہور نے دعا زہرا کی تلاش کے لیے خصوصی ٹاسک دیا تھا، اور سرچ ٹیموں نے ملزمان کو چشتیاں سے حراست میں لیا، دعا زہرا اور اس کے شوہر نے اپنے بھائی کے سسرال میں پناہ لے رکھی تھی۔

    ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کی بازیابی کے لیے پاکستان بھر میں چھاپے مارے گئے، کراچی پولیس نے پنجاب سے لے کر کشمیر اور دیگر صوبوں میں بھی چھاپے مارے، سینکڑوں افراد کا ڈیٹا شارٹ لسٹ کر کے پولیس نے چیک کیا اور دعا زہرا کو بازیاب کرایا گیا۔

    دعا کے والد نے مقدمہ درج کروانے کے بعد عدالت کو درخواست کی تھی کہ دعا زہرا اور ظہیر احمد کی 17 اپریل کو ہونے والی شادی غیر قانونی قرار دی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاریخ پیدائش کے مطابق نکاح کے وقت دعا زہرا کی عمر 14 سال سے کم تھی، کم عمری کی شادی چائلڈ میرج ایکٹ 2013 کے تحت جرم ہے، نادرا ریکارڈ کے مطابق بھی دعا زہرا کی عمر 13 سال بنتی ہے۔

    دوسری جانب عدالت نے دعا زہرا کو بازیاب نہ کروانے پر قائم مقام آئی جی سندھ کامران فضل کو بھی عہدے سے ہٹا دیا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کو کراچی پہنچنے پر سب سے پہلے سٹی کورٹ اور اس کے بعد جمعے کے روز ہائی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ جمعے کو سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس میں وفاق اور ایف آئی اے کو فریق بنانے کا حکم دے کر ڈی جی ایف آئی اے کو سرحدی علاقوں کی نگرانی اور کارروائی کا حکم بھی دے دیا تھا، عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے لڑکی کو بیرون ملک منتقلی سے روکنے کی ہدایت کر دی تھی۔

    عدالت نے اسٹیٹ بینک کو بھی ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا، اور نادرا کو حکم دیا کہ نامزد ملزمان کا قومی شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے پیر کو آئی جی سندھ کامران افضل کی کارکردگی پر عدم اطمینان کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آئی جی سندھ کا چارج کسی اہل افسر کو دینے کا حکم دے دیا تھا، جس پر کامران افضل کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ کا عہدہ سونپا گیا۔

  • پولیس نے علاقے کے پہلے بوری بند اندھے قتل کا معما حل کر لیا

    پولیس نے علاقے کے پہلے بوری بند اندھے قتل کا معما حل کر لیا

    منچن آباد: ضلع بہاولنگر کے شہر منچن آباد میں پہلے بوری بند اندھے قتل کا معما حل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے منچن آباد میں ایک خاتون کے اندھے قتل کے ملزم ارشاد کو گرفتار کر لیا، ملزم نے خاتون غلام صدیقہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا، بعد ازاں اس کی لاش کو بوری میں بند کر کے پھینک دیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ 3 دسمبر کو منچن آباد میں چک گامے والے قبرستان سے ایک بوری بند لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ غلام صدیقہ زوجہ محمد شریف عمر کی ہے۔ 44 سالہ غلام صدیقہ گھروں میں کام کرتی تھی، ملزم نے اس کے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد اسے قتل کر دیا تھا۔

    قبرستان سے بوری بند لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا تھا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر مرزا قدوس بیگ کی ہدایت پر پولیس نے اس اندھے قتل کے ملزم ارشاد کو گزشتہ روز ٹریس کر لیا۔

    منچن آباد: 9 سال کی بچی کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا بھکاری گرفتار

    علاقے کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے گھروں میں کام کرنے والی خاتون کو زیادتی کے بعد شناخت کر لیے جانے کے خوف سے اسے قتل کیا اور لاش ایک بوری میں ڈال کر قبرستان کے قریب گڑھے میں پھینک دی تھی۔

  • منچن آباد: 9 سال کی بچی کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا بھکاری گرفتار

    منچن آباد: 9 سال کی بچی کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا بھکاری گرفتار

    منچن آباد: پنجاب کے ضلع بہاول نگر کے شہر منچن آباد میں 9 سال کی بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منچن آباد کے علاقے گھمنڈ پور میں 45 سالہ بھکاری نے 9 سالہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد اس کے ساتھ زیادتی کی تھی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    گھمنڈ پور پولیس کا کہنا ہے کہ بہاولنگر کے رہایشی ملزم مشتاق ڈھڈی نے اعتراف جرم کر لیا ہے، میڈیکل رپورٹ میں بھی بچی کے ساتھ زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق مشتاق ڈھڈی پیشہ ور گداگر ہے اور بھیک مانگنے کے لیے مختلف شہروں کا رخ کرتا رہتا ہے، ملزم نے گھمنڈ پور کے رہایشی محنت کش بارش علی سے راہ و رسم نکالی، اور وقتاً فوقتاً مالی امداد کر کے اپنا اعتماد بنایا۔

    تازہ ترین:  باپ کی اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کی کوشش، 2 افراد جاں بحق

    مشتاق ڈھڈی 3 نومبر کو بارش علی کی دوسری جماعت کی طالبہ 9 سالہ بیٹی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھیوں کی مدد سے اغوا کر کے فیصل آباد لے آیا۔ اس کے بعد بھکاری بچی کو اپنے گینگ کے ہمراہ لے کر مختلف شہروں میں پھرتا رہا اور بچی کو زیادتی کا نشانہ بھی بناتا رہا۔

    گھمنڈ پور پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں 5 نومبر کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور کال ڈیٹا کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا جانے لگا، بار بار جگہیں تبدیل کرنے کے باعث پولیس ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہوتی رہی تاہم آخر کار ملزم کو لالہ موسیٰ کے ایک ویران علاقے سے گرفتار کرنے میں کا میاب ہو گئی۔

    چھاپے کے دوران ملزم کی جھونپڑی سے بچی کو بھی بازیاب کرا لیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش بچی کو اغوا اور زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کا ارادہ تھا کہ وہ بچی کو ہمیشہ اپنے پاس رکھے گا اور بھیک منگوائے گا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج پاکپتن اور بہاولنگر کا دورہ کریں گے

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج پاکپتن اور بہاولنگر کا دورہ کریں گے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولنگر میں فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج پاکپتن اور بہاولنگرکا دورہ کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب پاکپتن میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب پاکپتن کی نئی غلہ منڈی کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، عثمان بزدار پاکپتن میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    سردار عثمان بزدار بہاولنگرمیں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب بہاولنگر میں فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب امن و امان پراجلاس کی بھی صدارت کریں گے اور بہاولپور کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے بھی ملیں گے۔

    جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ تین روز قبل سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان کرپسماندہ رکھا گیا، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دورکرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، صاف پانی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی، پسماندہ علاقوں کی ترقی، خوشحالی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی۔

  • لڑکی کو ویڈیو کال کرکے بے لباس ہونے پر مجبور کرنے والا ایس ایچ او معطل

    لڑکی کو ویڈیو کال کرکے بے لباس ہونے پر مجبور کرنے والا ایس ایچ او معطل

    بہاولنگر: پنجاب کے شہر بہاولنگر میں ٹیم سرعام ٹیم نے  لڑکی کو ویڈیو کال کرکے بے لباس ہونے پر مجبور کرنے والے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیم سرعام کے مطابق غریب خاتون اور اس کی بھانجی اپنی 12 سالہ بچی حمیرا کے گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے تھانے گئی تو پولیس کی جانب سے کیس کی تحقیقات کے لیے رشوت طلب کی گئی اور ایس ایچ او تھانہ منڈی صادق گنج عبدالرزاق شاہ، تفتیشی افسر نذیر احمد کی جانب سے بے لباس ہونے اور ویڈیو کال کرنے کا کہا گیا۔

    رشوت کی رقم دینے کے باوجود بچی کی عدم بازیابی پر جب بوڑھی ماں تھانے میں آکر رونے لگی تو ایس ایچ او کی جانب سے اس کے لیے تھانے کے دروازے بند کردئیے گئے۔

    اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او کو یہ بتایا گیا ہے بوڑھی اماں نے مکان فروخت کردیا ہے، اس کی اغوا ہونے والی بیٹی کی بازیابی میں پیسے کی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

    رشوت کی تمام رقم سرعام کی ٹیم اغوا ہونے والی بچی کی ماں کو اپنے پاس سے ادا کررہی تھی۔

    ٹیم سرعام کے نمائندوں نے اغوا ہونے والی بچی کی ماں کا بھانجا اور بھانجی بن کر ایس ایچ او سے ملاقات کی اور پہلی ہی ملاقات میں اسے 9 ہزار روپے رشوت دی، ایس ایچ او عبدالرزاق شاہ نے نامزد ملزمان کا ریکارڈ نکلوانے کے لیے مزید رشوت طلب کی۔

    نمائندوں نے بعد میں تفتیشی افسر نذیر احمد کی بھی منت سماجت کی پھر اسے بھی رشوت طلب کرنے پر پیسے فراہم کیے گئے، تفتیشی افسر نے لڑکی ہاتھ چوم کر رشوت وصول کی۔

    تفتیشی افسر نے صادق گنج کے قریبی شہر حاصل پور میں فحاشی کے اڈوں پر بچی کو تلاش کرنے کے لیے ٹیم سرعام کے نمائندوں سے گاڑی اور پیٹرول کا انتظام کرنے کا کہا، گاڑی فراہم کرنے کے بعد تفتیشی افسر ان کے ہمراہ حاصل پور کے فحاشی کے اڈے پر پہنچے۔

    تفتیشی افسر نذیر احمد بچی کو تلاش کرنے کے بجائے فحاشی کے اڈوں پر رنگ رلیاں منانے لگے، اغوا ہونے والی بچی کی ماں نے رشوت خور تفتیشی افسر کو کھانے پینے کے پیسے بھی فراہم کیے۔

    اقرار الحسن کے مطابق انہوں نے سرعام کی ٹیم کے نمائندوں سے رابطہ کیا کہ وہ ایس ایچ او سے رابطہ کریں اور اسے رشوت کی باقی رقم دینے کا کہیں ایسا کرنے کا مقصد یہ تھا کہ ایس ایچ او کو رنگے ہاتھوں پکڑا جائے، جب ایس ایچ او کو کال کی گئی تو اس نے سرعام ٹیم کی نمائندہ جو بچی کی بھانجی بنی تھی اسے ویڈیو کال پر بے لباس ہونے کا کہا۔

    رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر ایس ایچ او اور تفتیشی افسر بوکھلا گئے اور تمام واقعے پر جھوٹ بولتے رہے اور مختلف وضاحتیں دیتے رہے بعدازاں ایس ایچ و اور تفتیشی افسر کو معطل کردیا گیا۔

  • ہیکرز نے مزید دو شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا صفایا کر دیا

    ہیکرز نے مزید دو شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا صفایا کر دیا

    پاکپتن/بہاول نگر: بینک اکاؤنٹس ہیکرز نے دو مزید شہریوں کے اکاؤنٹس کا صفایا کر دیا، پاکپتن اور بہاول نگر کے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے نکال لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بینک اکاؤنٹس ہیکرز کی کارروائیوں کو روک نہیں لگائی جا سکی، دو مزید شہریوں کے بینک اکاؤنٹس ہیکرز کا نشانہ بن گئے۔

    [bs-quote quote=”نا معلوم شخص نے بینک نمائندہ بن کر فون کیا تھا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”متاثرہ ٹیچر کی فریاد”][/bs-quote]

    پاکپتن کےعلاقے ٹبہ شیر کوٹ کے استاد کے اکاؤنٹ سے ہیکرز نے 2 لاکھ روپے نکال لیے، عبد الغفار کا کہنا ہے کہ نا معلوم شخص نے بینک نمائندہ بن کر فون کیا تھا۔

    متاثرہ ٹیچر کا کہنا تھا کہ ہیکرز نے اکاؤنٹ کی تفصیل مانگی اور اکاؤنٹ خالی کر دیا، میری پانچ سالوں کی محنت چھین لی گئی، بینک والوں کا کہنا تھا کہ ہم اس کے ذمہ دار نہیں ہیں۔

    دوسری طرف بہاولنگر کے غلام نبی کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد روپے اڑا لیے گئے۔ متاثرہ شخص نے رقم بھائی کی شادی کے لیے بینک میں رکھی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  جعلی کالز کے ذریعے اکاؤنٹس کا صفایا، میجر جنرل آصف غفور نے آگاہی ویڈیو شیئر کردی


    خیال رہے کہ ملک بھر میں بینک اکاؤنٹ ہیکرز کی بڑھتی وارداتوں کے پیشِ نظر آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی خبردار کر دیا ہے کہ اگر کوئی شخص آپ کو کال کر کے خود کو آرمی کا نمائند بتا کر بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگے تو اُسے ہرگز فراہم نہ کریں۔