Tag: بہاولپور

  • ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہو جائیں خبردار، چالان گھر بھیجنے کے نظام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

    ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہو جائیں خبردار، چالان گھر بھیجنے کے نظام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

    (1 اگست 2025): ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے خبردار ہو جائیں کیونکہ اب چالان گھر پر آئے گا اور ہر صورت ادا کرنا ہوگا۔

    سیف سٹی بہاولپور نے ٹریفک نظم و ضبط کو مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلیے 25 جولائی 2025 سے ای چالان نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

    جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں خودکار طریقے سے ای چالان جاری کریں گے جس سے قانون نافذ کرنے کے عمل میں شفافیت اور تیزی ممکن ہو سکے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹریفک چالان پر دی گئی 50 فیصد رعایت کب ختم ہو رہی ہے؟

    بہاولپور میں ای چالان کا یہ نظام انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ITMS) کے تحت فعال کیا گیا ہے جو نہ صرف ٹریفک کی مؤثر نگرانی کرتا ہے بلکہ ڈیفالٹر گاڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھتا ہے۔

    جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے مزین یہ نظام ٹریفک پولیس بہاولپور کیلیے ایک مؤثر معاون ثابت ہوگا اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک آگاہی پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

    علاوہ ازیں، ابتدائی مرحلے میں شہریوں کی رہنمائی اور شعور بیدار کرنے کیلیے 1000 سے زائد وارننگ ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ شہری قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور مکمل چالان سسٹم کے نفاذ سے قبل اپنی اصلاح کر سکیں۔

    وارننگ چالان کے ذریعے شہریوں کو ان کی خلاف ورزیوں سے بروقت آگاہ کیا جائے گا جس کا مقصد تنبیہ اور رہنمائی فراہم کرنا ہے نہ کہ فوری جرمانہ عائد کرنا۔

    یہ جدید نظام نہ صرف شہریوں کی سہولت بلکہ ایک محفوظ، منظم اور مہذب ٹریفک کلچر کے فروغ کیلیے انقلابی قدم ہے۔

    ٹریفک پولیس بہاولپور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کو اپنا شعار بنائیں تاکہ نہ صرف وہ خود محفوظ رہیں بلکہ پورے معاشرے کو ایک خوشگوار اور منظم سفری ماحول مہیا ہو سکے۔

  • آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ

    آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ

    بہاولپور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    اے آر وائی نیوز بہاولپور کے نمائندے چوہدری سلیم کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور کے علاقے یزمان میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران بجلی درخت پر گری جس کے نیچے چاروں افراد بیٹھے ہوئے تھے۔ واقعے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں آسمانی بجلی گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج

    یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں گھر پر آسمانی بجلی گری تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بجلی کے میٹر پر گرنے سے زوردار دھماکا ہوا۔

     تیز بارش کے دوران بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی   جانی نقصان نہیں ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/lightning-strikes-plane-in-brazil/

  • شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو کیسے قتل کیا؟ دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آگئی

    شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو کیسے قتل کیا؟ دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آگئی

    بہاولپور میں چار روز قبل شوہر کی بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کی دل دہلادینے والی تفصیلات سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 3دسمبر کو بہاولپور کی ایک نجی ہاؤسنگ کالونی کے ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملی تھیں، ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی اور اُن کے تین بیٹے شامل تھے جبکہ ایک چار سال کی بچی زندہ ملی تھی، ان تمام لوگوں کا قتل کاشف نے کیا اور بعد میں خودکشی کرلی۔

    بہاولپور پولیس کے مطابق واقعے کے روز بچے اسکول نہیں گئے تھے، کاشف نے نشہ آور دوا دودھ میں ملا کر بچوں کو دی، کاشف بلوچ نے بے ہوش ہونے پر ایک بیٹے کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا، چار سالہ تسمیہ کو تکیے سے مارنے کی کوشش کی، وہ بیہوش ہوئی تو ملزم نے مردہ سمجھا، دونوں بڑے بیٹوں اور بیوی نے بے ہوشی کے باوجود مزاحمت کی تو گولیاں مار کر قتل کیا۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم نے بیوی بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی، گھر سے نشہ آور گولیوں کے ریپر برآمد ہوئے ہیں، ملزم کاشف بلوچ نے گولی کی آواز دبانے کیلئے تکیے اور کپڑوں کا استعمال کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچ جانے والی 4 سالہ تسمیہ نے بھی پولیس کو حقائق بتا دیئے، ملزم کاشف بلوچ کے فنگر پرنٹ بھی ملنے والے پستول سے میچ کر گئے ہیں، ملزم نے بیوی بچوں کو کس بنا پر قتل کیا تاحال معمہ حل نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ مرنے والوں میں 40 سالہ کاشف اور ان کی 36 سالہ اہلیہ سمیت 15 اور 13 برس کے دو بیٹے اور ایک نو سالہ بیٹا بھی شامل ہیں۔

  • بہاولپور میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل کا مقدمہ درج

    بہاولپور میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل کا مقدمہ درج

    بہاولپور : پنجاب کے شہر بہاولپور میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقتولین کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے قتل کامقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ سمہ سٹہ میں مقتول کاشف کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ کار مزید بڑھا کر مختلف زاویوں سے شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیئے ہیں۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشیں سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں، مقتولین کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔

    گزشتہ روز ماڈل ایونیو کے گھر سے ایک ہی فیملی کے ہانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، لاشوں کے پاس ہی ایک پسٹل بھی برآمد ہوا تھا۔

    کاشف نامی شخص اس کی بیوی عروج اور دوبچوں کو سر میں فائر مار کر قتل کیا گیا تھا اور ایک بیٹے کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا جبکہ مقتول کی چارسالہ بیٹی بے ہوشی کی حالت میں ملی تھی۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور نے بھی افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اسد سرفراز سے چوبیس گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • بہاولپور میں گھر سے میاں، بیوی اور تین بیٹوں کی لاشیں برآمد

    بہاولپور میں گھر سے میاں، بیوی اور تین بیٹوں کی لاشیں برآمد

    بہاولپور: پنجاب کے شہر بہاولپور میں مکان سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بہاولپور کے علاقے ماڈل ایونیو میں گھر سے میاں، بیوی اور تین بیٹوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی یا قتل کی واردات ہے، کمرے سے ملنے والے پستول کی فرانزک رپورٹ کے بعد صورتحال واضح ہوسکے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں گھر کی سب سے چھوٹی بچی محفوظ رہی ہے جسے بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مقتول کاشف بلوچ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کا بڑا بھائی بزدل نہیں تھا کہ خودکشی کرلے، رات فون پر بات ہوئی تو بتایا تھا کہ والدہ کو صبح اسپتال لے جانا ہے۔

    محلے والوں کا کہنا ہے کہ بچی بستر کے قریب زمین پر سو رہی تھی، سیکیورٹی گارڈ اور آس پاس کے رہائشیوں نے فائرنگ کی کوئی آواز نہیں سنی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کے قریب خون بھی موجود ہے، لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • بہاولپور: ٹول پلازہ پر 2 ٹریلرز میں تصادم ، 3 افراد جھلس کر جاں بحق

    بہاولپور: ٹول پلازہ پر 2 ٹریلرز میں تصادم ، 3 افراد جھلس کر جاں بحق

    بہاولپور: حاصل پور روڈ ٹول پلازہ پر 2 ٹریلرز میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپورمیں حاصل پورروڈ ٹول پلازا پرکھڑے ٹریلر کو پیچھےسےآنےوالے ٹریلر نے ٹکر مار دی، جس سےٹریلر میں آ گ گئی،حادثہ میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

    دونوں ٹریلرز حاصل پورسےبہاولپور آرہے تھے، ٹریلر میں لگنے والی آگ پرقابو پالیا اور لاشوں اور زخمی کو بہاول وکٹوریا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل گھوٹکی میں ایم فائیو موٹر وے کے قریب مسافر کوچ اور ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آّیا ، مسافر کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی۔

  • بہاولپور: خاتون کے ہاں 5 بچوں کی پیدائش

    بہاولپور: خاتون کے ہاں 5 بچوں کی پیدائش

    بہاولپور میں گورنمنٹ نواب سر صادق اسپتال میں خاتون کے ہاں 5 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے علاقے ڈیرہ بکھا کی رہائشی خاتون کے ہاں 5 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، خاتون کا شوہر کھیتی باڑی کا کام کرتا ہے۔

    گورنمنٹ نواب سر صادق اسپتال کی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ  پانچوں بچوں کو انتہائی نگہداشت وارڈ کے بے بی انکیوبیٹر میں رکھا ہے جہاں کمزرو بچوں کی صحت بھال کا خیال رکھا جارہا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ڈیرہ بکھا کی رہائشی خاتون کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں میں 4 لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔

  • دریائے ستلج ایمپریس برج کے قریب بند ٹوٹ گیا، ہزاروں ایکڑ فصل تباہ

    دریائے ستلج ایمپریس برج کے قریب بند ٹوٹ گیا، ہزاروں ایکڑ فصل تباہ

    بہاولپور: دریائے ستلج ایمپریس برج کے قریب لنڈا بند ٹوٹنے سے ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہو گئی، کچے مکان بہہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں دریائے ستلج ایمپریس برج کے قریب بند ٹوٹ گیا، جس کے بعد سیلابی پانی موضع ویسلاں، ساہلاں لعل دی گوٹھ میں داخل ہو گیا، بند ٹوٹنے سے ہزاروں ایکڑ فصل بھی تباہ ہو گئی اور کچے مکان بہہ گئے۔

    متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ایمپریس برج سے اس وقت ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، جب کہ میلسی سائفن پر پانی کی سطح بلند ہو کر ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک پر پہنچ گئی ہے۔

    ایک طرف بہاولپور کے مقام پر دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، اور دوسری جانب ضلعی انتظامیہ جشن منا رہی ہے، سیلابی ریلے سے متعدد حفاظتی بند ٹوٹے، کئی علاقے زیر آب آئے، لیکن کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ دیگر اعلیٰ حکام اپنے گھر والوں کے ساتھ جم خانہ میں جاری میوزیکل کنسرٹ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

  • خاتون ورکر کا مریم نواز کی پریس کانفرنس کے دوران احتجاج

    خاتون ورکر کا مریم نواز کی پریس کانفرنس کے دوران احتجاج

    بہاولپور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی بہاولپور میں میڈیا گفتگو کے دوران ایک خاتون کارکن نے دھکے لگنے پر شور مچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ن لیگی رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے وقت ن لیگ کی ایک خاتون کارکن دھکے دیے جانے پر نالاں نظر آئیں۔

    ن لیگی خاتون کارکن نے کہا کہ ’’میں 25 سال سے کارکن ہوں اور یہاں مجھے دھکے دیے گئے۔‘‘

    خاتون نے دھکے لگنے پر کافی دیر شور کیا، اور تیز آواز میں شکایت کرتی رہیں، تاہم مریم نواز نے ناراض کارکن کا غصہ ٹھنڈا کرتے ہوئے انھیں اپنے پاس بلا لیا۔

    میڈیا گفتگو میں مریم نواز نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سیاسی انتقام کے حوالے سے کہا کہ ’’میں انتقام کے حق میں نہیں ہوں، لیکن کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اس کی سزا ملنی چاہیے، خواہ سیاست دان ہو، پارٹی سربراہ ہو، اور سابق وزیر اعظم ہونے پر بھی بچنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔‘‘

    آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: مریم نواز

    مریم نواز نے مزید کہا ’’نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثنا اور مجھ سمیت پوری جماعت گرفتار تھی، انتقام اسے کہتے ہیں کہ جب آپ پاناما کا شور مچاتے ہیں اور پھر اقامہ پر نکال دیتے ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’شاہد خاقان، میرا یا شہباز شریف کیس کے پیچھے انتقام سب کو پتا ہے، عمران خان کو توشہ خانہ چوری پر سزا ملے تو اسے انتقام نہیں کہیں گے، ان کو اگر فارن فنڈنگ پر سزا ملے گی تو انتقام نہیں کہیں گے، آپ نے کچھ کیا ہے تو سامنا کرنا پڑے گا ، اسے انتقام نہیں احتساب کہتے ہیں۔‘‘

  • بہاولپور کے شہاب دہلوی کا تذکرہ

    بہاولپور کے شہاب دہلوی کا تذکرہ

    اردو زبان و ادب میں شہاب دہلوی ایک مؤرخ، محقق، مصنّف اور شاعر کی حیثیت سے پہچانے گئے۔ مشہور جریدے الزبیر کے مدیر نے پاکستان کے مشہور شہر بہاول پور کی تہذیب و ثقافت اور یہاں کے دینی اور روحانی ماحول کو خاص طور پر اپنی تحریروں کا موضوع بنایا اور وقیع علمی و ادبی کام کیا۔

    آج شہاب دہلوی کا یومِ وفات ہے۔ وہ 29 اگست 1990 کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ ان کا اصل نام سید مسعود حسن رضوی تھا جن کے بزرگ خاندان قیامِ پاکستان سے عشروں پہلے دہلی سے بہاولپور آکر یہاں ریاستی عہدوں پر فائز ہوئے تھے۔ تقسیم کے بعد شہاب دہلوی بھی پاکستان آگئے اور بہاولپور میں سکونت اختیار کی۔

    وہ دہلی کے ایک علمی خانوادے میں 20 اکتوبر 1922 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد اور تایا بھی شاعر اور ادیب تھے۔ دہلی میں‌ مطبع رضوی کے نام سے ان کا اشاعتی ادارہ بھی قائم تھا۔ شہاب دہلوی نے بھی اپنی عملی زندگی کا آغاز دہلی سے ماہنامہ الہام کے اجرا سے کیا۔ بہاول پور آنے کے بعد انھوں نے نہ صرف الہام کا دوبارہ اجرا کیا بلکہ یہاں کی سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لینے لگے۔ شعر و ادب سے متعلق سرگرمیوں کے ساتھ وہ علاقے کی تہذیب و ثقافت اور زبان و تاریخ کو محفوظ کرنے کے لیے تحقیقی کام کرتے رہے۔

    شہاب دہلوی نے اس علاقے کے دینی و روحانی تشخص کو بھی اُجاگر کیا اور اس خطّے اور علاقے سے متعلق مختلف موضوعات پر درجنوں کتب لکھیں۔ ان میں مشاہیر بہاولپور، اولیائے بہاولپور، خواجہ غلام فرید: حیات و شاعری اور وادیٔ جمنا سے وادیٔ ہاکڑہ تک شامل ہیں۔

    ان کے شعری مجموعے نقوش شہاب، گل و سنگ، اور موجِ نور کے نام سے شائع ہوئے۔

    شہاب دہلوی بہاولپور کے ایک قبرستان میں ابدی نیند سورہے ہیں۔