Tag: بہترین آل راؤنڈر

  • کیرون پولارڈ: کراچی کنگز کے ترکش میں مہلک ہتھیار!

    کیرون پولارڈ: کراچی کنگز کے ترکش میں مہلک ہتھیار!

    کیرون پولارڈ ٹی 20 کرکٹ کے ان چند پلیئرز میں سے ایک ہیں جو اپنی بے پناہ طاقت اور اس فارمیٹ میں مہارت کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔

    ویسٹ انڈین آل راؤنڈر پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن میں کراچی کنگز کے لیے دھماکے دار پرفارمنس دینے کے لیے تیار ہیں۔ وہ اپنی جارحانہ بیٹنگ، موثر باؤلنگ اور فیلڈنگ کی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ حریفوں کے لیے خوف کی علامت ہونگے۔

    کیرون پولارڈ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمایاں آل راؤنڈر کے طور پر جگہ بنائی ہے، عالمی سطح پر مختلف لیگز کھیلتے ہوئے انھوں نے اپنی شاندار پرفامنس سے انمٹ نقوش ثبت کیے ہیں۔

    اب تک ان کا کرکٹ کا سفر کافی غیرمعمولی رہا ہے، وہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی بھرپور نمائندگی کے لیے پُرجوش نظر آتے ہیں۔

    چند مقبول فرنچائزز میں سے ایک کراچی کنگز نے پی ایس ایل 9 کے لیے ان کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ٹیم نے معروف کرکٹر کو پی ایس ایل ڈرافٹ کے دوران پلاٹینم کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں منتخب کیا تھا۔

    ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کے بے پناہ تجربے کے باعث وہ کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ میں نہایت کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    پولارڈ تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں جبکہ وہ اکثر اہم مواقعوں پر وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔ یہی صلاحیتیں انھیں ایک حقیقی اور کامیاب آل راؤنڈ بناتی ہیں۔

    پولارڈ نے اب تک پاکستان سپر لیگ میں 36.40 کی متاثر کن اوسط اور 165.45 کے زبردست اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ مجموعی طور پر 910 رنز بنائے ہیں۔ بولنگ میں انھوں نے 34.07 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    پولارڈ ٹی ٹوئنٹی میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹرز بھی ہیں۔ انھوں نے 150.57 کے اسٹرائیک ریٹ سے 12,454 رنز اسکور کررکھے ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 642 میچز کھیلنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔