Tag: بہن بھائی

  • کھیل ہی کھیل میں 2 معصوم بہن بھائی جان سے گئے

    کھیل ہی کھیل میں 2 معصوم بہن بھائی جان سے گئے

    کھیل ہی کھیل میں دو کمسن معصوم بہن بھائی اپنی زندگی گنوا بیٹھے آٹے کے ڈرم میں چھپنا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

    بچوں کا فارغ وقت میں سب سے مقبول مشغلہ شرارت بھرے کھیل کود ہیں۔ تاہم کبھی کبھار یہ کھیل کود نادانستہ طور پر کسی بڑے سانحےکا سبب بن جاتے ہیں۔

    یہ افسوسناک واقعہ ساہیوال کے نواحی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب والدین گندم کی کٹائی کے لیے کھیت میں گئے ہوئے تھے اور گھر پر دونوں بچے اکیلے تھے۔

    گھر میں کھیلنے کے دوران دونوں کمسن بہن بھائی آٹے کے ڈرم میں چھپے تاہم ڈرم کا ڈھکن اچانک بند ہو گیا۔ گھر میں کوئی بڑا نہ ہونے کے باعث بچوں کی پکار کوئی نہیں سن سکا۔

    رپورٹ کے مطابق جب والدین گھر آئے اور بچوں کو وہاں موجود نہ پایا تو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے گھر پہنچ کر جب جانچ کی اور آٹے کا ڈرم کھولا تو یہ روح فرسا منظر دیکھنے کو ملا کہ دونوں بچے مردہ حالت میں اس کے اندر موجود تھے۔

    پولیس کے مطابق آٹے کے ڈرم کا ڈھکن بند ہونے کے باعث دونوں بچے دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ مرنے والے بچوں کی عمر 4 اور 5 سال تھی۔ پولیس کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔

  • تین سالہ بھائی نے ایک سالہ بہن کو سر میں گولی مار دی

    تین سالہ بھائی نے ایک سالہ بہن کو سر میں گولی مار دی

    کیلیفورنیا: امریکی شہر فالبروک میں ایک 3 سالہ لڑکے نے اپنی 1 سالہ بہن کو گولی مار دی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے شہر فالبروک میں غلطی سے تین سالہ بھائی نے ایک سالہ معصوم بہن کو سر میں گولی مار دی، جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہو گئی۔

    مقامی پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پیر کو صبح سویرے ریچے روڈ کے قریب اسٹیجکوچ لین پر واقع ایک گھر میں پیش آیا، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعے کے وقت والدین کہاں تھے، تاہم واقعے کے بعد پولیس کو کال والدین میں سے کسی نے کی تھی۔

    سانڈیاگو کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق تین سالہ بچے کے ہاتھ ہینڈ گن لگ گئی تھی جو غیر محفوظ تھی، کھیلنے کے دوران گولی چل گئی جو بچی کے سر میں لگی، جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم دوران علاج ایک گھنٹے کے بعد وہ ہلاک ہو گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے سلسلے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، تاہم بچے کی موت کی وجہ اور طریقہ کار کا تعین کرنے کے لیے اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

  • جائیداد کے لالچ نے بھائی کو اندھا کر دیا، بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ (ویڈیو)

    جائیداد کے لالچ نے بھائی کو اندھا کر دیا، بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ (ویڈیو)

    کراچی: جائیداد کے لالچ میں اندھے ہو کر بھائی نے اپنی ہی بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ کروا دی، جس کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں بہن بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع، جس کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے، پُر تشدد صورت اختیار کر گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھائی نے اپنے ڈرائیور کے ذریعے بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ کرائی، متاثرہ خاتون خدیجہ نے میڈیا کے سامنے فریاد کی ہے کہ گھر سے بھی مجھے ہی نکالا گیا ہے، اور پولیس نے بھی میرے ہی بیٹے کو لاک اپ کر دیا۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بہن بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے، جس کا فیصلہ ابھی ہونا ہے، لیکن ابھی یہ واقعہ پیش آیا ہے، اور میں صبح سے بہادر آباد پولیس اسٹیشن کے باہر موجود ہوں لیکن پولیس کے آگے میری شنوائی نہیں ہو رہی۔

    خاتون خدیجہ کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بھائی، بہن بیرون ملک میں مقیم ہیں تاہم وہ اپنے ملازمین کے ذریعے گھر پر قبضہ کرانا چاہتے ہیں۔

    متاثرہ خاتون نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ پولیس بھی ان لوگوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔

  • بینائی سے محروم بہن بھائی کا کامیاب آن لائن فوڈ بزنس

    بینائی سے محروم بہن بھائی کا کامیاب آن لائن فوڈ بزنس

    بینائی کا نہ ہونا زندگی میں اندھیرا بھر دیتا ہے لیکن بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو بینائی سے محروم ہونے کے باوجود ایسی زندگی گزارتے ہیں کہ لوگوں کو حیران کردیتے ہیں۔

    کراچی کے رہائشی دو بہن بھائی فزا اور علی آنکھوں کی نعمت سے محروم ہیں لیکن نہایت کامیابی سے اپنا فوڈ بزنس چلا رہے ہیں۔

    فزا کھانے بناتی ہیں اور علی انہیں آن لائن فروخت کرتے ہیں۔

    فزا نہایت مزیدار کھانا بناتی ہیں اور اس کے لیے کٹنگ وغیرہ کا تمام کام بغیر کسی مدد کے خود ہی نہایت مہارت سے انجام دیتی ہیں۔

    اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص اپنی بینائی سے محروم ہوجاتا ہے تو اس کی بقیہ حسیات اتنی تیز ہوجاتی ہیں کہ ان کی مدد سے وہ اپنے تمام کام سر انجام دے سکتا ہے۔

    علی نے بتایا کہ ایک بار انہوں نے معروف شخصیات کے لیے ڈائننگ ان دا ڈارک نامی ایونٹ کا انعقاد کیا تھا جہاں انہیں مزیدار کھانے پیش کیے گئے، اس کے بعد سے انہوں نے اپنا آن لائن کام شروع کردیا۔

    دونوں بہن بھائی کی والدہ کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے نابینا بچے بغیر کسی سہارے کے بہترین زندگی گزارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • پاکستانی بہن بھائی کا کارنامہ، کرونا وائرس تشخیص کرنے والی ایپ بنالی

    پاکستانی بہن بھائی کا کارنامہ، کرونا وائرس تشخیص کرنے والی ایپ بنالی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے 2 بہن بھائیوں نے ایسی ایپ بنا لی جو کرونا وائرس کی تشخیص کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے 2 بہن بھائیوں نے ایسی اسمارٹ فون ایپلی کیشن بنائی ہے جو کرونا وائرس کی تشخیص کرسکتی ہے۔

    سافٹ ویئر انجینیئر بھائی طلعت نے بتایا کہ اس ایپ میں کسی شخص کی علامات اور مختصر میڈیکل ہسٹری ڈالی جائے تو یہ ایپ بتا سکتی ہے کہ وہ شخص کووڈ 19 کا شکار ہے یا نہیں۔

    یہ ایپ چیسٹ ایکسرے کروانے کی تجویز بھی دے سکتی ہے جبکہ اس ایکسرے کو ریڈ کر کے یہ بھی بتا سکتی ہے کہ کرونا وائرس نے پھیپھڑوں کو کس حد تک نقصان پہنچایا۔

    طلعت کا کہنا ہے کہ یہ ایپ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے تحت کام کرتی ہے۔

    بہن قمر النسا نے بتایا کہ وہ پاکستان کو ڈیجیٹل بنانا چاہتے ہیں، دونوں بہن بھائیوں نے مزید ایپس بھی بنائی ہیں جن میں سے ایک واٹس ایپ کی طرز کی میسجنگ ایپ بھی ہے۔

  • بہن بھائیوں میں بڑا ہونا آپ کو موٹاپے میں مبتلا کرسکتا ہے

    بہن بھائیوں میں بڑا ہونا آپ کو موٹاپے میں مبتلا کرسکتا ہے

    کیا آپ اپنے بہن بھائیوں میں بڑے ہیں اور چھوٹے بہن بھائیوں پر رعب جماتے رہتے ہیں؟ تو پھر اس کا نقصان جان کر آپ حیران ہوجائیں گے۔

    ایک تحقیق کے مطابق چھوٹوں کا بڑا بھائی یا بہن ہونا آپ کو موٹاپے کا شکار بنا سکتا ہے۔ سوئیڈن میں 13 ہزار سے زائد افراد پر کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق بڑے بہن بھائی میں موٹاپے کا شکار ہونے کا خطرہ 29 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ بعض اوقات پہلے حمل کے دوران ماں کے جسم کی وہ رگیں جو بچے کو غذا پہنچاتی ہیں پتلی ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے بچوں کو کم غذائیت پہنچتی ہے۔

    اس کمی کو پورا کرنے کے لیے بچے کا جسم زیادہ چربی بناتا ہے جو آگے چل کر موٹاپے کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق والدین پہلی اولاد کا زیادہ خیال رکھتے ہیں اور اس کی خوراک کا بھی خاص خیال رکھتے ہیں جو بعض اوقات بے احتیاطی میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ یہ تمام وجوہات مل کر بڑے بہن بھائیوں کو موٹاپے کا شکار بنا سکتی ہے۔

    اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ پہلی اولاد دیگر اولادوں کی نسبت زیادہ ذہین ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق چونکہ کسی بھی جوڑے کا پہلا بچہ اپنے والدین کی تمام تر توجہ، نگہداشت اور دھیان پانے میں کامیاب رہتا ہے لہٰذا اس کی سطح ذہانت اپنے دیگر بہن بھائیوں کی نسبت بلند ہوتی ہے۔

    پہلی بار والدین بننا چونکہ ان کے لیے نیا تجربہ ہوتا ہے لہٰذا وہ پہلے بچے کا حد سے زیادہ دھیان اور خیال رکھتے ہیں، اور معمولی معمولی مسائل پر بھی بہت زیادہ پریشان ہوجاتے ہیں۔

    والدین کی یہی اضافہ توجہ بڑے بچوں کو ذہین اور باصلاحیت بنا دیتی ہے۔

  • درمیان والے بچے، ذہین اوربردبار، لیکن کب تک؟

    درمیان والے بچے، ذہین اوربردبار، لیکن کب تک؟

    خاندان میں درمیان والے بچے عموماً ذہین، بردبار اور احساسِ ذمہ داری کے حامل ہوتے ہیں لیکن اب دنیا بھر میں ان کی شرح گھٹ رہی ہے جس کی وجہ بڑھتی ہوئی معاشی کشمکش کے سبب والدین کا ایک یا دو بچوں تک محدود ہوجانا ہے۔

    تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بہن بھائیوں میں درمیان والے بچے دوسروں کی نسبت زیادہ ذہین ، کامیاب ، کریٹو اور خود مختار ہوتے ہیں، تاہم وہ اپنے خاندان سے جذباتی طور پر زیادہ منسلک نہیں ہوتے جس کا سبب بچپن میں انہیں نظر انداز کیا جانا ہے۔

    سیکرٹ پاور آف مڈل چلڈرن کی مصنف کیٹرین شومن کا کہنا ہے کہ ’’ یہ حقیقت ہے کہ عموماً والدین کی جانب سے درمیان والے بچے کو نظرانداز کیا جاتا ہے لیکن اس کا انہیں آگے جاکر بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ وہ زیادہ خودمختار ہوتے ہیں ،سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتے ہیں، مشکل حالات میں دباؤ کا سامنا با آسانی کرلیتے ہیں اورہمدرد بھی ہوتے ہیں۔

    اگر آپ کو لگتا ہے کہ درمیان والے بچے دیگر بچوں کی نسبت کسی خصوصی صلاحیت کے حامل نہیں ہوتے تو جان لیجئے کہ امریکا کہ زیادہ تر صدور اپنے گھروں میں درمیان والے بچے تھے۔ اس کے علاوہ بل گیٹس، نیلسن منڈیلا، این ہیتھ وے، وارن بفٹ اور ابراہم لنکن سمیت بہت سی مشہور شخصیات کا شمار بچپن میں درمیان والے بچوں میں ہوتا تھا۔

    تاہم ان خصوصیات کے حامل افراد شاید جلد ہی ماضی کا قصہ بن جائیں کہ دنیا بھر میں بچے پیدا کرنے کی شرح کم ہوتی جارہی ہے ، بڑھتی ہوئی معاشی مشکلا ت کے سبب والدین ایک یا زیادہ سے زیادہ دوبچوں کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ یہ صورت حال صرف مغرب میں نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت سمیت بہت سے ایشیائی ممالک میں دیکھی جاسکتی ہے۔

    اسی رویے کے سبب اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مستقبل میں دنیا میں درمیان والے بچے نہیں رہیں گے جس کے سبب امکان ہے کہ ان خصوصیات کے حامل افراد کا بھی دنیا سے خاتمہ ہوجائے گا جو کہ درمیان والے بچوں میں مخصوص ہوتی ہیں۔

  • آپ کے بہن بھائی آپ کی زندگی پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟

    آپ کے بہن بھائی آپ کی زندگی پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟

    بہن بھائی کا رشتہ ایک ایسا رشتہ ہے جو ساری عمر قائم رہتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے بہن بھائی آپ کی شخصیت اور آپ کی صحت پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ بہن بھائی ایک دوسرے کی زندگی اور صحت پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں۔

    وزن میں کمی یا زیادتی

    ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کھانے پینے کے معاملے میں اپنے بڑے بہن یا بھائی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ اگر وہ زیادہ کھاتے ہوں گے اور نتیجے میں موٹاپے کا شکار ہوں گے، تو قوی امکان ہے کہ آپ بھی ان کی تقلید میں زیادہ کھانے کو اپنا معمول بنا لیں۔

    کردار کی تعمیر

    کہا جاتا ہے کہ بچوں کا نمبر ان کے کردار اور ان کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے۔ مثلاً سب سے پہلا بچہ قدرتی طور پر لیڈر ہوتا ہے اور اس میں رہنمائی کرنے والی خصوصیات ہوتی ہیں۔

    اسی طرح دو بہن بھائی کے درمیان ہونے والے بچے کی کوئی خاص شخصیت نہیں ہوتی اور وہ عموماً زندگی میں کوئی قابل ذکر کام انجام نہیں دے پاتا۔ لیکن سائنس اس کی تصدیق نہیں کرتی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دو بہن بھائی آپس میں کتنے ہی اچھے دوست کیوں نہ ہوں، وہ ہمیشہ اپنی منفرد اور ایک دوسرے سے الگ شناخت بنانا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف شعبوں کا انتخاب کرتے ہیں اور بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ دو بہن بھائی کسی ایک ہی شعبہ میں اپنا کیریئر بنائیں۔

    پہلا استاد

    بڑے بہن یا بھائی زندگی کے ہر شعبہ میں آپ کے پہلے استاد ثابت ہوتے ہیں۔ اسکول کے آغاز سے لے کر، کیریئر، نوکری، شادی غرض ہر پہلو میں یہ اپنے تجربوں سے آپ کو مستفید کریں گے۔

    شادی بچانے میں معاون

    امریکا میں کیے جانے والے مختلف سروے کے مطابق جو لوگ بڑے خاندان یعنی زیادہ افراد والے خاندانوں کا حصہ ہوتے ہیں ان کے ازدواجی رشتوں میں پیچیدگیاں کم ہوتی ہیں اور ان کے درمیان طلاق کی شرح بہت کم ہوتی ہے۔

    ڈپریشن کا خطرہ

    ماہرین کا ماننا ہے کہ ایک گھر میں رہنے والے بہن بھائیوں کے درمیان کئی باتوں پر اختلافات ہوسکتے ہیں جو لڑائی جھگڑوں کا سبب بنتے ہیں۔ یہ جھگڑے آگے چل کر ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔

    خوشیوں کا سبب

    عمرانیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بہن بھائی آپ کی خوشیوں میں اضافے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ بہن بھائیوں سے اچھے تعلقات، خلوص، ہمدردی اور مشکل کے وقت ایک دوسرے کے کام آنے کی خصوصیات خاندان کی خوشیوں کو دوبالا کرتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔