اسلام آباد : بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے مقدمے میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سسر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ آصف محمود نے بہو کو جلا کر جان سے مارنے کے مقدمے میں سسر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل نے مقتولہ کا واقعہ کے بعد کا ویڈیو بیان پیش کیا، ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ خاوند اور سسر نے مل کر خاتون پر پیٹرول پھینک کر آگ لگائی، واقعہ گھریلو رنجش کا نتیجہ تھا۔
خاتون جان بچا کر بھاگنے لگی تو گلی سے گھسیٹ پر دوبارہ تشدد کیا گیا اور کئی گھنٹے بعد اسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک ماہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مقتولہ پمز اسپتال میں دم توڑ گئی۔
وکیل نے ویڈیو بیان کی روشنی میں ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی اور دلائل دیے کہ مقتولہ کا گیارہ سالہ بیٹا ہے، اگر ملزم کو ضمانت دی گئی تو ماں کے بعد بچے کی زندگی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد سسر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے، مقدمے میں مقتولہ کا شوہر اور سسر اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور خاتون کو جلانے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ کرپا میں درج ہے۔