ڈیرہ اسماعیل خان (10 اگست 2025): ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں میں سسرالیوں نے بہو کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتاردیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں بلوٹ میں سسرالیوں کے تشدد سے بہو قتل ہوگئی، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ نے 6 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، ملزم کی ماں اور بھائی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
گزشتہ روز شیخوپورہ کے نواحی گاؤں نوکریاں میں ایسا ہی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں بہو سسرالیوں کے بدترین تشدد کا شکار ہوگئی ساتھ ہی بہن کو لینے آنے والے بھائی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوہر سمیت سسرالیوں نے خاتون کو ڈنڈوں سے تشدد کرتے ہوئے ٹانگیں توڑ دیں، بہن کو لینے آئے بھائی کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور حالت غیر ہونے پر سسرالی خاتون کو چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔
سوشل میڈیا پر خبروائرل ہونے کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ نے نوٹس لیا، پولیس نے متاثرہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں شوہر سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔