Tag: بیت المال

  • حکومت کا سربراہ پاکستان بیت المال کی تعیناتی کا فیصلہ، آصف زرداری کے ترجمان سمیت تین نام شارٹ لسٹ

    حکومت کا سربراہ پاکستان بیت المال کی تعیناتی کا فیصلہ، آصف زرداری کے ترجمان سمیت تین نام شارٹ لسٹ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بیت المال کی سربراہی کے لیے تین ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، کیوں کہ حکومت پی پی کا تجویز کردہ امیدوار ایم ڈی کے طور پر تعینات کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال کے ایم ڈی کے عہدے کے لیے آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ، سندھ سے پیپلز پارٹی کے ایک رہنما اور راولپنڈی سے پارٹی رہنما سمیرا گل کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

    پیپلز پارٹی ایم ڈی کے لیے حتمی نام جلد حکومت کو بھجوائے گی، عامر پراچہ پی ڈی ایم دور حکومت میں بھی ایم ڈی بیت المال رہ چکے ہیں، جب کہ سمیرا گل این اے 55 راولپنڈی سے پی پی کی ٹکٹ ہولڈر رہ چکی ہیں۔

    پی پی ذرائع کے مطابق ایم ڈی کے لیے عامر فدا پراچہ مضبوط امیدوار ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت نے اس سلسلے میں تعیناتی کا اختیار پی پی کو دیا ہے، اور حکومت پی پی کے تجویز کردہ امیدوار ہی کو ایم ڈی تعینات کرے گی۔

  • مالی امداد کے منتظر ہزاروں شہریوں کے لیے بیت المال کی جانب سے بڑی خوشخبری

    مالی امداد کے منتظر ہزاروں شہریوں کے لیے بیت المال کی جانب سے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: مالی امداد کے منتظر شہریوں کے لیے خوش خبری ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال کے فنڈز ریلیز کر دیے۔

    ذرائع بیت المال کے مطابق حکومت نے پاکستان بیت المال کو 2 ارب فنڈز جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد بیت المال میں زیر التوا ہزاروں درخواستوں پر کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے، اور شعبہ صحت اور تعلیم سے متعلقہ درخواستوں پر فنڈز جاری ہونا شروع کر دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے 28 ہزار سے زائد درخواستیں زیر التوا تھیں، جن میں علاج، تعلیمی وظائف، مالی امداد کی ہزاروں درخواستیں شامل ہیں، میڈیکل کیسز کی بھی 13 ہزار سے زائد درخواستیں زیر التوا تھیں۔

    ذرائع پی بی ایم کے مطابق فنڈز کی عدم دستیابی سے کینسر کے سینکڑوں مریض متاثر ہو رہے تھے، کینسر کے مریضوں کی کیمو تھراپی، شعاعیں لگنے کا عمل تعطل کا شکار تھا، کینسر، ڈائیلائسز، امراض قلب، اور جگر کے مریضوں کے چیکس جاری نہیں ہو رہے تھے۔

    فنڈز کے اجرا کے بعد بیت المال کے وفاقی و صوبائی دفاتر کے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہو گئی ہے، جن کی تنخواہیں 2 ماہ سے واجب الادا تھیں۔

  • ایم ڈی بیت المال کا عہدہ آصف زرداری کے ترجمان کو ملنے کا امکان

    ایم ڈی بیت المال کا عہدہ آصف زرداری کے ترجمان کو ملنے کا امکان

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ایم ڈی بیت المال کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ایم ڈی پاکستان بیت المال کا اعزازی عہدہ پیپلز پارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ کو عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر فدا پراچہ آئندہ ہفتے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کے عہدے کا چارج لیں گے۔

    ایم ڈی بیت المال کا عہدہ پی ٹی آئی کے ملک ظہیر کھوکھر کے استعفے سے خالی ہوا تھا، ماضی میں زمرد خان، بیرسٹر عابد وحید شیخ اور سینیٹر عون عباس پبی پاکستان بیت المال کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    عامر فدا پراچہ سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان ہیں، انھیں آصف علی زرداری نے مارچ 2018 میں اپنا ترجمان مقرر کیا تھا۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کھوکھر گزشتہ ماہ مئی میں ایم ڈی بیت المال کے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں، انھیں سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپریل 2021 میں بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر کی پوسٹ پر تعینات کیا تھا۔

  • ’پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی جلد کام شروع کر دے گی، اصولی منظوری دے دی‘

    ’پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی جلد کام شروع کر دے گی، اصولی منظوری دے دی‘

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی جلد کام شروع کر دے گی، اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ محروم طبقات کی فلاح ہمارا فرض ہے اس لیے پناہ گاہوں کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی جلد کام شروع کر دے گی، اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے، شہروں میں لنگر خانے بھی کھولے جا رہے ہیں، ماضی میں کم زور طبقے کو یک سر نظر انداز کیاگیا تھا، سابق حکمرانوں کی ترجیحات نمائشی منصوبے لگانا تھیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کی ضروریات پر توجہ دی، بیت المال کی محروم طبقات کے لیے کاوشیں لائق تحسین ہیں، بیت المال محروم طبقات کے فلاحی منصوبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

    عثمان بزدار نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں بھی پاکستان بیت المال نے گراں قدر اقدامات کیے ہیں، پاکستان بیت المال کو ہر ممکن انتظامی تعاون اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    دریں اثنا، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو فلاحی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

  • حکومت بیت المال کے زریعے یتیم بچوں کی کفالت کے لیے کام کررہی ہے، قاسم خان سوری

    حکومت بیت المال کے زریعے یتیم بچوں کی کفالت کے لیے کام کررہی ہے، قاسم خان سوری

    کوئٹہ : ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ یتیم ونادار اور لاوارث بچوں کے بھی معاشرتی حقوق ہیں، اس سے منہ موڑنا ان کے حقوق کی پامالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے پاکستان بیت المال بلوچستان کے زیر انتظام اسکول کا دورہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اسکول کے بچوں میں گھل مل گئے اور یتیم بچوں کے ساتھ کھانا کھایا۔

    اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے، اس میں معاشرے کے ہر فرد کے حقوق کا خیال رکھا گیا ہے۔

    قاسم سوری نے کہا کہ اللہ پاک نے کسی کو بے یارومددگار نہیں چھوڑا, اللہ تعالیٰ نے ہر ایک کے لیے ایسے اسباب وذرائع مہیا کر دیے ہیں کہ وہ آسانی کے ساتھ اللہ کی زمین پر رہ کر اپنی زندگی کے دن گزار سکے۔

    ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یتیم ونادار اور لاوارث بچوں کے بھی معاشرتی حقوق ہیں، ان کی مکمل کفالت ان کے حقوق کی پاس داری ہے اور اس سے منہ موڑ لینا ان کے حقوق کی پامالی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بیت المال کے زریعے یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم اور روزگار کے دن و رات کام کر رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ اور فلاحی کاموں کے وژن پر اترنے کی حتی الامکان کوششیں کر رہی ہے۔