Tag: بیجنگ

  • چین کا جہاز سے تیز چلنے والی ٹرین بنانے کا فیصلہ

    چین کا جہاز سے تیز چلنے والی ٹرین بنانے کا فیصلہ

    بیجنگ: چین نے جہاز سے تیز چلنے والی ٹرین چلانے کا فیصلہ کرلیا جس کی رفتار 500 میل فی گھنٹہ رکھی جائے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے مختلف شہروں میں جہاز سے تیز چلنے والی ٹرین بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی رفتار 600 سے 800 کلو میٹر کے درمیان 373 سے 497 مائلز پر آور رکھی جائے گی۔

    تیز ترین ٹرین بنانے کا فیصلہ گزشتہ ہفتے چین کے سچوان صوبے میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا گیا اور جہاز سے تیز چلنے والی ٹرین بنانے کی منظوری دی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق تیز رفتار ٹرین بنانے کا مقصد ٹریفک کو اپ ڈیٹ کرنا ہے جس کے ذریعے دور دراز شہروں کے راستوں کو منٹوں میں طے کیا جاسکے گا۔

    چین کے ویسٹرن شہروں چینگدو اور چانگنگ کے درمیان یہ ٹرین چلائی جائے گی جس کی آبادی 50 ملین کے لگ بھگ ہے۔

    واضح رہے کہ چین تیز رفتار کمرشل ٹرین چلانے والا ملک ہے لیکن ملک کے انجینئرز چاہتے ہیں کہ ملک کے شہری اور تیزی سے اپنی منزل کی جانب پہنچ سکیں۔

    انجینئرز کا کہنا ہے کہ ٹرین 2020 میں مکمل کرلی جائے گی اور اس کا پہلا تجربہ 2021 میں کیا جائے گا۔

    انتظامیہ کی جانب سے اس ٹرین کو ’اڑنے والی ٹرین‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی لاگت ایک بلین پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مئی میں چین نے تیز رفتار ٹرین چلانے کا دعویٰ کیا تھا جو 373 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    چائنا ریلوے رولنگ اسٹاک کارپوریشن کی مدد سے تیار کی جانے والے ٹرین کی مکمل پروڈکشن 2021 میں شروع ہوگی جبکہ اسے آزمائشی مراحل سے گزارا جارہا تھا۔

  • اماراتی وزیر خارجہ کی بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات

    اماراتی وزیر خارجہ کی بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات

    بیجنگ:اماراتی وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے چین کے سرکاری دورے کے موقع پر بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب وانگ ڑی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیرخارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کی بیجنگ آمد کا خیرمقدم کیا اور اس دورے کو دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کی فروغ کی کوششوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قراردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں رہ نماؤں کےدرمیان ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، چینی اور اماراتی اقوام میں رابطے بڑھانے، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیمی، سیاحتی اور متبادل توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    چینی اور اماراتی وزراءخارجہ کی ملاقات میں عالمی حالات بالخصوص مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے جمہوریہ چین اور چینی حکومت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعاون جاری رکھنے اور تعلقات کومزید وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی۔

  • ہانگ کانگ میں جھڑپوں کے بعد مظاہرین کا پارلیمنٹ پر قبضہ

    ہانگ کانگ میں جھڑپوں کے بعد مظاہرین کا پارلیمنٹ پر قبضہ

    ہانگ کانگ سٹی: ہانگ کانگ کو چین کے حوالے کرنے کی 22ویں سالگرہ کے موقع پر مظاہرین نے پارلیمنٹ پر دھاوا بولتے ہوئے اس پر قبضہ کرلیا۔ خیال رہے کہ مجرمان کی حوالگی سے متعلق مجوزہ بل کے خلاف ہانگ کانگ میں 3 ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ رات ماسک اور پیلی ٹوپی پہنے نوجوان پولیس سے جھڑپ کے دوران پارلیمنٹ میں گھس آئے جہاں انہوں نے عمارت میں توڑ پھوڑ کی اور اس کی دیواروں پر حکومت مخالف نعرے لکھے۔

    پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کرتے ہوئے عمارت کو گھیرے میں لے کر اس کے مختلف راستوں سے اندر گھسنے کی کوشش کی، آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور لاٹھی چارج بھی کیا جس کی وجہ سے مظاہرین منتشر ہوگئے۔

    مظاہرین کی جانب سے پارلیمنٹ میں برطانوی جھنڈا لہرایا گیا جبکہ دیواروں پر ’ہانگ کانگ، چین نہیں ہے‘ لکھا گیا تھا۔اس سے قبل مظاہرین نے بیجنگ کے حمایت یافتہ حکمرانوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔احتجاجی مظاہرے میں شامل 26 سالہ جوئے کا کہنا تھا کہ ہم نے مارچ کیے، دھرنے دیے مگر حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی، ہمیں اب دکھانا ہوگا کہ ایسا نہیں کہ ہم صرف بیٹھ کر کچھ نہیں کرتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ قانون کی خلاف ورزی ہے مگر ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں مجرمان کی حوالگی سے متعلق پیش کیے گئے قانون کے تحت نیم خود مختار ہانگ کانگ اور چین سمیت خطے کے دیگر علاقوں میں کیس کی مناسبت سے مفرور ملزمان کو حوالے کرنے کے معاہدے کیے جائیں گے۔

    مذکورہ قانون کی مخالفت کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ یہ بِل چینی حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا ہے اور خدشہ ہے کہ بیجنگ اس قانون کو سماجی کارکنان، ناقدین اور دیگر سیاسی مخالفین کی چین حوالگی کے لیے استعمال کرے گا۔دوسری جانب قانون کے حامیوں کا کہنا تھا کہ اس کی مدد سے ہانگ کانگ کو مفرور ملزمان کی پناہ گاہ بننے سے بچایا جاسکے گا۔

  • خاتون منیجر کو ایموجی بھیجنے پر ملازم نوکری سے برخاست

    خاتون منیجر کو ایموجی بھیجنے پر ملازم نوکری سے برخاست

    بیجنگ: چین میں اپنی خاتون منیجر کو ایموجی بھیجنے والے ملازم کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر مختلف قسم کے ایموجیز ہوتے ہیں جو آپ کے موڈ کو ظاہر کرتے ہیں تاہم مرکزی چین میں کمپنی ملازم کو اپنی باس کو ’اوکے‘ ایموجی بھیجنا مہنگا پڑ گیا اور اسے نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    چین کے صوبے چانگشا میں وی چیٹ گروپ پر خاتون منیجر نے گزشتہ ہفتے ملازم کو چند اہم دستاویز بھیجیں جس کے جواب میں اس نے ’اوکے‘ کا ایموجی بنا کر بھیج دیا۔

    ملازم کی جانب سے ایموجی بھیجے جانے پر خاتون منیجر نے اسے نوکری سے برخاست کردیا۔

    خاتون منیجر اور ملازم کے درمیان ہونے والی گفتگو کے میسجز سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ویبو‘ پر وائرل ہوگئے جس پر صارفین کے 280 ملین ویوز آچکے ہیں۔

    کمپنی کی خاتون منیجر نے کہا کہ آپ کو رولز کا پتا نہیں ہے کہ کس طرح لکھ کر جواب دیا جاتا ہے آپ نے ایموجی بنا کر بھیج دی، میں نے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں آپ کو برخاست کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    ملازم کا کہنا تھا کہ میں اس کمپنی میں کافی عرصے سے خدمات انجام دے رہا ہوں، یہ میرے لیے حیرت انگیز ہے کہ تاہم میں نے انہیں مزید کوئی جواب نہیں دیا۔

    رین مین بزنس اسکول کی پروفیسر وینگ لی پنگ نے کہا کہ کسی ملازم کو نوکری سے نکالنے کا یہ صوابدیدی اختیار ہے تاہم چھوٹی کمپنیاں اس طرح کے رولز کو فالو نہیں کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ چین میں اسی طرح کا ایک اور واقعہ سامنے آیا تھا جب ملازم نے آن لائن چیٹ کے دوران سوال کے جواب میں ’ام‘ لکھا تھا۔

  • ماں‌ نے بیٹی کے لیے فلائٹ رکوادی

    ماں‌ نے بیٹی کے لیے فلائٹ رکوادی

    بیجنگ: چین جانے والی ایک پرواز میں سوار خاتون اس وقت جہاز کی روانگی میں تاخیر کا باعث بن گئیں جب ان کی بیٹی ڈیوٹی فری شاپ سے خریداری میں مصروف تھی، خاتون نے جہاز کے دروازے کے سامنے دھرنا دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی خاتون نے بیٹی کی شاپنگ کی وجہ سے پرواز میں تاخیر کرادی، جہاز ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے منزل کی جانب روانہ ہوا۔

    اسپرنگ ایئرویز کے ترجمان کے مطابق مسافر ماں نے جہاز سے باہر دھرنا دے دیا تھا اور اس طرح جہاز کے عملے کے سربراہ کو جہاز کا دروازہ بند کرنے سے روکے رکھا۔

    ترجمان اسپرنگ ایئرویز کے مطابق خاتون کا دعویٰ تھا کہ ان کی بیٹی خریداری کررہی ہے، اس لیے اس نے پولیس سے درخواست کی اس کا انتظار کیا جائے کیونکہ پولیس چیزوں کی تلاشی میں مصروف تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ماں بیٹی کو جہاز میں سوار ہونے کے باوجود جہاز کے عملے اور پولیس کی مداخلت کے بعد جہاز سے اتار دیا گیا جس کے بعد جہاز ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کے سبب منزل کی جانب روانہ ہوا۔

    فضائی کمپنی نے تاخیر کا باعث بننے والے مسافروں کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیرمہذب فعل قرار دیا ہے۔

    اسپرنگ ایئرلائنز کی اسی پرواز سے سفر کرنے والی ایک مسافر خاتون نے سارے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کرلی اور بعدازاں اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا، اس واقعے کو سوشل میڈیا پر دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔

  • ہمیں نسل انسانی کے مستقبل کی فکر ہے، بیجنگ باغبانی نمائش سے چینی صدر کا خطاب

    ہمیں نسل انسانی کے مستقبل کی فکر ہے، بیجنگ باغبانی نمائش سے چینی صدر کا خطاب

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، ہمیں نسل انسانی کے مستقبل کی فکر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں ہارٹی کلچر ایکسپو 2019 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسل انسانی کے مستقبل کی فکر کرنا ہوگی، مشترکہ کوششوں سے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔

    چین کے صدر نے کہا کہ بیجنگ کی خوب صورت بہار تمام شرکا کو خوش آمدید کہتی ہے، اس نمائش کا مقصد کرہ ارض کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔

    صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ہمیں نسل انسانی کے مستقبل کی فکر ہے، دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا انعقاد بھی انتہائی کام یاب رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات و علاقائی امن پر بات چیت کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین جدید دورمیں کام یابی کی عظیم مثال ہے، چین نے ترقی کوفروغ دے کر معاشرے کو تبدیل کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات

    وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات

    بیجنگ: وزیراعظم عمران خان اور چینی صدرشی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات وعلاقائی امن پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ کے گریٹ ہال میں ملاقات کے دوران علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں، دو طرفہ تعلقات اور خطے کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرریلوے شیخ رشید، خزانہ اور تجارت کے مشیروں نے بھی شرکت کی۔

    چین جدید دورمیں کامیابی کی عظیم مثال ہے، عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں گول میزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین جدید دورمیں کامیابی کی عظیم مثال ہے، چین نے ترقی کوفروغ دے کرمعاشرے کوتبدیل کر دیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک ارب لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا گیا، یہ تبدیلی چینی قیادت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا نظریہ پیش کیا ہے، منصوبہ معاشی استحکام اورعوامی رابطے کی رکاوٹیں توڑسکے گا، معیشت کی مضبوطی اورعوامی خوشحالی کے لیے منصوبہ شاندار ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب کی ملاقات

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب ابی احمد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی سائیڈ لائن پر وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب ابی احمد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر غور آئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آپس میں سیاسی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کی تجویز دی جبکہ دونوں ممالک کا متواتر اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق ہوا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے رہا ہے، کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عوامی رابطوں کا تبادلہ ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افریقہ میں امن و استحکام کے لیے کردار جاری رکھے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین جدید دور میں کامیابی کی عظیم مثال ہے، چین نے ترقی کو فروغ دے کر معاشرے کو تبدیل کردیا۔ یہ تبدیلی چینی قیادت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تھا کہ چینی صدر نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا نظریہ پیش کیا ہے، منصوبہ معاشی استحکام اور عوامی رابطے کی رکاوٹیں توڑ سکے گا، معیشت کی مضبوطی اور عوامی خوشحالی کے لیے منصوبہ شاندار ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ چین کا ابتدائی شراکت دار بننا پاکستان کے لیے قابل فخر ہے، دونوں ممالک میں خصوصی اقتصادی زون قائم کیے جا رہے ہیں۔ موٹر وے، ہائی ویز اور ریلوے کا نظام بہتر کیا جا رہا ہے۔

  • وزیراعظم نےعالمی رہنماؤں کو بیلٹ روڈ فورم پر4 تجاویزپیش کردیں

    وزیراعظم نےعالمی رہنماؤں کو بیلٹ روڈ فورم پر4 تجاویزپیش کردیں

    بیجنگ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان مہارت کے ذریعے معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم پر 4 تجاویزپیش کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری مواقع کی معلومات کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ثقافتی روابط بڑھانے ہوں گے، رابطوں کے ذریعے چھوٹے کاروبار اور روزگار میں اضافہ ممکن ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہنرمند افراد کے تبادلے سے اسکل شیئرنگ کا نظام مضبوط ومؤثر ہوگا، فورم سے جڑے ممالک میں تعلیمی اورجدید رابطوں کوبڑھانا ہوگا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ نوجوان مہارت کے ذریعے معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تاریخ میں ثقافت اورتجارت کوآئیڈیازکے ذریعے جوڑا، رابطوں کا فروغ پاکستان کے ورثے کا حصہ رہا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ رابطوں کو21 ویں صدی میں جدید شکل دے رہا ہے، رابطوں کے فروغ سے خطے میں خوشحالی بڑھے گی، امید ہے مشکل مسائل کا آسان حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

    چین جدید دورمیں کامیابی کی عظیم مثال ہے، عمران خان

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے ترقی کو فروغ دے کرمعاشرے کوتبدیل کر دیا، ایک ارب لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا گیا۔

  • ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    بیجنگ : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، حالیہ دوروں سے دوطرفہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔

    یہ بات انہوں نے ملائیشین وزیرخارجہ سیف الدین عبداللہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورہ چین کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔

    دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات بیلٹ اینڈروڈ فورم کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کے ممالک میں کیے گئے حالیہ دوروں سے، دوطرفہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

    ملائشین وزیر خارجہ نے بھی ملائشیا اور پاکستان کے مابین دوطرفہ اقتصادی، سیاسی، تہذیبی اور عوامی سطح پر روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    سیف الدین عبداللہ نے ملائشیا کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہتے ہوئےکہا کہ ملائشیا میں مقیم پاکستانی برادری اپنی انتھک محنت سے ملائشیا کی اقتصادی ترقی میں حتی المقدور کردار ادا کر رہی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے ملائشین ہم منصب سیف الدین عبداللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی،جو انہوں نے قبول کرلی، دورے کی ممکنہ تاریخوں کا تعین دونوں ممالک مشاورت سے طے کریں گے۔