پشاور : خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر علی امین کی سربراہی میں راولپنڈی سے ٹکرائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج راولپنڈی میں احتجاج کرنے جارہی ہے، خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی جانب سے بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے راولپنڈی احتجاج کیلئےتیاریاں مکمل ہیں، علی امین گنڈاپورکی سربراہی میں قافلہ مظاہرےمیں شرکت کرے گا۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام کاٹھاٹھےمارتاسمندرعلی امین کی سربراہی میں راولپنڈی سے ٹکرائے گا، پرامن احتجاج کرنے جارہے ہیں، پولیس گردی کی کوشش نہ کریں، پرامن احتجاج خراب کرنے کی کوشش کی تو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا۔
خیال رہے پی ٹی آئی کی راولپنڈی لیاقت باغ کےباہراحتجاج کی تیاری مکمل ہے، وزیراعلی کے پی کی قیادت میں قافلہ منزل کی جانب گامزن ہے ، ان کا قافلہ ٹول پلازہ پہنچ گیا ، وہ صوابی موٹروےریسٹ ایریا پہنچے۔
لیاقت باغ کے باہر پی ٹی آئی کے مظاہرے کے اعلان پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے اور لیاقت باغ مری روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
میٹرو بس سروس اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے اور مری روڈ سے لیاقت باغ آنے والے راستوں پرکنٹینررکھ دیے گئے ہیں جبکہ دریائے جہلم کے تینوں پل ٹریفک کیلئے بند ہے ، جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ہیں۔