Tag: بیرسٹر علی ظفر

  • اگر کوئی سویلین  آرمی تنصیبات پر حملہ کرے گا تو آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، رہنما پی ٹی آئی

    اگر کوئی سویلین آرمی تنصیبات پر حملہ کرے گا تو آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، رہنما پی ٹی آئی

    لاہور : رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ اگرکوئی سویلین آرمی تنصیبات پر حملہ کرے گا تو آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رہنماپی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہاؤس اور دیگر حساس اداروں پر حملے کی مذمت کرتا ہوں، اس میں جو بھی ملوث ہیں اس کی پوری تحقیقات ہونی چاہیئں۔

    بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ اگرکوئی سویلین، آرمی تنصیبات پر حملہ کرے گا تو آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے، جن لوگوں نے آرمی تنصیبات پر حملہ کیا انکو آرمی ایکٹ کے تحت پکڑا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو بالکل پکڑیں،ہر ایک کافیئرٹرائل دیں، جی ایچ کیو اور جناح ہاؤس پر حملہ کرنا قابل مذمت ہے۔

    خیال رہے نو مئی کو جلاو گھیراو اور ہنگامہ آرائی میں ملوث عناصر کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی جانے سے پارٹی ختم نہیں ہوگی پارٹی ٹکٹ پھر بھی جیتے گ۔

  • تمام الزامات جھوٹے ہیں، الیکشن کمیشن کسی کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل نہیں کرسکتا، وکیل پی ٹی آئی

    تمام الزامات جھوٹے ہیں، الیکشن کمیشن کسی کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل نہیں کرسکتا، وکیل پی ٹی آئی

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے توشہ خانہ کیس پر قانونی مؤقف قوم کے سامنے رکھ دیے، بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ تمام الزامات جھوٹے ہیں، الیکشن کمیشن کسی کو آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نااہل نہیں کرسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے پریس کانفرنس میں توشہ خانہ کیس پر قانونی مؤقف بتاتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے قانون میں ایک شق ہے، وہ شق ہے کہ ہر پارلیمنٹیرین نے اپنے اثاثے ڈکلیئرڈ کرنا ہوتے ہیں۔

    علی ظفر نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے کچھ ایم این ایزنےعمران خان کیخلاف الزام لگایا، الزام میں کہا گیا عمران خان نے توشہ خانہ سے تحائف لئے اور ڈکلیئرڈ نہیں کیا، دوسرا الزام لگایا تحائف کے بدلے پیسے دینے ہوتے ہیں وہ بھی نہیں دیے، تیسرا الزام لگایا ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان صادق امین نہیں رہے تا حیات نااہل کیا جائے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ جب اسپیکر کے پاس گیا تو انہوں نے عمران خان کو بلائے بغیر الیکشن کمیشن کے پاس بھیج دیا، ہم نے چالان پیش کیا کہ ہرتحفے کے قانون کے مطابق پیسے دئیے گئے، کہا گیا کہ جن تحائف کے پیسے دیےانہیں اثاثوں میں ڈکلیئرڈ نہیں کیا ، اس کا ثبوت بھی ہم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پیش کیا۔

    انھوں نے بتایا کہ کیس میں انکم ٹیکس ریٹرن اور چالان فائل کے ذریعے ہم ثابت کر چکے ہیں، ہم نے کسی قسم کی مس ڈکلیئریشن نہیں کی ،الزامات جھوٹے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدالت فیصلہ کرتی ہے کہ کوئی پارلیمنٹیرین صادق وامین نہیں تو پھر تاحیات نااہل کیا جاسکتا ہے، عدالت یہ فیصلہ نہیں کرتی تو پھر کوئی انسٹیٹیوشن پارلیمنٹیرین کو نااہل قرار نہیں دے سکتی۔

    بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ تو ہے مگرعدالت نہیں ، الیکشن کمیشن کسی کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل نہیں کرسکتا۔

    وکیل پی ٹی آئی نے بتایا کہ کچھ دن قبل چیف جسٹس کی آبزرویشن تھی ڈکلیئریشن صرف عدالت دےسکتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں عمران خان کو صادق اورامین کہا گیا ہے، عدالت کا فیصلہ نہیں تو پھر اسپیکر کو حق نہیں تھا کہ الیکشن کمیشن کو کارروائی کا کہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میری نظر میں آج 2 بجے جو فیصلہ آئے گا وہ اسی قانون کے مطابق آنا ہے، الیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ کے تحت 120 دن کے اندر کارروائی کرسکتا ہے۔

    علی ظفر نے بتایا کہ خان صاحب کےخلاف الزام لگا کہ 2018 میں اثاثے ڈکلیئرڈ نہیں کیے، میں نے بتایا کہ خان صاحب نے اثاثے ڈکلیئرڈ کیے تھے ، ہم نے الیکشن کمیشن کے سامنے قانونی مؤقف پیش کیے تھے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ حقیقت یہ ہے توشہ خانہ رولز کے مطابق 25 فیصد ادا کرکے تحفہ لے لیں، جب سے توشہ خانہ رولز بنے ہر  وزیراعظم ، صدر اور چیف منسٹر تحائف خریدتے رہے، جب پی ٹی آئی حکومت آئی تو ہم نے کہا کم از کم قیمت 50 فیصد ہونی چاہئے، نئے رولز کے مطابق عمران خان نے تمام تحائف کی قیمت ادا کی تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لئے وہ نااہل کی ڈکلیریشن نہیں دے سکتا۔

  • عمران خان کے خلاف مقدمات کا قانونی طور پر سامنا کریں گے، بیرسٹرعلی ظفر

    عمران خان کے خلاف مقدمات کا قانونی طور پر سامنا کریں گے، بیرسٹرعلی ظفر

    لاہور : بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ، عمران خان کے خلاف مقدمات کاقانونی طور پر سامنا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات کاقانونی طور پر سامنا کریں گے۔

    بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مقدمات خارج کرانے کے لیے عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا ، ہم مقدمات کی عدالتوں میں جنگ لڑیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ، عمران خان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیےگئے، جلد ان مقدمات کی عبوری ضمانتیں دائر کریں گے۔

    گذشتہ روز عمران خان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کو ڈرایا دھمکایا آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دی عمران خان نےتقریرمیں کہاتمہارےاوپرکیس کرناہے مجسٹریٹ صاحبہ آپ تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ایکشن لیں گے آپ سب کو شرم آنی چاہیے۔

    متن کے مطابق عمران خان کے ان الفاظ اورتقریر مقصد پولیس کے اعلی حکام اورعدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا، عمران خان کے اس انداز اورڈیزائن میں کی گئی تقریر سے پولیس حکام،عدلیہ اورعوام میں خوف و ہراس پھیلا۔

  • بیرسٹر علی ظفر کی تحریک انصاف میں شمولیت

    بیرسٹر علی ظفر کی تحریک انصاف میں شمولیت

    اسلام آباد: سابق نگراں وزیر قانون اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر بیرسٹر سید علی ظفر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادرکے مطابق سابق نگراں حکومت میں بطور وزیر قانون امور انجام دینے والے بیسٹر سید علی ظفر نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    بیرسٹر علی ظفر نے بطور وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کی تعریف کی اور تحریک انصاف کی حکومتی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی خواہش بھی ظاہر کی۔ دورانِ ملاقات سید علی ظفر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جس پر وزیراعظم عمران خان نے اُن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت مکمل ہونے کے بعد 90 روز کے لیے آئین کے مطابق نگراں حکومت قائم کی گئی تھی جس میں سینئر قانون دان بیرسٹر علی ظفر نے بطور وفاقی وزیر ذمہ داری سرانجام دی تھیں۔

     واضح رہے کہ بیرسٹر علی ظفر ملک کے نمایاں ماہر قانون ہیں جو صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن بھی رہ چکے ہیں، انہیں سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کیس میں عدالتی معاون بھی مقرر کیا تھا۔

    سید علی ظفر قانونی ماہرین میں الگ شناخت رکھتے ہیں جو ممتاز ماہر قانون ایس ایم ظفر کے صاحبزادے ہیں۔

  • فیض آباد دھرنا کیس میں اب تک کوئی پٹیشن دائر نہیں کی، بیرسٹرعلی ظفر

    فیض آباد دھرنا کیس میں اب تک کوئی پٹیشن دائر نہیں کی، بیرسٹرعلی ظفر

    اسلام آباد: بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ فیض آباد دھرنا کیس میں اب تک کوئی پٹیشن دائر نہیں کی گئی ہے، کچھ اخبارات، چینلز نے اس سلسلے میں غلط خبر نشر کی۔

    تفصیلات کے مطابق بیرسٹرعلی ظفر نے فیض آباد دھرنا کیس میں دائر پٹیشن کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ اخبارات، چینلز نے اس سلسلے میں غلط خبر نشر کی، بعض اخبارات نے کسی دوسری پٹیشن کو مجھ سے منسوب کیا۔

    بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ 18 صفحات پر مشتمل میڈیا پر چلنے والی پٹیشن سے تعلق نہیں ہے، میری پٹیشن تین سے چار صفحات پر مشتمل ہے جو آئندہ ہفتے دائر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جب بھی کوئی پٹیشن دائر کی جائے گی کاپی فراہم کردوں گا۔

    مزید پڑھیں: فیض آباد دھرنا: خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا پر خبر نشر ہوئی تھی کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستیں دائر کردیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایم کیو ایم نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ عدالتی فیصلہ آئین کی شقوں 10 اے، 25-5-4 کی خلاف ورزی ہے، فیض آباد دھرنا کیس کا پیراگراف 22 قانون کے خلاف ہے، پیرگراف 23 اور 24 مفروضوں کی بنیاد پر ہے۔

    اسی طرح پی ٹی آئی کے حوالے سے میڈیا پر خبر نشر ہوئی تھی کہ تحریک انصاف نے درخواست میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں فیض آباد دھرنا کا موازنا 2014 کے پی ٹی آئی دھرنے کے ساتھ کیا ہے، سپریم کورٹ 6 فروری 2019 کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

  • موجودہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر سب سے زیادہ طاقتور ہے، بیرسٹر علی ظفر

    موجودہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر سب سے زیادہ طاقتور ہے، بیرسٹر علی ظفر

    لاہور: نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر سب سے زیادہ طاقتور ہے، الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ووٹر بہتر جانتا ہے کہ اس نے ووٹ کس کو دینا ہے، نگراں حکومت غیر جانبدار انداز میں ذمہ داریاں ادا کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کررہے ہیں، تین سال کی محنت سے الیکشن ایکٹ 2017 منظور کرایا گیا، نگراں حکومت طویل مدتی فیصلے نہیں کرسکتی، الیکشن نتائج کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

    نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج کو آئین کے تحت طلب کیا گیا، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ ہونے سے بچانے کے لیے اقدامات کیے۔

    واضح رہے کہ بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپ کو غیرجانبدار رکھنا ہے، سرکاری ٹی وی پر تمام پارٹیوں کو یکساں وقت دیا جارہا ہے، عوام اپنے آئینی حقوق کا صحیح اور بھرپور استعمال کریں، وقت آگیا ہے کہ ووٹرز کو بھی ایجوکیٹ کیا جائے، میڈیا بھی شفاف انتخابات کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرانا ہے ، نیب کی ٹیم سزا یافتہ افراد کی گرفتاری کےلئے سرگرم ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نوازشریف اورمریم نواز کو طیارے ہی میں گرفتار کر لیا جائے گا: نگراں وزیر اطلاعات

    نوازشریف اورمریم نواز کو طیارے ہی میں گرفتار کر لیا جائے گا: نگراں وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹرعلی ظفر نے کہا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ کے باہر کسی کو امن وامان خراب نہیں کرنے دیں گے. 

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ کی حدود میں سیکیورٹی کے تمام اقدامات کریں گے.

    بیرسٹرعلی ظفرنے کہا کہ لندن سے پاکستان آنے والی پرواز، جس میں‌ نوازشریف سفر کر رہے ہیں، وہ لاہور ہی اترے گی، عدالتی حکم پرعمل درآمد کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ قانون ہرشخص پرلاگو ہے، نوازشریف اورمریم نوازکی گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق عمل ہوگا.

    نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت امن وامان سے متعلق تمام اقدامات کررہی ہوگی، قیام امن حکومت کی ذمہ داری ہے، نوازشریف اورمریم نوازکو قانون کے مطابق ایئرپورٹ ہی پر، طیارے میں گرفتار کیا جائے۔

    بیرسٹرعلی ظفر نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت امن کا قیام یقینی بنائے گی، عدالت کا فیصلہ ہے، اس پر ہر صورت عمل درآمد کیا جائے گا۔


    نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • الیکشن بروقت ہوگا اورشفاف ہوگا: وزیر قانون و اطلاعات

    الیکشن بروقت ہوگا اورشفاف ہوگا: وزیر قانون و اطلاعات

    اسلام آباد: وزیر قانون واطلاعات بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا ہے کہ الیکشن بروقت ہوگا اورایسا شفاف ہوگا، جو پہلے نہیں ہوا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ صاف اور واضح ہے، الیکشن بروقت ہوگا.

    انھوں نے کہا کہ الیکشن میں تاخیرنہیں ہوگی، سیاسی جماعتیں انتخابی مہم پرتوجہ دیں، ہرسیاسی جماعت کی انتخابی مہم سے الیکشن کاماحول بنتا ہے.

    بیرسٹرعلی ظفر کے مطابق سرکاری ٹی وی پر ہرسیاسی جماعت کو برابر وقت دیا جارہا ہے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی.

    ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مصروف ہے، سویلین سائیڈ  پر تعلیم دہشت گردی کامقابلہ کرسکتی ہے

    بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہنرمندبچوں کو دیکھ کرخوشی ہوئی، تعلیمی محکموں کو اسٹریم لائن کی ضرورت ہے، ہائرایجوکیشن وفاقی حکومت کے پاس ہوگی، امید ہے کہ پارلیمنٹ اس معاملے پر قانون سازی کرے گی.

    ان کا کہنا تھا کہ فاٹا ضم ہو چکا ہے، فاٹا کے پی کا حصہ ہے، فاٹا کے عوام پر کے پی اور وفاق کا قانون لاگو ہو چکا ہے، آئینی شق کے مطابق فاٹا کے صوبائی انتخابات ایک سال بعد ہوں گے.

    بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ نظام کے لاگو ہونے میں وقت لگتا ہے، فاٹا میں بھی جلد انتخاب ہونے چاہیے، البتہ فاٹا کے صوبائی الیکشن 25 جولائی کوممکن نہیں.


    عدالت کمیشن بناسکتی ہے، کوئی افسوس نہ کرے، بیرسٹرعلی ظفر


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔