Tag: بیروت ایئرپورٹ

  • ایرانی طیارے کی آمد، اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول ہیک کر لیا

    ایرانی طیارے کی آمد، اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول ہیک کر لیا

    بیروت: ایرانی طیارے کی آمد پر اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول ہیک کر لیا۔

    انادولو ایجنسی کے مطابق لبنان کے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور کو ہیک کیا، اور ایک ایرانی مسافر طیارے کو لینڈ کرنے کی کوشش کے خلاف دھمکیاں دیں۔

    دھمکیوں کے بعد لبنان میں حکام نے ایرانی طیارے کو ملکی فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا، لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ایرانی مسافر طیارے کو بیروت ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ دی۔

    لبنانی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایئرپورٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ ایرانی طیارے کو لبنان کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روکا جائے، اسرائیلی دھمکیوں کے بعد اگر طیارہ ایئرپورٹ پر اترا تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

    لبنانی وزارت کے ذرائع نے انادولو کو تصدیق کی کہ یہ ہدایت اسرائیلی فوج کے جارحانہ انداز کے بعد جاری کی گئی ہے، دوسری طرف اسرائیل کی جانب سے ان اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

    حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ مارے گئے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    تاہم ہیکنگ کے واقعے سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے خبردار کیا تھا کہ حزب اللہ کو کوئی بھی ہتھیار منتقل کیے جانے کی اجازت نہیں دے گی، چاہے وہ بیروت کے ایئرپورٹ ہی سے کیوں نہ ہو۔

  • بیروت میں 20 منٹ کی طوفانی بارش، بین الاقوامی ایئر پورٹ ڈوب گیا

    بیروت میں 20 منٹ کی طوفانی بارش، بین الاقوامی ایئر پورٹ ڈوب گیا

    بیروت: لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والی موسلادھار بارش سے رفیق حریری بین الاقوامی ایئر پورٹ ڈوب گیا۔

    عرب نیوز کے مطابق بیروت میں منگل کی سہ پہر صرف 20 منٹ کی بارش نے رفیق حریری بین الاقوامی ایئر پورٹ پانی کا تالاب بن گیا۔

    ایئر پورٹ کی سڑکیں اور پارکنگ ایریا جھیل میں تبدیل ہو گیا، ایئر پورٹ کی لابی میں بھی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، کیفے اور ڈیوٹی فری دکانوں میں بھی پانی داخل ہوا، ایئر پورٹ ملازمین وائپر کی مدد سے پانی باہر نکالتے رہے۔

    ایئر پورٹ کے ویدر اسٹیشن نے 20 منٹ میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی، بارش کا پانی اتنا تھا کہ گاڑی کے ٹائر ڈوب گئے تھے اور پانی لوگوں کے گھٹنوں تک آ گیا تھا۔

    واضح رہے کہ یہ لبنان کا واحد کمرشل آپریشنل ایئرپورٹ ہے، لوگوں نے سوشل میڈیا پر بارش کے بعد درپیش صورت حال کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں لوگوں کو اپنا سامان سروں پر رکھے لے جاتے دیکھا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ بارش کی وجہ سے نکاسئ آب سسٹم ناکام ہو گیا تھا۔

  • لبنانی عازمین حج کو رخصت کرنے سعودی سفیر بیروت ایئرپورٹ پہنچ گئے

    لبنانی عازمین حج کو رخصت کرنے سعودی سفیر بیروت ایئرپورٹ پہنچ گئے

    ریاض : حج مبرور کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کو قرآن کریم اور گلاب کے پھول پیش کیے۔

    تفصیلات کےمطابق لبنان میں سعودی سفیر ولید بخاری نے بیروت کے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے لبنانی عازمین حج کے دستوں کو الوادع کیا، اس موقع پر لبنان کے دارالافتاءمیں اسلامی اوقاف کے ڈائریکٹر شیخ محمد انیس اروادی اور متعدد میڈیا پرسنز بھی موجود تھے۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے نشر کردہ بیان میں ولید بخاری نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر مملکت کی اولین ترجیح اللہ کے مہمانوں کی مکمل دیکھ بھال ہے تا کہ ان مہمانوں کو اعلی ترین خدمات فراہم کر کے ان کے لیے فریضہ حج کی ادائیگی کو حتی الامکان آسان بنایا جائے۔

    ولید بخاری کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں سعودی سفارتی مشنوں اور قونصل خانوں نے کامیابی کے ساتھ الکٹرونک ویزوں کا اجرا کیا،یہ پروگرام سعودی عرب کے ویڑن 2030 منصوبے کے ضمن میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

    سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کے امور کو آسان بنانے کے واسطے بھرپور توجہ دینے پر لبنانی وزیراعظم سعد حریری اور دیگر عہدے داران کا شکریہ ادا کیا۔

    ادھر شیخ محمد انیس اروادی نے مملکت کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کے لیے پیش کی جانے والی خدمات اور سہولیات پر خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے تشکر اور ممنونیت کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کے درمیان قرآن کریم کے نسخے اور گلاب کے پھول تقسیم کرتے ہوئے حج مبرور کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔