Tag: بیرون ملک دوروں

  • ‘وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے بیرون ملک دوروں پر 1 ارب 75 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ‘

    ‘وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے بیرون ملک دوروں پر 1 ارب 75 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ‘

    کراچی : قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو اب تک 35 ممالک کے دورے کر چکے ہیں، دوروں پر 1 ارب 75 کروڑ خرچ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے بلاول بھٹو کے دوروں پر تنقید کرتے کہا کہ وزیرخارجہ پاکستان کا دورہ کرکے واپس روانہ ہوگئے ہیں، وہ اب تک 35 ممالک کے دورے کرچکے ہیں، دوروں پر 1 ارب 75 کروڑ خرچ ہوئے ہیں۔

    حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ دوروں کا مقصد اپنی سی وی لیکر نوکری پکی کرنے کی کوشش ہے، کوئی پوچھنے والا ہے عوام کا پیسہ ضایع کیے جارہے ہیں کیا فائدہ ہوا؟

    قائد حزب اختلاف سندھ نے سوال کیا کہ وزیرخارجہ نے یا ان کی وزارت نے ارشد شریف کیس پر کیا کیا؟ کینیا حکام سے یاں سفیر کو بلاکر احتجاج یا جواب طلبی کی؟

    ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف دبئی چھوڑگئے کیا وزارت خارجہ نے دبئی حکومت سے پوچھا ارشد شریف کو ویزا کیوں نہیں دیا گیا؟ وزارت خارجہ ارشد شریف معاملے پر بتائے کیا پیش رفت کرسکے ہیں۔

  • آصف زرداری اور نواز شریف نے بیرون ملک دوروں پر اربوں روپے خرچ کیے، شفقت محمود

    آصف زرداری اور نواز شریف نے بیرون ملک دوروں پر اربوں روپے خرچ کیے، شفقت محمود

    اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے بطور صدر ایک سو چونتیس غیر ملکی دورے کئے جبکہ نواز شریف نے ایک ارب چوراسی کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پرخرچ کیے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری نے بطور صدر ایک سو چونتیس غیر ملکی دورے کئے۔

    آصف زرداری کے دوروں پر ایک ارب بیالیس کروڑ روپےخرچ ہوئے۔ زرداری بطور صدر دبئی اکیاون بار گئے، اڑتالیس دورے ذاتی نوعیت کے تھے۔ دبئی کے دوروں پردس کروڑ روپےخرچ ہوئے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ نوازشریف بطور وزیراعظم دو سو باسٹھ دن ملک سے باہر رہے۔ نوازشریف نے چارسال میں ایک ارب چوراسی کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پرخرچ کیے۔

    نوازشریف نے دوروں کے دوران تقریباً تین کروڑ روپے بطور ٹپ دیئے، چھ کروڑ روپے تحائف پر خرچ کئے۔ نوازشریف نے چارسال میں لندن کے چوبیس دوروں پربائیس کروڑ انتالیس لاکھ روپے خرچ کئے۔

    نوازشریف نے سرکاری خرچ پر لندن کے بیس ذاتی دورے کئے۔ سعودی عرب بارہ مرتبہ گئے، سترہ کروڑ روپے خرچ کئے۔ پی آئی اے کے جہاز کو ان دوروں پر کتنا نقصان ہوا وہ ان میں شامل نہیں۔

    علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے سابق وزیر خواجہ آصف اہم وزارتوں پر براجمان رہنے کے ساتھ ساتھ ایک کمپنی میں بطور ایڈ وائزر بھی کام کرتے تھے اور اس کمپنی سے 15سے 20لاکھ تنخواہ لیتے تھے، خواجہ آصف نے حلف کی پاسداری نہیں کی، کابینہ نے ایف آئی اے کوخواجہ آصف کے معاملے پر تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یوسف گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی کے دوروں کی تفصیلات بھی دینگے۔ عمران خان امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پرامریکا جارہے ہیں۔

    امریکی صدر کی دعوت پرعمران خان امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں رہیں گے، پاکستانی تاریخ میں کبھی کسی نے اتنے کم خرچ میں امریکا کا دورہ نہیں کیا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا سیکیورٹی اسٹاف امریکا میں تھری اسٹار ہوٹل میں رہے گا۔

  • پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر اور فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بھی تبدیلی آگئی، حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، دورے میں ان کی جانب سے مثبت نتائج کیلئے سخت احکامات جاری کیے گئے، سی ای او نے پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کی ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے افسران ادارے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں، کفایت شعاری کیلئے مہمانوں کی خاطر تواضع پر مبنی اخراجات کم کرنے اور شعبہ مارکیٹنگ کے افسران کو روینیو میں اضافہ کی فوری ہدایت کی، اس کے علاوہ سی ای او نے شعبہ مارکیٹنگ کوا یئرلائن کی مالی بہتری کیلئے موثر منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی۔

    ایئرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، اپ گریڈ کرنے والے افسر کی تنخواہوں سے ٹکٹ میں فرق پر مبنی رقم وصول کی جائے گی۔

    انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں خراب جہازوں کی موجودگی کے بارے میں جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی خراب جہاز ہیں دس دن کے اندر اندر ان کو اڑان کے قابل بنایا جائے، دس روز میں خراب جہازوں کو کارآمد بنانے کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی۔

    سی ای او کی جانب سے کمپنی خرچ (او سی ایس) پر اندرون و بیرونی دوروں پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    سی ای او نے کہا کہ افسران بیرون ملک دوروں پر جانے کے بجائے ویڈیو کانفرنس میں امور کو انجام دیں، ای میل اور اسکائپ بڑھانے کی ہدایت بھی کی، پی آئی اے افسران کی بیرون ملک دوروں پر ادارے کو لاکھوں روپے اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے۔

    انہوں نے شعبہ فلائٹ کیٹرنگ، انجنیئرنگ میں ناقص کارکردگی پر وضاحت طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دے دیا، ارشد ملک نے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • وفاقی وزراء کے بعد سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد

    وفاقی وزراء کے بعد سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد

    اسلام آباد : حکومت نے وفاقی وزراء کے بعد سرکاری افسران کے بھی بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی، اجلاس اور کانفرنسز میں متعلقہ سفارت خانے کے اہلکار شرکت کریں گے، سرکاری حکام دعوت نامے بھی قبول نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک اجلاس اور کانفرنسز میں افسران کے جانے اور ان کے دوروں سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، وفاقی وزراء کے بعد اب سرکاری افسران کے بھی بیرون ملک دوروں کے مزے ختم ہوگئے۔

    حکومت نے وفاقی وزارتوں کے حکام پر معاہدوں کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی، حکم نامے کے مطابق سرکاری حکام اپنی مرضی سے بیرون ملک دوروں کے دعوت نامے قبول نہیں کریں گے۔

    بیرون ملک دوروں سے قبل وزیراعظم آفس اور دفترخارجہ کو تفصیلات سے آگاہ کرنا ہوگا، اس حوالے سے بیرون ملک سفارت خانوں کو مکمل نمائندگی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

    بیرون ملک اجلاس اور کانفرنسز میں متعلقہ سفارت خانے کے اہلکار شرکت کریں گے، سرکاری افسران، حکام بیرون ملک کے بجائے سفارت خانوں کو بریف بھیجیں گے۔

    اس کے علاوہ وزارتوں، ڈویژنز کےحکام بریفنگ کیلئے مطلوبہ مواد بروقت فراہم کریں گے، وزارتوں اور ڈویژنز کو وزیراعظم عمران خان کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور بیرون ملک تعینات سفیروں کو اہم اختیارات سونپ دیئے گئے۔

    وزیر اعظم نے بیرون ملک سفیروں کو حکومتی معاہدوں پر دستخط کا اختیار دے دیا ہے جس کے بعد سفیر متعلقہ ممالک میں حکومتی معاہدوں پر دستخط کر سکیں گے۔