Tag: بیرون ملک سفر

  • بیرون ملک سفر : نان فائلرز بڑی مشکل میں پھنس گئے

    بیرون ملک سفر : نان فائلرز بڑی مشکل میں پھنس گئے

    اسلام آباد : نان فائلرز بڑی مشکل میں پھنس گئے ، اب بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے اور بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور کرلی۔

    چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ نان فائلر کی سمیں بلاک کر رہے ہیں، آئندہ مالی سال سے ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی تجویز کی ہے۔

    امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ 24 لاکھ افراد کی نشاندہی کی جو ریٹرن فائل کرنے کے پابند ہیں، پاور ڈویژن سے نان فائلر کے بجلی، گیس میٹرز کا معاملہ بھی اٹھایا۔

    جس پر انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ نان فائلر پر پینلٹی بڑھا رہے ہیں ، سمز بلاک کریں یا بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔

    سینیٹرفاروق نائیک کا بھی کہنا تھا کہ نان فائلر کو فائلر بنانے کیلئے یہ سب اقدامات کرنے ہوں گے۔

  • سعودی عرب: کیا بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین کی شرط ہے؟

    سعودی عرب: کیا بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین کی شرط ہے؟

    ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے کرونا ویکسین لگانے کی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ بیرون ملک سفر کے لیے کرونا ویکسین کی شرط نہیں ہے۔

    انھوں نے مقامی میڈیا کو بتایا مملکت نے تاحال بیرون ملک سفر کو کرونا ویکسین سے مشروط نہیں کیا ہے، البتہ مستقبل میں کوئی ملک اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب کرتا ہے تو اس کی اطلاع کر دی جائے گی، تاہم سعودی عرب نے ابھی تک ایسا کوئی ضابطہ مقرر نہیں کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کرونا ویکسین کے مراکز میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی بہتر طور پر خدمت کی جا سکے، چناں چہ آئندہ دنوں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ویکسین سینٹر کھولا جائے گا۔

    شاہ سلمان نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت نے کرونا ویکسین کے سلسلے میں ایک صحت ایپ بھی لانچ کی ہے، ترجمان نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے جن لوگوں نے کرونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کی ہے ان کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اہم شخصیات ویکسین لگوا چکے ہیں، آج سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی نیوم شہر میں واقع ویکسی نیشن سینٹر سے کرونا ویکسین لگوا لی۔

  • سعودی عرب: بیرون ملک سفر کی اجازت کب ملے گی؟

    سعودی عرب: بیرون ملک سفر کی اجازت کب ملے گی؟

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ کسی بھی سعودی شہری کو صرف انسانی یا ہنگامی مجبوری پیش آنے کی صورت میں ہی بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ سعودی شہریوں کو کرونا وائرس بحران کے دوران انتہائی مجبوری میں بیرون ملک سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری نئے کرونا وائرس کے بحران اور بین الاقوامی پروازوں پر تا ہدایت ثانی پابندی کے دوران بیرون مملکت صرف ایک صورت میں سفر کرسکتے ہیں کہ اگر کسی کو انسانی یا ہنگامی مجبوری پیش آجائے تو ایسی صورت میں وہ مملکت سے باہر جا سکتا ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مقامی شہری کو ایسی صورت میں مملکت سے باہر جانے کے لیے وزارت داخلہ کو ٹیلی گرام کر کے اجازت حاصل کرنا ہوگی یا وزارت صحت سے 969 پر رابطہ کر کے سفر کی اجازت لینا ہوگی۔

    حکام کے مطابق شفر کے خواہشمند شہری کو اپنی درخواست کے ساتھ انسانی اور ہنگامی مسئلے کے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے دستاویزات منسلک کرنا پڑیں گی۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ صورت میں مبینہ طریقہ کار اپنائے بغیر موجودہ حالات میں کوئی بھی سعودی شہری بیرون ملک نہیں جا سکتا۔

  • متحدہ عرب امارات: شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت

    متحدہ عرب امارات: شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 23 جون سے غیر ملکی سفر شروع ہونے کا امکان ہے، سفر کرنے والوں کو سخت احتیاطی تدابیر کی پابندی کرنی ہوگی۔

    اماراتی نیوز اجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 23 جون سے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ملک سفر کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت کا کہنا ہے کہ منتخب اسٹیشنوں کے لیے سفر کی شرائط کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    اتھارٹی کے مطابق اماراتی شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو ان شرائط اور طریقہ کار کے مطابق مخصوص اسٹیشنوں پر جانے کی اجازت ہوگی۔

    وزارت خارجہ، وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت اور نیشنل اتھارٹی برائے ایمرجنسی اور کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اعلان کردہ شرائط اور طریقہ کار کے مطابق مخصوص مقامات کے سفر کی اجازت دی جائے گی جن کی پابندی کرنا لازم ہوگا۔

    بیان میں کہا گیا کہ یہ شرائط اور ضوابط وزارت صحت کی طرف سے کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کےمطابق جاری کیے جائیں گے۔ حکومت حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مناسب اسٹیشنوں کا اعلان کرے گی جہاں کا سفر محفوظ سمجھا جا سکتا ہے۔

  • وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر قانونو انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نو منتخب وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پہلا حکم جاری کرتے ہوئے محکمے کے افسروں کے بیرون ملک دورے پر پابندی عائد کر دی۔

    سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے بیرسٹر فروغ نسیم کا استقبال کیا اور وزیر قانون و انصاف کو انٹر نیشنل لیگل فرنٹ اور وزارت قانون وانصاف کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے لاء افسروں کی تقرری کا جائزہ لینےکی ہدایات جاری کی اور وفاقی عدالتوں میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

    وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو بیرون ملک سفر کی اجازت مل گئی

    ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو بیرون ملک سفر کی اجازت مل گئی

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر کو بیس دن کے لیے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی.

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما نے عدالت سے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت مانگی تھی.

    ایم کیو ایم کے رہنما کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر رینجرز کے وکیل کی جانب سے مخالفت کی گئی، رینجرز کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہو سکتا ہے وسیم اختر مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے دوبارہ وطن واپس نہ آئیں.

    یاد رہے کہ کراچی کے میئر کے امیدوار اور ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر دہشت گردوں کو سابق وفاقی پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے کلفٹن اور نارتھ ناظم آباد میں علاج اور پناہ فراہم کرنے کا کہا تھا.

    واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے ایم کیو ایم کےرہنما وسیم اختر کی درخواست قبول کرلی اور عدالت نے انہیں مقررہ مدت کے اندر پاکستان واپسی کا حکم دے دیا.