Tag: بیرون ملک پاکستانی

  • اپریل میں ترسیلات زر بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    اپریل میں ترسیلات زر بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 10 ماہ کی 24.2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر سے آپ نے گزشتہ پورے مالی سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ مانا ہے کہ اوور سیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔

    وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اپریل میں ترسیلات زر 2.8 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچیں، رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 24.2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ 10 ماہ کی ترسیلات زر سے آپ نے گزشتہ پورے مالی سال کا ریکارڈ توڑ دیا، نئے پاکستان پر اعتماد کرنے پر اوور سیز پاکستانیوں کا شکریہ۔

  • ترسیلات زر میں اضافہ، اکتوبر میں حجم 2 ارب ڈالر رہا

    ترسیلات زر میں اضافہ، اکتوبر میں حجم 2 ارب ڈالر رہا

    اسلام آباد: رواں برس ماہ اکتوبر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر ستمبر کے مقابلے میں 14 فیصد زائد رہیں، اکتوبر میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اکتوبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر 14.4 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالر رہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا اکتوبر ترسیلات زر کی شرح کم رہی اور اس عرصے کے دوران 1.82 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ترسیلات زر کا حجم 7 ارب 62 کروڑ ڈالر رہا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 22 ارب ڈالر ہوجانے کا امکان ہے۔ ستمبر میں ترسیلات زر میں کمی کے بعد اکتوبر میں ترسیلات میں دوبارہ بہتری آئی ہے۔

    اس سے قبل مالی سال 2019 کے پہلے 11 ماہ (جولائی تا مئی) میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 20190.98 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے گئے جو گزشتہ برس کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 18285.90 ملین ڈالر کے مقابلے میں 10.42 فیصد زیادہ تھے۔

    صرف مئی 2019 ترسیلات زر کی مالیت 2315.74 ملین ڈالر رہی تھی جو اپریل 2019 کے مقابلے میں 30.17 فیصد زائد جبکہ مئی 2018 کے مقابلے میں 28.36 فیصد زائد تھی۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادیں : چیئرمین ایف بی آر کو توہین عدالت کا نوٹس

    بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادیں : چیئرمین ایف بی آر کو توہین عدالت کا نوٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس ثاقب نثار نے بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق رپورٹ جمع نہ کراونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور ممبر انکم ٹیکس کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے20 لوگوں کی تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کرانے کا کہا تھا، ایف بی آر کو یکم نومبر کو تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم ایف بی آر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے، تین دن کے اندر عدالتی نوٹس کا جواب دیا جائے، عدالت نے چیئرمین ایف بی آر اور ممبر انکم ٹیکس کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اس لیے بنائی گئی تھی کہ جلد تحقیقات مکمل ہوں، ڈیڑھ ماہ گزر گیا مگر ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔

    جواب میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ معلومات لے لیں تحقیقات فیلڈ افسران نے کرنی ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے نے تحقیق کر دی مگر آپ نے سرد خانے میں ڈال دی،لوگوں نے ہزاروں جائیدادیں ملک سے باہر بنا لیں، ایف بی آر کی ہمدردیاں ان ہی لوگوں کے ساتھ ہیں، منگل تک ہمیں مکمل تفصیل چاہیے۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے بتایا کہ ممبر ان لینڈ ریونیو حبیب اللہ کو معطل کر رہے ہیں، ہم نے معاملے پر جے آئی ٹی بنائی تھی، عدالت نے ایف بی آر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت13دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • اوورسیزپاکستانی بڑھ چڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ لیں، شاہد آفریدی کا ٹویٹ

    اوورسیزپاکستانی بڑھ چڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ لیں، شاہد آفریدی کا ٹویٹ

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے لیے اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ لیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا، شاہد خان آفریدی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے ملک کی بہتری کے لیے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ وقت بیرون ملک پاکستانیوں کے آگے بڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ لینے کا ہے، ایک ہزار ڈالر صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پانی کے بحران سے متعلق آج قوم سے اہم خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ڈیمز فنڈز میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈیم نہ بنائے گئے، تو 2025 میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، قحط کا خدشہ ہے. ملک کےلئے ڈیم ناگزیر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 90لاکھ بیرون ملک پاکستانی ایک ایک ہزار ڈالر بھیجیں ، بیرون ملک پاکستانیوں نے پیسہ بھیجا تو ڈیمز جلد بننا شروع ہوجائے گا، معاشی صورتحال بھی بہترہوگی، یاد رہے کہ اگر ڈیمز نہ بنائےتواناج اگانےکے لئے بھی پانی نہیں ہوگا۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں نے7ماہ میں11 ارب ڈالرکی ترسیلات بھجوائیں

    بیرون ملک پاکستانیوں نے7ماہ میں11 ارب ڈالرکی ترسیلات بھجوائیں

    کراچی : مالی سال دوہزار سترہ کے پہلے سات ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے گیارہ ارب ڈالر کی ترسیلات وطن بھجوائیں۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال دوہزار سترہ کے پہلے سات مہینوں میں دس ہزار نو سو چھیالیس ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جبکہ گذشتہ برس کی اسی مدت میں گیارہ ہزار ایک سو چوون ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔

    جنوری دوہزار سترہ کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت ایک ہزار چار سو ستاسی ملین ڈالر تھی جو کہ دسمبر دو ہزارسولہ کے مقابلے میں چھ فیصد کم، اورجنوری دوہزار سولہ کے مقابلے میں ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد زیادہ ہے۔