Tag: بیرون ملک پاکستانیوں

  • آرمی چیف کی بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت

    آرمی چیف کی بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت

    واشنگٹن : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دے دی اور کہا بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہ امریکا میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں شرکت کی اور بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔

    آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اور SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

    جنرل عاصم منیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ”امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔’

    آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔

    آخر میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نے افواج کی پاکستان کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں، جس پر آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے لئے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔

  • ایک دن میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 57 ملین ڈالر موصول، بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ قائم کردیا

    ایک دن میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 57 ملین ڈالر موصول، بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ قائم کردیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں ایک دن میں ریکارڈ رقوم بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گذشتہ روز ستاون ملین ڈالرموصول ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں رقوم بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کو خراج تحسین اور اظہار تشکر کیا۔

    شہبازشریف نے کہا کہ ایک دن میں 57 ملین ڈالر بھجوا کر بیرون ملک پاکستانیوں نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، گزشتہ روز ایک دن میں سب سے زیادہ 57 ملین ڈالر اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئے، یہ رقم بیرون ملک پاکستانیوں کی ایک دن میں بھجوائی گئی سب سے زیادہ ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں جمع رقوم کا حجم 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ، ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کی مکمل حمایت اور سرپرستی کررہی ہے، ایک دن میں ریکارڈ رقوم بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    شہبازشریف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کے دل پاکستان کی محبت میں دھڑکتے ہیں اور ہمیشہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور بہتری میں کردارادا کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وعدہ ہے معاشی مشکلات کے بھنور سےنکل کر امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے اور پورا یقین ہے اوورسیزمستقبل میں بھی پاکستان کی مدد پرخلوص جذبے سےکرتے رہیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے موجودہ حکومت متعدد اقدامات کررہی ہے، اوورسیزپاکستانیوں کی کی زندگیوں میں آسانیوں کے لیےکوئی کسراٹھانہیں رکھیں گے۔

  • وزیراعظم  آج بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے2  نئے پروگراموں  کا اعلان کریں گے

    وزیراعظم آج بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے2 نئے پروگراموں کا اعلان کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ’’روشن اپنی کار‘‘پروگرام کا اعلان کریں گے، جس کے تحت اوورسیز پاکستانی کم مارک اپ پرگاڑی حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کریں گے ، جس میں اوورسیزکمیونٹی کیلئے ’’روشن اپنی کار‘‘پروگرام کا اعلان کریں گے جبکہ ’’روشن سماجی خدمت‘‘ پروگرام بھی شروع ہوگا ، وزیراعظم عمران خان کا خطاب صبح 11 بجے نشر کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے سینیٹرفیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالرجمع کرائےگئے، اوورسیزپاکستانیوں نےرقوم7ماہ کی مدت میں پاکستان بھیجیں، اس موقع پر وزیراعظم اووسیزکمیونٹی کیلئےمراعات کا اعلان کریں گے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر کے 170 ممالک سے 120،000 سے زیادہ اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں اور 1 بلین ڈالر سے زیادہ وصول ہوچکے ہیں جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری 646 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے اور آر ڈی اے کے توسط سے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری 1.6ارب ڈالرزتک پہنچ گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہروشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کو مزید تقویت دینے کے لئے آج اوورسیز پاکستانیوں کے لئے 2 نئی منصبوبوں’روشن اپنی کار‘ اور ’روشن سماجی خدمت‘ کا آغاز کیا جارہا ہے۔

    سینیٹرفیصل جاوید نے مزید کہا ’روشن سماجی خدمت‘ کے تحت آر ڈی اے ہولڈرز بینکوں کے پورٹل کے ذریعے بہت آسانی سے چندہ ، زکوٰہ وغیرہ دے سکیں گے جبکہ ’روشن اپنی کار‘‘پروگرام کے تحت اوورسیزپاکستانی کم مارک اپ پرگاڑی حاصل کرسکیں گے اور پاکستانی بینک اوورسیزپاکستانیوں کوگاڑی فوری ڈلیورکریں گے۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں کے ایک لاکھ 58 ہزار اکاؤنٹس اور  556 پراپرٹیز کا سراغ مل گیا

    بیرون ملک پاکستانیوں کے ایک لاکھ 58 ہزار اکاؤنٹس اور 556 پراپرٹیز کا سراغ مل گیا

    اسلام آباد :  ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ایک لاکھ 58 ہزار آف شور اکاؤنٹس اور  556 پراپرٹیز کا سراغ لگا لیا ہے، پاناما لیکس سے 6.5 ارب وصول کیا گیا ۔

    تفصیلات کے مطابق فیض اللہ کاموکاکی زیر صدارت قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس میں ممبر ایف بی آر نے بے نامی قوانین پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا بےنامی قوانین ٹیکس وصولی کے لیے نہیں منی لانڈرنگ روکنے کے لیے نافذ کیے جارہے ہیں۔

    ممبر ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے علیمہ خان کا کیس نہیں نکالا، سپریم کورٹ نے علیمہ خان کےکیس کا از خود نوٹس لیا، سپریم کورٹ کو کسی نے بتایا ہوگااس کیس کو بھی دیکھا جائے۔

    چیئرمین ایف بی آر نے کہا ایک لاکھ 58 ہزار آف شور اکاؤنٹس کی تفصیلات مل چکی ہیں، ان اکاؤنٹس کے مالکان کو عبوری نوٹسز بھجوائے جا رہے ہیں ، 10 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کے آف شور بینک اکاؤنٹس کےخلاف تحقیقات جاری ہیں، ایک آف شور اکاؤنٹ سے 170 ملین ڈالرز کی ریکوری ہوئی ہے۔

    ایک آف شور اکاؤنٹ سے 170 ملین ڈالرز کی ریکوری ہوئی ہے

    بریفنگ میں بتایا گیا دبئی میں پاکستانیوں کی 556 پراپرٹیز کا انکشاف ہوا ہے، دبئی میں 579 افراد کی پراپرٹیز ہیں اور پراپرٹیز کے 400 سے زائد مالکان ٹیکس ایمنسٹی حاصل کرچکے ہیں جبکہ برطانیہ میں پاکستانیوں کی پراپرٹیز کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    چیئرمین قائمہ کمیٹی فیض اللہ کاموکا نے سوال کیا سوئس اکاونٹس کے خلاف تحقیقات نہیں کیں؟ بے نامی اکاونٹس ہمارے لیے بڑا مسئلہ ہے، پاناما لیکس کا بہت شور مچایا گیا، ایف بی آر نے پاناما لیکس کے خلاف کیاکیا؟ پاناما لیکس پر سیاست دانوں کے خلاف بہت کچھ سنا گیا۔

    فیض اللہ کاموکا نے کہا متعلقہ اداروں کو طلب کرکے بریفنگ دی جائے۔

    چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا فنانس بل میں ایف بی آر کو فوری تحقیقات کا اختیار دیا گیا ہے، پاناما لیکس میں 450 سے زائد افراد کے نام تھے ، 291 افراد کی معلومات مل سکی ہیں جبکہ پانامالیکس کے15 کیسوں کےخلاف تحقیقات مکمل کی گئی ہیں۔

    پاناما لیکس سے 6.5 ارب وصول کیا گیا

    ممبر ایف بی آر نے بتایا پاناما لیکس سے 6.5 ارب وصول کیا گیا ، ایف بی آر کو 8 ہزار بے نامی بینک اکاونٹس کا ڈیٹا مل چکا ہے ، ایک کروڑ سےزائد کی ٹرانزیکشن رپورٹ ملنا شروع ہوجائیں گی ، یکم اپریل سےبینکوں کی مشکوک ترسیلات کی رپورٹ ملناشروع ہوگی۔

  • سوئٹزرلینڈ میں بے انتہا پیسہ پڑا ہوا ہے، لوگ وائٹ کالر کرائم کرکے پیسہ لوٹ کر چلے گئے،چیف جسٹس

    سوئٹزرلینڈ میں بے انتہا پیسہ پڑا ہوا ہے، لوگ وائٹ کالر کرائم کرکے پیسہ لوٹ کر چلے گئے،چیف جسٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس کا کہنا ہے سوئٹزرلینڈ میں بے انتہا پیسہ پڑا ہوا ہے، لوگ وائٹ کالر کرائم کرکے پیسہ لوٹ کرچلےگئے، 1992  ایکٹ کے تحت پیسہ باہرگیاان کوبھی سامنےلاناچاہیے۔ اس معاملے کو آگے چلنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے رپورٹ دینی ہے مزید وقت دیا جائے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آپ کو وقت دیتےہیں مگر سوال یہ ہے اکاؤنٹس کا کیا پروٹوکول ہے؟

    چیف جسٹس نے کہا کہ جن لوگوں نے بیرون ملک اکاؤنٹ ظاہر کیے ان کو الگ کردیتےہیں، سوئٹزرلینڈمیں بےانتہاپیسہ پڑا ہوا ہے،لوگ وائٹ کالرکرائم کر کے پیسہ لوٹ کرچلےگئے، اس معاملے کو آگے چلنا چاہیے۔

    ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن نے بتایا کہ 4221 پراپرٹیز کی نشاندہی کرکے رپورٹ جمع کرادی ہے، 4 سے5 لوگ پیسہ ملک سے باہر لے کر گئے، غیرقانونی طریقے سے پیسہ گیا وہ واپس لانا ہوگا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 1992 ایکٹ کے تحت پیسہ باہر گیا، ان کو بھی سامنے لانا چاہیے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں انکشاف کیا کہ ہنڈی کے ذریعے رقم دبئی بھیجی جاتی ہے، دبئی سے رقم قانونی طریقے سے امریکا اور برطانیہ منتقل کی جاتی ہے۔

    ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن نے بتایا دس ہزارڈالر سے کم رقم باہر لے جانے میں کوئی قدغن نہیں، ہم نے 200 ڈالر لے جانے والے کو بھی ڈکلیئر کرنے کی تجویز  دی، جس پر چیف جسٹس نے کہا ایسا ممکن نہیں اور دنیا میں ایسا نہیں ہوتا۔

    بعد ازاں مقدمے کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کی درخواست پر مزید دلائل طلب

    بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کی درخواست پر مزید دلائل طلب

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں درخواست گزار کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مقامی شہری کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ نہ دینے کے حق کو چیلنج کیا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد پندرہ ملین ہے لیکن انہیں پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے ووٹ ڈالنا ان کا حق ہے اور انہیں اس سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن کو اس بارے میں انتظامات کرنے کی ہدایت کی جائے۔

    جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں درخواست گزار کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔

    واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کا انعقاد 25 جولائی کو کیا جائے گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔