Tag: بیرون ملک پھنسے پاکستانی

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے این سی او سی کا بڑا فیصلہ

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے این سی او سی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن لانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، این سی او سی کی ہدایت پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کو بڑھا کر 50 فی صد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کہا گیا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے فلائٹ آپریشن میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اس فیصلے کا اطلاق 15 جولائی 2021 سے ہو گا۔

    این سی او سی کے مطابق اس اضافے سے روزانہ مزید 2500 سے 3000 افراد پاکستان آ سکیں گے، اس سلسلے میں اضافی انتظامات کے لیے ایئر پورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے اندرون ملک ہوائی سفر کے لیے بھی ویکسین لازمی شرط ہوگی، جب کہ عید پر سیاحتی مقامات کے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کی گئیں، اور تمام سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد کے لیے ویکسینیشن لازمی ہوگی۔

    دوسری طرف کرونا ایس او پیز پہ عمل درآمد کے لیے پاکستان آرمی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہیٹ میپس کی مدد سے اسمارٹ لاک ڈاؤنز کا نفاذ جاری رہے گا۔

    این سی او سی نے بھی بتایا کہ پاکستان نے 2 کروڑ سے زائد ویکسین ڈوزز لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے، گزشتہ روز 5 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی، جب کہ یکم جولائی سے اب تک 40 لاکھ سے زائد ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی وطن واپسی سے متعلق بڑا فیصلہ

    بیرون ملک پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی وطن واپسی سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : بلوچستان کے 2ہزارسے زائد محنت کشوں کو فوری وطن واپس لانے کا فیصلہ کرلیا گیا، اس حوالے سے معاون خصوصی زلفی بخاری نے خصوصی فلائٹ آپریشن کے انتظامات کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی وطن واپسی کے آپریشن میں تیزی آگئی، بلوچستان کے 2ہزارسے زائد محنت کشوں کو فوری وطن واپس لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے خصوصی فلائٹ آپریشن کے انتظامات کر لیے، جس کے مطابق ائیر عربیہ کی خصوصی پرواز پاکستانی محنت کشوں کو لے کر آج کوئٹہ پہنچے گی، وزارت خارجہ اور سفارتخانے کے تمام عملے کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے زلفی بخاری سے پھنسے مزدوروں کی جلدواپسی کی درخواست کی تھی، جس پر زلفی بخاری نے ذاتی کوششوں سے بروقت اقدامات مکمل کر لیے۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو جوابی خط میں کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کی محفوظ واپسی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، خصوصی درخواست پر بلوچستان کے شہریوں کی واپسی شروع کردی گئی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ خصوصی چارٹرڈ پرواز آج دبئی سے پاکستان پہنچ رہی ہے، پاکستانی محنت کشوں کی واپسی کو ذاتی طور پر مانیٹر کر رہا ہوں، آخری پاکستانی کی واپسی تک بلا تعطل آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

    کراچی: بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر آ گئی ہے، کرونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی ریلیف فلائٹس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی پروازوں کی بندش کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے ہفتے سے 13 اپریل تک 6 خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے بوئنگ 777 طیاروں کا استعمال کرے گی جس سے 500 کے قریب ہم وطنوں کو واپس وطن پہنچایا جائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اے نے ریلیف فلائٹ سے متعلق شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق 10 اپریل کو روانہ ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ ڈنمارک سے سفارتی عملے سمیت پاکستانی شہریوں کو واپس لائے گا، 11 اپریل کو آذربائجان کے شہر باکو روانہ ہونے والی خصوصی پرواز 125 پاکستانیوں کو واپس لائے گی۔ 11 اپریل ہی کو روانہ ہونے والی پرواز کوالالمپور سے 16 دن سے پھنسے 175 پاکستانی واپس لائے گی، کوالالمپور کی پرواز جاتے ہوئے ملائیشیا اور سنگاپور کے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھی لے کر جائے گی۔

    پی آئی اے کی کراچی سےخصوصی چارٹرپروازیں چلانے کی تیاریاں شروع

    11 اپریل کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز پاکستان سے فرانسیسی شہریوں کو لے کر جائے گی، 12 اپریل کو ریلیف پرواز جاپانی شہری اور ضروری سامان لے کر ٹوکیو روانہ ہوگی، 13 اپریل کو روانہ ہونے والی پرواز تھائی لینڈ میں پھنسے 200 پاکستانیوں کو واپس لائے گی جن میں اداکار و فن کار بھی شامل ہیں جو ایک پاکستانی فلم کی شوٹنگ کے لیے سلسلے میں بنکاک گئے تھے۔

    پی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے افراد جو ان پروازوں پر جانے کے خواہش مند ہوں اور ابھی تک متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ نہ کیا گیا ہو، وہ فوری طور پر پی آئی اے سے رجوع کریں، اور اگلی پروازوں کا انتظار نہ کریں، اس سلسلے میں پی آئی اے کے کال سینٹر یا دفاتر سے رابطہ کیا جائے۔