Tag: بیرون ملک

  • بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے جائی جاسکتی ہے؟ ایف بی آر نے ہدایات جاری کردیں

    بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے جائی جاسکتی ہے؟ ایف بی آر نے ہدایات جاری کردیں

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی نئی جاری کردہ ہدایات کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی اور 10 ہزار سے زائد ڈالر لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ ایف بی آر کے مطابق 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی بیرون ملک لے جانے پر پابندی ہوگی۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 5 سال تک کا بچہ ایک وقت میں ایک ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی لے جا سکتا ہے، بچہ سال میں 6 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی لے جا سکتا ہے۔

    5 سال سے زائد اور 18 سال تک کے مسافر کو ایک وقت میں 5 ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اس عمر کے افراد سال میں 30 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی لے کر سفر کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 10 ہزار ڈالر یا مساوی کرنسی ساتھ لے جا سکتے ہیں جبکہ سال میں 60 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر نے ایکسپورٹ پالیسی اور پروسیجر آرڈر کے تحت 11 اشیا کو ممنوع بھی قرار دیا ہے۔ سونا، چاندی،جواہرات اور سونے کے زیورات لے جانے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح 3 ہزار سے زائد پاکستانی کرنسی، نوادرات، آثار قدیمہ، ملکی مفاد کے خلاف لٹریچر اور قابل اعتراض مواد لے جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    10 ہزار سے زائد ڈالر، نقلی، جعلی اشیا، ٹاکسک کیمیکل یا اجزا، اسلحہ، بارودی مواد (وزارت دفاع کے این او سی کے علاوہ)، ایٹمی، کیمیائی یا تابکاری سے متعلق اشیا بھی ساتھ لے جانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    پالتو کتے بلیوں کو ساتھ لے جانے کے لیے سرٹیفیکیٹ درکار ہوگا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس حوالے سے خصوصی شکایتی سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے رہنما رانامشہود کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام

    مسلم لیگ ن کے رہنما رانامشہود کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام

    کراچی : ایف آئی اے امیگریشن نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کو بیرون ملک جانے سے روک دیا، رانامشہودکو نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث روکاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر رانا مشہود امریکہ جانے کے لیے لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا، روکے جانے پر رانا مشہود اور امیگریشن اہلکاروں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن نے رانا مشہود کو رات دو بجے کئی گھنٹے لاہور ایئر پورٹ پر روکے رکھا، نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے انہیں امریکہ جانے والی پرواز 621 قطر ایئر ویز سے آف لوڈ کیا گیا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے نیب کو رات دو بجے ہی رانا مشہود کی ملک سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کے بارے میں مطلع کر دیا تھا لیکن بار بار رابطہ کر نے کے باوجود نیب کا کوئی بھی افسر رانا مشہود کو لینے ایئرپورٹ نہیں آیا، جس پر امیگریشن حکام نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔

    رانا مشہود کو کہا گیا وہ اپنا نام بلیک لسٹ سے خارج نہیں کراتے اس وقت تک ان کے بیرون ممالک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ایف آئی اے امیگریشن اہلکاروں نے رانا مشہود کو صاف بتا دیا ہے کہ ان سے مت الجھیں نام بلیک لسٹ سے خارج کرائیں اس کے بعد جہاں چاہے جائیں۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ انکے گرفتاری کے وارنٹ جاری نہیں ہوئے اس لیے نیب ان کو گرفتار نہیں کرسکتا۔

    ذرائع کے مطابق نیب رانا مشہود کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کروڑوں روپے کے کرپشن اسیکنڈل کی تحقیقات کر رہا ہے اور رانا مشہود اس سلسلے میں نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں اور نیب کی ہی درخواست پر وزارت داخلہ نے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا۔

    دوسری جانب بیرون ملک روکے جانے پر رانا مشہود نے کہا لاہور ائیرپورٹ پہنچا تو عملے نے جانے سے روکا ، کہا گیانیب کی جانب سے نام بلیک لسٹ کیاگیا ہے، مسلسل پوچھنے پرعملہ لاعلمی کا اظہار کرتا رہا۔

    رانا مشہود کا کہنا تھا نیب سے رابطے اور کیس دریافت کرنے میں پروازروانہ ہوگئی، نیب حکام نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ میں انہیں مطلوب نہیں، نیب نےواضح کیا رانامشہود کلیئر ہیں جانے دیا جائے۔

  • حکومت بیرون ملک سے 530ملین روپے کی غیر قانونی دولت ریکور کرنے میں کامیاب

    حکومت بیرون ملک سے 530ملین روپے کی غیر قانونی دولت ریکور کرنے میں کامیاب

    اسلام آباد : حکومت کا ریکوری یونٹ بیرون ملک سے پانچ سو تیس ملین روپے کی رقم ریکور کرنے میں کامیاب ہوگیا، ریکور کی جانے والی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے غیرقانونی دولت واپس لانےمیں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، وفاقی حکومت کا ریکوری یونٹ پانچ سو تیس ملین روپے کی بڑی رقم ریکور کرنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ مزید ریکوریاں جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے یہ رقم غیر ملکی جائیداد اور غیر ملکی اکاونٹس کی مد میں ریکور کی گئی، اور ریکور کی جانے والی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ہے۔

    سب سے بڑی ریکوری سنگا پور میں آف شور اکاونٹ کی مد میں کی گئی

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے سب سے بڑی ریکوری سنگا پور میں آف شور اکاونٹ کی مد میں کی گئی ، بعض وجوہات کی بنا پرسنگاپور اف شوراکاونٹ کی تفصیلات کوخفیہ رکھاجارہاہے یہ رقم اکاونٹ میں خفیہ طورپر رکھی گئی تھی۔

    ذرائع نے مزید بتایا ریکوری ایف آئی آے، ایف بی آراوردوسرے اداروں کی مدد سے کی گئی ،چند ماہ میں سات ارب روپے سے زائد کی مزید ریکوری کاامکان ہے۔

    بتایاجا رہا ہے کہ چھوٹے پیمانے سے شروع ریکوری میں تیزی لانے کے مزیداقدامات جاری ہے، بیوروکریسی کے تاخیر ی حربوں کے باوجود ریکوری میں تیزی کے لئے قانونی رکاوٹیں دور کرنے پر کام جاری ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے ریکوریوں کے آغاز کو اہم پیشرفت قرار دے دیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نےاسمبلی سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ لوٹی گئی دولت بیرون ملک سےواپس لائیں گے، 6 ہزار سے 28 ہزار قرضہ چڑھانے والوں کا احتساب کریں گے، جو پیسہ قوم پر خرچ ہونا تھا وہ لوگوں کی جیبوں میں گیا، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کریں گے، اپنی قوم سے پیسہ اکٹھا کریں گے تاکہ ہمیں کسی کے آگے جھکنا نہ پڑے۔

    بعد ازاں بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی، وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل تھے۔

  • سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    لاہور : سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ بیرون ملک جانے کیلئے لاہورایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں ایف آئی اے حکام نے انہی بیرون ملک جانے سے روک دیا، وہ بنکاک کے راستے سیئول جا رہے تھے۔

    وسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روکے جانے کا واقعہ رات گیارہ بجے پیش آیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔

    سابق وزیراعظم نے بیرون ملک جانے سے روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا مسلسل عدالتوں میں پیش ہوکر الزامات کا سامنا کررہا ہوں، دفتر خارجہ اور محکمہ داخلہ ان کے بیرون ملک دورے سے آگاہ تھے۔

    ایف آئی اے امیگریشن نے سابق وزیراعظم کےساتھ آنے والے فیصل کریم کنڈی کونہیں روکا، جس کے بعد یوسف رضاگیلانی ائیرپورٹ سےواپس چلے گئے۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ یوسف رضاگیلانی کوروکنابنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ان کے خلاف غیرقانونی اقدام کاازالہ کیاجائے۔

    یاد رہے دسمبر 2018 میں حمزہ شہباز کو ایف آئی اے نے بیرون ملک جانےسے روک دیا تھا اور حمزہ شہباز غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سےآف لوڈ کیا گیا، وہ غیرملکی ایئرلائن کی پروازسے دوحہ جارہے تھے۔

    خیال رہے حکومت کی جانب سے  سابق صدر آصف علی زرداری سمیت متعدد پی پی رہنماؤں کے نام جعلی اکاؤنٹس کیس میں ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے تھے  جبکہ احتساب عدالت میں اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب ریفرنس زیرسماعت ہے۔

  • نواز شریف فروری تک ملک سے باہر چلے جائیں گے، پیپلز پارٹی رہنما کا بڑا دعویٰ

    نواز شریف فروری تک ملک سے باہر چلے جائیں گے، پیپلز پارٹی رہنما کا بڑا دعویٰ

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کواین آراومل گیا ہے ، وہ اسی ماہ ملک سے باہر چلے جائیں گے، نواز شریف اور ان کی صاحبزادی سیاست سے باہر رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا نوازشریف کو این آر او مل چکا ہے، قریبی دوست نے اطلاع دی ہے کہ سابق وزیراعظم کو میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت مل جائےگی اور وہ اسی ماہ بیرون ملک چلےجائیں گے۔

    چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کامعاملہ ہےضمانت ہوگی تو مجھے بھی خوشی ہوگی، نوازشریف اوران کی صاحبزادی سیاست سےباہر اور خاموش رہیں گے۔

    رہنما پی پی نے مزید کہا شہباز شریف کی بھی میڈیکل گراؤنڈ پرضمانت ہوگی، کچھ عرصے بعد وہ بھی باہرچلے جائیں گے۔

    این آر او کے نام پر کوئی عدلیہ کو ہائی جیک نہیں کرسکتا، ہنما تحریک انصاف علی محمد


    دوسری جانب رہنما تحریک انصاف علی محمد نے کہا کہ این آر او کے نام پر کوئی عدلیہ کو ہائی جیک نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ این آراو نہیں ہونے دیں گے، عمران خان این آر او دے کر اپنے وژن سے کیسے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔

    علی محمد کا کہنا تھا کہ جیلوں میں 80،60سال کے اور بھی قیدی ہیں انھیں ضمانت نہیں ملتی، نوازشریف کو صحت کی بنیاد پر ضمانت ملی تو میں سوال اٹھاؤں گا، عدلیہ لیگل گراؤنڈ پر ضمانت دے گی تو اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں ” کان کھول کر سن لیں ایک کو بھی نہیں چھوڑوں گا، قوم سے وعدہ کیا ہے، کوئی این آر او نہیں ہوگا، ان لوگوں نے ملک کو بے دردی سے لوٹا، سمجھ رہے ہیں احتجاج کر کے بلیک میل کرلیں گے۔”

  • پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز تین فروری کو بیرون ملک جائیں گے

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز تین فروری کو بیرون ملک جائیں گے

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ وہ تین فروری کو بیرون ملک جائیں گے جبکہ 12 فروری کو ان کی وطن واپسی ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز  کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کودس دن کے لئے بیرون ملک دورے  سے متعلق آگاہ کردیا گیا ،حمزہ شہباز  تین فروری کو بیرون ملک  جائیں گے اور 12 فروری کو وطن واپس آئیں گے۔

    یاد رہے حمزہ شہباز نے اپنا نام بلیک لسٹ میں شامل کرانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے حمزہ شہباز  کا نام لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے حمزہ شہباز کو 10روز کے لئے بیرون ملک جانےکی اجازت دی تھی اور کہا تھا کہ حمزہ شہباز 10 دن کے بعدواپس آ کر انکوائری کا سامنا کریں ۔

    مزید  پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حمزہ شہباز دس دنوں میں واپس پاکستان آ جائیں گے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کیے تھے اور جواب مانگاتھا۔

    بعد ازاں  وفاقی وزارت داخلہ نے حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا تھا۔

    واضح رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس وقت شریف خاندان کے مختلف افراد کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے، جن میں شہباز شریف کے صاحب زادہ حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے "پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ” کا اجراء 31 جنوری کو ہوگا

    بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے "پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ” کا اجراء 31 جنوری کو ہوگا

    اسلام آباد : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خصوصی اسکیم "پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ” کا اجراء اکتیس جنوری کو کیا جائےگا، جس کے تحت سمندر پار رہنے والے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔

    تفصیلا ت کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بناو سر ٹیفیکٹ کا اجراء رواں ماہ کیا جائےگا ، بانڈز کی مدت تین سال اورپانچ سال ہوگی، تین سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ دوپانچ فیصد جبکہ پانچ سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ سات پانچ فیصد ہوگی۔

    [bs-quote quote=”بانڈز بیک وقت پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں کے لئے جاری کئے جائیں گے،” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ بانڈز بیک وقت پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں کے لئے جاری کئے جائیں گے، پاکستان پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ایسی اسکیم لارہاہے، یہ اوپن اینڈ ٹرانزیکشن ہوگی اور حجم کا تعین سرمایہ کاروں کے رسپانس کے مطابق طے کیا جائےگا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان بچاؤ سرٹیفیکیٹ کے علاوہ حکومت کو مزید عالمی قرض مارکیٹ میں ٹرانزیکشن کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ سرٹیفیکیٹس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے نائی کوپ پر دئے جائیں گے۔

    اس اسکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

    یاد رہے نومبر 2018 میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی تھی، اب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نائیکوپ کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی، دہری شہریت کے حامل پاکستانی پاسپورٹ دکھا کر وطن آسکیں گے۔

    خیال رہے سعودی عرب اور یو اے کی جانب سے ایک ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوچکے ہیں ، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم پندرہ ارب پچیس کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا تھا یو اے ای کی جانب سے تین ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط مل گئی، باقی دوارب ڈالربھی جلد پاکستان کوحاصل ہوجائیں گے، ہ یہ رقم زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل کمی کو روکنے کیلئے دی گئی ہے، یہ رقم امداد نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے، اس پرسالانہ تین فیصد منافع دینا ہوگا۔

  • بیرون ملک پناہ لینے والے سعودیوں کی تعداد میں تین گناہ اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ

    بیرون ملک پناہ لینے والے سعودیوں کی تعداد میں تین گناہ اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ

    ریاض : بیرون ممالک پناہ حاصل کرنے والے سعودی شہریوں کی تعداد 2012 کے مقابلے میں تین گناہ اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پناہ حاصل کرنے والے سعودی عرب کے شہریوں کی تعداد میں پانچ سالوں کے دوران 317 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کا کہنا ہے کہ سنہ 2017 میں 800 سے زائد سعودی شہریوں نے بیرون ممالک میں پناہ اختیار کی جبکہ 2012 میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 200 تھی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کرنے اور سماجی خدمات میں انجام لینے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے انتقامی کارروائیوں سے بچنے کیلئے ریاست سے فرار اختیار کی۔

    مزید پڑھیں : سعودی لڑکی راہف القانون کینیڈا پہنچ گئیں

    خیال رہے کہ سعودی عرب سے فرار اختیار کرکے بیرون ملک پناہ لینے تازہ واقعہ 18 سالہ سعودی دوشیزہ راہف القانون کا ہے، جس نے کینیڈا میں سیاسی پناہ اختیار کی ہے۔

    راہف 7 جنوری کو کویت سے بنکاک پہنچی تھی جہاں اس نے ایئرپورٹ ہوٹل میں خود کو قید کردیا تھا۔ لڑکی کے مطابق ترکِ مذہب کے سبب اسے سعودی عرب میں موت کی سزا ہوسکتی ہے۔

    یاد رہے کہ تھائی لینڈ کے امیگریشن حکام کی جانب سے راہف القانون کو واپس جانے کا کہا گیا تو سعودی لڑکی نے خود کو ایئرپورٹ ہوٹل کے کمرے میں بند کرکے ٹویٹر پر #SaveRaHaf کی مہم شروع کردی تھی۔

    راہف القانون کی ہیش ٹیگ مہم کے بعداقوام متحدہ نے انہیں قانونی طور پر پناہ گزین کا درجہ دے کر کینیڈا سے پناہ دینے کی درخواست کی تھی۔

  • بیرون ملک سے آنے والا 5 موبائل فون لاسکتا ہے، کسٹم حکام

    بیرون ملک سے آنے والا 5 موبائل فون لاسکتا ہے، کسٹم حکام

    اسلام آباد : کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والا  5 موبائل فون لاسکتاہے،  ایک موبائل ڈیوٹی فری ہوگا،4کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی، موبائل فون 30 دن میں رجسٹر نہیں کرایاجاتا تو  10فیصدجرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےآئی ٹی کاروبینہ خالدکی زیرصدارت اجلاس ہوا، کسٹم حکام نے کمیٹی کوموبائل رجسٹریشن کے عمل سے متعلق بریفنگ دی ۔

    کسٹم حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا بیرون ملک سے آنے والا 5 موبائل فون لاسکتاہے، ایک موبائل ڈیوٹی فری ہوگا،4کی کسٹم ڈیوٹی اداکرناہوگی، بیرون ملک سے آنے والے کو 30 دن میں موبائل رجسٹر کرانا ہوں گے، موبائل فون 30 دن میں رجسٹر نہیں کرایا تو 10 فیصد جرمانہ ہوگا۔

    حکام نے مزید بتایا کسٹم نے ایک ماہ میں ایئرپورٹ پر27 ہزارفون رجسٹرکیے، 40 فیصد فون اسمگل ہوکر پاکستان آرہےتھے، ڈی آئی آربی ایس نظام سےموبائل فون اسمگلنگ کاخاتمہ ہوگا۔

    کمیٹی نے سفارش کی موبائل فون رجسٹریشن کی ڈیڈلائن کوبڑھایاجائے۔

    مزید پڑھیں : موبائل رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 جنوری تک توسیع

    یاد رہے چند روز قبل چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ موبائل رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے، رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔

    اس سے قبل گذشتہ سال نومبر میں وفاقی کابینہ نے اسمگل شدہ موبائل فونز کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی تشکیل دی تھی ، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کے مطابق بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے فون لانے والے افراد ہر سال ایک فون بغیر ڈیوٹی کے لاسکیں گے اور مجموعی طور پر ایک سال میں پانچ فون لانے کی اجازت ہوگی تاہم اگر پاکستان میں قیام 30 دن سے زیادہ کا ہو تو ان چار فونز پر کسٹم ڈیوٹی ادا کرنی ہوگی۔

    وزیر مملکت برائے ریونیو کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ نئے اور استعمال شدہ موبائل فون کی درآمد پر پالیسی میں نرمی کی جائے، استعمال شدہ فون کی درآمد پر پابندی اُٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اگر وہ ماڈل پی ٹی اے کے منظور شدہ ہوں اور ان پر کسٹم ڈیوٹی ادا کیے جائیں۔

  • ترک اسپیکر کی بیرون ملک کاروباری سرگرمیاں آشکار کرنے پر خاتون صحافی کو قید کی سزا

    ترک اسپیکر کی بیرون ملک کاروباری سرگرمیاں آشکار کرنے پر خاتون صحافی کو قید کی سزا

    انقرہ : عدالت نے ترکی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ان کے بیٹوں کی غیر قانونی جائیدادیں منظر عام پر لانے کی پاداش میں خاتون صحافی کو توہین کے الزام میں قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول کی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور موجودہ اسپیکر کی توہین سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے اہم شخصیات کی توہین کے الزام میں گرفتار خاتون صحافی بیلین اونکر کو ایک برس سے زائد قید کی سنائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک حکام کی جانب سے بیلین اونکر پر الزام عائد کیا گیا تھا انہوں نے اپنے کالمز اور تحریروں میں سابق ترک وزیر اعظم بنالی یلدرم اور ان کے بیٹوں کی بیرون ملک جائیدادوں اور کاروبار کا پردہ فاش کیا تھا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ترک حکام نے خاتون صحافی پر الزام عائد کیا انہوں نے اپنی تحریروں میں بنالی یلدرم کے بیٹوں پر ٹیکس چوری کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون صحافی بیلین اونکر صحافیوں کی عالمی تنظیم (آئی سی آئی جے) کی رکن بھی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنالی یلدرم 12 جولائی 2018 کو ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوئے تھے جبکہ 2018 تک ترکی کے وزیر اعظم کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    دوسری جانب خاتون صحافی نے عدالتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں، میں نے کسی کی توہین نہیں کی بلکہ حقیقت کو آشکار کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ترکی: ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے پر 6 صحافیوں کو دس سال قید کی سزا

    بیلین اونکر کا کہنا تھا کہ مقدمے کی نوعیت دیکھ کر عدالتی فیصلے کا اندازہ ہوگیا تھا لیکن میں اپیل کورٹ میں مذکورہ فیصلے کے خلاف درخواست دائر کروں گی۔

    خیال رہے کہ صحافیوں کی عالمی تنظیم (آئی سی آئی جے) کی جانب سے ترکی کو صحافیوں و صحافت کےلیے بدترین ملک قرار دیا گیا تھا کیوں گزشتہ سال ترکی حکومت نے 68 صحافیوں کو ناکام ترک فوجی بغاوت میں ملوث ہونے، غداری اور ریاست کے خلاف جرائم پیشہ عناصر کی معاونت کرنے کا الزام لگاکر جیلوں میں قید کردیا تھا۔