Tag: بیرون ملک

  • بیرون ملک جانے والے مسافروں پر اضافی ٹیکس نافذ، ایئر پورٹس پر تلخ کلامی کے واقعات

    بیرون ملک جانے والے مسافروں پر اضافی ٹیکس نافذ، ایئر پورٹس پر تلخ کلامی کے واقعات

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نافذ کیے گئے اضافی ٹیکس کے باعث ایئر پورٹس پر عملے اور بیرون ملک  جانے والے مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بڑھنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر ٹیکس نافذ کر دیا انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور سیکیورٹی کے نام پر ٹیکس کی وصولی سے متعلق پی آئی اے سمیت تمام ایئر لائنز کو ہدایت جاری کردی گئیں۔

    بیرون ملک جانے والے مسافروں سے تین سو اڑسٹھ روپے ٹیکس کی مد میں وصول کئے جائیں گے جس کا نفاذ 15دسمبر2018 سے ہوگیا ہے۔ ائیرپورٹس پر مسافروں سے ٹیکس کی مد میں رقم وصولی پر ائیرلائن عملے اور مسافروں میں تلخ کلامی اور احتجاج کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

    کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹ پر بعض مسافروں نے اضافی ٹیکس کی رقم دینے سے انکار کردیا جس پر ائیرلائن عملے سے تلخ کلامی ہوئی، عملے نے بورڈنگ پاس جاری نہ کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد مسافروں اور عملے کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوئی۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹیکس کی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے120روپے کا اضافہ کیا ہے۔

    دوسری جانب پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لاینز کا کہنا ہے کہ مسافروں نے ایک ایک ماہ پہلے اپنی ٹکٹیں بک کروائی ہوئی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پندرہ دسمبر سے پہلے بک کی گئی ٹکٹوں پر بھی اضافی رقم وصول کی جارہی ہے جس سے ائیرلائن کے عملے کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    مسافر اضافی ٹیکس کی رقم ادا نہیں کررہے جس پر مختلف ائیرپورٹس پر مسافر و عملے کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • کرپشن کیس میں نامزد بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ کو بیرون ملک سفر کی اجازت

    کرپشن کیس میں نامزد بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ کو بیرون ملک سفر کی اجازت

    نئی دہلی : عدالت نے بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ایس پی تیاگی کی آئندہ برس امریکا جانے کی درخواست منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ 73 سالہ ایس پی تیاگی سمیت 9 افراد وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر کرپشن کیس میں نامزد ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وی وی آئی ہیلی کاپٹر کرپشن کیس آج نئی دہلی کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ اور ان کے ایک عزیز سنجیو پیش ہوئے۔

    ایس پی تیاگی اور سنجیو نے عدالت میں آئندہ برس مارچ میں امریکا جانے کی درخواست دائر کی ہوئی تھی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں منی لانڈرنگ سے متعلق متعدد درخواستوں پر سماعت ہوئی جس نے 3 جنوری تک ملتوی کردیا گیا تاہم اگر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بیرون ملک سفر کی مخالفت کرتی ہے تو ممکن ہے عدالت اجازت منسوخ کردے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سی بی آئی نے ستمبر 2017 میں وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر کیس میں چارج شیٹ تیار کی تھی جس میں ایس پی تیاگی اور برطانوی نژاد مسیحی مائیکل ملزمان میں شامل کیے گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاہدے میں رشوت ستانی کیس میں ایس پی تیاگی اور مائیکل کے علاوہ بھی 9 افراد کو چارج شیٹ میں نامزد کیا گیا ہے۔

    واضح  رہے کہ 73 سالہ ایس پی تیاگی بھارتی فضائیہ کے پہلے سربراہ ہیں جنہیں سی بی آئی نے کرپشن اور کرمنل کیس میں نامزد کیا تھا تاہم ایس پی تیاگی نے تمام الزامات کی تردید کی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارتی حکام کی جانب سنہ 2006 اور 2007 میں اعلیٰ عہدیداروں کےلیے ڈھائی سو کروڑ روپوں میں خریدے گئے جس کی رقم برطانوی اور اماراتی بینکوں کے ذریعے منتقل کی گئی تھی۔

  • ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی

    ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی

    لاہور : ایف آئی اے نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی، وہ غیرملکی ایئرلائن کی پروازسے دوحہ جارہے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف پر نیب میں کیس چل ریا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کو ایف آئی اے نے بیرون ملک جانےسے روک دیا اور حمزہ شہباز غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سےآف لوڈ کیا گیا، وہ غیرملکی ایئرلائن کی پروازسے دوحہ جارہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے حکام نے آف لوڈ کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے،حمزہ شہباز شریف کے خلاف نیب میں تحقیقات چل رہی ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق سلمان شہبازبھی اچانک لندن گئے لیکن واپس نہیں آئے جبکہ شہبازشریف کےدامادعلی عمران بھی بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں۔

    حمزہ شہباز کو نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث روکا، ترجمان شریف فیملی


    دوسری جانب ترجمان شریف فیملی کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کوامیگریشن کاؤنٹر پر روکا گیا، ان کو نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث روکا، حمزہ شہباز کسی ادارے یا نیب کو مطلوب نہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے حمزہ شہباز  اور سلمان شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی اور اس ضمن میں وزارت داخلہ کو  مراسلہ ارسال بھی کی گیا تھا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز  اور سلمان شہباز  پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔

    حمزہ شہباز نے گزشتہ پیشی پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔

    شہازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز 28 اکتوبر کو لاہور ایئرپورٹ سے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوگئے تھے۔

    خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر برا جمان شہباز شریف اس وقت مختلف کیسز میں نیب کے زیر حراست ہیں۔

  • صرف متحدہ عرب امارات میں 1115 پاکستانیوں کے اثاثے ہیں، رپورٹ

    صرف متحدہ عرب امارات میں 1115 پاکستانیوں کے اثاثے ہیں، رپورٹ

    اسلام آباد : کس کس پاکستانی نے کتنے کتنے اثاثے بیرون ملک بنا رکھے ہیں، ایف آئی اےنے چونکا دینے والے نئی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صرف یو اےای میں ایک ہزار ایک سو پندرہ پاکستانیوں کےاثاثےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے بیرون ملک اکاؤنٹس اوراثاثوں سے متعلق کیس میں نئی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 1115 پاکستانیوں کے اثاثےہیں، جن میں پنجاب کے338،سندھ 639لو گ شامل ہیں جبکہ اسلام آباد115،بلوچستان کے5اورکےپی کے18لوگ اثاثے رکھتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 1115 میں سے 417افراد نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے، جن میں پنجاب کے117،سندھ کے267، اسلام آباد سے29 افراد شامل ہیں جبکہ 162 افراد نے ایف آئی اے کی تحقیقات میں اثاثے ظاہر کیے، جن میں پنجاب کے 70، سندھ کے 72،اسلام آباد کے 14، بلوچستان کے2 اور کے پی کے 4 افراد شامل ہیں۔

    ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق بیرون ملک اثاثے رکھنے والے77 افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں، جن میں پنجاب سے8 ،سندھ سے 37،اسلام آباد سے 29 ، بلوچستان سے 2 اور کے پی سے ایک شخص شامل ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات میں90افرادنےیواےای میں جائیدادسےلاتعلقی کااظہارکیا، جس میں پنجاب سے 29،سندھ سے57،اسلام آبادسے ایک اور کے پی سے 3 افراد شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق 775 افراد نے ایف آئی اے کے پاس بیان حلفی جمع کرائے، 351افراد کے بیان حلفی آنا باقی ہیں جبکہ رپورٹ میں شکایت کی ہے کہ اٹھارہ افرادتعاون نہیں کررہے، جبکہ ایک مفروراورتریسٹھ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے 35 سیاستدان دبئی میں جائیداد کے مالک نکلے ،رپورٹ

    اس سے قبل 17 نومبر کو بھی ایف آئی اے نے دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا دبئی میں جائیدادیں رکھنےوالے پاکستانیوں کی تعداد895 ہے، تین سو چوہتر نے ایمنسٹی اسکیم کےتحت جائیداد ظاہرکی جبکہ پاکستان کے35 سیاستدان دبئی جائیدادوں کے مالک ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا 69 پاکستانیوں نے سالانہ ٹیکس ریٹرنزمیں دبئی کی جائیدادیں ظاہرکیں جبکہ 72 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادیں تسلیم کرنے سے انکار کیا اور 220 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادوں سےمتعلق بیان حلفی جمع نہیں کرایا۔

  • ڈاکٹرعاصم کوعلاج کےلیے بیرون ملک جانے کی اجازت

    ڈاکٹرعاصم کوعلاج کےلیے بیرون ملک جانے کی اجازت

    کراچی : احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کی جانب سے بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرعاصم بیمار ہیں۔

    ڈاکٹرعاصم حسین نے احتساب عدالت سے درخواست کی کہ انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

    احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ ڈاکٹرعاصم حسین 2 اکتوبر سے 30 اکتوبرتک بیرون ملک اپنا علاج کرواسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پرعدالت کی جانب سے ڈاکٹرعاصم حسین کی میڈیکل رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

    ہاتھ پھیلانا چھوڑیں اور اپنی چیزیں بہتر بنائیں‘ ڈاکٹر عاصم

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ ہاتھ پھیلانا چھوڑیں، اپنی چیزیں بہتر بنائیں، منی بجٹ میں ٹیکس دینے والوں کو مار دیا ہے، ملک میں ٹیکس پیئرز بڑھانے چاہئیے۔

    ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی طور پر تباہ ہوچکا ہے، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جائے، خود پر انحصار کریں، عمران خان آخری آپشن ہیں۔

  • سندھ حکومت معذوربچےکا بیرون ملک علاج کرائے گی‘ مراد علی شاہ

    سندھ حکومت معذوربچےکا بیرون ملک علاج کرائے گی‘ مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہونے والے بچے کا سندھ حکومت بیرون ملک علاج کرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ والدین اور کے الیکٹرک حکام سے ملاقاتیں کیں۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما امتیاز شیخ نے بتایا کہ کے الیکٹرک 25 لاکھ معاوضہ دینے کے لیے تیار تھا، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر معاوضہ 50 لاکھ کرایا۔

    ننھا عمر دونوں بازؤں سےمحروم، غفلت پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک بچے کے باہرعلاج کرانے پرتذبذب کا شکار ہے جس پر انہوں نے کہا کہ یہ کیا بات ہے کہ کے الیکٹرک بچے کا باہر علاج کرانے پرہچکچا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ سندھ حکومت بچے کا بیرون ملک علاج کرائے گی۔

    گورنر سندھ نے 8 سالہ بچے پر بجلی کے تار گرنے کا نوٹس لے لیا

    یاد رہے گزشتہ ماہ 30 اگست کو کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گرگئے تھے ، جس کے باعث بچے کے دونوں بازو ضائع ہوگئے تھے۔

  • بیرون ملک جائیداد کا معاملہ، سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان

    بیرون ملک جائیداد کا معاملہ، سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان

    کراچی: بیرون ملک جائیداد کے معاملے سے متعلق سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان ہوگئے، پولیس،کسٹم اور ایف بی آر افسران کے بیرون ملک اثاثے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کے حلف اٹھانے اور قوم سے پہلے خطاب کے بعد بیرون ملک اثاثے رکھنے والے سرکاری افسران پریشان ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے دبئی، بنکاک، ملائیشیا، امریکا اور برطانیہ میں اثاثے ہیں، سندھ پولیس کے کچھ افسران نے حال ہی میں بیرون ملک سرمایہ کاری کی۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری افسران نے اہلیہ اور اہلخانہ کے ناموں پر بیرون ملک اثاثے بنائے، تاہم اب ان افسران کو اپنے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق شدید تشویش لاحق ہے۔

    برطانیہ میں پاکستانیوں کی غیرمنقولہ جائیدادوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے دور میں 300 افسران کے خلاف انکوائری شروع کی گئی تھی، تین سو افسران کے دبئی میں اثاثوں کاریکارڈ ایف آئی اے نے حاصل کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں او ای سی ڈی معاہدے کے تحت ایف بی آر کو ملنے والی معلومات کے مطابق تقریباً 700 ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی تھی، جنھوں نے ایمنٹسی اسکیم میں اپنی جائیداد ظاہر نہیں کیں لیکن وہ ان جائیداد کے مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ مذکورہ 700 افراد میں سے 350 افراد کی جائیداد دبئی جبکہ 150 سے 200 افراد کی جائیداد برطانیہ میں ہیں، ایف بی آر کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹسزجاری کرکے بیرون ملک جائیداد خریدنے کے ذرائع بتانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

  • عدالت نے سلمان خان کو بیرون ملک سفرکی اجازت دے دی

    عدالت نے سلمان خان کو بیرون ملک سفرکی اجازت دے دی

    جودھ پور: کالے ہرن کے شکار کیس میں عدالت نے سپر اسٹار سلمان خان کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، سلمان خان نےشوٹنگ کیلئےاجازت کی درخواست دی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور کی سیشن عدالت میں سلمان خان کی بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے سلمان خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی۔

    سلمان خان نے شوٹنگ کیلئے اجازت کی درخواست دی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ اداکار کوفلم کی شوٹنگ کے لئے 4 مختلف ممالک جانا ہے اس لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

    خیال رہے کہ اس وقت سلمان خان کئی بڑی فلموں کا حصہ ہیں، جس میں ریس 3، دبنگ 3 اور بھارت شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ عدالت نے 20 سال بعد نایاب ہرن کیس میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی لیکن ضمانت منظور ہونے کے بعد انھیں جودھ پور جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : اداکار سلمان خان کی ضمانت منظور، جیل سے رہا کردیا گیا


    عدالت نے سلمان خان کو بغیر اجازت ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

    واضح رہے 1998 میں سلمان خان سلمان خان کے خلاف نایاب کالےہرن کےشکاراوراسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے جبکہ دیگر افراد اداکار سیف علی خان،اداکارہ تبو اور سونالی باندرے پربطورشریک ملزم مقدمات تھے۔

    سلمان خان پر الزام تھا کہ انیس سو اٹھانوے کی فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے دوران جودھ پور میں نایاب کالے ہرن کا شکار کیا تھا ، شکار کے لئے استعمال ہونے والا اسلحہ بھی غیر قانونی تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سپریم کورٹ کا بیرون ملک بینکوں میں پاکستانیوں کی رقوم پر از خود نوٹس

    سپریم کورٹ کا بیرون ملک بینکوں میں پاکستانیوں کی رقوم پر از خود نوٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ نے بیرون ملک بینکوں میں پاکستانیوں کی رقوم پر از خود نوٹس لے لیا۔ عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ اور ایس ای سی پی سے تفصیلی رپورٹ 2 ہفتے میں طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی دولت بیرون ملک پارک کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔ چیف جسٹس نے بیرون ملک بینکوں میں پاکستانیوں کی رقوم پر از خود نوٹس لے لیا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ خبر ہے کہ کون لوگ ملک سے رقوم لوٹ کر بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں۔ سوئس بینکوں سیمت کہاں کہاں اکاؤنٹس ہیں بتایا جائے۔

    چیف جسٹس نے سوال کیا کہ لوٹی گئی دولت وطن واپس لانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزارت خارجہ اور اسٹیٹ بینک مفاہمتی یادداشتیں اور معاہدے پیش کریں۔

    انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسی رقوم بادی النظر غیر قانونی طریقے سے کمائی جاتی ہیں۔ رقوم کو واپس لانا ہے۔ یہ قومی اثاثہ ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ پانامہ پیپرز پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

    چیف جسٹس نے چیئرمین ایف بی آر کو کہا کہ دبئی، برٹش ورجن آئی لینڈ، اسپین، سوئٹزر لینڈ اور یو کے سے تفصیلات لیں اور خود عدالت میں پیش کریں۔

    انہوں نے ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کو پاناما اور پیراڈائز پیپر پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ چیف جسٹس نے آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی بھی معلومات شیئر کریں۔ کیس کی سماعت 2 ہفتے بعد خصوصی بینچ کرے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عدالت نےکرکٹر شاہ زیب کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

    عدالت نےکرکٹر شاہ زیب کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

    لاہور: پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹر شاہ زیب حسن کو عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن کے کیس کی سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کی۔ سماعت کے آغاز پرشاہ زیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میچ فکسنگ کیس ٹریبونل میں زیر سماعت ہے جس کا ابھی فیصلہ نہیں آیا۔

    انہوں نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت کسی بھی شہری کو شفاف ٹرائل کے بغیر مجرم نہیں قراردیا جا سکتا نہ ہی اس کے خلاف قانون کے برعکس کوئی کاروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

    شاہ زیب کے وکیل نے کہا کہ ٹریبونل کے فیصلے سے قبل ہی پی سی بی کی ایماء پر وزارت داخلہ نے شاہ زیب کا نام غیر قانونی طور پرای سی ایل میں شامل کردیا ہے جبکہ ان کا نام کسی مقدمے میں شامل نہیں مگر نام ای سی ایل میں شامل کرکے باہر جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔


    اسپاٹ فکسنگ: شاہ زیب نے الزامات کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا


    انہوں نے استدعا کی کہ شاہ زیب کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے انگلینڈ جانے کی اجازت دیتے ہوئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب عثمان انور نے عدالت کو بتایا کہ پی سی بی کی درخواست پر کرکٹرز کےخلاف تحقیقات کیں اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اگر شاہ زیب واپسی کی گارنٹی دے تو باہر جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

    پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ شاہ زیب کے خلاف 5 ستمبر سے ٹربیونل بھی کارروائی شروع کر رہا ہے ان کی ٹربیونل میں شمولیت قانونی تقاضا ہے۔

    عدالت نے مشروط طور پر شاہ زیب کو ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ایف آئی اے کو کرکٹر کی رضامندی سے بیرون ملک جانے کی مدت طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ رواں سال 17 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہ زیب حسن کو اسپاٹ فکسنگ اسیکنڈل میں مبینہ طورپر ملوث ہونے پر معطل کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ شاہ زیب حسن سے قبل پی سی بی نے خالد لطیف، شرجیل خان اور محمد عرفان کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پرمعطل کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔