اسلام آباد: پاک بحریہ کی ایوی ایشن بیس صدیق فعال ہوگئی ہے، پی این ایس صدیق سے مکران کے ساحلی اور ملحقہ علاقوں کا دفاع مستحکم اور کمرشل فضائی سرگرمیوں کا آغاز بھی ہوجائے گا۔
پاک بحریہ کی دوسری نیول ایوی ایشن بیس پی این ایس صدیق فعال ہوگئی۔ پی این ایس صدیق کی کمیشننگ کی تقریب میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل آصف سندیلہ مہمان خصوصی تھے۔
ایڈمرل آصف سندیلہ کا کہنا تھا کہ پی این ایس صدیق سے مکران کے ساحلی اور ملحقہ علاقوں کا دفاع مستحکم ہوگا۔ اس کے علاوہ کمرشل فضائی سرگرمیوں کا آغاز بھی کیا جائےگا، جس سے مقامی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پی این ایس صدیق آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم حیثیت رکھتی ہے، ایئر بیس سمندری دہشتگردی کے انسداد اور بحرہندکے اہم راستوں کو محفوظ بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔