Tag: بیل

  • ثنا میر نے لارڈز میں بیل بجا کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا آغاز کیا

    ثنا میر نے لارڈز میں بیل بجا کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا آغاز کیا

    آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی ثنا میر کو ایک اور بڑا اعزاز مل گیا، ڈبلیو ٹی سی فائنل میں دوسرے دن بیل بجا کر کھیل کا آغاز کیا۔

    پاکستان کی قابل فخر بیٹی ثنا میر کو گزشتہ دنوں کرکٹ میں ان کی بہترین خدمات پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، اب ان کی خدمات کے اعترف میں انھیں ایک اور اعزاز سے نوازتے ہوئے لارڈز میں ہونے والے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں دوسرے دن کا آغاز ان سے کروایا گیا۔

    جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فنالے کے دوسرے دن ثنا میر نے تاریخی لارڈز گرائونڈ میں بیل بجا کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچ کا آغاز کیا۔

    کھیل شروع ہونے سے قبل لارڈز میں ویمنز کرکٹ اسٹار ثنا میر گھنٹی بجانے کے دوران مسکراتی نظر آئیں، یہ اعزاز ملنے پر وہ کافی خوش دکھائی دے رہی تھیں۔

    ثنا میر کی جانب سے گھنٹی بجانے کے بعد ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے دونوں ٹیمیں میدان میں آئیں اور دوسرے دن کے کھیل کی شروعات ہوئی۔

    https://urdu.arynews.tv/sana-mir-makes-history-icc-hall-of-fame-induction/

  • وہ گیا بیل ہمارا…

    وہ گیا بیل ہمارا…

    فیس بک اور واٹس ایپ جیسے متعدد مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متحرک پاکستانی عیدِ قرباں پر اپنے جانوروں کی تصاویر اور ان کے ساتھ سیلفی بنا کر شیئر کررہے ہیں جو ایک عام بات ہے، لیکن بعض لوگ دکھاوے اور دوسروں کو مرعوب کرنے کی غرض سے بھی یہ سب کرتے ہیں۔

    شائستہ زریں ؔکی یہ دل چسپ تحریر(منظر کشی) انہی لوگوں سے متعلق ہے۔ اس کے تین کردار دادی اماں، سلیم اور نازو ہیں۔

    نازو:: بھیا! بالکل اپنے جیسا بیل لائیے گا جو….

    دادی اماں:: دفع دُور، نامراد، جب بولے گی الل ٹپ۔ میرا شہزادہ سلیم تجھے قربانی کا جانور لگتا ہے کیا؟

    نازو:: میں نے یہ کب کہا؟ یوں بھی قربانی کا جانور سال میں ایک بار قربان ہوتا ہے۔ بھیا تو آپ کی خاطر دن میں کئی بار اپنی قربانی دیتے ہیں، میں تو بس اتنا کہ رہی تھی کہ بیل لائیے گا جو آپ کی طرح خوبرو ہو اور سیلفی کا شوقین۔ میں نے تو کل سے فیس بک پر شور مچا رکھا ہے کہ ہمارا خوبرو، سیلفی کا شوقین بیل آرہا ہے۔

    سلیم:: تم بھی چلو نازو، بہت مزہ آئے گا۔

    دادی اماں:: باؤلا ہُوا ہے کیا؟ لڑکی ذات ہے اور منڈی میں اگر شرفا آتے ہیں تو بد ذاتوں کی بھی کمی نہیں۔

    نازو:: مجھے معلوم تھا بھیا! مجھے اجازت نہیں ملے گی ہر سال یہی ہوتا ہے۔

    سلیم:: بہنا! تم دل چھوٹا نہ کرو، تم منڈی جاؤ یا نہ جاؤ بیل ہماری مشترکہ پسند ہی سے آئے گا۔

    دادی اماں:: وہ کیسے؟ ذرا میں بھی تو سنوں۔ گھر بیٹھے بیٹھے بنو رانی یہ کمال کیسے دکھائیں گی؟

    نازو:: بیل پسند کرنے سے خریدنے تک کے ایک ایک پل کی ویڈیو بنا کر بھیا مجھ کو واٹس ایپ پر بھیجتے رہیں گے۔ میں بھیا کو اپنی رائے دے دوں گی اور جھٹ وڈیو واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ فیس بک پر بھی لگا دوں گی۔ بیل آنے سے پہلے ہی ہمارے بیل کی شہرت دنیا بھر میں پھیل جائے گی۔ اچھا بھیا اب جائیے بھی۔ جائیں گے تو لائیں گے نا بیل۔

    سلیم:: ہاں بھئی جا رہا ہوں، میرے دوست بھی آگئے اور ہاں تم واٹس ایپ اور فیس بک پر ویڈیو ڈالتی رہنا۔

    دادی اماں:: تین گھنٹے ہو گئے، میرے شہزادے کو گئے۔ جانے کب آئے گا؟ اے… بی نازو معلوم تو کرو کہاں رہ گیا۔

    نازو:: دادی اماں آپ فکر نہ کریں آجائیں گے، منڈی میں رش بھی تو غضب کا ہے۔ بیل تو پسند آ گیا، بس سودا طے کرنا رہ گیا۔ ارے واہ…. دادی اماں مبارک ہو سودا طے ہو گیا۔ ماشاء اللہ پورے دو لاکھ کا ہے، کیسا تندرست ہے۔ یہ دیکھیے کیسے سیلفی لے رہا ہے؟

    دادی اماں:: تم کو مبارک ہو، مجھے تو اپنے دروازے پر بیل کو کھڑے دیکھ کر خوشی ہو گی۔اور ہاں بہت دیر دیدے پھوڑ لیے اب تو بیل بھی مل گیا خیر سے کچھ ہی دیر میں بھائی لے کر بھی آجائے گا۔ موبائل کی جان چھوڑ دو، آتے ہی بھوک بھوک کا شور مچائے گا۔

    نازو:: اور بھوت بن جائے گا بیل کی محبت میں۔

    دادی اماں:: چپ کر نامراد۔ تیری زبان کے آگے تو خندق ہے۔ اللہ نہ کرے کہ میرا شہزادہ بھوت بنے۔ جا کر اپنا کام کرو دیر ہو رہی ہے۔

    نازو:: ناحق آپ لوگ مجھ کو ناز و کہتے ہیں، کیا مجال کہ ایک پل کے لیے بھی کوئی میرے ناز اٹھا لے۔ آج تو ہمارا راجہ بیل آرہا ہے۔ بھیا کے ساتھ مل کر اسے سجاؤں گی۔ اور بازار سلامت دادی اماں…. کھانا بازار سے آ جائے گا۔ آرڈر کر دوں گی۔

    دادی اماں:: مت ماری گئی ہے تیری، بیل کے پیچھے باؤلی ہوگئی ہے۔ کھانا تو گھر میں ہی پکے گا، شاباش میری بچی جلدی سے کھانا تیار کر لے۔

    گلی میں شور مچ رہا ہے، سوزوکی سے بیل اُتارا جا رہا ہے۔ نازو بیل کی ویڈیو بنانے میں مصروف ہے۔ دادی اماں بھی دروازے کی اوٹ سے سارا منظر دیکھتے ہوئے گاہے گاہے… ارے بھیا دیکھ کر، سنبھل کر، یااللہ خیر کے کلمات ادا کرتی جارہی ہیں۔ وہاں موجود بڑوں اور بچوں کے تبصرے بھی مستقل جاری ہیں۔ کیا تگڑا بیل ہے۔ خرانٹ تو بلا کا ہے۔ خوبصورت جانور لایا ہے سلیم۔ ویڈیو بناتی نازو کا جوش و خروش بھی بڑھ رہا ہے۔ بیل سوزوکی سے بڑی مشکل سے اترتا ہے۔ بچوں کیا بڑوں کا بھی جوش و خروش قابلِ دید ہے۔

    دادی اماں:: یا اللہ تیرا شکر ہے، قربانی کے جانور کا پہلا مرحلہ تو بخیر و خوبی طے ہُوا۔

    سلیم:: تھکا دیا اس راجہ بیل نے۔ (یکایک سلیم کا تھکا تھکا لہجہ جو ش و خروش میں تبدیل ہو گیا)…. دیکھا اماں! بیل خاصا خرانٹ ہے نا، اس کے جارحانہ تیور دیکھ کر ہی تو نازو اور میں نے اسے پسند کیا ہے۔ دیکھیے گا کیسا تہلکہ مچاتا ہے۔ محلّے کیا پورے علاقے میں دھاک بیٹھ جائے گی۔

    نازو:: بھیا! دیکھیے ہمارے راجہ کی ویڈیو کے اب تک پانچ ہزار لائیک آچکے ہیں۔

    سلیم:: صرف پانچ ہزار؟ میرے پاس تو دس ہزار لائیک آئے ہیں۔

    دادی اماں:: اے نوج! تم دونوں کو تو موئے بیل کے پیچھے کسی بات کا ہوش ہی نہیں، کیا کھانا پینا، کیا پڑھنا لکھنا، سونا جاگنا….. بس ہر وقت اور اس کی تصویریں اور ویڈیو بنا کر لوگوں کو دکھانا۔ ہر وقت دونوں بھائی بہن کے ہاتھ میں موبائل اور ساتھ میں بیل۔

    نازو:: بقرعید میں دن ہی کتنے ہیں؟ اماں! تفریح کر لینے دیں چند روز کی تو بہار ہے، پھر وہی دن رات کی مصروفیت اور پڑھائی کے جھمیلے۔

    سلیم:: نازو جلدی سے آؤ۔ مشتاق صاحب کے بیل کو ہمارے راجہ نے سینگ مار دی ہے، راجہ بہت اشتعال میں ہے۔

    نازو:: ارے واہ بھائی مزہ آگیا، اگر ویڈیو بنائی ہے تو جلدی سے سینڈ کریں ابھی۔

    دادی اماں:: ارے میرا شہزادہ سلیم صبح سے بھوکا پیاسا خوار ہو رہا ہے۔ کھانے پینے کا ہوش ہی نہیں ابھی کان پکڑتی ہوں۔

    سلیم:: دادی اماں اپنے حجرے سے باہر تو آئیے، ہمارے راجہ کے کان پکڑیے جس کے جلوؤں اور حرکتوں نے سب کو مدہوش کر دیا ہے۔

    دادی اماں:: میں بیل کے کان پکڑوں، ادھر تم دنیا بھر میں ویڈیو بنا کر بھیج دو۔

    سلیم:: زبردست۔ غصے میں اماں نے کیا غضب کا آئیڈیا دیا ہے۔ مما پپا کو بھیجوں گا۔

    دادی اماں:: لو بھئی پکڑ لیے تمہارے راجہ کے کان۔ کیسے کان ہیں یہ میاں؟ ارے…. یہ کیا….. کان میرے ہاتھ میں کیسے آگیا….. ہائے مر گئی یہ تو نقلی کان ہیں۔

    سلیم:: (صدمے کی کیفیت میں تقریباً روتے ہوئے کہتا ہے) میں نے تو اس کی خوبصورتی اور تندرستی دیکھ کر لیا تھا، سوچا تھا ایسا خرانٹ بیل دھوم مچا دے گا۔

    نازو:: (روتے ہوئے) راجہ کی سیلفی لینے کی ادا تو مار ہی گئی تھی۔ پچاس ہزار لائیک آچکے ہیں اب تک۔

    دادی اماں:: قربانی کے جانور کو نمائشی بنانے کا انجام ہے یہ۔ اور اب اس کی قربانی بھی نہیں ہو سکتی۔ جا کے کوئی سستا سا بکرا لے آؤ قربانی کے لیے۔

    سلیم کے راجہ بیل میں نقص ہے، اس کی قربانی نہیں ہوگی۔ بچوں کی تبصرہ کرتی آوازوں میں نازو اور سلیم کی آہ و بکا کی آوازیں بھی شامل ہو گئیں۔

  • بھپرے ہوئے بیل کا خوفناک حملہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    بھپرے ہوئے بیل کا خوفناک حملہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    مشتعل بیل سے جان بچا کر آدمی کھمبے پر چڑھ گیا، آگے کیا ہوا جان کر آپ کا دم نکل جائے گا، اس دل دہلا دینے والی ویڈیو میں بیل ایک شخص پر خطرناک انداز میں حملہ کرتے ہوئے نظر آرہا ہے، جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی حالت بھی ابتر ہوگئی۔

    جانوروں سے متعلق ویڈیوز انٹرنیٹ پر اکثر دیکھی جاتی ہیں، ان میں سے کچھ میں ان کا شرارتی انداز دلوں کو جیت لیتا ہے جب کہ کئی ویڈیوز میں ان کا غصہ دیکھنے کے قابل ہوتاہے، جسے دیکھ کر یقیناً اچھے بھلے پسینے چھوٹ جائیں گے۔

    حال ہی میں ایک ایسی ہی چونکا دینے والی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں ایک غصے میں آنے والا بیل ایک شخص کو دوڑا کر اس کی حالت خراب کر رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیل کے حملے سے بچنے کے لیے وہ شخص کھمبے پر چڑھ گیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kutty Kalaivanan (@kuttykalaivanan)

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر چلنے والا بیل اچانک بھڑک اٹھتا ہے۔ اس دوران غصے سے کانپتا بیل ادھر ادھر بھاگنے لگتا ہے جس کی وجہ سے ایک شخص جان بچا کر بھاگتا بھی نظر آتا ہے۔

    مزید ویڈیو میں بیل اس شخص کے پیچھے گرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ بیل سے بچنے کے لیے وہ شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اس دوران بیل دوسری طرف بھاگنا شروع کر دیتا ہے۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے جسے بہت زیادہ دیکھا اور شیئر کیا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد پسند کر چکے ہیں۔ ویڈیو دیکھنے والے صارفین اس پر مختلف ردعمل دے رہے ہیں۔

  • بیل نے بوڑھے شخص کی جان لے لی، واقعے کی ویڈیو نے تہلکہ مچادیا

    بیل نے بوڑھے شخص کی جان لے لی، واقعے کی ویڈیو نے تہلکہ مچادیا

    جے پور: بھارت میں بیل کے حملہ سے ایک بزرگ سرکاری ٹیچر شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا۔

    یہ واقعہ راجستھان کے کوٹا میں پیش آیا جس میں ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم بیل کے حملے سے شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا۔

    بیل نے اپنی سنگ سے اس قدر شدید حملہ کیا کہ اس بزرگ شخص کے چہرے میں سوراخ ہوگئے اور اس کی آنکھ بھی باہر آگئی، جسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا اس دوران اس موت ہوگئی، اس واقعہ کی سی سی ٹی سی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

    متوفی کے بیٹے نے بتایا کہ والد مہیش چند ایک سرکاری اسکول سے ٹیچر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے تھے، اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے وہ سیر کے لیے گھر سے نکلے تھے لیکن کچھ ہی فاصلے پر بیل نے حملہ کردیا۔

    بیٹے کا کہنا تھا کہ بیل کے حملے کے بعد بھی والد نے بچنے کی کوشش کی، انہوں نے بیل کے دونوں سنگ پکڑلیے لیکن بیل نے انہیں اٹھا کر کہیں دور  پھینک دیا۔

    بیل کے سینگسے ان کا چہرہ بری طرح متاثر ہوا جبکہ  بائیں آنکھ بھی باہر آگئی تھی اور سر پر شدید چوٹ لگنے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    عید قرباں کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ایسے میں بیلوں کی ایک جوڑی نے خریداروں کو حیران کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں یوں تو 1 لاکھ کے قریب جانور موجود ہیں لیکن ان میں دو بیلوں کی جوڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

    پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے لائے گئے بیل شیزی اور شہزادی کا وزن بالترتیب 10 اور ساڑھے 9 من ہے۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان بیلوں کا خاص خیال رکھا ہے اور سارا سال انہیں گھی، بادام اور مکھن کھلاتے رہے ہیں۔

    ان بیلوں کی قیمت 11 لاکھ رکھی گئی ہے جس نے شہریوں کو پریشان بھی کیا ہے تاہم شاندار بیل خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

  • سرخ رنگ دیکھ کر بیل مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    سرخ رنگ دیکھ کر بیل مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    بل فائٹنگ ایک قدیم کھیل ہے جو اسپین، پرتگال، جنوبی فرانس اور میکسیکو وغیرہ میں بہت مقبول ہے، کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ اس میں ایک لحیم شحیم بیل سرخ رنگ کو دیکھ کر اس قدر مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    رومن دور سے اسپین کی تاریخ کا حصہ رہنے والے اس کھیل کو ملکی ثقافت کا اہم جز سمجھا جاتا ہے۔ قدیم ادوار میں یہ مختلف شکلوں میں پایا جاتا تھا تاہم اس کی موجودہ شکل 18 ویں صدی میں منظر عام پر آئی۔

    اس کھیل میں ایک خطرناک قوی الجثہ بیل کو سرخ کپڑا دکھا کر مشتعل کیا جاتا ہے جس کے بعد غصے میں بھرا بیل تنگ کرنے والے شخص کو مارنے کے لیے دیوانہ وار دوڑتا ہے۔

    لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ بیل سرخ رنگ کو دیکھ کر اس قدر مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    آپ کو جان کر حیرانی ہوگی کہ حقیقت میں بیل سرخ رنگ کو دیکھ ہی نہیں سکتا۔ جی ہاں بیل سرخ رنگ کے لیے کلر بلائنڈ ہوتا ہے اور اس کی آنکھیں قدرتی طور پر اس رنگ کو شناخت ہی نہیں کرسکتیں۔

    بیل اور دیگر کئی جانوروں کی آنکھیں صرف 2 رنگوں کے پگمنٹس رکھتی ہیں جو کہ سبز اور نیلا ہیں۔ یعنی یہ جانور صرف انہی دو رنگوں میں تمیز اور ان کی شناخت کرسکتے ہیں۔

    ان دو رنگوں کے علاوہ ہر رنگ بیل کے لیے ایک سا ہوتا ہے۔

    بل فائٹنگ میں بیل کے اشتعال کی وجہ دراصل بل فائٹر کی بھاگ دوڑ اور ڈنڈے پر ٹکے کپڑے کو تاؤ دلانے والے انداز میں بیل کے سامنے لہرانا ہے جس سے بیل جھنجھلاہٹ اور غصے میں اس کے پیچھے دوڑتا ہے۔

    بیل کے لیے سرخ یا کوئی دوسرا رنگ یکساں اہمیت رکھتا ہے تاہم سرخ رنگ کا استعمال خون اور اس کھیل کی خونریزی ظاہر کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے پر قائم بڑی مویشی منڈی میں رواں سال کا سب سے بڑا اور سب سے مہنگا جانور آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں ایک بیل کی قیمت سوا کروڑ روپے لگا دی گئی ہے، پہلی بار منڈی میں اتنا مہنگا جانور فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، مالک نے جانور کا نام بادل رکھ دیا ہے۔

    قربانی کی غرض سے منڈی میں لائے گئے بیل کی قیمت 1 کروڑ روپے سے بھی زائد دیکھ کر منڈی جانے والے حیران رہ گئے ہیں، بڑی تعداد میں شہریوں نے بادل نامی اس بیل کو دیکھنے کے لیے منڈی کا رخ کیا۔

    دوسری حیران کن بات یہ ہے کہ ایک شوقین خریدار نے بادل نامی جانور کی 85 لاکھ روپے کی آفر کر دی ہے، تاہم بادل کا مالک کم قیمت پر اسے فروخت کے لیے تیار نہیں۔

    کراچی مویشی منڈی کی جان سمجھے جانے والے بادل کا وزن ایک ٹن سے زائد ہے، مالک کا کہنا ہے کہ یہ دودھ، مکھن اور اصلی گھی بھی کھاتا ہے۔

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    واضح رہے کہ کراچی کی مویشی منڈی کے اوقات کار مختص کر دیے گئے ہیں، آج سے منڈی شام 7 بجے بند کر دی جائے گی، منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    گزشتہ رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔

  • گھوڑے کی طرح چھلانگ لگانے والی گائے

    گھوڑے کی طرح چھلانگ لگانے والی گائے

    ویلنگٹن: آپ نے مختلف جانوروں کو مختلف اور عجیب و غریب حرکات کرتے تو ضرور دیکھا ہوگا۔ کچھ جانور دوسرے جانوروں کی نقل کرتے ہوئے انہی کی طرح کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    لیکن شاید آپ نے کسی گائے کو گھوڑے کی طرح چھلانگ لگاتے ہوئے نہیں دیکھا ہوگا۔

    نیوزی لینڈ میں ایک 18 سالہ لڑکی ہنا سمپسن نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس کی گائے گھوڑے کی طرح چھلانگ لگاتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں ایک بیل خود کو ’ویرو‘ سمجھنے لگا

    ہنا کی گائے جو براؤن سوئس گائے کہلاتی ہے ویڈیو میں کسی گھوڑے کی طرح درخت کے ٹوٹے ہوئے تنے سے چھلانگ لگاتی دکھائی دے رہی ہے۔

    ہنا کا کہنا ہے کہ یہ گائے اس کے گھر کے فارم پر ہی پیدا ہوئی اور بچپن سے ہنا کے ساتھ اس کی خوب دوستی ہے۔ ہنا شروع سے ہی، جب یہ گائے ایک بچھڑا تھی، اس کی پیٹھ پر سواری کرتی آرہی ہے۔

    ہنا نے بتایا کہ اسے ہمیشہ سے گھوڑے پر سواری کا بہت شوق تھا لیکن اس کے والدین گھوڑا نہیں پال سکتے تھے لہٰذا اس نے اپنی دوست گائے کو ایسی تربیت دی کہ اس پر بیٹھ کر اسے گھوڑے کی سواری کا لطف آنے لگا۔

    ہنا نے بتایا کہ اس نے اپنے فارم پر موجود دوسری گائیوں کو بھی ایسی تربیت دینے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی اور گائے چھلانگ لگاتے ہوئے نہ صرف خود گر پڑتیں بلکہ اپنے اوپر سوار ہنا کو بھی گرا دیتیں۔

  • بھارت میں گائے بیلوں کے سینگوں پر اندھیرے میں چمکنے والی پٹیاں چپساں

    بھارت میں گائے بیلوں کے سینگوں پر اندھیرے میں چمکنے والی پٹیاں چپساں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی پولیس نے آوارہ گائے بیلوں کو ٹریفک حادثات سے بچانے کے لیے ان کے سینگوں پر اندھیرے میں چمکنے والی پٹیاں لگا دی ہیں۔

    بھارت میں گائے اور بیلوں سمیت جانوروں کی سڑکوں پر آوارہ گردی عام ہے جس کے باعث کئی ٹریفک حادثات پیش آچکے ہیں۔ ان حادثات کی شرح رات میں زیادہ ہوجاتی ہے جب گاڑیاں اندھیرے کے باعث ان کو دیکھ نہیں سکتیں اور ان سے ٹکرا جاتی ہیں۔

    cow-2

    اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کی جانب سے 300 گائے اور بیلوں کے سینگوں پر اندھیرے میں چمکنے والے بینڈز لگا دیے گئے ہیں تاکہ رات میں بآسانی ان کو شناخت کیا جاسکے۔

    پلاسٹک سے بنائے گئے ان بینڈز میں نارنجی رنگ کا ریڈیم لگایا گیا ہے جو اندھیرے میں دور سے چمکتا ہے۔

    بھارت میں ایک بیل خود کو ’ویرو‘ سمجھنے لگا *

    ضلعی پولیس انسپکٹر کیلاش چوہان کے مطابق ان جانوروں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں بے شمار افراد زخمی اور ہلاک ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا جانا ضروری تھا۔

    اس منصوبے کی کامیابی کے بعد پولیس کا ارادہ ہے کہ ان جانوروں کے سینگوں پر یکساں نتائج دینے والا رنگ کردیا جائے جو مستقل رہے۔ یہ پلاسٹک بینڈز صرف چند ہفتوں تک مؤثر ہیں۔

    cow-2

    مدھیہ پردیش کی ضلعی حکومت نے بھی کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو یہ بینڈز لگوائیں تاکہ وہ حادثات سے بچ سکیں۔

    دوسری جانب سرکاری طور پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں سال 2015 میں آوارہ جانوروں کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 550 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

  • بھارت میں ایک بیل خود کو ’ویرو‘ سمجھنے لگا

    بھارت میں ایک بیل خود کو ’ویرو‘ سمجھنے لگا

    آپ نے فلم شعلے تو ضرور دیکھی ہوگی۔ اس میں وہ منظر بھی قابل دید ہے جس میں ویرو کا کردار ادا کرنے والے دھرمیندر پانی کی ٹنکی پر چڑھ کر خودکشی کا ارادہ کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے اسی منظر کو ایک بیل کو دہراتے ہوئے دیکھا ہے؟

    ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے اپنے اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ایک بیل پانی کی اونچی ٹنکی پر دکھائی دے رہا ہے۔

    دیکھنے والے حیرت میں مبتلا ہیں کہ آخر ان گول پیچیدہ زینوں سے وہ بیل اوپر گیا کیسے؟

    کچھ افراد نے دعویٰ کیا کہ یہ تصویر فوٹوشاپ کا کمال ہے۔ لیکن ایک اور صارف نے اسی سے ملتی جلتی تصویر ٹوئٹ کی جس میں اس گائے کو نیچے اتارا جارہا ہے۔

    cow-2

    گو کہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ انوکھا واقعہ کس جگہ پیش آیا البتہ ٹوئٹ کرنے والے کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ راجھستان کے علاقہ چھورو میں پیش آیا۔

    اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایک ریسکیو ٹیم نے 8 گھنٹے کی انتھک کوشش کے بعد بالآخر بیل کو نیچے اتارا۔