Tag: بیلجیئم

  • ٹوکیو اولمپکس، بیلجیئم کا بڑا کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس، بیلجیئم کا بڑا کارنامہ

    ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں ورلڈ چیمپئن بیلجیئم نے مینز ہاکی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم نے مینز ہاکی کا ایونٹ ایک سخت مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا ہے، بیلجیئم نے آسٹریلیا کو شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دی۔

    مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تھا، مقابلے کا فیصلہ شوٹ آؤٹ میں ہوا، ہاکی میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ورلڈ چیمپئن بیلجیئم کے گولڈ میڈلز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

    بیلجیئم کے میڈلز کی مجموعی تعداد 4 ہے، جن میں سے ایک سلور میڈل اور ایک کانسی کا میڈل شامل ہے، بیلجیئم کا پہلا گولڈ میڈل خواتین کے آرٹسٹک جمناسٹکس ایونٹ میں تھا۔


    کانسی کے تمغے کے لیے جرمنی اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں بھارت نے جرمنی کی ٹیم کو 5-4 سے ہرا دیا۔

    سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جرمنی کو تین ایک سے ہرایا تھا، جب کہ بیلجیئم نے بھارت کو پانچ دو سے ہرایا تھا۔

  • بیلجیئم پولیس 50 کروڑ پیغامات میں اسمگلرز کے خفیہ پیغامات پڑھنے میں کامیاب، بڑی اسمگلنگ ناکام

    بیلجیئم پولیس 50 کروڑ پیغامات میں اسمگلرز کے خفیہ پیغامات پڑھنے میں کامیاب، بڑی اسمگلنگ ناکام

    برسلز: بیلجیئم پولیس نے 50 کروڑ پیغامات میں اسمگلرز کے خفیہ پیغامات پڑھنے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک بڑی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی ملک بیلجیئم کی پولیس نے شہر اینٹ ورپ میں اسمگلرز کے ایک دوسرے کو بھیجے گئے خفیہ پیغامات پڑھ کر 28 ٹن کوکین کی اسمگلنگ ناکام بنا کر تمام منشیات ضبط کر لی، جس کی مالیت تقریباً 1.4 ارب ڈالر بنتی ہے۔

    شہر کے پراسیکیوٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا وفاقی پولیس نے 2 سال تک منظم جرائم کی تحقیقات کیں اور کینیڈین کمپنی کی فروخت کردہ اسکائی ای سی سی ڈیوائسز کے ذریعے بھیجے گئے 50 کروڑ پیغامات کا جائزہ لیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ 20 فروری سے 27.64 ٹن کوکین اینٹ ورپ کی بندرگارہ پر برامد کی گئی، جس میں سے 11 ٹن جمعے اور ہفتے کی رات کو ایک کنٹینر سے ملی، اس اسمگلنگ کا براہ راست تعلق اسکائی ای سی سی کے کیس سے تھا۔

    یاد رہے کہ مذکورہ ڈیوائسز فروخت کرنے والی کمپنی اسکائی گلوبل کے سی ای او اور ایک اہل کار پر امریکا میں مارچ میں منشیات کی اسمگلنگ میں مدد دینے کے مبینہ الزام میں فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

    بیلجیئم میں دو سالہ تحقیقات میں 48 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، اس تحقیقات کا دائرہ فرانس سمیت کئی ممالک تک پھیلا گیا تھا، اور خفیہ پیغامات کے ڈیٹا کی مدد سے 20 فروری سے اب تک درجنوں منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔

  • 9 سال سے روزانہ ہونے والی پراسرار پیزا ڈلیوری

    9 سال سے روزانہ ہونے والی پراسرار پیزا ڈلیوری

    بیلجیئم کے ایک شہری کے دن رات کا سکون پیزا ڈلیوری نے برباد کردیا، یہ پیزا ڈلیوری اسے روزانہ دن اور رات میں کئی کئی بار موصول ہوتی ہے، کوئی نہیں جانتا کہ اسے آرڈر کرنے والا کون ہے۔

    بیلجیئم کے 65 سالہ شہری کی نیندیں ایک بے ضرر سے پیزا نے حرام کر رکھی ہیں لیکن یہ پیزا اتنا بھی بے ضرر نہیں۔

    دراصل اس شہری کو گزشتہ 9 سال سے بغیر آرڈر کیے پیزا موصول ہورہا ہے۔

    بیلجین شہری کا کہنا ہے کہ ہر وقت پیزا ڈلیوری کے خوف نے میری نیند ہی اڑا دی ہے اور جب گلی سے کوئی اسکوٹی گزرتی ہے تو مجھے لگتا ہے کہ اب کوئی دوبارہ پیزا رکھ کر چلا جائے گا۔

    معمر شہری کے مطابق یقیناً میرے ساتھ کوئی شرارت کر رہا ہے، مجھے دن میں 10 بار پیزے موصول ہوتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ پیزا ڈلیور ہونے کا کوئی ٹائم نہیں ہے، یہ ویک اینڈ پر بھی موصول ہوتے ہیں اور عام دنوں میں بھی، دن کے اوقات میں بھی اور رات کے 2 بجے بھی پیزا آسکتا ہے۔

    معمر شہری کے مطابق وہ اس شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو یہ حرکت کر رہا ہے اور جس دن انہیں وہ شخص مل گیا وہ دن اس شخص کے لیے بہت برا دن ہوگا۔

  • بچی کو ٹکر مارنے کا جرمانہ 1 پاؤنڈ

    بچی کو ٹکر مارنے کا جرمانہ 1 پاؤنڈ

    برسلز: بیلجیئم کی مقامی عدالت نے 5 سالہ بچی کو سائیکل سے ٹکر مارنے والے شخص کو صرف ایک پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی ہے اور ایک سال کی ممکنہ سزا کو معطل کردیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سائیکل سوار نے گزشتہ سال کرسمس کے موقع پر بیلجیئم کے باراک مشیل نیچرل پارک میں بچی کو اس وقت ٹکر ماری تھی جب اس نے غیر ارادی طور پر سائیکل سوار شخص کا راستہ روکا تھا۔

    بچی کے والد نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے رائے مانگی تھی کہ آیا وہ اس حوالے سے پولیس کو شکایت کراوائیں یا نہیں، سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف سائکل سوار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا بلکہ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

    بچی کے باب کی شکایت اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے سائیکل سوار شخص کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔

    بیلجیئم کے شہر ویرویرس کی مقامی عدالت کے جج کے روبرو سائیکل سوار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا بچی کو ٹکر مارنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، البتہ بچی کو سائیکل کے پچھلے ٹائر میں پھنسنے سے بچانے کے لیے اس نے ہلکا سا دھکا دیا تھا، جس سے بچی زمین پر گر گئی تھی۔

    دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد جج نے سائیکل سوار شخص پر یہ کہہ کر ایک پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا کہ اس شخص کا بچی کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، واقعہ معمولی نوعیت کا تھا اور اسے پہلے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    جج نے مزید کہا کہ سائیکل سوار نے گرفتاری کے بعد کافی وقت پولیس کی حراست میں بھی گزارا ہے، جج نے کہا کہ مذکورہ شخص بچی کے اہل خانہ کو علامتی طور ایک پاؤنڈ جرمانہ ادا کرے گا۔

  • کرونا ویکسین: بیلجیئم کا اہم اعلان

    کرونا ویکسین: بیلجیئم کا اہم اعلان

    برسلز: بیلجیئم میں آئندہ ماہ سے شہریوں کو کرونا ویکسینز لگائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم حکام نے آئندہ ماہ 5 جنوری سے شہریوں کو کرونا ویکسینز لگانے کا اعلان کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں کیئر سینٹرز میں بزرگوں اور عملے کو ویکسین دی جائے گی۔

    ریجنل ہیلتھ منسٹرز کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسی نیشن مہم کے دوران 3 لاکھ شہریوں کو 3 ہفتے میں 2 بار ڈوز دی جائے گی۔

    ادھر بیلجیئم میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آ گئی ہے، حکومتی پابندیوں اور عوامی تعاون کے اثرات سامنے آ نے لگے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے جانے والے مریضوں کی اوسط تعداد 197 ہو گئی ہے۔

    ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے اموات کی شرح میں بھی 23 فی صد سے زائد کمی ہو چکی ہے۔

    کورونا ویکسین برطانیہ پہنچ گئی، استعمال کی اجازت

    واضح رہے کہ عالمی سطح پر کرونا وائرس سے متاثرہ 218 ممالک اور علاقوں میں کرونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے بیلجیئم کا نمبر 19 واں ہے، جہاں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 84 ہزار ہے، جب کہ اموات کی تعداد 17 ہزار ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیلجیئم میں 2 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے اور 122 کرونا مریض دوران علاج جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بیلجیئم کو وِڈ 19 کی ویکسینز کے 22.4 ملین ڈوزز خرید چکا ہے، بدھ کو صحت عامہ پر منعقدہ بین الوزارتی کانفرنس میں موڈرنا ویکسین کے 20 لاکھ ڈوز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اگر اس ویکسین کو مارکیٹ لائسنس ملتا ہے۔

  • بیلجیئم میں کرونا کیسز میں کمی، فرانس میں ایک روز میں 31 ہزار نئے کیسز

    بیلجیئم میں کرونا کیسز میں کمی، فرانس میں ایک روز میں 31 ہزار نئے کیسز

    واشنگٹن / نئی دہلی / برازیلیا: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، بیلجیئم میں کرونا وائرس کیسز میں کمی دیکھی گئی جبکہ فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 31 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن سے کوویڈ کیسز میں کمی آئی ہے، لاک ڈاؤن سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں 40 فیصد کمی آئی۔

    وزارت صحت کے مطابق بیلجیئم میں 6 ہزار 948 کرونا مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، بیلجیئم میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 789 کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 13 ہزار 55 اموات ہو چکی ہیں۔

    دوسری جانب فرانس میں کرونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہوگئی، فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 31 ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ 551 افراد ہلاک ہوئے۔

    فرانس میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 18 لاکھ 7 ہزار 479 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار 987 ہوچکی ہے۔

    مجموعی عالمی صورتحال

    مجموعی طور پر دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 12 لاکھ 86 ہزار 197 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12 لاکھ 70 ہزار 56 ہوگئی۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 39 لاکھ 32 ہزار 858 ہے، ان میں سے 93 ہزار 761 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ 83 ہزار 283 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 97 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 3 فیصد ہے۔

    اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا بدستور دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔

    امریکا میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 36 لاکھ 24 ہزار 813 ہو چکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 449 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 65 لاکھ 52 ہزار 764 ہوچکی ہے، 36 لاکھ سے زائد فعال کیسز میں سے زیر علاج 18 ہزار 955 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    بھارت کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 85 لاکھ 91 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 5 لاکھ 5 ہزار 220 ہوچکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 27 ہزار 104 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 79 لاکھ 59 ہزار 406 ہوچکی ہے۔

    برازیل میں بھی کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔

    برازیل میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 56 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 784 ہو چکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 638 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 50 لاکھ 64 ہزار 344 ہوچکی ہے۔

  • کرونا وائرس: بیلجیئم کے وزیر اعظم کا اہم اعلان

    کرونا وائرس: بیلجیئم کے وزیر اعظم کا اہم اعلان

    برسلز: بیلجیئم کے وزیر اعظم نے کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بڑھتے کیسز کے پیش نظر اتوار سے ملک میں پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے دوران مختلف یورپی ممالک میں کیسز کی تعداد پھر سے بڑھنے لگی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے متعدد ممالک نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا راستہ اپنا لیا ہے۔

    بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو نے بھی ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاک ڈاؤن 13 دسمبر تک نافذ العمل رہےگا۔

    ان کا کہنا تھا لاک ڈاؤن اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ نہ ہو، تاہم اس دوران میڈیکل اسٹورز اور فوڈ سیکٹر سے منسلک کاروبار کھلے رہیں گے، جب کہ اسکول 15 نومبر تک بند رہیں گے۔

    کرونا بے قابو، فرانس کا بڑا فیصلہ

    بیلجیئم میں اب تک کرونا وائرس سے 11,452 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہے۔

    ادھر فرانس میں کرونا وائرس سے ایک دن میں 545 اموات واقع ہو گئی ہیں، جب کہ 24 گھنٹوں میں 50 ہزار کے قریب نئے کیسز ریکارڈ کیےگئے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل کرونا وائرس وبا کی روک تھام کے لیے فرانس میں بھی ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا، واضح رہے کہ یہ فرانس میں دوسرا ملک گیر لاک ڈاؤن ہے، جس میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

  • پارٹی میں شرکت بیلجیئن شہزادے کو مہنگی پڑ گئی

    پارٹی میں شرکت بیلجیئن شہزادے کو مہنگی پڑ گئی

    برسلز: بیلجیئن شہزادے جو آخم کو پارٹی میں شرکت مہنگی پڑ گئی، شہزادے کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترجمان شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ جو آخم نے اسپین میں دوران لاک ڈاؤن پارٹی میں شرکت کی تھی، شہزادے کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا 28 سالہ شہزادے نے 26 مئی کو بیلجیئم سے اسپین کا سفر کیا تھا، قرطبہ میں منعقد پارٹی میں شہزادے سمیت 27 افراد شریک ہوئے تھے، دوسری طرف ہسپانوی حکام نے کہا ہے کہ قرطبہ میں 15 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔

    شاہی محل کے مطابق شہزادہ جو آخم بیلجیئم کے شاہ فلپ کے بھتیجے ہیں۔

    واضح رہے کہ بیلجیئم دنیا کا آٹھواں ملک ہے جہاں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں، وبا اب تک بیلجیئم میں 9,453 مریضوں کی جانیں لے چکی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 58 ہزار سے زائد ہے۔

    وائرس سے متاثر ہونے والے 16 ہزار کے قریب مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں، 33 ہزار مریض زیر علاج ہیں، اور 200 کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ بیلجیئم میں دس لاکھ آبادی میں کرونا سے اموات کی شرح 816 ہو چکی ہے۔

  • اٹلی میں چوبیس گھنٹوں میں 837، بیلجیئم 192، برطانیہ میں 381 اموات

    اٹلی میں چوبیس گھنٹوں میں 837، بیلجیئم 192، برطانیہ میں 381 اموات

    روم: گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اٹلی، بیلجیئم اور برطانیہ میں ہونے والی اموات کی تعداد نے دنیا بھر کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ، برطانیہ اور امریکا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اموات کی شرح بھی خطرناک تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، اٹلی، بیلجیئم اور برطانیہ میں 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 1410 اموات واقع ہو گئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث اموات 12 ہزار 428 ہو گئی ہیں، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 837 افراد جان سے گئے، جب کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اطالوی حکومت نے کرونا وائرس سے متاثر سیزنل و ایگریکلچر ورکرز کی امداد کا اعلان کر دیا ہے، بے روزگار ہونے والے ان ملازمین کو 600 یورو دیے جائیں گے، آمدن کے ذرایع نہ ہونے والے خاندانوں کو بھی 300 یورو ملیں گے۔

    کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 42 ہزار جانیں نگل لیں

    بیلجیئم میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 192 افراد جان سے گئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 705 ہو گئی، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 876 ہے، برسلز میں 146 اولڈ نرسنگ ہومز میں سے ایک تہائی وائرس سے متاثر ہیں۔

    برطانیہ میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 381 اموات واقع ہو چکی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 789 تک پہنچ گئی، جب کہ25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، کنگز کالج اسپتال کا 13 سالہ نوجوان بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں بچ جانے والا سپاہی 97 سالہ ہیرالڈ پئیرسن بھی جان سے گیا۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ویڈیو لنک پر کابینہ اجلاس میں برطانیہ میں غیر ملکی میڈیکل اسٹاف کے ویزے ایک سال کے لیے بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 افراد گرفتار

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 افراد گرفتار

    آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو 10 تارکین وطن کی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔

    39 سالہ وائن شرلاک اور 48 سالہ آئن ناولن ٹائر لے جانے والے ایک ٹرک میں 10 تارکین وطن کو چھپا کر لے جارہے تھے، اسمگل کیے جانے والے افراد میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

    بیلجیئم میں داخل ہوتے وقت پولیس نے مشکوک سمجھ کر ان کے ٹرک کو روکا جس میں سے چھپائے ہوئے افراد برآمد ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق دونوں ملزمان پر غیر قانونی ہجرت کی سہولت کاری اور انسانی اسمگلنگ کے الزام عائد کیے گئے ہیں۔ ٹرک کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ ان کے ایک اور ساتھی کو شمالی آئر لینڈ سے حراست میں لیا گیاہے۔

    ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس اقدام کے لیے بیلجیئن حکام کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے یہاں آنے والے تارکین وطن کو نہایت خطرناک صورتحال سے دو چار ہونے سے روکا جاسکا۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انسانی اسمگلنگ ایک خطرناک جرم ہے اور حالیہ واقعہ سامنے آنے کے بعد انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔