Tag: بیلجیم

  • ایٹمی حملے کی روسی دھمکی کے بعد بیلجیم میں‌ آیوڈین کی گولیاں‌ مفت بٹنے لگیں

    ایٹمی حملے کی روسی دھمکی کے بعد بیلجیم میں‌ آیوڈین کی گولیاں‌ مفت بٹنے لگیں

    برسلز: ایٹمی حملے کی روسی دھمکی کے بعد بیلجیم میں‌ آیوڈین کی گولیاں‌ مفت بٹنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے ایٹمی حملے کے خدشے کے شکار یورپ کے دیگر ممالک کی طرح بیلجیم میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    یوکرین پر روسی ایٹمی حملے کے خدشے کے پیش نظر بیلجیم میں آیوڈین کی گولیاں فارمیسیز میں مفت فراہم کی جا رہی ہیں، گزشتہ روز 30 ہزار سے زائد افراد نے گولیاں حاصل کیں۔

    ماہرین کے مطابق ایٹمی حملے کی صورت میں یہ گولیاں تھائیرائڈ کی حفاظت کریں گی۔

    زپورئیژا جوہری پلانٹ کب سے کنٹرول میں ہے؟ روس نے بتا دیا

    واضح رہے کہ عالمی رہنماؤں نے روس پر الزام لگایا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین میں زپورئیژا جوہری پاور پلانٹ پر گولہ باری کر کے پورے براعظم کی حفاظت کو خطرے میں ڈال دیا ہے، برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ یہ حملہ پورے یورپ کی سلامتی کو براہ راست متاثر کر سکتا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر زور دیا کہ وہ جوہری پلانٹ کے ارد گرد اپنی فوجی سرگرمیاں روک دے۔

    تاہم دوسری طرف روس کی وزارت دفاع نے اس حملے کا الزام یوکرین کے تخریب کاروں پر عائد کرتے ہوئے اسے ایک ’بدمعاشی اشتعال انگیزی‘ قرار دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ زپورئیژا جوہری پلانٹ پانچ دنوں سے روسی فوج کے قبضے میں ہے۔

  • بیلجیم نے انٹرپول سے کراچی میں ملک دشمن دہشت گردوں کی تفصیلات طلب کرلیں

    بیلجیم نے انٹرپول سے کراچی میں ملک دشمن دہشت گردوں کی تفصیلات طلب کرلیں

    کراچی : بیلجیم نےانٹرپول سےکراچی میں ملک دشمن دہشت گردوں کی تفصیلات طلب کرلیں ، سی ٹی ڈی نے ملک دشمن بیلجیم شہریوں کی گرفتاری کے لیے خط لکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرپول برسلز نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو خط لکھا ، خط ایف آئی اے کے توسط سے لکھاگیاہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کرنے والے بیلجیم شہریوں کی فہرست دی جائے۔

    سی ٹی ڈی نے ملک دشمن بیلجیم شہریوں کی گرفتاری کے لیے خط لکھا تھا ، جس میں کہا تھا کہ ملک دشمن دہشت گردوں کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے ، دہشت گرد واحد حسین کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا ، بیلجیئم میں مقیم سلیم بیلجیم اور عارف آجاکیا بیلجیم شہری ہیں۔

    خط میں کہا کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک 30 سے 40 افراد پر مشتمل ہے ، انٹرپول کو تمام مطلوبہ افراد کی مکمل فہرست فراہم کی جائے، بیلجیئم میں مقیم دہشت گرد پاکستانی کمیونٹی سے فنڈ اکھٹا کرتے ہیں ، فنڈ کو کراچی میں دہشتگردی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے تفتیشی حکام نے سلیم بیلجیم گروپ کے کارندوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ لندن کے دہشت گردوں کو ملک دشمن قوم پرست جماعتوں کی جانب سے بم فراہم کرنے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ 2 ریموٹ کنٹرول بموں میں سے ایک گلستان جوہر میں استعمال کیا گیا، ایک ریموٹ کنٹرول بم سے پریس کلب کے باہر ایم کیو  ایم پاکستان کے احتجاج میں دھماکا کیا جانا تھا۔

    تفتیشی حکام کے مطابق دہشت گردوں کو بم کس نے فراہم کیا اس کی تفتیش ملزمان سے جیل میں جاری ہیں، ملزمان کی جانب سے رینجرز کے لیے بڑے ماموں کا کوڈ ورڈ استعمال کیا جاتا تھا۔

    سلیم بیلجیم برطانوی نمبروں سے رابطے کرتا تھا، کارروائی کے مقام پر تمام ٹیم ارکان ایک انٹرنیٹ ڈیوائس سے رابطوں میں آجاتے تھے۔

  • بیلجیم نے بھارتی کرونا وائرس کو خطرناک ترین قرار دے دیا

    بیلجیم نے بھارتی کرونا وائرس کو خطرناک ترین قرار دے دیا

    برسلز: بیلجیم نے کرونا وائرس کی بھارتی قسم کو خطرناک ترین قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیم کے شعبہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا بھارتی ویریئنٹ برسلز کے ایک رہائشی میں مثبت آ گیا ہے۔

    چند دن قبل بھارت سے بیلجیم پہنچنے والے 20 طالب علموں میں کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت نکل آیا تھا، جس کے بعد غیر ملکی طلبہ کی ملک میں آمد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

    بھارتی طلبہ کا گروپ جمعرات کے روز بیلجیم کے لیوون اور آلسٹ کے علاقوں میں ایک نرسنگ کورس میں شرکت کے لیے بیلجیم پہنچا تھا، جب ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تو گروپ میں شامل تمام طلبہ مثبت نکلے، بیلجیم صحت حکام پر یہ انکشاف بھی ہوا کہ یہ کرونا وائرس کی ایک نئی شکل تھی جسے ماہرین نے انڈین ویریئنٹ کا نام دیا ہے۔

    یاد رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد کئی یورپی اور ایشیائی ممالک نے بھارتی کرونا وائرس کی قسم کو خطرناک قرار دیتے ہوئے بھارت کو ہائی رسک ممالک کی فہرست میں ڈال دیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ایک ہفتے سے یومیہ 3 لاکھ سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی 3 لاکھ 23 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھارت کی صورت حال کو انتہائی دل خراش ہے قرار دیا۔

    ادھر دو نئے ممالک آسٹریلیا اور تھائی لینڈ نے بھی بھارتی پروازوں کی آمد پر پابندی لگا دی ہے، آسٹریلیا نے 15 مئی تک بھارت سے پروازوں کی آمد پر پابندی لگائی۔

  • یورپ میں 12 سالہ بچی کروناوائرس سے ہلاک

    یورپ میں 12 سالہ بچی کروناوائرس سے ہلاک

    برسلز: یورپی ملک بیلجیم میں وبائی مرض کروناوائرس سے 12 سالہ بچی ہلاک ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت نے بارہ سالہ بچی کی کروناوائرس سے ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا بچی کی موت ہمارے کے لیے ایک دھچکا ہے۔

    حکومتی ترجمان ڈاکٹر ایمونیل کا کہنا ہے کہ کروناوائرس سے کم عمر کی بچی کی ہلاکت منفرد واقعہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق بچی گزشتہ تین دن سے شدید بخار میں مبتلا تھی جس پر کروناٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آیا۔

    اگلے ہفتے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی، اطالوی وزیر اعظم

    بیلجیم میں کروناوائرس سے ہلاک ہونے بچے اور بچیوں میں یہ 5ویں موت ہے۔ جس کے بعد ملک میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 705 ہوگئی۔ قبل ازیں گزشتہ ہفتے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 16 سالہ بچی وبائی مرض سے ہلاک ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ کئی ماہرین کے مطابق کرونا زیادہ تر بوڑھے اور معمر افراد کو نشانہ بناتا ہے۔

    تاہم اب وائرس سے بچوں کی اموات طبی ماہرین کے لیے خدشات کا باعث بن چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ یورپی ملک اٹلی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 756 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 591 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 739 ہوگئی اس کے علاوہ اٹلی میں کرونا وائرس سے اب تک 14 ہزار 620 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • بیلجیم کے وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار

    بیلجیم کے وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجیم کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے بیلجیم کے وزیر خارجہ کو فون کر کے انھیں مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    بیلجیم کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ فریقین اس مسئلے کو جلد دو طرفہ مذاکرات سے حل کریں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی یک طرفہ اقدامات عالمی قوانین کے منافی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، بھارت نے یک طرفہ اقدامات سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  وزیر اعظم سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات

    ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو سے گفتگو

    یاد رہے گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

    شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر کے لیے آواز بلند کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ اہم امور پر پاکستان کے نقطۂ نظر کی حمایت کی، پاکستان نے بھی ہر مشکل گھڑی میں ترکی کا ساتھ دیا، مسلم امہ کو متحد کرنے کے لیے ترکی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، یہ اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

    ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی نے ساری صورت حال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، ہم نے سلامتی کونسل اجلاس کے بعد صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    دریں اثنا، دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جب کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس، او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • وزیر خارجہ برسلز روانہ، یورپی یونین کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوں گے

    وزیر خارجہ برسلز روانہ، یورپی یونین کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوں گے

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ سرکاری دورے پر برسلز روانہ ہو گئے، یورپی یونین کے اعلیٰ عہدے داران سے ملاقاتیں متوقع ہیں، وزیر خارجہ کثیر المدتی تعاون کے معاہدے پر دستخط بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے برسلز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط ہوں گے، یہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک پلان پر جو معاہدہ طے پایا ہے، اس پر 25 جون کو اعلیٰ عہدے دار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ دستخط کروں گا، اس معاہدے سے یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہوگا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، گاہے بگاہے ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے رہے ہیں، اب انشاء اللہ مستقبل میں ایک نئی سمت میں آگے بڑھنے کا ارادہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران کا یورپی یونین کو جوہری بحران کے حل کے لیے 60 دن کا الٹی میٹم

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یہ اچھی پیش رفت ہے، ہماری خواہش تھی یہ معاہدہ اپنی تکمیل کو پہنچے۔

    انھوں نے کہا کہ برسلز میں نیٹو کے جنرل سیکریٹری کے ساتھ ملاقات بھی طے ہے، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا، افغانستان کے معاملاتِ میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد کی، نیٹو کے ساتھ دفاعی اور سیکورٹی معاملات میں تعلق برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

  • بیلجیم میں کم سن بچے کے وحشیانہ قتل پر فلسطینی ماں صدمے سے نڈھال

    بیلجیم میں کم سن بچے کے وحشیانہ قتل پر فلسطینی ماں صدمے سے نڈھال

    برسلز :‌ بیلجیم میں ایک فلسطینی اور لبنانی نژاد خاندان کے کم سن بچے کے بے رحمی کے ساتھ قتل کے مجرمانہ واقعے نے بچے کی ماں کو شدید صدمے سے دوچار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو سالہ دانیا چند روز قبل شمالی بیلجیم میں رانسٹ قصبے میں قائم پناہ گزین کیمپ میں اپنے گھر سے سائیکل پر پیراکی کے لیے نکلا مگر واپس نہیں آیا۔ اس کے والدین نے اسے ہر جگہ تلاش کیا مگر اس کا سراغ نہیں ملا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بچے کو تلاش کرتے ہوئے ایک مشکوک گڑھا کھودا جس میں دانیا کو قتل کرنے کے بعد دفن کردیا گیا تھا، فی الحال اس مجرمانہ واقعے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مقتول دانیال کی ماں امانی شحادہ کا تعلق فلسطین اور والد کا لبنان سے ہے، بچے کے وحشیانہ قتل کے بعد اس کی ماں شدید صدمے سے دوچار ہے بچے کے غم میں اس کا برا حال ہے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی افواج نے ایک اور فلسطینی کو قتل کردیا

    دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کو وحشیانہ تشدد کے بعد بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا۔ پولیس نے دانیا کے قتل کے شبے میں کیمپ میں موجود تین مشتبہ فلسطینیوں کوحراست میں لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دانیال کے والدین کچھ عرصہ قبل لبنان سے اسپین اوروہاں سے بیلجیم آگئے تھے، جہاں وہ عارضی طور پر ایک پناہ گزین کیمپ میں رہائش پذیر تھے۔

  • بیلجیم نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    بیلجیم نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    بھونیشور: ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بیلجیم نے نیدر لینڈز کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر بھونیشور میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بیلجیم نے سخت مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3-2 سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر کیا گیا۔

    مقررہ وقت دونوں کے درمیان کے درمیان میچ برابر تھا، بیلجیم کے گول کیپر نے نیدرلینڈز کا گول روک کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    نیدرلینڈز پاکستان ہاکی ٹیم کا چار بار ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ برابر نہ کرسکا۔

    تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

    کینگروز کی ٹیم نے تیسری پوزیشن کے لیے سخت محنت کی اور انگلش ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دی۔

    واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے چار میچز کھیلے اور کسی بھی میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکی، ملائیشیا کے خلاف کھیلا جانے والا میچ برابر رہا تھا۔

  • ہاکی ورلڈ کپ، بیلجیم نے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا

    ہاکی ورلڈ کپ، بیلجیم نے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا

    بھونیشور: ہاکی ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیم نے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کو بیلجیم نے 5-0 گول سے شکست دے دی، پاکستان کا ہاکی ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا، گروپ ڈی سے پاکستان کوئی بھی میج جیت نہ سکا۔

    بیلجیم کی ٹیم شروع سے ہی میچ پر حاوی رہی اور باآسانی گول اسکور کیے۔

    قومی ٹیم نے اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف کھیلا جس میں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور قومی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے۔

    دوسرے میچ میں ملائیشیا کے خلاف قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور میچ 1-1 سے برابر رہا، تیسرے میچ میں نیدر لینڈز نے گرین شرٹس کو 5-1 شے شکست دی۔

    بہتر گول اوسط پر پاکستان نے کوئی میچ نہ جیت کر بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

    قومی ٹیم آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کھیل رہی تھی اس سے قبل قومی ٹیم کوالیفائی نہ کرسکی تھی، آٹھ سال پہلے بھارت میں ہی گرین شرٹس نے ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی تاہم اس میں آخری نمبر پر رہی تھی۔

  • بیلجیم میں مسلح شخص کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک

    بیلجیم میں مسلح شخص کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک

    برسلز: بیلجیم کے شہر لیگئی میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے، جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیم کے شہر لیگئی میں مسلح شخص نے اندھا ھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے تاہم حملہ آور پولیس فائرنگ سے مارا گیا۔

    فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    بیلجیم کے پراسیکیوٹر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لیگئی شہر کے ہائی اسکول کے نزدیک پیش آیا جب ایک حملہ آور نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی اور پھر ایک خاتون کو یرغمال بنا کر نزدیکی اسکول میں چھپ گیا۔

    پولیس نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیر کر جوابی کارروائی میں حملہ آور کو ماردیا جبکہ حملہ آور کی فائرنگ سے ایک راہگیر بھی ہلاک ہوا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    سینئر فیڈرل پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ ہو، واقعے سے متعلق جائزہ لے رہے ہیں کہ اس میں دہشت گردی کا عنصر شامل ہے یا نہیں۔

    بیلجیم کے اخبار میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق 22 سالہ مسلح شخص ’اللہ اکبر‘ کی صدائیں بلند کررہا تھا اور اس نے حال ہی میں اسلام قبول کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔