Tag: بیلسٹک میزائل

  • وارننگ کے بعد شمالی کوریا کا رواں سال پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ

    وارننگ کے بعد شمالی کوریا کا رواں سال پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ

    پیانگ یانگ: امریکا اور جنوبی کوریا کے فوجی مشقوں پر وارننگ کے بعد شمالی کوریا نے رواں سال پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے اتوار کو کہا کہ اس نے ایک دن پہلے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) کا تجربہ کیا ہے، جو ایک سال سے بھی کم عرصے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار کا تیسرا معلوم تجربہ ہے۔

    جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مشرقی ساحل سے سمندر کی طرف طویل فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔ جاپان نے بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کو رپورٹ کیا ہے، یہ شمالی کوریا کا رواں سال میں پہلا میزائل تجربہ ہے۔

    سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی نے کہا کہ رہنما کم جونگ اُن کے تحریری حکم کے تحت ایک ’سرپرائز ICBM لانچنگ ڈرل‘ کے دوران واسانگ ففٹین میزائل فائر کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق میزائل نے تقریباً 67 منٹ تک 989 کلومیٹر سفر کیا، اور 5,768.5 کلومیٹر کی بلندی تک پرواز کی۔ پیانگ یانگ نے تجربے کو ’دشمن قوتوں پر مہلک جوہری جوابی حملے‘ کی صلاحیت کا ثبوت قرار دیا۔

    شمالی کوریا نے گزشتہ روز مستقبل قریب میں ہونے والی امریکا اور جنوبی کوریا کی سالانہ فوجی مشقوں پر سخت ردعمل کی وارننگ دی تھی۔

  • ناکام میزائل تجربے پر جنوبی کورین فوج نے معافی مانگ لی

    ناکام میزائل تجربے پر جنوبی کورین فوج نے معافی مانگ لی

    سیول: امریکا اور جنوبی کوریا نے مل کر حریف شمالی کوریا کو میزائل تجربے کے ذریعے بڑا جواب دے دیا، تاہم ایک ناکام میزائل تجربے پر جنوبی کورین فوج نے معافی مانگ لی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد امریکا اور جنوبی کوریا نے جاپان کے سمندر میں زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل فائر کیے ہیں۔

    گزشتہ روز شمالی کوریا نے جاپان کے اوپر سے 4 بیلسٹک میزائل داغ دیے تھے، 2017 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب پیانگ یانگ نے جاپان پر سے میزائل داغے۔

    پیانگ یانگ کے میزائل تجربات کے بعد امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی طرف سے بھی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا اور مشترکہ فوجی مشقیں کی گئیں، اتحادیوں کی جانب سے غیر معمولی رد عمل دکھاتے ہوئے ایک امریکی سپر کیریئر نے شمالی کوریا کے مشرق میں نئی پوزیشن سنبھالی، اور میزائل داغے گئے۔

    تاہم، اس دوران جنوبی کوریا کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل ناکام ہو کر گر کر تباہ ہو گیا، بی بی سی کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے مشترکہ مشق کے دوران ناکام میزائل تجربے کے بعد ساحلی شہر گنگنیونگ کے رہائشیوں میں خطرے کی گھنٹی بجانے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔

    جنوبی کورین فوج نے اس واقعے کو 7 گھنٹوں کو تسلیم نہیں کیا، تاہم بعد میں فوج نے میزائل لانچ کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے معافی مانگی، اور کہا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، فوج کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کے ساتھ لانچ کیے گئے میزائلوں سے الگ تھا۔

  • شمالی کوریا کا پے در پے چوتھا بیلسٹک میزائل تجربہ

    شمالی کوریا کا پے در پے چوتھا بیلسٹک میزائل تجربہ

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک ہفتے میں چوتھی بار بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کر لیا ہے، یہ ایک ہفتے میں پے در پے چوتھا تجربہ ہے۔ یہ تجربات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد سے کیے جا رہے ہیں۔

    جنوبی کوریا اور جاپانی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے پیانگ یانگ کے علاقے سے ملک کے مشرقی ساحل کی طرف 2 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔

    جاپان کے قومی ٹیلی ویژن نے کہا کہ ہفتے کی صبح شمالی کوریا سے متعدد میزائل داغے گئے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر ہونے کے باوجود بحیرہ جاپان میں گرے ہیں۔

    جاپان نے شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی شدید مذمت کی ہے، جاپان کے نائب وزیر دفاع توشیرو انو نے کہا کہ میزائل تجربات جاپان کی سیکیورٹی ا ور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

    خیال رہے کہ شمالی کوریا پر اس کے ہتھیاروں کے پروگراموں کے باعث اقوام متحدہ کی متعدد پابندیاں عائد ہیں، اس کے باوجود شمالی کوریا 2006 سے اب تک 6 بار جوہری ہتھیاروں کا تجربہ کر چکا ہے۔

  • کملا ہیرس کے دورے پر شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائلوں سے ردِ عمل

    کملا ہیرس کے دورے پر شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائلوں سے ردِ عمل

    سیئول: شمالی کوریا نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے دورہ جنوبی کوریا سے قبل میزائل کا تجربہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے سیئول کے طے شدہ دورے کے موقع پر دارالحکومت پیانگ یانگ سے مشرقی پانیوں کی طرف 2 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے۔

    یہ میزائل پیانگ یانگ کے ویران علاقے سونان سے فائر کیے گئے، آج جمعرات کو کملا ہیرس ڈی ملٹرائزڈ زون (ڈی ایم زیڈ) کا متوقع دورہ کر رہی ہیں، جو جنوبی اور شمالی کورین علاقوں کو جدا کرتا ہے۔ اتوار کو بھی شمالی کوریا نے ایک میزائل فائر کیا تھا۔

    روئیٹرز اور الجزیرہ کے مطابق سیئول کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے مشرقی سمندر میں (بحیرہ جاپان) نامعلوم بیلسٹک میزائل داغے، میزائلوں نے 360 کلو میٹر تک سفر کیا، اور 30 کلو میٹر بلندی تک گئے، اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 7 ہزار 450 کلو میٹر فی گھنٹا تھی۔

    شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    واضح رہے امریکی نائب صدر کملا ہیرس جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ نائب صدر کے دورے کا مقصد جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

  • شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    سیئول: جنوبی کوریا نے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل فائر کرنے کا الزام لگایا ہے، جاپانی کوسٹ گارڈ نے میزائل لانچ کی تصدیق کرتے ہوئے جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کے روز مشرقی سمندر میں ایک مشتبہ بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

    اس سے قبل یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ پیانگ یانگ آبدوز سے لانچ کیے جانے والے بیلسٹک میزائل فائر کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    یہ میزائل ٹیسٹ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد اور نائب صدر کملا ہیریس کے طے شدہ دورے سے قبل سامنے آیا ہے۔

    جاپانی کوسٹ گارڈ نے ٹوکیو کی وزارت دفاع کی معلومات کے حوالے سے ممکنہ بیلسٹک میزائل لانچ کی تصدیق کی، اور ہدایت جاری کی کہ ’بحری جہاز نئی معلومات کے لیے چوکس رہیں، اگر کوئی چیز نظر آتی ہے تو قریب جانے کی بجائے کوسٹ گارڈ کو مطلع کریں۔‘

    جاپان کے پبلک براڈکاسٹر نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ یہ آبجیکٹ جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکی حکام کئی مہینوں سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن ایک اور جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

  • ہائی وولٹیج ٹاکرا، سوشل میڈیا صارفین نے کن کھلاڑیوں کو بیلسٹک میزائل قرار دے دیا؟

    ہائی وولٹیج ٹاکرا، سوشل میڈیا صارفین نے کن کھلاڑیوں کو بیلسٹک میزائل قرار دے دیا؟

    دبئی: ایشیا کپ 2022 کا ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں گھمسان کا رن پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا صارفین پر بھی پاک بھارت ٹاکرے کا بخار چڑھ گیا ہے، شائقین کو میچ شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

    ایک صارف نے لکھا ہمارے رضوان، بابر، نسیم اور حارث انڈیا پر بیلسٹک میزائل کی طرح جا لگیں اور پاکستان جیت جائے۔

    کسی نے لکھا بھارتی پھر ’اوور کانفیڈنٹ‘ ہیں، یعنی پاکستان جیتے گا۔

    بڑے میچ کے لیے اے آر وائی پر بھی بڑی ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا گیا ہے، تنویر احمد، اور توصیف احمد ماہرانہ تجزیے کریں گے، جب کہ شعیب جٹ، نجیب الحسنین اور دبئی سے شاہد ہاشمی بھی پل پل کی خبر سے آگاہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں دبئی کے اسٹیڈیم میں شام 7 بجے ٹکرائیں گی، جس کے لیے شائقین بھی نہایت پُر جوش ہیں۔

    پاک بھارت ٹاکرا، ٹیم سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی

    کپتان بابر اعظم کہتے ہیں بڑی بڑی باتیں کرنا ضروری نہیں، پرفارمنس میدان میں دکھائیں گے، سیلاب متاثرین سے اظہار یک جہتی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم آج سیاہ پٹیاں باندھ کرمیدان میں اترے گی۔

    کپتان بابر اعظم نے قوم سے سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کی اپیل بھی کی ہے۔

  • شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    پیانگ یانگ: جنوبی کوریا کی جانب سے آب دوز لانچ ہونے کے چند ہی گھنٹے بعد شمالی کوریا کی طرف سے بھی ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادھر اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر نے میزائل تجربات کے خلاف امریکی پالیسی کو مسترد کیا، اور ادھر شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا۔

    جنوبی کوریا کی ملٹری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج نے ملک کے مشرقی ساحل کی جانب ایک ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ داغا ہے، جب کہ جاپانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔

    میزائل کا تجربہ کرنے سے کچھ دیر پہلے ہی شمالی کوریا کے سفیر کم سانگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ان کے ملک کو قانونی دفاع کے حق سے کوئی بھی محروم نہیں رکھ سکتا، اور ان کے ملک کو میزائل تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔

    ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا میزائلوں کا یہ تیسرا تجربہ ہے، اس سے قبل اس نے ایک کروز میزائل اور دو بیلسٹک میزائلز کا تجربہ کیا تھا، واضح رہے کہ اقو ام متحدہ نے شمالی کوریا پر میزائلوں کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    میزائل کے تجربے کے فوراً بعد جنوبی کوریا کی حکومت نے قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ طلب کی اور میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ ایک کم فاصلے تک پہنچنے والا میزائل تھا اور شمالی کوریا نے ایسے وقت اس کا تجربہ کیا ہے جب کوریا جزیرہ نما میں سیاسی استحکام کی صورت حال بہت نازک ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ نے بھی میزائل تجربے کی مذمت کی ہے اور پیانگ یانگ سے مذاکرات کی اپیل کی ہے۔

  • پاکستان کا  بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

    پاکستان کا بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

    راولپنڈی : پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کرلیا ، غزنوی میزائل زمین سےزمین تک ہدف کوکامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ، تجربےکامقصدآرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈکی آپریشنل تیاریوں کوجانچناتھا، غزنوی میزائل زمین سے زمین تک ہدف کوکامیابی سےنشانہ بناسکتا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تجربےکےدوران میزائل ویپن سسٹم کےتکنیکی پیرامیٹرزکوجانچاگیا، آرمی اسٹریٹجک فورسزکمانڈکےکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمدعلی نےتجربے کامشاہدہ کیا، سائنسدان،انجینئرز ودیگراعلیٰ حکام بھی موقع پرموجودتھے۔

    ترجمان کے مطابق کمانڈراے ایس ایف سی نے کامیاب تجربےپرسائنسدانوں اورانجینئرزکوسراہا جبکہ صدر مملکت عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان اور عسکری قیادت نے کامیاب تجربے پرسائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

  • ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    تہران: ایران نے ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی، آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی کی موجودگی میں ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی گئی۔

    آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی سائنسدانوں نے فضا سے فضا، زمین سے فضا، زمین سے زمین، سطح سمندر سے سمندر، ساحل سے سمندر اور سمندر کے اندر مار کرنے والے میزائلوں اور تار پیڈو کی طاقت اور توانائی میں زبردست اضافہ کیا ہے اور ایرانی مسلح افواج، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لا رہی ہیں۔

    اس وقت ایران کے پاس مختلف قسم کے کروز میزائل ہیں جن میں قادر، ظفر، کوثر، نور، قدیر، نصرو، نصرِ بصیر اور سومار شامل ہیں، ان میزائلوں کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تمام میزائل گاڑی یا آبدوز سے چلائے جا سکتے ہیں۔

    بعد ازاں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 سالہ دفاع مقدس کے بعد واضح ہوگیا کہ اگر دشمن ایران کے خلاف جنگ شروع کرے تو اسے ختم کرنا دشمن کا کام نہیں ہے۔

  • امریکی فوج پر فائر کیے گئے ایرانی میزائلوں کی تصاویر وائرل

    امریکی فوج پر فائر کیے گئے ایرانی میزائلوں کی تصاویر وائرل

    تہران: گزشتہ رات عراق کے شہر بغداد میں امریکی فوجی اڈے پر داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی میڈیا نے امریکی فوجی اڈے عین الاسد پر فائر کیے گئے بیلسٹک میزائلوں کی وہ تصاویر دکھا دی ہیں جو فوجی اڈے پر پھٹنے کے بعد کی ہیں۔

    تصاویر میں ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے پھٹے ہوئے شیل واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز بھی وائرل ہو چکی ہیں جن میں فوجی اڈے پر میزائل پھٹتے دیکھا جا سکتا ہے، اور امریکی اس پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

    عراقی ملٹری کے مطابق گزشتہ رات دو امریکی فوجی اڈوں کو ایران کے اندر سے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا، ایران کی جانب سے 22 میزائل داغے گئے تھے جن میں سے 17 میزائل عین الاسد بیس جب کہ 5 اربل میں واقع دیگر اتحادی اہداف پر داغے گئے۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    عراقی فوج کے مطابق میزائل حملوں میں کوئی عراقی ہلاک نہیں ہوا، جب کہ ایران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم وزیر خارجہ ایران جواد ظریف کا کہنا ہے کہ درست صورت حال ایرانی فوج کی جانب سے بتائی جائے گی۔

    ایرانی پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق فوجی اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے۔ پینٹاگون نے تصدیق کی کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے، امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔