Tag: بیلٹ باکس

  • این اے 213 ضمنی الیکشن، خواتین پولنگ عملہ بیلٹ باکس سیل کرنے سے ناواقف

    این اے 213 ضمنی الیکشن، خواتین پولنگ عملہ بیلٹ باکس سیل کرنے سے ناواقف

    عمرکوٹ: این اے 213 پر ضمنی الیکشن کے دوران گورنمنٹ ڈگری کالج میں قائم خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر انوکھی صورت حال دیکھنے کو ملی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے، پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ ڈگری کالج میں اس وقت دل چسپ صورت حال دیکھنے کو ملی جب خواتین پولنگ عملہ بیلٹ باکس سیل کرنے سے ناواقف نکلا۔

    پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور عملہ بیلٹ باکس کو سیل لگانے کی کوششیں کرتا رہا، جب کسی سے بھی بیلٹ باکس کی سیل نہ لگی تو خواتین عملے نے باہر کھڑے پولیس اہلکار کو بلا لیا۔


    حلقہ این اے 213 کے حوالے سے مکمل معلومات


    پولیس اہلکار کی کوشش بھی ناکام رہی، عملے کی وجہ سے پولنگ شروع ہونے میں تاخیر بھی ہوئی، پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود خواتین ووٹرز انتظارکرتی رہیں۔

    بعد ازاں، مرد عملے کو طلب کر کے بیلٹ باکسز سیل کرائے گئے، اور آدھا گھنٹہ تاخیر سے پولنگ شروع ہو گئی۔

  • ویڈیو: جو بائیڈن کی زبان پھر پھسل پڑی، بیلٹ باکس کو بَیٹل باکس کہہ دیا

    ویڈیو: جو بائیڈن کی زبان پھر پھسل پڑی، بیلٹ باکس کو بَیٹل باکس کہہ دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر 81 سالہ جو بائیڈن اب اکثر اپنے ذہن اور زبان میں تال میل قائم رکھ نہیں پاتے اور مختلف الفاظ اور ناموں پر ان کی زبان پھسل جاتی ہے۔

    گزشتہ روز ایک بار پھر اس وقت جو بائیڈن کی زبان پھسلی جب وہ ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے حملے کے بعد قوم سے خطاب کر رہے تھے، اور سیاسی ماحول کی گرما گرمی کو ٹھنڈا کرنے کا مؤقف پیش کر رہے تھے۔

    وہ کہہ رہے تھے کہ سیاسی اختلافات بیلٹ باکس سے حل ہوتے ہیں، گولی سے نہیں، لیکن ان کی زبان پھسل گئی اور انھوں نے بیلٹ باکس کو بَیٹل باکس کہہ دیا۔

    جو بائیڈن نے امریکیوں سے سیاسی ماحول ’کول ڈاؤن‘ کرنے کی اپیل کر دی

    ان کا کہنا تھا کہ تشدد سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں کیا جا سکتا، اگر معاملات کو درست کرنا ہے تو رائے دہی کا طریقہ ہی اختیار کرنا پڑے گا، تاہم اس مرحلے پر وہ ووٹوں کے باکس کو ’’لڑائی کا باکس‘‘ کہہ گئے۔

    ٹرمپ نے حملے کے بعد ریپبلکن کنونشن کے لیے لکھی تقریر مکمل تبدیل کر دی

    اس مختصر تقریر میں انھوں نے کہا تھا کہ گرما گرمی بہت ہوئی، اب سیاسی درجہ حرارت کو کم کیا جائے، اختلاف کا مطلب دشمنی نہیں، اسے ٹھنڈا کرنے کا وقت آ گیا ہے، انھوں نے کہا یہ مفاہمت کا وقت ہے کیوں کہ غیر ملکی ایکٹرز ہمارے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں، اختلافات بیلٹ باکس کے ذریعے حل کرتے ہیں، گولی سے نہیں۔

  • این اے 236 میں بیلٹ باکس بھر گئے

    این اے 236 میں بیلٹ باکس بھر گئے

    کراچی: شہر قائد کے قومی اسمبلی کے انتخابی حلقے این اے 236 میں ووٹوں سے بیلٹ باکس بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے دو سو چھتیس میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد ووٹ ڈالنے نکل آئی، جس کی وجہ سے گلستان جوہر کے ایک پولنگ اسٹیشن میں بیلٹس باکسز بھر گئے تو دوسرے بلیٹ باکس لائے گئے۔

    این دو سو چھتیس میں ہی ووٹنگ کے عمل کے دوران کچھ مسائل کا بھی سامنا رہا، ایف بی آر آفس کے اندر بیسمنٹ میں بنایا گیا پولنگ اسٹیشن ووٹرز کے لیے وبال بن گیا ہے، جہاں ہوا اور روشنی کا کوئی انتظام ہے نہ ہی اندر آنے کا راستہ ٹھیک ہے، جس کی وجہ سے ووٹرز کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔

    اس حلقے کے ووٹرز نے ووٹنگ کے عمل میں تاخیر پر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ گلستان جوہر میں کراچی یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات میں قائم پولنگ اسٹیشن میں شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں، جہاں پولنگ 8 کی بجائے 11 بجے شروع ہوئی، ووٹرز الیکشن کمیشن کے انتظامات پہ برہم دکھائی دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حلقے میں ووٹرز کی بڑی تعداد کی وجہ سے بیلٹ باکسز ووٹوں سے بھر گئے تو الیکشن کمیشن کے عملے نے سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں انھیں سِیل کیا اور نئے باکسز رکھوائے گئے۔