Tag: بیل آؤٹ پیکج

  • پی آئی اے کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے اہم پیشرفت

    پی آئی اے کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے اہم پیشرفت

    کراچی : قومی ائیر لائن پی آئی اے کی نجکاری اور اسے بھاری مالی بحران سے نکالنے کی قوی امید پیدا ہوگئی، جس کی وجہ ادارے کو قرضہ ملنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے مالی بحران پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں، اس حوالے سے ایک بار پھر” بیل آؤٹ پیکج ” پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ، کمرشل بینکس اور پی آئی اے حکام میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد حکومت کی گارنٹی پر پی آئی اے کو بینکوں سے7.5ارب روپے ملنے کی امید روشن ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق 3بینکوں سے حکومتی قرضے پر آئندہ 2سے3روز میں حتمی فیصلہ متوقع ہے، پہلے مشروط آمادگی کے بعد پیچھے ہٹنے والے تینوں بینکوں سے دوبارہ معاملات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

    پی آئی اے کو مذکورہ قرضہ ملنے سے ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہوسکے گی، اس کے علاوہ پی ایس او کو بھی ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اےقرض ملنے کے بعد پلان بی پرزیادہ عمل درآمد کرے گا، انٹر نیشنل فلائٹس اور زیادہ ریونیو سیکٹر پر پروازوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ پی آئی اے کو ریفنڈز کی ادائیگی میں بھی مسائل کا سامنا ہے، قرض کے حصول سے مالی مشکلات دور کرنے میں مدد ملے گی۔

  • سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    کولمبو: سری لنکا بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے میں ناکام ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا نے بیل آؤٹ پیکج کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی شرائط پوری نہیں کیں، جس پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 3 ارب ڈالر کے قریب بیل آؤٹ پیکج کی منظوری مؤخر کر دی۔

    سری لنکا کو بیل آؤٹ پیکج لینے کے لیے عوامی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا، سری لنکن وزیرِ خزانہ کہتے ہیں قرضوں کی درخواست جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دہائیوں میں اپنے بدترین معاشی بحران سے نکلنے کا راستہ تلاش کرتے ہوئے، سری لنکا نے جون میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا ایک معاہدہ کیا تھا۔

    سری لنکا نے ستمبر میں کہا تھا کہ اسے توقع ہے کہ بورڈ سال کے آخر تک اس معاہدے کی منظوری دے دے گا۔ حالیہ مہینوں میں پیش رفت سست رہی ہے، اور سری لنکا کے وزیر خزانہ نے گزشتہ ماہ تسلیم کیا تھا کہ درخواست جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق سری لنکا کو قرض دہندگان سے پیشگی مالیاتی یقین دہانیاں حاصل کرنی ہوں گی، قرضوں کے بھاری بوجھ کو پائیدار راستے پر ڈالنا ہوگا اور عالمی قرض دہندہ کی جانب سے فنڈز کی تقسیم سے قبل عوامی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف نے مشترکہ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس میں سری لنکا کے تین اہم قرض دہندگان چین، جاپان اور بھارت شامل ہوں۔

  • آئی ایم ایف فنڈنگ کی رقم اور بیل آؤٹ پروگرام کی مدت میں اضافہ کرے گا: مفتاح اسماعیل

    آئی ایم ایف فنڈنگ کی رقم اور بیل آؤٹ پروگرام کی مدت میں اضافہ کرے گا: مفتاح اسماعیل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) فنڈنگ کی رقم اور بیل آؤٹ پروگرام کی مدت میں اضافہ کرے گا، بیل آؤٹ پروگرام بحالی پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) فنڈنگ کی رقم اور بیل آؤٹ پروگرام کی مدت میں اضافہ کرے گا، آئی ایم ایف پروگرام کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی جائے گی۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے ابھی تک کوئی واضح عندیہ نہیں دیا، الی سال 23-2022 کے بجٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، بیل آؤٹ پروگرام بحالی پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    دوسری جانب آئی ایم ایف کے پاکستان سربراہ کا کہنا ہے کہ میکرو اکنامک کو مضبوط بنانے کی پالیسیوں پر بات چیت جاری ہے، میکرو اکنامک اہداف کی یادداشت پر چند دن میں معاہدہ متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے 2019 میں 39 مہینوں کے 6 ارب ڈالر کا آئی ایم ایف پروگرام لیا تھا، اب تک صرف نصف فنڈز یعنی 3 ارب ڈالرز جاری کیے گئے ہیں۔

  • مواخذے کے بعد ٹرمپ کے خلاف ایک اور معاملے میں تحقیقات کا آغاز

    مواخذے کے بعد ٹرمپ کے خلاف ایک اور معاملے میں تحقیقات کا آغاز

    واشنگٹن: گزشتہ دنوں دو الزامات میں مواخذے کی تحریک کا سامنے کرنے والے امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف ایک اور معاملے میں تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فنڈز کی تقسیم میں جانب داری برتنے کا نیا الزام سامنے آ گیا ہے، امریکی احتساب آفس نے صدر ٹرمپ کے کسانوں کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کسانوں کے لیے 28 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج میں جانب داری کا مظاہرہ کیا گیا، ڈیموکریٹ سینیٹر ڈیبی اسٹیب ناؤ نے صدر ٹرمپ کے احتساب کے لیے درخواست دی تھی۔

    مواخذے کی تحریک ناکام، سینیٹ نے ٹرمپ کو الزامات سے بری کر دیا

    سینیٹر ڈیبی نے اس سلسلے میں کہا کہ ٹرمپ نے ری پبلکن جنوبی ریاستوں میں بیل آؤٹ پیکج کو استعمال کیا، ٹرمپ کے بیل آؤٹ پیکج میں کسانوں کی بہ جائےغیر ملکی کمپنیوں کو نوازا گیا گیا۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ دو الزامات میں مواخذے کی تحریک کا سامنا کرنے کے بعد اس سے سرخرو ہو کر نکلے ہیں، ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک کو سینیٹ نے مسترد کر دیا تھا، مواخذے میں اختیارات سے تجاوز اور کانگریس کو کام سے روکنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ مواخذے کے پہلے الزام پر ووٹنگ میں ٹرمپ کے حق میں 52 اور مخالفت میں 48 ووٹ پڑے، جب کہ دوسرے الزام پر ووٹنگ میں ٹرمپ کے حق میں 53 اور مخالفت میں 47 ووٹ پڑے۔

  • بیل آؤٹ پیکج : آئی ایم ایف نے پاکستان سے ٹیکسوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا

    بیل آؤٹ پیکج : آئی ایم ایف نے پاکستان سے ٹیکسوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے پاکستان سے ٹیکسوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا، آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان آئے گا، تیکنکی معاملات وفد کی آمد پر طے پا جانے کا امکان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے ٹیکسوں میں نمایاں اضافہ اور آئندہ مالی سال کیلئے محصولات کے حجم میں نمایاں اضافے کی مانگ کردی ہے۔

    آئی ایم ایف نے ٹیکس وصولی کا حجم 5400 ارب روپے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی کا ہدف تنتالیس سو اٹھانوے ارب روپے رکھاگیا تھا تاہم ابھی تک کے اعداد و شمار کے مطابق اس ہدف کا حصول بھی مشکل ہے۔

    آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی کے ہدف میں بائیس فیصد تک اضافے کی مانگ کردی جبکہ حکومت کے تحت چلنے والے اداروں کے نقصانات کوکم کرنے اورگردشی قرضے کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : آئی ایم ایف کےساتھ اصولی اتفاق ہوگیا ہے،پروگرام جلدمکمل ہوجائےگا، اسد عمر

    حکومتی تحویل میں اداروں کےقرض میں ہوشربااضافہ دیکھنے میں آیا، معاشی ماہرین کا کہنا ہے آئی ایم ایف پاکستانی معیشت کا ضرورت سے زیادہ برا نقشہ کھینچ رہا ہے، معاشی شرح نمو ساڑھے تین سے چار فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

    آئی ایم ایف کاکہناہےکہ پاکستانی معیشت کی شرح نموڈھائی فیصد رہے گی۔

    دوسری جانب آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان آئےگا، دورے میں ٹیکنکی معاملات طے پا جانے کا امکان ہیں۔

    خیال رہے پاکستان کا وفد آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہے، وفد کی قیادت وزیر خزانہ اسد عمر کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کےساتھ اصولی موقف طےپاگیاہے، پروگرام جلدمکمل ہوگا، یہ پروگرام پاکستانی معیشت کو بہتری کی طرف لے جائے گا۔

  • آئی ایم ایف مشن چیف کا 2 روزہ دورہ مکمل، اعلامیہ جاری

    آئی ایم ایف مشن چیف کا 2 روزہ دورہ مکمل، اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف ارنسٹو ریمیریز ریگو کا دو روزہ پاکستان کا دورہ مکمل ہو گیا، اس دوران آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام پر پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف ارنسٹو ریمیریز ریگو کا 2 روزہ دورہ مکمل ہو گیا، دورے کی تکمیل پر آئی ایم ایف کی طرف سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر پاکستانی حکام سے مذاکرات جار ی ہیں، آئی ایم ایف مشن چیف نے خزانہ، ریونیو اور تجارت کے وزرا سے ملاقاتیں کیں۔

    اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ مشن چیف نے سیکریٹری خزانہ، ایف بی آر چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئی ایم ایف مشن چیف پاکستانی معیشت میں جلد بہتری کے لیے پرامید

    آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور پاکستان کو در پیش چیلنجز پر مذاکرات ہوئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر آئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) مشن چیف ارنسٹو ریمریز نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات کی، مشن چیف نے ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں جلد بہتری کے لیے امید ظاہر کی۔

    عالمی ریٹنگز ایجنسی فیچ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور پاکستان میں معاہدہ جلد متوقع ہے اور پلان کا حجم گزشتہ پلان سے دگنا ہوگا، آئی ایم ایف پاکستان کو 12 ارب ڈالر دے گا۔

  • آئی ایم ایف سے معاہدے پربات چیت آخری مرحلے میں ہے‘ اسد عمر

    آئی ایم ایف سے معاہدے پربات چیت آخری مرحلے میں ہے‘ اسد عمر

    راولپنڈی : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترنول پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج پربات چیت آخری مرحلے میں ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے اور آئی ایم ایف کے درمیان ممکنہ بیل آؤٹ پیکج پراختلافات میں کمی آئی ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حتمی معاہدہ ان سے مذاکرات کے بعد ہوگا، اب تک بیل آؤٹ پیکج پر کوئی بھی رقم طے نہیں پائی۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کی پاکستان آمد سے قبل فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایشیا پیسیفک گروپ بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    اسد عمر نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مشن کو حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے اٹھائے گئے سخت اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

    ایف اے ٹی ایف کے لیے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں: اسد عمر

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دورکی نسبت مشکل فیصلے کیے گئے، مہنگائی کی اصل وجہ گزشتہ حکومت کا خسارہ ہے۔

  • بیل آؤٹ پیکج : آئی ایم ایف نے پاکستان سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کردیا

    بیل آؤٹ پیکج : آئی ایم ایف نے پاکستان سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام سے مذاکرات مثبت اور تعمیری رہے ہیں، یہ سلسلہ مزید جاری رہے گا، یہ بات آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے ہونے والے مذکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام سے مذاکرات مثبت اور تعمیری رہے ہیں، جس میں معاشی ترجیحات اور اصلاحات پر ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھنے کی کوشش کی گئی۔

    اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف اور حکومت نے مالی اور جاری خسارہ کم کرنے کیلئے اقدامات پر اتفاق کیا ، مذکرات میں معاشی اصلاحات، سماجی تحفظ اور گورننس بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا، آئندہ آنے والے ہفتوں میں پاکستان سے مذکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی  تمام شرائط کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کی تمام شرائط ماننے سے انکار کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو ٹیکس بڑھانے سمیت دیگر کڑی شرائط نہ ماننے کی ہدایت دی ہے۔

    مزید پڑھیں: بیل آؤٹ پیکج ، وزیراعظم کا آئی ایم ایف کی تمام شرائط ماننے سے صاف انکار

    ذرائع وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات بے نتیجہ رہنے کی تصدیق کی ہے، اب آئی ایم ایف کا وفد پندرہ جنوری کے بعد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔

  • بیل آؤٹ پیکج : وزیراعظم کا آئی ایم ایف کی تمام شرائط ماننے سے صاف انکار

    بیل آؤٹ پیکج : وزیراعظم کا آئی ایم ایف کی تمام شرائط ماننے سے صاف انکار

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج پر اس کی تمام شرائط ماننے سے انکار کردیا ہے، وزیرخزانہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ٹیکس بڑھانے سمیت دیگر کڑی شرائط نہ مانی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے وزیر اعظم سے عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر وزارت خزانہ کے حکام نے وزیر اعظم کو آئی ایم ایف ٹیم سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کی تمام شرائط ماننے سے انکار کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو ٹیکس بڑھانے سمیت دیگر کڑی شرائط نہ ماننے کی ہدایت دی۔

    وزیراعظم نے ٹیکس، معاشی اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی بنانے کی شرائط ماننے پر اتفاق کیا جبکہ جنرل سیلزٹیکس18فیصد اور150ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے سے واضح طور پر انکار کردیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے بعض مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کے بعد اسلام آباد میں جاری مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا، دو ہفتے سے جاری مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے، آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کے بدلے سی پیک منصوبوں کی تفصیلات اور شرائط مانگی تھیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کا آئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے انکار، مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم

    اس کے علاوہ بجلی اور گیس کی قیمت میں بیس فی صد اضافے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا، آئی ایم ایف وفد کا یہ مطالبہ تھا کہ ڈالرکی قدر کے تعین میں حکومت کا عمل دخل نہ ہو، ساتھ ہی محصولات کاہدف چار ہزار سات سو ارب ہونا چاہیے۔

    ذرائع وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات بے نتیجہ رہنے کی تصدیق کی ہے، اب آئی ایم ایف کا وفد پندرہ جنوری کے بعد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔