Tag: بینک اکاؤنٹ

  • حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں ، اہم انکشاف

    حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں ، اہم انکشاف

    کراچی : حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں ، جس میں بینک میں 3 لاکھ 98 ہزار سے زائد رقم موجود ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغرکی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    تفتیشی پولیس کو حمیرااصغر کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات موصول ہوگئیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ حمیرا کے استعمال میں نجی بینک میں کرنٹ اکاؤنٹ تھا اور بینک میں 3لاکھ 98ہزار سے زائد رقم موجود ہے۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایم کا استعمال کرکے کبھی 25 اور کبھی 50 ہزار نکالتی تھیں، ان کی ٹرانزکشز سے لگتا ہے مالی پریشانی کا شکارنہیں تھیں۔

    اداکارہ کے دیگر بینک اکاؤنٹ کی چھان بین کیلئے بینکوں کو لکھا گیا ہے۔

    حمیرا اصغر کی موت حادثاتی یا قتل؟ خصوصی ٹیم نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا

    ذرائع نے کہا کہ حمیرا کے گھر سے کسی قسم جیولری نہیں ملی، نقد رقم اور زیورات نہ ملنے کو تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے تفتیشی پولیس نے بتایا  تھا کہ فلیٹ سے یوٹیلیٹی بلز اور گھر کے کرائے کی سلپ مئی 2024 تک کی ملی ہے

    تفتیشی پولیس کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی موت سے قبل کپڑے دھونے کے شواہد ملے ہیں، لاش بیڈ روم کے ساتھ والے کمرے میں موجود تھی، جس کمرے سے لاش ملی ہے، اس کے واش روم کے ٹب میں کپڑے موجود تھے اور جس کمرے میں لاش تھی وہاں بالکونی کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔

    حکام نے بتایا کہ حمیرا کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی، پڑوسیوں کو دسمبر2024 میں فلیٹ سے بدبو محسوس ہوئی لیکن 8 جولائی کو بیلف، پولیس اورلاک کاٹنے والے شخص کے ہمراہ فلیٹ پہنچا تو اداکارہ کی لاش ملی۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سکس میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

  • مبشر کھوکھر کا قتل، ملزم اور ان کی والدہ کے اکاؤنٹ میں ڈھائی کروڑ کی موجودگی کا انکشاف

    مبشر کھوکھر کا قتل، ملزم اور ان کی والدہ کے اکاؤنٹ میں ڈھائی کروڑ کی موجودگی کا انکشاف

    لاہور: مبشر کھوکھر کے قتل کیس میں ملزم اور ان کی والدہ کے اکاؤنٹ میں ڈھائی کروڑ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل میں تفتیش نے نیا موڑ لے لیا ہے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مرکزی ملزم کی والدہ کو بھی حراست میں لے لیا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم کی والدہ کے بینک اکاؤنٹ میں 1 کڑور روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، دوسری طرف مرکزی ملزم ناظم کے بینک اکاؤنٹ میں بھی ڈیڑھ کروڑ روپے پائے گئے ہیں۔

    مبشر کھوکھر قتل کیس، سیکیورٹی کے خاص انتظامات کے باوجود ملزم پنڈال کیسے پہنچا؟

    خیال رہے کہ مرکزی ملزم ناظم مقتول مبشر کھوکھر کے پاس بھائی سمیت ملازم تھا، پولیس یہ جاننے کے لیے تفتیش کر رہی ہے کہ ناظم کے پاس اتنی رقم کہاں سے آئی، اس قتل کے پیچھے اصل ہاتھ کس کا ہاتھ ہے، اور کس نے اتنی رقم ملزم کو دی۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم ناظم روزانہ کی بنیاد پر اپنا بیان بھی تبدیل کر رہا ہے۔

    مبشر کھوکھر قتل، ملزمان کے ریمانڈ کے لیے شواہد ناکافی قرار

    دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ناظم نے رقم جمع کرانے کے لیے جائیداد فروخت کرنے کا جعلی اسٹام پیپر بنوایا تھا، جسے پولیس نے برآمد کر لیا ہے، ملزم نے بینک کو ظاہر کیا تھا کہ اس نے اپنی جائیداد فروخت کی ہے۔

  • ذہنی معذور افراد کے لیے اسٹیٹ بینک کا اہم قدم

    ذہنی معذور افراد کے لیے اسٹیٹ بینک کا اہم قدم

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عدالت کے مقررہ منیجر کے ذریعے ذہنی معذور افراد کا اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت مہیا کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ذہنی معذوری کے شکار افراد کو ایک واضح طریقے کے ذریعے بینک اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دے کر انھیں ایک اہم سہولت مہیا کی ہے، یہ طریقہ کار فریقین کی مشاورت کے بعد وضع کیا گیا ہے۔

    پاکستان میں اب پہلی مرتبہ ذہنی معذور صارفین کے ایک نئے زمرے کے تحت بینک اکاؤنٹ کھولنے کے قابل ہو جائیں گے، جس کا نام ’ذہنی معذور فرد کا اکاؤنٹ‘ ہوگا، جسے اسٹیٹ بینک نے اے ایم ایل/ سی ایف ٹی/ سی پی ایف ضوابط میں متعارف کرایا ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذہنی معذور افراد کو ذہنی صحت کے قابل اطلاق قوانین کے مطابق عدالت کے مقرر ہ منیجر کی مدد سے اکاؤنٹ کھولنے اور اسے برقرار رکھنے میں سہولت دے سکتے ہیں۔

    اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ کار ذہنی معذور شخص اور عدالت کے مقررہ منیجر کی نادرا کے ذریعے بائیو میٹرک توثیق اور ان کی قانونی شناختی دستاویزات پیش کرنے پر مشتمل ہوگا، مزید برآں، بینک مقررہ منیجر کی قانونی حیثیت یقینی بنانے کے لیے عدالتی حکم کی توثیق شدہ اصل کاپی کی توثیق کرے گا۔

    واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک پہلے بھی بینکاری صنعت کی مشاورت سے معذور افراد کے لیے بعض اقدامات کر چکا ہے، جیسا کہ ان کی ملازمت کو خصوصی ترجیح دینا اور ان کی رسائی کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانا، اور بینکوں کی برانچز میں ریمپ اور وھیل چیئر کی سہولتوں کی فراہمی۔

    اسٹیٹ بینک مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے زر اعانت یافتہ مالی سہولتیں اور قرضہ ضمانت اسکیمیں بھی فراہم کر چکا ہے، اسٹیٹ بینک کے حالیہ قدم کے ساتھ معذور افراد کے لیے ایک نئی جامع مالی شمولیت کی پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔

  • ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین گرفتار

    ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین گرفتار

    کراچی: ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے ایک کارروائی میں آج نیشنل بینک کے 3 ملازمین اور ایک پرائیوٹ ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملازمین میں اشہد صدیقی، جہانزیب بشیر، کریم بخش، اور محمد اوصاف نامی افراد شامل ہیں، ملزمان 84 لاکھ روپے سے زائد کی خورد برد میں ملوث ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق بینک ملازمین نے ملی بھگت سے جعل سازی اور فراڈ کی واردات کی تھی، اشہد صدیقی نے ملی بھگت سے اپنے ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرائی۔

    ایف آئی اے کا جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹرگرفتار

    بینک منیجر کی جانب سے اس واقعے کی شکایت پر 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خواجہ کا کہنا ہے کہ فراڈ میں ملوث خالد رشید، حسین میمن اور مزید 2 بینکار بھی گرفتار ہوں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے ایک کارروائی میں اسلام آباد سے آفاق نامی جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو گرفتار کیا تھا، جو نوشہرہ کا رہائشی تھا، ملزم نے شہری سے انٹیلیجنس بیورو میں بھرتی کے نام پر 15 لاکھ روپے لیے تھے۔

  • گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق، بینکوں نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی

    گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق، بینکوں نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی

    کراچی : بینک اکاوٴنٹس کی گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے لیے بیشتر بینکوں نے خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی ہیں، بائیومیٹرک کی تصدیق کی آخری تاریخ تیس جون ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بینک صارفین کے لیے خوشخبری آگئی۔ بینک اکاونٹس کی بائیو میٹرک تصدیق کرانا کرانا بہت آسان ہوگیا۔ اب بینک اکاوٴنٹس کی بائیومیٹرک تصدیق کرانے کے لیے بینک کے چکر لگانے نہیں پڑیں گے بلکہ اکاؤنٹ ہولڈر گھر بیٹھے ہی اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کرواسکے گا۔

    اس سلسلے میں بیشتر بینکوں نے خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی ہیں۔ مذکورہ ایپلی کشن میں اکاؤنٹ ہولڈر کی تفصیلات نادرہ کے ڈیٹا بیس سے میچ ہوتی ہیں اور وہ گھر بیٹھے ہی صارف کے اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق ہوجاتی ہے۔

    شہریوں نے بینکوں کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ مذکورہ اپیلکیشن سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی مدد گار ثابت ہوگی، یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کےاحکامات کے تحت اکاؤنٹس ہولڈروں کے لیے بائیو میٹرک کی تصدیق کی آخری تاریخ تیس جون ہے۔