کراچی : نجی کمپنی سے 53 کروڑ سے زائد کے بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر اور دیگر کی درخواست ضمانت پیشرفت نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نجی کمپنی سے 53 کروڑ سے زائد کے بینک فراڈ کیس کی سماعت ہوئی۔
اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر اور دیگر کی درخواست ضمانت پرسماعت کی گئی، جونئیر وکیل نے استدعا کی ملزم کے وکیل کی طبیعت ناساز ہے، سماعت ملتوی کی جائے۔
جس پر سندھ ہائیکورٹ نے سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی۔
ٹرائل کورٹ نے عاطف خان،امتیاز اور فیصل کی ضمانت کی درخواستیں مستردکردی تھیں جبکہ نادیہ حسین کی ضمانت میں توثیق کی تھی۔
کراچی:ملزم امتیاز اور فیصل احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے تھے اور فرار ملزمان نےگرفتاری سےبچنےکیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
مزید پڑھیں : بینک فراڈ کیس : اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کی ضمانت کا معاملہ لٹک گیا
بعد ازاں عدالت کی جانب سےتینوں ملزمان کی درخواست ضمانت ایک ساتھ سماعت کا کہا گیا تھا۔
یاد رہے اداکارہ نادیہ حسین عدالت میں پیش ہوئی تھیں ، سماعت کے دوران ملزم کے وکیل مکیش کمار نے عدالت کو بتایا تھا کہ عاطف خان بیماری میں مبتلا ہے جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے انکا اطلاق نہیں ہوتا ہے اور ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔
اس سے قبل فراڈ کی رقم کی بینیفشری اداکارہ نادیہ حسین نے ایف آئی اے کے سامنے شوہر کے اکاؤنٹ سے منتقل فنڈز کے ذرائع سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی دھوکا دہی سرگرمی میں راز دار نہیں۔
اداکارہ نے بیان میں کہا تھا کہ حلفیہ کہتی ہوں فنڈز کے ذرائع کے بارے میں کبھی علم نہیں تھا، فنڈز ذرائع کے سلسلے میں کبھی کوئی سوال نہیں کیا، میاں بیوی کے طور پر ہم ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں۔
نادیہ نے بتایا تھا کہ عاطف خان نے میرا کاروبار قائم کرنےمیں میری مدد کی، کسی دھوکا دہی سرگرمی میں راز دار نہیں جس میں شوہر ملوث ہوسکتا تھا اور نہ ہی میں کسی فراڈ کا حصہ تھی۔