Tag: بینک ملازمین

  • بینک ملازمین شہریوں کے چوری شدہ شناختی کارڈ کی فروخت میں ملوث

    بینک ملازمین شہریوں کے چوری شدہ شناختی کارڈ کی فروخت میں ملوث

    لاہور : ‏ملک میں شہریوں کے شناختی کارڈ کی کاپیاں بیچنے کا کاروبار عروج پر ہے، کس کا آئی ڈی کارڈ کب اور کہاں کس کے پاس نکل آئے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    جرائم پیشہ اور دھوکہ باز عناصر اپنے مقاصد اور وارداتوں کیلیے ایسے شناختی کارڈ ہی استعمال کرتے ہیں تاکہ پکڑائی کی صورت میں شناختی کارڈ کا اصل مالک قانون کی گرفت میں آئے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے لاہور میں کامیاب کارروائی کی اور ایسے لوگوں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

    ٹیم سر عام نے آج کے پروگرام میں ایسے بھیانک رازوں کو فاش کیا کہ جس کو دیکھ کر ہر پاکستانی خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے گا کیونکہ شناختی کارڈ کی کاپیاں فروخت کرنا ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔

    سب سے خطرناک بات یہ سامنے آئی کہ بینک ملازمین بھی صارفین کے شناختی کارڈ کی کاپیاں فروخت کررہے تھے، ٹیم سرعام نے ایک ایسے ہی محمس رمضان نامی ملازم سے وہ کاپیاں خریدی تھیں۔

    پہلے تو اس نے یہ کام کرنے سے انکار کیا لیکن تھوری سی پس و پیش کے بعد اس کو اپنے جرم کا اعتراف کرنا پڑا۔ بینک منیجر سے بات کرنے پر انہوں نے اس بات کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے اس شخص کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

    اس کے علاوہ موبائل فون کمپنی کے مائیکرو فنانس بینک کا افسر شہباز احمد بھی اسی جرم کا مرتکب تھا، اس نے بھی انتہائی بے شرمی سے اپنے اس جرم پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کی۔

    مزید پڑھیں : جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا کے سابق افسران گرفتار

    اس سے زیادہ خطرناک بات یہ سامنے آئی کہ اس چوری شدہ شناختی کارڈز سے مائیکرو فنانس بینک کے اکاؤنٹس باآسانی بنائے جاسکتے ہیں اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ موبائل ایپلی کیشنز نے بھی شناختی کارڈ پر کسی اور کے فنگر پرنٹس کو ویری فائی بھی کردیا۔ یہ صورتحال نادرا اور موبائل فون کمپنیوں کیلیے سوالیہ نشان ہیں۔

  • لاہور: نامعلوم افراد کے تشدد سے باپ قتل، ملزمان نے بتایا بینک ملازم ہیں، زخمی بیٹی کا بیان

    لاہور: نامعلوم افراد کے تشدد سے باپ قتل، ملزمان نے بتایا بینک ملازم ہیں، زخمی بیٹی کا بیان

    لاہور: وفاقی کالونی جوہر ٹاؤن میں نامعلوم افراد کے تشدد سے باپ قتل جب کہ جواں سال بیٹی زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وفاقی کالونی جوہر ٹاؤن میں نامعلوم افراد کے تشدد سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، مقتول کی بیٹی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بتایا کہ وہ بینک ملازمین ہیں۔

    واقعے کے بعد 24 سالہ زخمی بیٹی زینب کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے، سی سی پی او بلال صدیق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    زخمی لڑکی زینب نے بیان میں بتایا کہ ملزمان نے حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بینک ملازمین ہیں، ہم نے کال کی تو تم نے گالیاں نکالیں، تمھیں زندہ نہیں چھوڑیں گے۔

    زینب نے کہا حملہ آور نے میرے سر پر کوئی چیز ماری جس سے میں لہولہان ہوگئی، میں نے خود کو کمرے میں بند کر کے جان بچائی، سوائے ایک چین کے حملہ آوروں نے کوئی چیز نہیں اٹھائی، وہ صرف ہمیں مارنے آئے تھے۔

    مقتول شخص کے داماد نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیوی کے نمبر پر کچھ دنوں سے بینک اسکیم سے متعلق کال آ رہی تھی۔

  • بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت

    بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے حکومت کی پریشانی کا یہ عالم ہے کہ بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی دباؤ پر سرکاری اور پرائیویٹ بینک ملازمین کو انتباہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بینک ملازمین سوشل میڈیا پر سیاسی طرف داری کی تشہیر نہ کریں۔

    انتباہ کے مطابق کوئی بھی بینک ملازم دھرنے یا لانگ مارچ میں شرکت نہ کرے، آئندہ 2،3 دن کسی بینک ملازم کو کوئی چھٹی نہیں ملے گی، بینک ملازم کو چھٹی چاہیے تو دستاویز کی صورت میں ثبوت جمع کرائے۔

    بینک ملازمین کو اے ٹی ایم میں کم سے کم کیش رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند، خیبر پختون خوا سے بھی رابطہ منقطع

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی مارچ ہونے والا ہے، جس میں عمران خان سہ پہر تین بجے خیبر پختون خوا سے پہنچیں گے۔

    تاہم حکومت کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختون خوا سے اسلام آباد کی طرف جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، ہر جگہ کنٹینرز کی بھرمار ہے، جگہ جگہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

    صوابی سے آنے والے راستے پر سڑک پر تارکول ڈال کر اس پر کانچ کے ٹکڑے پھینکے گئے ہیں، تاکہ قافلے اسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔

  • رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کے لیے دفتری اور کاروباری اوقات کا اعلان کر دیا، تمام بینک پیر تا جمعرات صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ  بجے تک کھلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کیلئے دفتری اوقات کا اعلان کر دیا ، جس کے تحت اسٹیٹ بینک پیرتاجمعرات صبح10 سے4بجےسہ پہر تک کھلے گا تاہم جمعہ کو دفتر کے اوقات صبح 10سےدوپہر ایک بجے تک ہوں گے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ تمام بینک پیر تا جمعرات صبح10 سےدوپہرڈیڑھ  بجے تک کھلیں گے جبکہ جمعہ کے روز صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔

    خیال رہے رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اداروں میں روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی جاتی ہے۔

    واضح رہے محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند کل نظر آنے کے امکانات ظاہر کئے ہیں، کل چاند نظر آنے کی صورت میں پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا۔

  • ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین گرفتار

    ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین گرفتار

    کراچی: ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے والے بینک ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے ایک کارروائی میں آج نیشنل بینک کے 3 ملازمین اور ایک پرائیوٹ ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملازمین میں اشہد صدیقی، جہانزیب بشیر، کریم بخش، اور محمد اوصاف نامی افراد شامل ہیں، ملزمان 84 لاکھ روپے سے زائد کی خورد برد میں ملوث ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق بینک ملازمین نے ملی بھگت سے جعل سازی اور فراڈ کی واردات کی تھی، اشہد صدیقی نے ملی بھگت سے اپنے ہم نام اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرائی۔

    ایف آئی اے کا جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹرگرفتار

    بینک منیجر کی جانب سے اس واقعے کی شکایت پر 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خواجہ کا کہنا ہے کہ فراڈ میں ملوث خالد رشید، حسین میمن اور مزید 2 بینکار بھی گرفتار ہوں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے ایک کارروائی میں اسلام آباد سے آفاق نامی جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو گرفتار کیا تھا، جو نوشہرہ کا رہائشی تھا، ملزم نے شہری سے انٹیلیجنس بیورو میں بھرتی کے نام پر 15 لاکھ روپے لیے تھے۔

  • حافظ آباد: بینک کے7 ملازمین میں کرونا وائرس کی تشخیص

    حافظ آباد: بینک کے7 ملازمین میں کرونا وائرس کی تشخیص

    حافظ آباد: صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں نجی بینک کے عملے کے 7 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ حافظ آباد میں نجی بینک کے عملے کے 7 افراد میں کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ ملازمین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مین برانچ سیل کر دی گئی۔

    ترجمان محکمہ صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ کرونا متاثرین کوگھروں پر قرنطینہ کر دیاگیا،بینک اسٹاف کے اہل خانہ کے ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کروناوائرس کے 919 نئے کیس سامنے آ گئے،صوبے میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 22037 ہوگئی۔پنجاب میں کرونا وائرس سے مزید 19اموات کے بعد مرنے والوں کی 381 ہوگئی۔

    ترجمان ہیلتھ کئیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک 217726 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبے میں کرونا کوشکست دینے والوں کی تعداد 6326 ہو گئی ہے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے1260 اموات، کیسز61,227 ہوگئے

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 36 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 1260 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 61,227 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اموات کی تعداد 1260 ہوگئی ہے۔