Tag: بینک

  • مسلح افراد نے بینک سے 18 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لئے

    مسلح افراد نے بینک سے 18 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لئے

    منی پور: بھارت میں پنجاب نیشنل بینک سے نامعلوم مسلح گروہ نے کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منی پور کے اکھرول قصبے میں پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کی برانچ سے ایک نامعلوم مسلح گروہ نے 18.85 کروڑ روپے لوٹ لیے ہیں۔

    بھارتی میدیا رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کی واردات شام کے وقت ہوئی جہاں 8 سے 10 مسلح افراد نے بینک کی شاخ پر دھاوا بول دیا، دن بھر کے لین دین کے بعد جب بینک ملازمین رقم گن رہے تھے تو 18.85 کروڑ روپے لوٹ لئے گئے۔

    عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم نقاب پوش افراد کے پاس مبینہ طور پر جدید ترین ہتھیار تھے اور انہوں نے پی این بی برانچ کے سکیورٹی اہلکاروں اور عملے کو باندھ دیا تھا۔

    بینک اتھارٹی نے اس سلسلے میں پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی ہے، سیکیورٹی فورسز نے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • سعودی عرب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں کمی کیوں ہوئی؟

    سعودی عرب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں کمی کیوں ہوئی؟

    ریاض: سعودی عرب سے مختلف ممالک کو بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں رواں برس ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے، ترسیلات زر بھجوانے کی شرح میں کمی 2011 کے بعد پہلی بار دیکھی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی سینٹرل بینک ساما نے کہا کہ سنہ 2011 کے بعد سے پہلی بار سعودی عرب میں مقیم تارکین کی ترسیلات زر 10 ارب ریال سے کم ریکارڈ کی گئی ہیں۔

    اپریل 2023 کے دوران سعودی عرب میں سالانہ بنیاد پر تارکین کی ترسیل زر 27.3 فیصد کم ہوئی ہے۔

    تارکین نے اپریل 2023 کے دوران 9.92 ارب ریال بھجوائے جبکہ 2022 کے اپریل میں 13.65 ارب ریال بھجوائے تھے اور یوں 3.7 ارب ریال کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    ساما کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تارکین نے پہلی بار 2011 کے دوران مسلسل 3 ماہ تک 10 ارب ریال سے کم بھجوائے تھے۔

    فروری میں 9.76 ارب ریال اور مارچ میں 9.59 ارب ریال بھجوائے، یہ 45 ماہ میں کم ترین ترسیل ہے۔

    سال رواں کے آغاز سے اب تک تارکین نے 39.79 ارب ریال بھجوائے، سالانہ بنیاد پر یہ شرح 23.6 فیصد کم ہے۔

    گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 52.1 ارب ریال بھجوائے گئے تھے، اس دوران 12.3 ارب ریال کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔

    سنہ 2022 کے دوران تارکین نے 143.2 ارب ریال بھجوائے تھے جبکہ 2021 میں 153.9 ارب ریال بھیجے تھے اور 6.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔

  • بینک میں خود کش حملہ آور کو دیکھ کر لوگوں کے ہوش اڑ گئے

    بینک میں خود کش حملہ آور کو دیکھ کر لوگوں کے ہوش اڑ گئے

    حیدرآباد: بھارت میں ایک خودکش بمبار ماسک لگائے بینک میں داخل ہوگیا اور رقم کا مطالبہ کرنے لگا جسے دیکھ کر لوگوں کے ہوش اُڑ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر حیدرآباد کے بینک میں ایک شخص ماسک لگائے داخل ہوا، بینک سے رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے اس نے دھمکی دی کہ اگر رقم نہیں دی گئی تو وہ خود کش بم سے سب کو لے اڑے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ شیواجی نامی شخص نے اپنے جسم پر بم باندھ کر عملے کو دھمکی دی کہ اسے دو لاکھ چاہیے، اگر مجھے رقم نہ دی گئی تو میں خود کو بم دھماکہ سے اڑا لوں گا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بینک کے سیکیورٹی عملے نے چالاکی سے کام لیا اور جعلی خودکش بمبار کو  پکڑتے ہوئے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

    پولیس اطلاع ملنے کے بعد بینک پہنچی اور حملہ آور کو گرفتار کرلیا تاہم ملزم کی گرفتاری کے بعد اصل بات سامنے آئی، جس کے بعد پتا چلا کہ شیواجی کے جسم پر بم نقلی ہے۔

    پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے پوچھ گچھ کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے، تفتیش کے دروان شیواجی نے بتایا کہ اس نے یو ٹیوب میں دیکھ کر لوٹنے کا یہ منصوبہ بنایا تھا جو ناکام ہوگیا۔

  • امریکا کے 2 بڑے بینک دیوالیہ ہوگئے، اسٹاک مارکیٹس میں مندی

    امریکا کے 2 بڑے بینک دیوالیہ ہوگئے، اسٹاک مارکیٹس میں مندی

    واشنگٹن: امریکا کے 2 بڑے بینک دیوالیہ ہوگئے جس کے بعد اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی جارہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا شدید بینکنگ بحران کی زد میں آگیا ہے، شرح سود بڑھنے سے امریکا کے 2 بینک دیوالیہ ہوگئے۔

    امریکا کا سگنچر بینک بھی دیوالیہ ہوچکا ہے جبکہ سیلیکون ویلی بینک جمعہ کو دیوالیہ ہو گیا تھا۔

    بینکوں کے دیوالیہ ہونے کا سن کر عوام بینکوں سے اپنے ڈپازٹس نکلوانے کے لیے دوڑ پڑے، افرا تفری کی صورتحال دیکھ کر امریکی صدر بائیڈن کو قوم سے خطاب کرنا پڑا۔

    امریکی صدر نے اپنے خطاب میں عوام کو یقین دلایا کہ کوئی بحران نہیں ہے۔

    دوسری جانب بینکنگ انڈسٹری میں بحران کے بعد اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی جارہی ہے۔

  • مرد منہ دیکھتے رہ گئے، خاتون بینک ملازم نے ڈکیت کو مار بھگایا

    مرد منہ دیکھتے رہ گئے، خاتون بینک ملازم نے ڈکیت کو مار بھگایا

    بھارت میں بہادر خاتون ملازم نے بینک میں ڈکیتی کی نیت سے گھنسے والے شخص کو مار بھگایا، سوشل میڈیا صارفین خاتون کی بہادری کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو ریاست راجھستان کے شہر سری گنگا نگر کے ایک بینک کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منہ پر ڈھاٹا باندھے ایک شخص بینک میں گھس آیا ہے، اس کے ہاتھ میں بڑا سا چھرا ہے۔

    اس دوران ایک خاتون بینک کے اندر سے نکلتی ہیں اور نہایت سکون سے ڈکیت سے بات کرتی ہیں، ڈکیت بوکھلائے ہوئے انداز میں چاقو لہرا کر سب کو دھمکاتا ہے۔

    اس دوران ایک شخص ڈکیت کا چاقو چھیننے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے، ڈکیت بپھر جاتا ہے جس پر وہاں موجود لوگ اسے پرسکون کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    اسی دوران اس کے سامان سے ایک پلائیر (پلاس) گر جاتا ہے اور خاتون لپک کے اسے اٹھا لیتی ہیں، اس کے بعد وہ پلائیر کے ذریعے ڈکیت کو آگے آنے سے روکنے کی کوشش کرتی ہیں۔

    حواس باختہ ڈاکو خاتون پر حملے کی کوشش کرتا ہے لیکن وہ خود کو بچا لیتی ہیں، اس دوران وہ پلاس سے اسے دھمکاتی رہتی ہیں، اپنا مقصد ناکام ہوتا دیکھ کر ڈاکو گھبرایا ہوا وہاں سے نکل جاتا ہے جس کے بعد بینک کا عملہ پولیس کو فون کرتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خاتون کی بہادری کی بے حد تعریف کی گئی، پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون کا نام پونم گپتا ہے جو بینک مینیجر ہیں۔

    پولیس نے مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

  • بینکوں کے حکام نے ڈالر کی مصنوعی قلت پیدا کر کے مارکیٹ سے مہنگی ایل سی کھولیں، رپورٹ طلب

    بینکوں کے حکام نے ڈالر کی مصنوعی قلت پیدا کر کے مارکیٹ سے مہنگی ایل سی کھولیں، رپورٹ طلب

    لاہور: بینکوں کے حکام نے ڈالر کی مصنوعی قلت پیدا کر کے مارکیٹ سے مہنگی ایل سی کھولیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بینکوں میں امپورٹرز کی ایل سی مارکیٹ ریٹ سے 5 تا 8 روپے فی ڈالر زائد کھولنے کے معاملے پر روپورٹ طلب کر لی۔

    وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں بینکوں کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

    بینکوں کے اس اقدام سے کاروباری طبقے کو کروڑوں روپے اضافی ادائیگی کرنا پڑی۔

    بینکس حکام نے ڈالر کی مصنوعی قلت پیدا کر کے مارکیٹ سے مہنگی ایل سی کھولیں، اور ایل سیز کھولنے پر امپورٹرز سے ناجائز کروڑوں روپے کمائے، یہ دھندہ کئی ہفتوں تک جاری رہا۔

    اپٹما سربراہ گوہر اعجاز وزیر اعظم سے پہلے ہی انکوائری کا مطالبہ کر چکے ہیں، بینکوں نے ڈالرائزینشن سے اربوں روپے منافع کمایا، یہ سارا بوجھ ہماری معیشت اور روپے پر ڈالا گیا تھا۔

    گوہر اعجاز نے کہا کہ وزیر خزانہ کے لیے یہ ٹیسٹ کیس ہے، صنعت کار اور تاجر آڈٹ انکوائری کو سراہتے ہیں۔

  • کویت: بینکوں کے اوقات کار تبدیل کرنے پر غور

    کویت: بینکوں کے اوقات کار تبدیل کرنے پر غور

    کویت سٹی: کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت میں مقامی بینک صبح ساڑھے 9 بجے سے شام 5 بجے تک بینکوں میں کام کے اوقات میں ترمیم کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مناسب اور حتمی فیصلہ لینے اور اس سلسلے میں کویت کے مرکزی بینک کے ساتھ بات چیت کا دروازہ کھولنے سے قبل اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔

    کویت کا مرکزی بینک سکے جمع کرنے والوں کے شائع کردہ اشتہارات کی نگرانی بھی کر رہا ہے جو کویتی دینار کے بینک نوٹوں کے چھٹے شمارے کو ان کی مالی قدر سے زیادہ قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب کویت کے مرکزی بینک نے مقامی بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ الیکٹرانک مقامی رقم کی منتقلی کے لیے فیس وصول کرنا بند کر دیں۔

    مرکزی بینک نے واضح کیا کہ ایسی فیس عائد کرنے کے لیے بینکوں اور ان کے صارفین کے درمیان متوازن تعلقات کے فریم ورک کے اندر متعلقہ حکام سے منظوری لینا ضروری ہے۔

    مرکزی بینک نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ یہ قدم ڈیجیٹل تبدیلی کی طرف رجحانات کی حمایت کرتا ہے اور صارفین کو الیکٹرانک چینلز استعمال کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

  • چینی کروڑ پتی نے کروڑوں کی رقم بینک سے نکال کر عملے کو گننے کا حکم دے دیا

    چینی کروڑ پتی نے کروڑوں کی رقم بینک سے نکال کر عملے کو گننے کا حکم دے دیا

    چین میں ایک کروڑ پتی شخص نے بینک عملے کے رویے سے نالاں ہو کر انہیں انوکھی سزا دے ڈالی، اس نے بینک سے اپنی تمام رقم نکال لی جس کی مالیت کروڑوں میں تھی اور بینک عملے کو حکم دیا کہ وہ اسے گن کر دیں۔

    پریشان حال بینک عملے کی نوٹ گنتے ہوئے تصاویر چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک ملازمین کے سامنے نوٹوں کی بے شمار گڈیاں رکھی ہوئی ہیں جنہیں وہ گننے میں مصروف ہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کروڑ پتی بزنس مین بینک کے عملے کے رویے سے نالاں تھا چنانچہ اس نے بینک میں موجود اپنی تمام رقم نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    بینک نے اسے یومیہ نکالی جانے والی رقم کی مقرر کردہ حد یعنی 5 ملین یو آن کی رقم دی جو پاکستانی کرنسی میں 13 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

    بزنس مین نے رقم ملنے کے بعد عملے سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے رقم گن کر دیں جس کے بعد پورے بینک کا عملہ نوٹ گننے میں جت گیا۔

    جاتے ہوئے بزنس مین نے کہا کہ وہ روز آ کر اتنی ہی رقم نکالے گا اور عملے سے گنوائے گا، اور وہ اس عمل کو تب تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنی تمام جمع پونجی بینک سے نکال نہیں لیتا۔

    مذکورہ بزنس مین نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اسے بینک کے عملے سے سخت شکایات تھیں جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

    دوسری جانب بینک انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بزنس مین کو صرف ایک گارڈ کی جانب سے فیس ماسک پہننے کو کہا گیا جس پر سخت چراغ پا ہو کر اس نے قدم اٹھایا۔

  • بھارت: قرض کی قسط نہ دینے پر بینک ملازمین کا بوڑھی خاتون پر شدید تشدد

    بھارت: قرض کی قسط نہ دینے پر بینک ملازمین کا بوڑھی خاتون پر شدید تشدد

    نئی دہلی: بھارت میں 25 ہزار روپے کا معمولی قرض ادا نہ کرسکنے پر بینک کے ملازمین نے قرض لینے والے اور اس کی ماں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بزرگ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، پولیس کے مطابق رام نگر گاؤں کے رہائشی شخص نے مائیکرو فنانس بینک سے 25 ہزار روپے قرض لیا تھا جس کی قسط وہ بروقت ادا نہیں کرسکا۔

    قسط وصول کرنے آئے کمپنی کے ملازم مشتعل ہوگئے اور مزید افراد کو بلا کر مذکورہ شخص اور اس کی ماں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تشدد سے بزرگ خاتون موقع پہ ہی دم توڑ گئی جس کے بعد گاؤں والوں نے کمپنی کے ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔

    پولیس کے مطابق ملازمین کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچی اور ملازمین کو گاؤں والوں سے آزاد کروایا۔

    بعد ازاں بزرگ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مرکزی اسپتال بھیج دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے موقع پر موجود تمام ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

  • امارات کے مرکزی بینک نے ادائیگی نظام کے 2 نئے قواعد کا اجرا کردیا

    امارات کے مرکزی بینک نے ادائیگی نظام کے 2 نئے قواعد کا اجرا کردیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ملک میں جاری ادائیگیوں کے نظام اور ملک سے باہر درہم میں کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ کی ادائیگیوں کے نظام کے لیے 2 نئے قواعد کا اجرا کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لارج ویلیو پیمنٹ سسٹمز، ایل وی پی ایس کی ریگولیشن اور ریٹیل پیمنٹ سسٹمز، آر پی ایس کے قواعد جاری کیے گئے ہیں جس کا مقصد مؤثر ترین مالیاتی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے جو مالیاتی استحکام اور تحفظ صارفین کے لیے ضروری ہے۔

    ایل وی پی ایس ریگولیشن سے مالیاتی ڈھانچے کے نظام کے معیار کا تعین ہوتا ہے جو ملک میں تھوک ادائیگیوں کی سرگرمیوں کے لیے معاون ہوگا۔

    آر پی ایس ریگولیشن میں پرچون ادائیگیوں پر توجہ مرکوز رکھی گئی ہے جو پرچون سرگرمیوں سے متعلق فنڈز ٹرانسفر، کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ سروسز کی ہیں۔ اس ریگولیشن میں بغیر کسی کرنسی یا تبادلہ امتیاز کے تمام ریٹیل ادائیگیوں کو کور کیا گیا ہے۔

    ملک میں کام کرنے والے ایل وی پی ایس او آر پیس ایس کے سسٹم آپریٹرز اور سیٹلمنٹ اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ فروری 2022 کے اواخر تک والے عبوری عرصہ میں ان دونوں قواعد کے تقاضوں کو پورا کرلیں۔

    مرکزی بینک کے گورنر عبدالحمید ایم سعید الاحمدی کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کا نظام، مالیاتی نظام کا اہم عنصر ہوتا ہے جو کسی بھی ملک کے مالیاتی ڈھانچے کا اہم ترین حصہ ہوتا ہے۔

    ان دونوں قواعد کا اجرا مؤثر ترین اور قابل آسان رسائی والے مالیاتی نظام کے قیام میں ایک اہم سنگ میل ہے، یہ صورتحال ملک کے مالیاتی اداروں، کارپوریشنز اور لوگوں کی خدمت کے ساتھ ملک کی مسابقتی معیشت کے لیے بھی معاون ہوگی۔