Tag: بینک

  • کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل

    کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ہفتے سے جزوی کرفیو کے نفاذ کے بعد بینکوں کے اوقات کار بھی تبدیل کردیے جائیں گے، اس حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت بینکنگ ایسوسی ایشن نے کرفیو کے دوران بینکوں کے کام کرنے کے اوقات کار جاری کردیے ہیں۔

    بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت بینکنگ ایسوسی ایشن نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں جزوی کرفیو کے دوران مقامی بینکوں کے اوقات کار کی وضاحت کی گئی ہے۔

    سرکلر میں کہا گیا کہ آئندہ اتوار سے ملک میں جزوی پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بینکوں کے اوقات کار میں کمی کردی گئی ہے۔

    صنعتی اور سرمایہ کاری والے علاقوں میں واقع شاخوں میں دوپہر 2 بجے تمام بینک اپنا کام روک دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک نجی شعبے میں کام کی جگہ پر ملازمین کی تعداد کو محدود کرنے کے کابینہ کے فیصلے کی پاسداری کریں گے، ایک ہی عمارت میں ہر تنظیمی یونٹ کے اندر ملازمین کی کل تعداد کے 50 فیصد سے زائد نہیں ہوگی۔

  • کرونا وائرس وبا کے باوجود بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافہ

    کرونا وائرس وبا کے باوجود بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافہ

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باوجود بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافہ ہوا اور جنوری 2021 میں ڈپازٹس 17 ہزار 896 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ جنوری 2021 میں بینکنگ سسٹم سے 790 ارب روپے کے ڈپازٹس نکال لیے گئے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری 2021 میں بینکوں کے ڈپازٹس 17 ہزار 876 ارب روپے کی ریکارڈ سطح سے کم ہو کر 17 ہزار 86 ارب روپے رہ گئے۔ دسمبر 2020 میں بینکوں کے ڈپازٹس 17 ہزار 876 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے تھے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2020 کے مقابلے میں جنوری 2021 کے اختتام پر بینکوں کے ڈپازٹس 16.5 فیصد زائد ہیں، جنوری 2020 میں بینکوں کے ڈپازٹس 14 ہزار 683 ارب تھے جو جنوری 2021 میں 17 ہزار 896 ارب روپے ہیں۔

    دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس وبا کے باوجود طلب میں اضافے پر معیشت میں بہتری ہو رہی ہے، کرونا وبا کی دوسری لہر میں کمی پر بھی کاروباری سرگرمیوں میں بہتری ہوئی ہے۔

    ماہرین کے مطابق دسمبر 2020 میں بینکوں کے فنانشل کلوزنگ کی وجہ سے ڈپازٹس میں اضافہ ہوا تھا۔

  • کویت میں تارکین وطن کے لیے بینکوں کی نئی پالیسی

    کویت میں تارکین وطن کے لیے بینکوں کی نئی پالیسی

    کویت سٹی: کویت میں بینکوں نے تارکین وطن صارفین کے لیے سخت پالیسی اپناتے ہوئے متعدد کریڈٹ کارڈ منجمد کردیے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق بینکوں نے اپنے ایسے تارکین وطن صارفین کے لیے، جن کی تنخواہ 3 ماہ سے زائد عرصے سے معطل ہے، سخت پالیسی اپنا لی ہے۔

    یہ اقدامات صرف ان ملازمین کو، جو برطرف ہوچکے ہیں نئے قرضوں کی فراہمی روکنے تک محدود نہیں، بلکہ ان کے کریڈٹ کارڈ خاص طور پر ماسٹر اور ویزا کارڈ بند کرنا بھی شامل ہیں۔

    بینکوں کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ ان صارفین میں وہ صارفین بھی شامل ہیں جن کی تنخواہوں میں 6 ماہ سے زائد عرصے کے دوران کمی ہوئی ہے اور وہ ابھی اس حد پر واپس نہیں آئے جن کی بنیاد پر ان کو دیے گئے کریڈٹ کارڈ کی رقم کی حد کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

    ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز جن کی تنخواہ 90 دن گزر جانے کے بعد بھی اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئی، ایسے صارفین کے کریڈٹ کارڈز کو نئی بینکاری پالیسی کے تحت منجمد کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    کچھ بینکوں نے محتاط پالیسی کا سہارا لیتے ہوئے کریڈٹ کارڈز کو ازخود منجمد کردیا، خاص طور پر ایسے تارکین وطن جو طویل عرصے سے کویت سے باہر ہیں اور ان کے کریڈٹ کارڈز میں ابھی بیلنس باقی ہے۔

    اس سلسلے میں بعض صارفین کا کہنا تھا کہ وہ لگاتار 5 مہینے سے ملک سے باہر تھے اور انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ان کے کریڈٹ کارڈ کی توثیق کی تاریخ ختم نہ ہونے اور ان کی تنخواہیں اکاؤنٹ میں مسلسل جمع ہونے کے باوجود کریڈٹ کارڈ معطل کردیے گئے۔

    کویت واپسی کے بعد انہیں بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ ان کی تنخواہوں میں کمی آئی ہے اور ہر ماہ ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جانے والی رقم اس طے شدہ رقم سے کم تھی جو کارڈ جاری کرنے سے پہلے تھی لہٰذا کریڈٹ کارڈ میں ترمیم ضروری تھی۔

    صارفین کی جانب سے یہ ثابت کیے جانے کے باوجود، کہ وہ ابھی بھی ملازمت پر موجود ہیں، بینکوں نے کریڈٹ کارڈز کی تجدید سے انکار کردیا اور نئے کریڈٹ کارڈز کی پیشکش کی۔

  • بینک کے لاکر روم میں کوبرا سانپ نکل آیا

    بینک کے لاکر روم میں کوبرا سانپ نکل آیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بینک کے لاکر روم میں 4 فٹ لمبا کوبرا سانپ نکل آیا، ریسکیو عملے نے بڑی تگ و دو کے بعد سانپ کو پکڑا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر بھونیشور میں ایک بینک کے اسٹرانگ روم سے 4 فٹ لمبا کوبرا سانپ نکل آیا، سانپ کو دیکھ کر بینک کا عملہ خوف و ہراس میں مبتلا ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق جیسے ہی بینک کے ملازمین کیش کے سلسلے میں اسٹرانگ روم (کیش رکھنے والے لاکر) کی جانب گئے تو انہیں احساس ہوا کہ یہاں ایک سانپ موجود ہے جو آئرن چیسٹ کے نیچے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    بینک کے عملے نے فوری طور پر ریسکیو ادارے کو فون کیا جو سانپ کو پکڑ کر لے گیا۔ اس موقع پر بینک کا عملہ اور وہاں موجود کسٹمر افراتفری اور خوف کا شکار ہوگئے۔

    اس سے قبل اڑیسہ میں بھی ایک مندر کے عقب میں ایک بہت بڑا سانپ دیکھا گیا تھا، جسے دیکھ کر اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    خوف و دہشت میں مبتلا رہائشیوں نے فوراً ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا جنہوں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد سانپ کو بلآخر قابو میں کرلیا۔ یہ سانپ بھی 10 فٹ لمبا اور زہریلا کوبرا تھا۔

    محکمہ جنگلات کے عہدیدات ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد سانپ کو پکڑنے میں کامیاب ہوئے تھے اور بعد میں اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا تھا۔

  • اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے نئے اوقات کار  کا اعلان کر دیا

    اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کے نئے اوقات کار جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اوقات کے مطابق تمام بینک اور مالیاتی ادارے پیر سے جمعہ صبح 9 بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک کھلیں رہیں گے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں اور مالیاتی اداروں میں ظہر کی نماز اور کھانے کا وقفہ دوپہر ایک سے 2 بجے تک ہوگا جبکہ جمعے کی نماز کا وقفہ دوپہر ایک سے ڈھائی بجے تک ہوگا۔

    کرونا کے معیشت پر اثرات، گورنراسٹیٹ بینک کا اہم بیان سامنے آگیا

    اس سے قبل گزشتہ ہفتےگورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ کہ کروناوائرس کی وبا سے عوامی صحت کا بحران پیدا ہوا اور ملک میں معاشی بحران کا سامنا بھی ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 28 مئی کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کے نئے اوقات کار جاری کیے تھے جس کے مطابق تمام بینک اور مالیاتی ادارے پیر سے جمعرات صبح 10 سے سہ پہر ساڑھے 4 بجے اور جمعے کو صبح 10 بجے سے ایک بجے تک کھلے ہوں گے۔

  • سعودی حکومت نے شہریوں کو بڑے فراڈ سے خبردار کر دیا

    سعودی حکومت نے شہریوں کو بڑے فراڈ سے خبردار کر دیا

    ریاض:سعودی حکومت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بینک اکاؤنٹ محفوظ رکھنے کے لیے فرضی بینک ایپ اپنے موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بینکوں کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے بینکوں کی منظور شدہ ایپس کا ہی انتخاب کیا جائے جس کے لیے یہ لنک استعمال کیا جائے۔

    ویب نیوز سبق نے بینکس کے ذرائع سے متعلق کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر معروف اور جعلی بینک ایپ کے بارے میں پتہ چلا جس کے ذریعے لوگوں کے اکاؤنٹس ہیک ہوجاتے ہیں اور ان کا پن کوڈ بھی محفوظ نہیں رہتا۔ایسی جعلی ایپس سے محفوظ رہنے کے لیے مصدقہ ایپ ہی استعمال کی جائیں جو بینکوں کی جانب سے لانچ کی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ ویپ پر ایسی بے شمار فرضی ایپس موجود ہیں جن کے ذریعے ہیکرز کسی اکاؤنٹ ہیک کرکے صارف کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم اپنے پاس منتقل کر لیے ہیں۔

  • سعودی عرب: رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کا اعلان

    سعودی عرب: رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا، مملکت بھر میں ترسیل زر کے مراکز روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 4 بجے تک کھولے جائیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے اس سال رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بینکوں، ترسیل زر کے مراکز اور ایکسپریس سروس کے اوقات کار کا اعلان کیا ہے۔

    ساما کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران بینکوں کی شاخیں صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی۔

    ساما نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ مہیا وسائل کے ذریعے اپنی شاخوں کے ناموں اور اوقات کار سے کھاتے داروں کو مطلع کرنے کا اہتمام کریں۔

    بیان کے مطابق مملکت بھر میں ترسیل زر کے مراکز روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 4 بجے تک کھولے جائیں گے، ترسیل زر کے مراکز کے اوقات کار روزانہ 5 گھنٹے سے کم نہیں ہوں گے۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ترسیل زر کے مراکز کہاں کھلیں گے، کس وقت تک کھلیں گے اور کب سے کب تک کھلے رہیں گے اس کی تمام تفصیلات ترسیل زر کے مراکز کو اپنے طور پر صارفین کو دینا ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام مراکز کرفیو کے اوقات کار کے پابند بھی ہوں گے۔

    ساما نے مزید بتایا کہ اس سال عید الفطر کی چھٹی جمعرات 28 رمضان مطابق 21 مئی کی ڈیوٹی مکمل کر کے شروع ہوگی، 8 شوال اتوار 31 مئی کو مالیاتی ادارے دوبارہ کام کرنا شروع کردیں گے۔

    ساما نے تمام بینکوں اور ترسیل زر کے مراکز پر پابندی لگائی ہے کہ وہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اپنی بعض شاخیں کھولنے کا اہتمام کریں۔ کھاتے داروں کو اوقات کار، شاخوں کے ناموں اور ترسیل زر کے مراکز کے پتوں سے مطلع کرنے کا بھی اہتمام کریں۔

    علاوہ ازیں تمام بینکوں اور ترسیل زر کے مراکز اپنی شاخوں اور اوقات کار کی تفصیلات سے ساما کو آگاہ کرنے کے بھی پابند ہوں گے۔

    رمضان المبارک کے دوران سریع رفتار ترسیل زر کے سعودی نظام (سریع) ایکسپریس سروس کے اوقات کار صبح 10 سے لے کر سہ پہر 4 بجے تک کے ہوں گے۔

    جمعرات 28 رمضان 21 مئی کو ایکسپریس سروس بند ہوجائے گی پھر 3 شوال 26 مئی منگل کو ایکسپریس سروس صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔

  • سعودی اقامے کی معیاد ختم ہونے سے پریشان افراد کے لیے ایک اور سہولت

    سعودی اقامے کی معیاد ختم ہونے سے پریشان افراد کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی حکام نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے، یا اے ٹی ایم کارڈ ختم ہونے کی وجہ سے رقم فریز کرنے جیسی تمام کارروائیاں فی الحال روک دی جائیں اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جن کھاتے داروں کے اے ٹی ایم کارڈ ختم ہوگئے ہوں یا ختم ہونے والے ہوں ان کی تاریخ میں توسیع کردی جائے۔

    ساما نے یہ پابندی بھی لگائی ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ میں توسیع کرتے وقت کھاتے داروں کی منظوری ضرور لی جائے، توسیع کی کارروائی میں کھاتے داروں کو ضروری سہولت مہیا کی جائے اور ممکنہ وسائل کی مدد سے تجدید شدہ کارڈ کھاتے داروں تک پہنچائے جائیں۔

    ساما نے قومی شناختی کارڈ یا اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، اسی طرح اکاؤنٹ ایکٹو نہ ہونے کی صورت میں اسے منجمد کرنے کی پابندی بھی معطل کرنے کے لیے کہا ہے۔

    ساما نے بینکوں کو ایک ہدایت یہ بھی دی ہے کہ اگر شناختی کارڈ ختم ہونے یا مختار نامے کی میعاد ختم ہوجانے کی وجہ سے کمپنیوں اور اداروں کے اکاؤنٹ کسی قسم کے اسباب کی وجہ سے منجمد کر دیے گئے ہوں تو انہیں بھی کھول دیا جائے اور تا اطلاع ثانی منجمد کھاتے بحال کردیے جائیں۔

    ساما کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام سہولتیں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل حل کرنے کی خاطر دی جارہی ہیں۔

  • حکومتی قرضوں کا مجموعی حجم جانیے

    حکومتی قرضوں کا مجموعی حجم جانیے

    کراچی: اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری 2020 میں حکومتی قرضوں کا حجم 32ہزار997 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ جنوری2019 کے مقابلے میں حکومتی قرض میں 21فیصد اضافہ ہوا۔ مجموعی حکومتی قرضوں میں66فیصد مقامی جبکہ 33فیصد بیرونی قرض شامل ہے۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق مقامی قرضوں کا حجم 21794 ارب روپے ہے۔ بیرونی قرضوں کا حجم11202ارب روپے ہے۔ سال درسال حکومتی قرض5926ارب روپے بڑھا ہے۔

    جنوری 2020 میں اسٹیٹ بینک نے 5 ماہ میں قرضوں میں 344ارب روپے کا اضافہ بتایا تھا۔

    یاد رہے کہ جنوری میں وزارتِ خزانہ نے گزشتہ ایک سال میں لیے گئے بیرونی قرضوں پر وضاحت جاری کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا وفاقی حکومت نے نومبر 2018 سے نومبر 2019 تک 3674 ارب روپے قرضہ حاصل کیا۔

  • سعودی عرب: ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا دیا، لاکھوں ریال چوری

    سعودی عرب: ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا دیا، لاکھوں ریال چوری

    ریاض: سعودی عرب میں اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے کی انوکھی واردات سامنے آئی، ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑایا اور 14 لاکھ ریال لے کر فرار ہوگئے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گیس کے ذریعے اے ٹی ایم مشین میں دھماکا کیا اور 14 لاکھ ریال چوری کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریاض کے السلی محلے میں واقع مقامی بینک کے ایک اے ٹی ایم سے چور خطیر رقم لے کر فرار ہوئے، ڈاکوؤں نے پہلی مرتبہ اے ٹی ایم کو کھولنے کے لیے گیس کا استعمال کیا جس سے زور دار دھماکا ہوا۔

    سعودی عرب، تیرہ لاکھ ریال سے زائد مالیت کی چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    دھماکے کے فوری بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم اس وقت تک چور 14 لاکھ ریال لے کر فرار ہوچکے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کیمرے سے واردات کرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے، امید ہے ملزمان کی جلد گرفتاری عمل میں آئے گی۔