Tag: بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم

  • شکریہ خانم: پاکستان کی پہلی کمرشل لائسنس یافتہ پائلٹ

    شکریہ خانم: پاکستان کی پہلی کمرشل لائسنس یافتہ پائلٹ

    دنیا بھر میں پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس سے متعلق شبہات اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان نے 24 جون کو انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں پائلٹس کے لائسنس مشتبہ ہیں۔

    حکومت اور متعلقہ اداروں کے اقدامات اور کارروائیوں کی تفصیلات تو میڈیا کے ذریعے آپ تک پہنچ ہی رہی ہیں، لیکن آج وہ دن ہے جب پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو ہوا بازی کا لائسنس دیا گیا تھا۔

    اس کمرشل پائلٹ کا اصل نام شکریہ نیاز علی ہے اور 12 جولائی 1959 کو انھیں‌ ہوا بازی کا باقاعدہ لائسنس دیا گیا تھا۔ انھیں پاکستان بھر میں شکریہ خانم کے نام سے شناخت ملی۔

    شکریہ خانم پاکستان کی پہلی کمرشل پائلٹ ہی نہیں تھیں بلکہ وہ پہلی فلائنگ انسٹرکٹر، پہلی گلائیڈر انسٹرکٹر اور پہلی فلائٹ کریو انسٹرکٹر بھی تھیں۔

    1965 میں قومی ایئر لائن سے منسلک ہونے کے بعد انھوں نے کئی پائلٹوں اور انجینئروں کو ٹریننگ دی۔

    دوسری طرف آج پاکستانی پائلٹوں کی تعلیمی اسناد، فنی تربیتی سرٹیفیکیٹ اور ہوا بازی کے لائسنس دنیا میں مشتبہ ہیں ‌اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین اور مختلف ممالک کی ائیر لائنز نے بھی تشویش اور خدشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے مطالبات اور متعلقہ ادارے سے وضاحت اور تفصیلات طلب کی ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا کی مختلف ایئرلائنز میں‌ پاکستان کے تربیت اور سند یافتہ پائلٹ کام کررہے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کی ہوابازی تنظیم کے تحت اے ایس ایف اہل کاروں کی جدید تربیت مکمل

    اقوام متحدہ کی ہوابازی تنظیم کے تحت اے ایس ایف اہل کاروں کی جدید تربیت مکمل

    کراچی: اقوام متحدہ کے خصوصی ادارے بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم (ICAO) کے تحت اے ایس ایف اہل کاروں کی جدید تربیت مکمل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سیکورٹی ایجنسی کے بعد انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئیکاؤ) کے تحت ائیر پورٹ سیکورٹی فورس کے افسران اور اہل کاروں کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

    اس تربیت کا مقصد مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت فراہم کرنا ہے، اے ایس ایف ذرایع کے مطابق ایئر پورٹ کی حفاظت اور مسافروں کو محفوظ فضائی سفر فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم کی جانب سے دی گئی تربیت کے بعد فضائی سفر مزید محفوظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو گیا ہے۔

    دریں اثنا، عا لمی ادارہ برائے انسداد منشیات کے تعاون سے اے ایس ایف اکیڈمی میں آفیسرز اور اہل کاروں کی تربیت کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئیکاؤ ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کے تحت ائیر پورٹ پر مسافروں، سامان اور طیارے کی تلاشی کی تربیت دی گئی، سیکورٹی پروگرام کے تحت اے ایس ایف کو کیمرہ، سی سی ٹی وی کی مانیٹرنگ اور نگرانی کی تربیت کا عمل مکمل کیا گیا۔

    قائم مقام ڈی جی اے ایس ایف بریگیڈیئر محمد زبیر نے اس موقع پر کہا کہ اے ایس ایف ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت، سامان اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم فرائض انجام دے رہی ہے، اے ایس ایف پاکستان کی پہلی لائن آف ڈیفنس ہے۔