Tag: بیوہ

  • بیوہ خاتون اپنا رکشہ ڈھونڈنے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے پر پہنچ گئی، ویڈیو رپورٹ

    بیوہ خاتون اپنا رکشہ ڈھونڈنے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے پر پہنچ گئی، ویڈیو رپورٹ

    لیاری میں خستہ حال عمارت گرنے کے سانحے کی دلدوز کہانیاں ختم نہیں ہو سکی ہیں، اب بھی روز نئی کہانی سامنے آ رہی ہے۔

    ایسی ہی ایک دکھی کر دینے والی کہانی نیا آباد سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون کی بھی ہے جو اپنا رکشہ ڈھونڈنے عمارت کے ملبے پر پہنچ گئی۔

    خاتون نے بتایا ’’میں نے قسطوں پر رکشہ لیا تھا، عمارت گری تو میرا رکشہ بھی ملبے تلے دب گیا، رکشے کے ایک لاکھ 40 ہزار روپے ایڈوانس دیے تھے۔‘‘


    لیاری سانحہ : بیٹی گیتا کی زندگی کی آس لگائے ملبے پر بیٹھی ماں کی فریاد


    بیوہ خاتون روتی ہوئی بولی کہ ان کو رکشے کے بقایا پیسے قسطوں میں ادا کرنے ہیں لیکن رکشہ تو تباہ ہو چکا ہے، اب وہ کیا کرے کہاں جائے، خاتون نے اپیل کی کہ حکومت اس کی مدد کرے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کیا بیوہ کے اقامہ کی تجدید کے لیے ماہانہ فیس معاف ہو سکتی ہے؟

    کیا بیوہ کے اقامہ کی تجدید کے لیے ماہانہ فیس معاف ہو سکتی ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں فیس کی ادائیگی کے بغیر کارکن اور ان کے اہل خانہ کے اقاموں کی تجدید نہیں ہوتی، تاہم ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپر دریافت کیا کہ بیوہ خاتون کے اقامہ کی تجدید کے لیے عائد ماہانہ فیس لازمی طور پر ادا کرنا ہوگی یا معاف ہو سکتی ہے؟

    جوازات کا کہنا تھا کہ اقامہ قوانین کے مطابق سعودی عرب میں سال 2017 سے جو قانون نافذ کیا گیا ہے اس کے تحت مملکت میں رہنے والے ہر غیر ملکی کو اپنے زیر کفالت اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کے لیے ماہانہ بنیاد پر ایک برس کی فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کے لیے ماہانہ فیس عائد کی جاتی ہے، گزشتہ برس سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے تارکین کے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جب کہ ماضی میں تجدید کےلیے سالانہ بنیاد پر فیس ادا کرنا ضروری ہوتی تھی۔

    مذکورہ قانون 2017 میں جب جاری ہوا تھا اس وقت فی اہل خانہ 100 ریال ماہانہ کے حساب سے فیس وصول کی گئی تھی اور 12 ماہ کی فیس یکمشت وصول کی جاتی تھی، 2018 میں فیس 200 ریال ماہانہ کے حساب سے وصول کی گئی جب کہ تیسرے برس 100 ریال اضافے کے ساتھ 300 ریال ماہانہ کر دی گئی۔

    2020 میں ماہانہ فیس 400 ریال کے حساب سے وصول کی گئی جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

    قانون کے مطابق وہ غیر ملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کہ ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں وہ اپنے اہل خانہ جن میں اہلیہ، بچے شامل ہیں، پر عائد فیس جمع کرانے کے بعد ہی اپنا اقامہ تجدید کرا سکتے ہیں۔

    اگر اہل خانہ پر عائد فیس ادا نہیں کی جائے گی تو کارکن کے اقامے کی بھی تجدید نہیں ہو سکتی۔

    خیال رہے فیس کسی صورت میں معاف نہیں ہوتی اسے ادا کرنا ضروری ہے، تاہم گزشتہ برس سے حکومت نے غیر ملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید سالانہ کی بجائے سہ ماہی کر دی ہے۔

  • ساس نے بہو سے محبت کی مثال قائم کردی

    ساس نے بہو سے محبت کی مثال قائم کردی

    بھارتی معاشرے میں بیوہ کی دوبارہ شادی ہونا ایک ناپسندیدہ عمل سمجھا جاتا ہے، گو کہ تعلیم کے فروغ کے بعد یہ رجحان بدل رہا ہے البتہ کم تعلیم یافتہ علاقوں میں اب بھی اسے معیوب سمجھا جاتا ہے۔

    تاہم بھارت میں ہی ایک خاتون نے اپنی کم عمر بیوہ ہوجانے والی بہو کی نہ صرف تعلیم مکمل کروائی بلکہ اس کی دوبارہ شادی بھی کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر سیکار کی رہائشی کملا دیوی نے اپنی بیوہ بہو سنیتا کو نہ صرف مزید تعلیم دلوائی بلکہ اس کی دوبارہ شادی بھی کروادی۔

    کملا دیوی کے چھوٹے بیٹے شبہم کی شادی 25 مئی 2016 کو سنیتا سے ہوئی تھی، شادی کے بعد وہ ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے کرغزستان گیا لیکن بدقسمتی سے 6 ماہ کے اندر برین اسٹروک کی وجہ سے وہاں اس کی موت ہوگئی۔

    بیٹے کی موت کے بعد کملا دیوی نے بہو کا بھرپور ساتھ دیا اور اسے مزید تعلیم دلوائی، تعلیم مکمل کرنے کے بعد سنیتا لیکچرار مقرر ہوئی۔

    کملا دیوی نے سنیتا کی شادی اور بیوگی کے 5 سال بعد گزشتہ ماہ اس کی دوبارہ شادی کروا کر خوشی خوشی رخصت کردیا۔

    سنیتا کا کہنا تھا کہ شوہرکی موت کے بعد ساس نے مجھے بیٹی جیسا پیار دیا جبکہ انہوں نے ایک نئی زندگی شروع کرنے کے لیے میری دوبارہ شادی کروا دی جس پر میں بہت خوش ہوں۔

  • بیوہ اپنے باپ اور شوہر کی پنشن کی حق دار قرار، عدالتی فیصلہ

    بیوہ اپنے باپ اور شوہر کی پنشن کی حق دار قرار، عدالتی فیصلہ

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے بیوہ کو باپ اور شوہر کی پنشن کا حق دارقرار دیتے ہوئے بیوہ کو سنگل پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نےرضیہ سلطانہ نامی بیوہ کی پیشن کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے بیوہ کو باپ اور شوہر کی پنشن کا حق دارقرار دیتے ہوئے بیوہ کو دہری پنشن کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے بیوہ کو سنگل پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کےحکم کے بعد سگنل پنشن ادائیگی کے نوٹی فکیشن کی کیا حیثیت ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے رضیہ سلطانہ نامی بیوہ کی درخواست نمٹا دی۔

  • بھارت: لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیوہ خاتون اور بچے 10 دن بھوکے رہے

    بھارت: لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیوہ خاتون اور بچے 10 دن بھوکے رہے

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ کردیا ہے، وہیں پہلے سے غریب ممالک کے شہریوں کو بھی سخت معاشی بحران سے دو چار کردیا ہے، بھارت میں ایسا ہی ایک خاندان بے روزگار ہونے کی وجہ سے کئی روز تک بھوکا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق علیگڑھ میں ایک بیوہ خاتون اور ان کے بچے کرونا وبا کے بحران سے بے حد متاثر ہوئے، وبا نے اس خاندان کا روزگار چھین لیا اور 8 سے 10 دن تک 6 افراد دانے دانے کو محتاج ہو گئے۔

    بھوک سے تڑپتے خاندان کی اطلاع ایک شخص نے ایک تنظیم کو دی تو ان سب کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، بھوک سے یہ خاندان اس قدر نڈھال تھا کہ کئی کا جسم ہڈیوں کے ڈھانچے میں تبدیل ہو چکا تھا۔

    تنظیم سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ جب وہ مذکورہ خاندان کے گھر پہنچے تو وہ شدید دکھ میں مبتلا ہوگئے جہاں بچے بھوک سے بلک رہے تھے۔

    تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر سنیل کا کہنا ہے کہ بچوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کروایا گیا، تنظیم کی جانب سے خاندان کے لیے کپڑے اور کھانے وغیرہ کا انتظام کیا گیا ہے۔

    بچوں کی بیوہ ماں نے بتایا کہ گھر کی واحد کفیل وہی تھیں اور ایک ایکسپورٹ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں، کرونا کی پہلی لہر میں لگے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کا کام وہاں رک گیا جس کی وجہ سے کنبہ مالی بحران سے دو چار ہونے لگا۔

    ان کے مطابق بڑا بیٹا مزدوری کر کے گھر والوں کا پیٹ پال رہا تھا لیکن دوسرے لاک ڈاؤن میں اس کی ملازمت بھی چلی گئی، روزگار نہ ہونے کی وجہ سے راشن کی قلت تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پانچوں بچوں نے 15 دن سے کچھ نہیں کھایا۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ: شہید نعیم راشد کی اہلیہ عزم و ہمت کی مثال بن گئیں، الفاظ نے کروڑوں دل پگھلا دیے

    کرائسٹ چرچ حملہ: شہید نعیم راشد کی اہلیہ عزم و ہمت کی مثال بن گئیں، الفاظ نے کروڑوں دل پگھلا دیے

    ویلنگٹن: کرائسٹ چرچ کے ہیرو نعیم رشید کی اہلیہ ہمت اور حوصلے کی مثال بن گئیں، انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق عنبرین نعیم نے کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد ایک خصوصی انٹرویو دیا، جس میں‌ ان کی الفاظ نے کروڑوں دلوں کو پگھلا دیا.

    عنبرین نعیم نے کہا کہ شوہراور بیٹے نے لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے جان دی، یہی ہمارا اللہ ہم سے چاہتا ہے، یہی ہمارا دین سکھاتا ہے۔

    راشد نعیم کی بیوہ نے کہا کہ ان کے شوہر محبت کرنے والے شخص تھے، محبت ہی انسان سے ایسے بڑے کام کراتی ہے، میں اس دہشت گرد پر افسوس کرتی ہوں جس کا دل محبت سے خالی ہے.

    انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس مرحلے پر یہ دین ہے، جو انھیں ہمت عطا کرتا ہے اور وہ اکیلی نہیں، ان کے کے اہل خانہ اور تمام مسلمان ان کے ساتھ ہیں.

    رپورٹر نے راشد نعیم کی بیوہ کے گلے لگ کر ان کے حوصلے کی داد دی

    ان کے دل پذیر الفاظ نے انٹرویو کرنے والی رپورٹر کینوا لوائڈ کو شدید متاثر کیا اور وہ آبدیدہ ہوگئیں. رپورٹر نے کہا وہ کبھی اتنی متاثر کن شخصیت سے نہیں ملیں.

    کینوا لوائڈ نے راشد نعیم کی بیوہ کے گلے لگ کر ان کے حوصلے کی داد دی.

  • بھارتی پائلٹ کی بیوہ نے اپنے میڈیا کو آئینہ دکھا دیا

    بھارتی پائلٹ کی بیوہ نے اپنے میڈیا کو آئینہ دکھا دیا

    ممبئی: بھارتی فضائیہ کے ہلاک ہونے والے پائلٹ کی بیوہ نے بھارتیوں کو جنگی جنون سے باز رہنے اور امن کا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرائے تھے. ایک طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا گیا، دوسرے جہاز کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں‌ گرا، جس کا پائلٹ ہلاک ہوگیا.

    [bs-quote quote=”سوشل میڈیاکےجنگجوؤں کو نہیں پتا کہ جنگ کے کیا نقصانات ہیں.” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    اب ہلاک ہونے والے پائلٹ کی بیوہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں اس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیاکے جنگجوؤں کو نہیں پتا کہ جنگ کے کیا نقصانات ہیں.

    بیوہ بھارتی پائلٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لڑنے والے جنگجو بارڈر پر جائیں تو انھیں پتا لگ جائے گا.

    خاتون کاکہنا تھا کہ آخری بار26 تاریخ کو اپنے شوہر سے بات ہوئی، شوہر نے 27 تاریخ کومیسج کیا کہ بہت مصروف ہوں بات نہیں ہوسکتی.

    مزید پڑھیں: پاکستان مخالف ٹویٹ کیا، کسی پاکستانی نے برا نہیں‌ کہا، سابق بھارتی چیف جسٹس

    خاتون نے کہا کہ ہم جنگ نہیں‌ چاہتے، کیوں کہ آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ جنگ کے کیا نتائج سامنے آتے ہیں.

    یاد رہے کہ پاکستان نے 2 مارچ کو جذبہ خیر سگالی اور فروغ امن کے لیے بھارتی پائلٹ کو واہگہ پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا.