Tag: بیوہ خواتین

  • سعودی عرب: مخصوص خواتین کو 5 سال کے لیے مفت اقامہ دینے کا فیصلہ

    سعودی عرب: مخصوص خواتین کو 5 سال کے لیے مفت اقامہ دینے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب نے مملکت میں مقیم غیر ملکی مطلقہ اور بیوہ خواتین کے لیے 5 سالہ مفت اقامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کے لیے 5 سالہ مفت اقامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔

    بیوہ یا مطلقہ کو 5 سالہ اقامے کے حصول کے لیے مخصوص دستاویزات اور کاغذات پیش کرنا ہوں گے، محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ 5 سالہ مفت اقامہ صرف ان مطلقہ یا بیوہ خواتین کو دیا جائے گا جو سعودی اولاد کی مائیں ہوں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے سعودی اولاد کی غیر ملکی ماں کو مفت اقامہ دینے کے لیے لائحہ عمل بھی جاری کیا ہے، جس کے مطابق بیوہ یا مطلقہ کو مندرجہ ذیل دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

    درخواست گزار کو پہلے مستقل اقامے والا فارم بھرنا ہوگا، پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور اقامہ کارڈ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی اس کے علاوہ طلاق نامے کی فوٹو کاپی کے ساتھ نکاح نامے کی فوٹو کاپی بھی دینا ہوگی۔

    اس کی شرط یہ ہے کہ نکاح نامے پر وزارت داخلہ کی جانب سے شادی کی منظوری بھی تحریر ہو۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق  سعودی اولاد کے برتھ سرٹیفکیٹ کی کاپی  اور فیملی کارڈ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی۔

    ایک حلفیہ دستاویز  یہ بھی پیش کرنا ہوگی کہ وہ مطلقہ یا بیوہ اپنے شوہر کی وفات یا طلاق ملنے کے بعد اب تک کسی اور کے نکاح میں نہیں ہے، شوہر کے انتقال کی صورت میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

  • خان پور: با اثر افراد کا زمین کے تنازعے پر بیوہ خواتین پر تشدد، گھر کو آگ لگا دی

    خان پور: با اثر افراد کا زمین کے تنازعے پر بیوہ خواتین پر تشدد، گھر کو آگ لگا دی

    خان پور: ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں با اثر افراد نے زمین کے تنازعے پر بیوہ خواتین پر تشدد کر کے گھر کو آگ لگا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خان پور میں با اثر افراد نے مبینہ طور پر دو بیوہ خواتین پر تشدد کیا، جس کے باعث ایک خاتون کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ نیم برہنہ ہو گئی۔

    با اثر افراد کے تشدد سے بیوہ خاتون کا ایک بازو  ٹوٹ گیا، انھوں نے گھر کو آگ بھی لگا دی۔

    یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود موضع پیر بخش کورائی بستی جمعہ میں پیش آیا، جہاں با اثر افراد موج علی، اجمل، وقاص وغیرہ نے بیوہ خواتین نسرین بی بی اور صغراں بی بی کے گھر پر حملہ کیا اور انھیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔

    با اثر افراد کی بیوہ خواتین پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہے، متاثرہ بیوہ نسرین بی بی نے کہا کہ 15 پر کال کرنے کے با وجود پولیس مدد کے لیے نہیں آئی، تھانے اطلاع دینے بھائی گیا تو پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر ملزمان کو تشدد کرتے اور گھر کو آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دونوں بیوہ خواتین جو کہ آپس میں ماں بیٹی ہیں، کا کہنا تھا کہ ہم نے واقعے کی اطلاع تھانہ صدر پولیس کو دی مگر ان کی جانب سے روایتی سستی اور غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور ان کے میڈیکل تک نہیں بنوائے گئے۔

    بعد ازاں ڈی پی او رحیم یار خان عمر فاروق سلامت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ صدر پولیس کو فوری مقدمہ کے درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔