Tag: بیوی قتل

  • خفیہ شوہر نے بیوی کو قتل کرکے 20 ٹکڑے کردیئے

    خفیہ شوہر نے بیوی کو قتل کرکے 20 ٹکڑے کردیئے

    ایک 50 سالہ شخص جس نے اپنی بیوی کے 20 ٹکڑے کرکے بے رحمی سے قتل کردیا تھا، کویت کی فوجداری عدالت نے ملزم کے خلاف دائر قتل کے مقدمے کی سماعت کو 27 ستمبر تک ملتوی کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملزم پر اپنی بیوی کو بے رحمی سے قتل کرنے کا الزام ہے،جب اس نے ایک روایتی شادی (جو کہ غیر قانونی ہے) سے ہونے والے اسقاط حمل کو ضائع کرانے سے انکار کردیا تھا۔

    گزشتہ روز ہونے والے عدالتی سیشن میں شہری کی دفاعی ٹیم نے جائزہ لینے، دستاویزات کی فوٹو کاپی کرنے اور دفاع کی تیاری کے لیے آخری تاریخ کی درخواست بھی کی، شہری نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم نے اپنا جرم اکتوبر 2022 میں رومیثیا کے علاقے میں انجام دیا، جہاں اس نے بے دردی سے اپنی بیوی کا گلا گھونٹ دیا تھا، ملزم نے ظلم کی انتہاء کرتے ہوئے مقتولہ کے جسم کے 20 ٹکڑے کئے اور مختلف علاقوں میں رکھے گئے کچروں کے ڈبوں میں پھینک دیا۔

    مقتولہ کی بہن کو اس حوالے سے جب تشویش لاحق ہوئی کہ بہن سے رابطہ نہیں ہورہا ہے تو اس نے اپنی بہن کی اکتوبر 2022 سے لاپتہ ہونے کی اطلاع جہرہ پولیس اسٹیشن میں کی۔ مقتولہ کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بہن نے اپنے دو بچوں کی شادی تک میں شرکت تک نہیں کی۔

    مقتولہ کی بہن کا پولیس کو دیئے گئے بیان میں مزید کہنا تھا کہ اس کی بہن 50 سالہ کویتی شہری کے ساتھ رشتہ میں منسلک تھی، کئی بار اپنی بہن کے نمبر پر فون کال کی لیکن موبائل بند ہونے کے باعث کوئی رابطہ نہیں ہوا، اس کے بعد اس نے حراست میں لئے گئے کویتی شہری کو کال کی لیکن اس نے اپنا نمبر بند کر دیا۔

  • سفاک شوہر نے بیوی کے 6 ٹکڑے کرکے ٹینکی میں چھپا دیے

    سفاک شوہر نے بیوی کے 6 ٹکڑے کرکے ٹینکی میں چھپا دیے

    بھارت میں سفاک شوہر کے ہاتھوں بیوی کے ہولناک قتل کی واردات سامنے آئی ہے، ملزم نے اہلیہ کو قتل کرکے اس کی لاش ٹکڑے کرکے پانی کی ٹینکی میں ڈال دی، پولیس جعلی کرنسی کی تحقیقات کرتے ہوئے لاش تک پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں گزشتہ روز ایک شخص کو بیوی کو قتل کرنے اور اس کی لاش کو کٹر مشین سے چھ ٹکڑے کرنے کے بعد پانی کی ٹینکی میں چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    قتل کی اس واردات کا انکشاف پولیس کو اس وقت ہوا جب وہ جعلی کرنسی چھاپنے کے ایک مقدمے میں اس گھر کی تلاشی لینے پہنچی، جہاں اہلکاروں لاش سے اٹھنے والے تعفن کی بدبو آنے لگی۔

    انہوں نے گھر کی تلاشی لی تو اس دوران انہیں پانی کی ایک ٹینکی نظر آئی جہاں سے ناقابل برداشت بدبو آرہی تھی۔ وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ٹینکی کے اندر ایک عورت کی لاش چھ ٹکڑوں میں کٹی ہوئی پڑی تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم جس کی شناخت 32 سالہ پون ٹھاکر کے نام سے کی گئی ہے، اس نے اپنی 23 سالہ بیوی ستی ساہو کا گلہ گھونٹنے کے بعد اس کے جسم کو الیکٹرک کٹر  سے کاٹ کر ٹینکی میں ڈال دیا تھا۔

    ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پون ٹھاکر نے اپنی بیوی کو بے وفائی کے شبہ میں قتل کیا ہے، پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش کی باقیات ایک سے دو ماہ پرانی ہوسکتی ہیں، ملزم نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے جلانے کی بھی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے لاش کے ٹکڑوں کو ٹیپ سے لپیٹ کر ٹینکی کے اندر ڈالنے سے پہلے پولی تھین میں پیک کیا تھا۔ ملزم نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بیوی اس کے جعلی کرنسی چھاپنے کے کام میں مداخلت کر رہی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ چھاپہ کے دوران ملزم کے گھر سے ایک کلر پرنٹر، فوٹو کاپی شدہ کاغذات اور 500اور 200 روپے کے جعلی نوٹ کچھ اصلی کرنسی برآمد کی ہے۔ ملزم نے جعلی نوٹ چھاپنے کے لیے فوٹو گرافی کی مہارت حاصل کی ہے وہ بنگلورو سے خصوصی کاغذ منگواتا تھا۔

    بلاس پور پولیس نے ملزم کے خلاف قتل اور جعلی کرنسی کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔

  • اولاد نہ ہونے پر شوہر نے بیوی قتل کردی

    اولاد نہ ہونے پر شوہر نے بیوی قتل کردی

    بھارت میں شرمندگی سے بچنے کے لیے شوہر نے اولاد نہ ہونے پر بیوی کا قتل کردیا۔

    یہ واقعہ بھارت ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا، جہاں شوہر نے اپنی بیوی کو اس لیے قتل کردیا کیوں کہ ان کی اولاد نہیں ہورہی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کشور نامی شخص کے گھر شادی کے کئی سال گز جانے کے بعد جب اولاد نہیں ہوئی تو دونوں  علاج کے لیے ایک چھوٹے سے گاؤں جالنہ گئے اور وہیں رہنے لگے۔

    مقامی پولیس کے مطابق دوران تفتیش معلوم ہوا کہ 4 ماہ قبل دونوں نے ڈاکٹر سے چیک اپ کروایا، کیشور  کی رپورٹ صحیح نہیں آئی جس کی وجہ سے وہ پریشان رہنے لگا، بیوی نے گاؤں واپس جانے کی ضد کی تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔

    کیشور  نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آدھی رات میں بیوی اندوبائی کے سر پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، اس کے بعد ملزم گھر کا دروازہ باہر سے بند کرکے فرار ہوگیا۔

    پالیس کے مطابق کیشور قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا لیکن اسے کچھ ہی گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔

  • بچہ کالا کیوں‌ ہے؟ شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا

    بچہ کالا کیوں‌ ہے؟ شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا

    اڈیشا: بھارت میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو اس بات پر قتل کر دیا کہ ان کا بچہ کالا کیوں ہے؟

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اڈیشا (سابقہ اڑیسہ) میں ایک شخص مانک گھوش نے اپنی بیوی کو جان سے مار دیا، وہ اپنی بیوی کو بچہ کالا ہونے پر پیٹتا رہتا تھا۔

    پولیس نے ہفتے کو مانک گھوش کے خلاف اس کے سسر کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

    قتل کے واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقتول کی ڈھائی سالہ بیٹی نے اپنے نانا کو اشاروں میں ماں کا گلا دبانے کے بارے میں بتایا، جس پر نانا تپن منڈل نے بچے کے ہمراہ عمرکوٹ تھانے میں شکایت درج کرائی۔

    چوں کہ ملزم اور اس کی بیوی آندھرا پردیش کے کاکیناڈا علاقے میں رہتے تھے جہاں یہ واقعہ پیش آیا، اس لیے پولیس نے آندھرا پردیش پولیس کو بھی اس کی اطلاع کر دی۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق عمرکوٹ کے شہری مانک گھوش کی شادی سات سال قبل لپیکا منڈل سے ہوئی تھی، جو شادی کے بعد روزگار کے سلسلے میں آندھرا پردیش کے کاکیناڈا چلے گئے۔

    جب بیٹی ماہی کی پیدائش ہوئی، تو اس کا رنگ کالا ہونے کی وجہ سے ملزم مانک بیوی لپیکا کی پٹائی کرنے لگا، جس کی وجہ سے لپیکا ماموں کے گھر چلی گئی، تاہم سسرال والوں نے اسے پھر منا لیا۔

    رپورٹ کے مطابق 18 ستمبر ملزم نے بیوی پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا اور پھر دوستوں کی مدد سے اسے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے لپیکا کو مردہ قرار دے دیا، تاہم متوفی کی گردن پر کاٹنے کے نشانات پائے جانے کی وجہ سے اسپتال کے عملے نے کاکیناڈا پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

    دوسری طرف پوسٹ مارٹم کے بعد جب لپیکا کی آخری رسومات بھی ادا کی گئیں، تو اس کے والدین اس کی بیٹی کو اپنے ساتھ کاراگون لے آئے، تاہم بچی نے اپنے نانا تپن منڈل کو بتایا کہ اس کی ماں کی موت کیسے ہوئی۔

  • دوسری شادی کی اجازت نہ دینے کا ہولناک انجام

    دوسری شادی کی اجازت نہ دینے کا ہولناک انجام

    چنیوٹ : شوہر نے دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر بیوی کو زہر دے کر قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر شوہر نے ماں کے ساتھ ملکر بیوی کو زہر دیکر قتل کردیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ نواحی علاقہ کوٹ اسماعیل کے رہائشی عنیقہ کی آٹھ سال قبل محسن حیات سے ہوئی, اور اس کے بطن سے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی پیدا ہوئے۔

    گذشتہ ایک سال سے محسن حیات کی والدہ اس کی دوسری شادی کروانا چاہتی تھی, جس وجہ سے آئے روز گھر میں جھگڑے کے علاوہ عنیقہ پر تشدد بھی کیا جاتا تھا۔

    تھانہ لالیاں میں درج ہونیوالے مقدمہ کے مطابق محسن حیات اور اس کی والدہ نے نامعلوم شخص کے ساتھ ملکر پانی میں زہر ملاکر زبردستی عنیقہ کو پلا دیا، جس وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

    پولیس تھانہ لالیاں عنیقہ کے ماموں نوازش کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    خیال رہے سپریم کورٹ نے  فیصلے  میں کہا تھا کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری ادا کرنا ہوگا، مہرمعجل ہویاغیرمعجل دونوں صورتوں میں فوری واجب الاداہوگا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ دوسری شادی کیلئے پہلی بیوی یا ثالثی کونسل کی اجازت لازمی ہے، دوسری شادی کیلئے اجازت کا قانون معاشرے کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے ہے کیونکہ دوسری شادی کیلئے اجازت کےقانون کی خلاف ورزی سےمسائل جنم لیں گے۔

  • شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

    شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

    فیصل آباد: پنجاب میں ایک شقی القلب شوہر نے نہ صرف بیوی بلکہ اپنی دو معصوم بچیوں پر بھی ہتھوڑے سے حملہ کر دیا، جس میں بیوی جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے رسول پورہ میں شوہر نے ہتھوڑے سے حملہ کر کے بیوی کو جان سے مار دیا، جب کہ 2 معصوم بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا، شوہر ریاض نے جھگڑے کے بعد بیوی اور بیٹیوں پر تشدد کیا اور ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔

    واقعے کے بعد باپ کے ہاتھوں زخمی بچیوں کو کھرڑیانوالا کے ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ شوہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    تازہ ترین:  بجلی کا کرنٹ لگا کر شوہر کو قتل کرنے والی بیوی گرفتار

    ادھر کراچی میں حاملہ بیوی نے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کر دیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    مقتول شوہر کے بھائی نے الزام لگایا تھا کہ ملزمہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ آلۂ قتل کے بارے میں کہا گیا کہ واردات کے لیے بجلی کے کرنٹ کا استعمال کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ سے وومین ایس ایچ او کی موجودگی میں تفتیش کی جائے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ ملزمہ چوں کہ خاتون ہے اس لیے تفتیش خاتون ایس ایچ او کی موجودگی میں ہوگی، نیز ملزمہ حاملہ ہے اس لیے انسانی حقوق کی بنیاد پر صحت کا بھی خیال رکھا جائے۔

  • بوڑھے شوہر نے جوان بیوی کو زندہ دفن کردیا

    بوڑھے شوہر نے جوان بیوی کو زندہ دفن کردیا

    خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال  کے علاقے چھب کلاں میں عمر رسیدہ خاوند نے  نوجوان بیوی کو گھر کے صحن میں زندہ دفن کردیا، بچے کو قبرستان میں زندہ پھینک آیا ۔

    تفصیلات کے مطابق  خانیوال کے علاقے چھب کلاں کے نواحی گاؤں 59 پندرہ ایل میں20سالہ لڑکی اپنے 48 سالہ خاوند کی وحشت کا شکار ہوگئی ۔ شوہر نے بیوی کو تشدد کرکے گھر کے صحن میں زندہ دفن کردیا اور  اپنے ڈیڑھ سالہ بچے کو لاوارث قبرستان میں چھوڑدیا  ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حبیب قمر نے اپنے سے آدھی عمر کی دوسری بیوی کو گھر کے صحن میں زندہ دفن کردیا ، 20 سالہ مقتولہ خورشید بانو کے اہل خانہ کے مطابق کئی روز سے ہماری بیٹی کے ساتھ فون پر رابطہ نہیں ہورہا تھا، اچانک اس کے خاوند کی کال آئی کہ خورشید بانو کو قتل کرکے لاش گھر کے صحن میں ہی دفنادی ہے۔

     اہل خانہ کی اطلاع پر پولیس نے گھر کو قبضہ میں لے کر صحن کی کھدائی کرکے لاش نکال کر تحصیل اسپتال میاں چنوں منتقل کردی۔ ادھر ظالم خاوند نے گزشتہ روز اپنے ڈیڑھ سالہ بچے کو تیار کرکے اس کے کپڑے وغیرہ بیگ میں ڈال کر  گاوں کے قبرستان میں لاوارث چھوڑ دیا ۔

    مقتولہ خورشید بانو کا تعلق تحصیل عارف والا سے تھا اور وہ حبیب قمر کی دوسری بیوی تھی مقتولہ کے خاندانی ذرائع کے مطابق اس کا خاوند چھوٹی چھوٹی باتوں پر تشدد کرتا تھا جبکہ پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں کوشش کررہی ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔

    دوسری جانب شیخوپورہ میں گھریلو جھگڑوں کی بنا پر چھ مہینے قبل بیاہی گئی 18 سالہ لائبہ بی بی کو بدترین تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے نعش بغیر پوسٹ مار ٹم کے ورثاء کے حوالے کردی اور زور ڈال کر زبردستی جلدی تدفین کرادی۔

  • پانی نہ پلانے پر شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، بھانجی کو فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

    پانی نہ پلانے پر شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، بھانجی کو فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

    دنیا پور/ رحیم یار خان : پانی نہ پلانے پر سفاک شوہر نے بہیمانہ تشدد کرکے بیوی کو قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، بھانجی کو فروخت کرنے کی کوشش کرنے والا ماموں پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے معمولی بات پر بیوی کو قتل کردیا گیا۔

    دنیا پور میں شوہر پانی نہ پلانے پر غصے سے بے قابو ہوگیا اور کلہاڑی کے وار کرکے اپنی بیوی نسرین کو شدید زخمی کر دیا، پولیس کے مطابق زخمی نسرین کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال لایا گیا تھا۔

    نسرین دو دن اسپتال میں زیر علاج رہی لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی، ملزم کوگرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    دوسری جانب رحیم یار خان پولیس نے چودہ سال کی لڑکی حلیماں کو اس کے ماموں نے مبینہ طور پر اغواء کرکے فروخت کرنے کی کوشش کی، پولیس نے مغویہ حلیماں کو گھوٹکی سے بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

  • لاہور: شوہر کے تشدد کا شکار سونیا دوران علاج چل بسی، ورثا کی انصاف کی اپیل

    لاہور: شوہر کے تشدد کا شکار سونیا دوران علاج چل بسی، ورثا کی انصاف کی اپیل

    لاہور : سفاک شوہر کے ظلم کا شکار سونیا دوران علاج جاں بحق ہوگئی، ورثاء کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے باوجود پولیس ملزمان کے اثرورسوخ کے باعث کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوہر کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی سونیا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، شوہر نے گھر والوں کے ساتھ مل کر بیوی پر پیٹرول ڈال کرجلا ڈالا۔

    سونیا کو دو دن بعد ہمسائیوں نےاسپتال پہنچایا، سونیا کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان اثر و رسوخ استعمال کر کے اپنا بچاؤ کر رہے ہیں، پولیس بھی تعاون نہیں کر رہی۔ شوہر اور سسرالیوں کی ظلم اور بربریت کا نشانہ بننے والی سونیا تین بچوں کی ماں تھی۔

    نشے میں دھت شوہر عرفان نے تشدد کا نشانہ بنایا اور سسرالیوں نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ دو دن بعد ہمسائیوں نے ہسپتال منتقل کیا۔

    سونیا کا جسم پچاس فیصد تک جھلس چکا تھا۔ وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا سکی اور دم توڑ گئی۔ احتجاج کرنے والے ورثاء نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔