Tag: بیٹری

  • دنیا کا پہلا ایسا روبوٹ جو اپنی بیٹری خود تبدیل کرسکتا ہے

    دنیا کا پہلا ایسا روبوٹ جو اپنی بیٹری خود تبدیل کرسکتا ہے

    چین میں دنیا کا پہلا ایسا روبوٹ تیار کیا گیا ہے جو نہ صرف خود کار طریقے سے کام کر سکتا ہے بلکہ چارجنگ کم ہونے پر خودکار طریقے سے اپنی بیٹری بھی تبدیل کر سکتا ہے۔

    شینژن میں قائم چینی روبوٹکس کمپنی ’یو بی ٹیک ‘ کے مطابق دی واکر ایس ٹو دنیا کا پہلا ایسا روبوٹ ہے جو کسی انسانی معاونت کے بغیر خودکار طور پر محض تین منٹ میں اپنی بیٹریز خود بدل سکتا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ کو صنعتی کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے، ڈوئل بیٹری پاور بیلنس ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹ رئیل ٹائم میں بیٹری لیول کو مانیٹر کرسکتا ہے اور ضرورت کے وقت انہیں بدل لیتا ہے یا چارج کرسکتا ہے۔

    اسی طرح اس میں کوئیک چارج بیٹری ماڈل بھی دیا گیا ہے تاکہ وہ کم از کم وقت میں بیٹری کو بدل سکے۔ کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ اس نئی ٹیکنالوجی کی بدولت یہ روبوٹ چوبیس گھنٹے تک کام جاری رکھ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ چین اب دنیا میں سب سے زیادہ روبوٹس استعمال کرنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر آ چکا ہے، صرف جنوبی کوریا اور سنگاپور اس سے آگے ہیں۔

    بین الاقوامی فیڈریشن آف روبوٹکس کی 2024 کی رپورٹ کے مطابق چین میں ہر 10 ہزار کارکنوں کے مقابلے میں 470  روبوٹس استعمال ہو رہے ہیں، جو جرمنی (429) اور جاپان (419) جیسے صنعتی ممالک سے بھی زیادہ ہیں۔

    دنیا بھر میں روبوٹس سے متعلق جتنے پیٹنٹس ہیں، ان میں سے دو تہائی سے زائد صرف چین کے پاس ہیں، جن کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار  ہے۔

  • چین نے ایک چارج پر 50 سال چلنے والی بیٹری بنا لی

    چین نے ایک چارج پر 50 سال چلنے والی بیٹری بنا لی

    چین میں ایک ایسی بیٹری بنائی گئی ہے جو ایک مکمل چارج پر 50 سال تک چلے گی۔

    یہ دعویٰ کیا ہے چین کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی بیٹا وولٹ نے، جس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسی انوکھی نیو کلیئر بیٹری تیار کی ہے جسے ایک بار مکمل چارج کر لیا جائے تو وہ پچاس سال تک کام کر سکتی ہے۔

    دعوے کے مطابق یہ انوکھی بیٹری سخت ترین گرمی اور سخت ترین سردی میں بھی کام کر سکے گی اور اسے کسی طرح کے مینٹیننس کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

    دی انڈیپنڈنٹ‘ کے مطابق حیرت انگیز طور پر اس بیٹری کا سائز صرف ایک روپے کے سکے کے برابر ہے، بیٹا وولٹ نامی چینی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پر تجرباتی کام جاری ہے اور آزمائش مکمل ہونے کے بعد بیٹری کو استعمال اور فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

    یہ بیٹری 3 واٹ کی ہے اور اسے نیو کلیئر ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے، کمپنی مستقبل میں ایک واٹ کی بیٹری بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے، بتایا جا رہا کہ یہ بیٹریاں تیار ہوں گی تو انھیں موبائل فونز، ڈرونز، اسمارٹ ڈیوائسز اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی حامل ڈیوائسز میں نصب کیا جا سکے گا۔

    امکان ہے کہ یہ بیٹری 2025 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی، ’بیٹا وولٹ‘ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس بیٹری سے ایٹمی تابکاری خارج نہیں ہوتی اور یہ ہر حوالے سے محفوظ ہے۔

  • ایئر کنڈیشنر کے پانی کا وہ فائدہ جو بہت کم لوگ جانتے ہیں

    ایئر کنڈیشنر کے پانی کا وہ فائدہ جو بہت کم لوگ جانتے ہیں

    اکثر گھروں میں موجود یو پی ایس کی بیٹری سال میں کم از کم ایک بار ضرور تبدیل کرنی پڑتی ہے، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ایئر کنڈیشنر سے نکلنے والا پانی بیٹری کی عمر بڑھا سکتا ہے۔

    اے سی سے نکلنے والا پانی اتنا صاف ستھرا ہوتا ہے کہ اسے یو پی ایس بیٹری کے لیے بہترین دوا تک قرار دیا جاتا ہے۔

    اگر آپ کے گھر میں یو پی ایس ہے تو آپ کو ہر سال کم از کم ایک مرتبہ اس کی بیٹری ضرور تبدیل کرنی پڑتی ہو گی کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ کمزور پڑتی چلی جاتی ہے اور آخر کار بالکل جواب دے جاتی ہے۔

    اس دوران جب بیٹری کا پانی خشک ہو جاتا ہے تو عام طور پر کشید کردہ خالص پانی (ڈسٹلڈ واٹر) ڈالا جاتا ہے جبکہ بعض لوگ بد احتیاطی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نلکے کا پانی تک بیٹری میں ڈال دیتے ہیں جو اس کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہوتا ہے اور بیٹری صرف چند مہینوں ہی میں ناکارہ ہو جاتی ہے۔

    بیٹری کی عمر بڑھانے کے لیے معمولی سی تیزابیت کا حامل پانی بھی استعمال کیا جاتا ہے جو مقامی مارکیٹ میں 1250 نمبر کے پانی کے نام سے دستیاب ہے جبکہ بعض مقامی کمپنیاں بیٹری واٹر کے نام سے یہی پانی فروخت کرتی ہیں جو بہت مہنگا ہوتا ہے۔

    ایئر کنڈیشنر کا پانی اس سے کہیں زیادہ بہتر اور مفید ہوتا ہے جس کے بارے میں بیٹریاں فروخت کرنے والے مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ یو پی ایس بیٹری کو اچھی حالت میں رکھنے کے لیے موزوں ترین ہے۔

    کراچی میں بیٹریوں کی فروخت اور مرمت سے وابستہ کئی دکاندار ایئرکنڈیشنر کے پانی کو باقاعدگی سے خرید کر استعمال بھی کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایئر کنڈیشنر کا پانی استعمال کرنے پر بیٹری اپنی اوسط عمر سے تقریباً دو یا تین ماہ تک زیادہ کام کرتی ہے، چاہے وہ یو پی ایس میں نصب ہو یا پھر کسی گاڑی میں لگی ہو۔

    یہ پانی دراصل ہوا میں موجود آبی بخارات کے ٹھنڈا ہو کر مائع حالت میں تبدیل ہونے کی وجہ سے بنتا ہے اور اسی بنا پر بہت خالص بھی ہوتا ہے۔ اگر اسے احتیاط سے جمع کرلیا جائے تو یہ بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔

  • ایسی بیٹری جو 5 ہزار سال تک چارج رہ سکے گی

    ایسی بیٹری جو 5 ہزار سال تک چارج رہ سکے گی

    دنیا بھر میں اسمارٹ فونز، الیکٹرک کاروں اور اسمارٹ گھڑیوں میں جدت آتی جا رہی ہے لیکن ان میں سب سے بڑا مسئلہ بیٹریوں کا ہوتا ہے، تاہم اب ماہرین نے ایسی بیٹری تیار کرلی ہے جو 5 ہزار سال تک چارج رہ سکتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا کی ایک کمپنی نے جوہری فضلے سے نینو ڈائمنڈ بیٹری تیار کر لی ہے جو 5 ہزار سال سے زائد تک چارج رہ سکتی ہے۔

    بیٹری کی طاقت جوہری ری ایکٹروں میں استعمال ہونے والے تابکار مادے سے حاصل ہوتی ہے۔ سانسدانوں کا کہنا ہے کہ نینو ڈائمنڈ بیٹری کی تیاری میں سخت ترین دھات ہیرے کا استعمال کیا گیا ہے جس باعث اس میں سے انسانی جسم سے بھی کم تابکاری کا اخراج ہوتا ہے۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذکورہ بیٹری کے 2 لیبارٹری ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں، بیٹری کو سولر پاور کے ذریعے40 فیصد چارج کیا گیا جو کہ ایک اہم کامیابی ہے کیوں کہ سولر پاور سے عام طور پر کوئی بیٹری 15 سے 20 فیصد ہی چارج ہو پاتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد بیٹری کو 90 فیصد تک چارج کرنے کی صلاحیت پیدا کرلیں گے۔

    بیٹری کے گرد مصنوعی ہیرے کی متعدد حفاظتی پرتیں بنائی گئی ہیں جو کہ سخت ترین دھات ہے۔ آئسو ٹوپ سے حاصل ہونے والی توانائی ہیرے میں اس عمل کے ذریعے جذب کی جاتی ہے جس کو ان ایلاسٹک سکیٹرنگ کہا جاتا ہے اور یہ بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

    توانائی ثانوی چارج اسٹوریج میں محفوظ ہوگی جیسا کہ کپیسیٹرز، سپر کیپسیٹرز اور سیل وغیرہ، یہ بیٹری خود کار طریقے سے اپنے آپ کو چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سنہ 2016 میں تیار کی گئی بیٹری سنہ 7746 تک چارج رہ سکتی ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ پہلی این ڈی بی کمرشل پروٹو ٹائپ بیٹری اس سال کے آخر میں دستیاب ہوگی اور ایک ایرو اسپیس کمپنی سمیت متعدد کمپنیاں اس بیٹری کے خریداروں میں شامل ہیں۔

  • بیٹری چوری کی بڑھتی وارداتوں سے پریشان اہل محلہ نے چور پکڑ ہی لیا

    بیٹری چوری کی بڑھتی وارداتوں سے پریشان اہل محلہ نے چور پکڑ ہی لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل میں بیٹری چوری کی بڑھتی وارداتوں سے پریشان اہل محلہ نے آخر کار چور کر پکڑ ہی لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل سادات کالونی میں مبینہ بیٹری چور شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، شہریوں نے چور کو ایک گاڑی سے بیٹری چراتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔

    بیٹری چوری کی وارداتوں سے تنگ شہریوں نے چور پر تشدد بھی کیا، اسے تھپڑ مارے گئے، بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

    مشتعل افراد کی جانب سے زد و کوب کیے جانے کے باعث بیٹری چور ملزم زخمی ہو گیا تھپڑ لگنے سے اس کے ہونٹ پھٹ گئے، پکڑے جانے پر شہری نے اس کی ویڈیو بھی بنا لی جس میں وہ روتے ہوئے اقرار کر رہا ہے کہ بیٹری چوری کر رہا تھا۔

    شہریوں نے اسے تھپڑ مار مار کر اگلوایا کہ وہ بیٹری چوری کر رہا تھا، شہری نے پوچھا کہ کیا وہ نشہ کر رہا تھا تو مبینہ چور نے کہا کہ نہیں، بیٹری چوری کر رہا تھا۔

    اہل محلہ نے بتایا کہ علاقے میں کئی روز سے بیٹری چوری کی وارداتیں ہو رہی تھیں، جس سے سب پریشان تھے، آج ملزم کو کار سے بیٹری چراتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

  • دوران پرواز ہیڈ فون کی بیٹری پھٹنے سے خاتون زخمی

    دوران پرواز ہیڈ فون کی بیٹری پھٹنے سے خاتون زخمی

    سڈنی: آسٹریلیا جانے والی فضائی پرواز میں ایک خاتون کا وائر لیس ہیڈ فون دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس سے خاتون کا چہرہ اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے۔

    بیجنگ سے میلبورن جانے والی پرواز میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون مسافر اپنے بیٹری سے کام کرنے والے وائر لیس ہیڈ فون میں موسیقی سن رہی تھیں۔ اس دوران ہیڈ فون کی بیٹری زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی اور فوراً ہی اس میں آگ بھڑ ک اٹھی۔

    واقعے میں خاتون کا چہرہ اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیٹری سے چلنے والی اشیا کے مسلسل استعمال سے وہ گرم ہو کر پھٹ سکتی ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے مسافروں کو بیٹری سے چلنے والا سامان طیارے میں نہ لانے کی ہدایت کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں بھی موبائل فون کی بیٹری پھٹنے کا واقعہ

    انتظامیہ کے مطابق جب واقعہ رونما ہوا اور خاتون نے ہیڈ فون کو فرش پر پھینک دیا تو عملے نے فوری طور پر پانی ڈال کر اس میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں بیٹری پگھل گئی جو طیارے کے فرش سے چپک گئی۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بیٹری پھٹنے کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوگیا تھا جب موبائل فون کمپنی سام سنگ کے ماڈل نوٹ 7 کی بیٹری استعمال یا چارجنگ کے دوران گرم ہو کر پھٹ جاتی تھیں اور آگ پکڑ لیتی تھیں۔

    ان واقعات کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر میں فضائی سفر کے دوران نوٹ 7 جہاز پر لانے کی سختی سے ممانعت کردی گئی تھی۔ موبائل فون اور بیٹری پھٹنے کے ان واقعات کی وجہ سے سام سنگ کو کروڑوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

  • اسمارٹ فون کی بیٹریوں کی عمر کیسے بڑھائی جائے

    اسمارٹ فون کی بیٹریوں کی عمر کیسے بڑھائی جائے

    اسمارٹ فون کو چارج کرنا ہمیشہ ایک مسئلہ رہا ہے کوئی اسے پوری رات کے لیے چارجنگ پر لگائے رکھتا ہے تو کوئی فون بند ہونے کے بعد ہی موبائل چارج کرنا شروع کردیتا ہے کہ شاید بار بار چارج کرنے سے بیٹری کی افادیت کھو جائے گی جب کہ کچھ لوگ سو فی صد چارجنگ کے بعد بھی چارجنگ جاری رکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس سے بیٹری زیادہ چارجنگ محفوظ کر لے گی۔

    اس قسم کے اور اس سے ملتے جلتے خیالات ہر اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارف کے ذہن میں پائے جاتے ہیں کیوں کہ انٹرنیٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کے بعد بہت سے فیچرز کے مسلسل استعمال سے بیٹری جلد ختم ہوجاتی ہے اور اسے چارج کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔


    اسی سے متعلق : موبائل فون کی بیٹری جلد ختم کرنے والی وجوہات


    تا ہم ایک تحقیق سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ یہ تمام خیالات کم علمی کی وجہ سے ہیں اور حقیقت کے بالکل برعکس ہیں بلکہ ہم ایسا کر کے درحقیقت بیٹری کو زیادہ نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔

    smart-phone-post-1

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے اسمارٹ فون کی بیٹری دیرپا، موثر اور بہتر کارکردگی دکھائے تو درج ذیل ہدایات پرعمل کرتے ہوئے اپنے موبائل کو چارج کرنے کے طریقے میں تھوڑی سی تبدیلی لائیں اور لامحدود فوائد اُٹھاتے ہوئے اپنے اسمارٹ فون کی بیٹری کی عمر بڑھایے۔


    یہ پڑھیں : صدیوں کارآمد رہنے والی بیٹری


    بیٹری کو ٹھنڈا رکھیں

    سب سے پہلا کام جو آپ نے کرنا ہے وہ اسمارٹ فون کی بیٹری کو ٹھنڈا رکھنا ہے اس کے لیے بیٹری کو چارج کرتے ہوئے فون کے پچھلے کور کو نکال دیں یا کم از کم اضافی کیس کو ضرور منہا کر دیں تا کہ درجہ حرارت معتدل رہے، دوم یہ کہ فون کو ایسی جگہ چارج کریں جہاں درجہ حرارت معتدل اور فضاء ہوا دار ہو، اگر آپ چلچلاتی گرمی میں گھر سے باہر ہوں تو فون کو کیس میں محفوظ رکھیں تا کہ بیٹری گرم نہ ہونے پائے۔

    smart-phone-post-3

    رات بھر فون چارجنگ پر لگا نہ رہنے دیں

    اکثر لوگ فون کو چارجنگ پہ لگا کر سو جاتے ہیں اور رات بھر چارجنگ کے بعد صبح ہی فون کو چارجنگ سے ہٹاتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ شاید اس سے چارجنگ زیادہ ہوجائے گی حالانکہ اسمارٹ فون میں ایک بیٹری کے علاوہ کوئی دوسرا عنصر نہیں جو چارجنگ کو محفوظ کر سکے اس طرح کرنے سے بیٹری نہایت گرم ہو کر پھول جاتی ہے اور جلد ہی ناکارہ ہو جاتی ہے۔

    سو فیصد چارجنگ نہ کریں

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہمارا اسمارٹ فون سو فیصد چارج ہوجاتا ہے اور پھر بھی چارجر پر لگا رہے تو بیٹری پردباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے اس کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور وہ پھول جاتی ہے یا سست روی کا شکار ہو جاتی ہے اس لیے بیٹری کی عمر بڑھانے اور کارکرد گی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ سو فی صد چارجنگ کے بجائے نوے فی صد ہونے پر ہی موبائل کو چارجر سے نکال لیا جائے اس طرح بیٹری پر دباؤ کم ہوگا۔

    smart-phone-post-5

    فون مکمل بند ہونے سے پہلے چارج کرلیں

    عام طور پر لوگ بیٹری مکمل ختم ہونے کے بعد جب فون بند ہوجاتا ہےتو اسی وقت چارجنگ کرتے ہیں یہ نہایت غلط عمل ہے کیوں کہ بیٹری جب مکمل مردہ ہو جاتی ہر تو اسے دوبارہ چارج ہونے میں تکنیکی بنیادوں پر دشواری کا سامنا ہوتا ہے جس کا اثر فون کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۔

    smart-phone-post-4

    بیٹری کو وقفے وقفے سے چارج کریں

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بیٹری میں موجود لیتھیم آئیون کو مکمل چارج ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی اس لیے بیٹریوں کو سو فی صد چارج ہونے سے پہلے ہٹا لینا چاہیے اور مکمل ختم ہونے سے پہلے چارجنگ پہ لگانا لینا چاہیے اس سلسلے میں سب سے مفید طریقہ کار یہ ہے کہ بیٹری کو تھوڑے تھوڑے وقفے سے چارج کیا جائے اس طرح بیٹری میں تناؤ بھی نہیں بڑھتا اور فون کی چارجنگ بھی نہ تو کم ہوتی ہے اور نہ مقررہ حد سے بڑھتی ہے۔

    smart-phone-post-2

    بیٹری تھوڑی دیر کے لیے چارج کریں

    موبائل کو گھنٹوں چارج پر رکھنے کے بجائے تھوڑی دیر کے لیے بار بار چارج کیا جائے تا کہ بیٹری کا لیول نہ بہت کم ہو نہ ہی زیادہ بلکہ درمیانہ رہے اس سے بیٹری کی عمر بھی بڑھ جاتی ہے اور بار بار چارج کرنے سے کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا بلکہ اس سے چارجر بھی محفوظ رہتا ہے۔

    smart-phone-post-6


    یہ بھی پڑھیں : سیکنڈز میں چارج، ہفتہ بھر چلے، اسمارٹ فون کی سپر بیٹری ایجاد


    ایک ماہر کیمیا دان نے بتایا ہے کہ بیٹریاں انسانوں کی طرح ہی حساس ہوتی ہیں، زیادہ تناؤ اور درجہ حرارت ان کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے جو ان کی کارکردگی اور عمر گھٹا دیتا ہے اس لیے چارجنگ جتنی بہتر ڈھنگ سے کی جائے اسمارٹ فون کی بیٹریاں اتنی ہی زیادہ موثر، فعال اور کارگر رہیں گی۔

  • موبائل فون کی بیٹری جلد ختم کرنے والی وجوہات

    موبائل فون کی بیٹری جلد ختم کرنے والی وجوہات

    آج کل ہر شخص کے ہاتھ میں اسمارٹ فون نظر آتا ہے جو اسے ہر لمحہ اپنے ساتھ مصروف رکھتا ہے۔ اسمارٹ فون کے ذریعہ دنیا جہاں کی خبریں اور معلومات ایک لمحہ میں ہم تک پہنچ جاتی ہیں۔

    لیکن ہم میں سے اکثر افراد اپنے فون کی بیٹری جلد ختم ہونے کے باعث پریشان رہتے ہیں۔ وہ دن میں کئی بار چارجر اور اسمارٹ فون ہاتھ میں لیے برقی ساکٹ کی تلاش میں سرگرداں نظر آتے ہیں تاکہ اپنے موبائل کو چارج کرسکیں۔

    دراصل ہم انجانے میں موبائل کو اس طرح سے استعمال کرتے ہیں کہ وہ زیادہ بیٹری استعمال کرنے لگتا ہے اور ہمیں اس کا علم بھی نہیں ہوپاتا۔ یہاں ہم کو آپ کو وہ وجوہات بتا رہے ہیں جن کی وجہ سے آپ کے موبائل کی بیٹری جلد ختم ہوجاتی ہے۔

    :اسکرین برائٹ نیس

    اپنے موبائل کی اسکرین برائٹ نیس کو ہمیشہ کم رکھیں۔ زیادہ برائٹ نیس زیادہ چارجنگ خرچ کرنے کا باعث بنتی ہے۔ اسی طرح یہ آنکھوں کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور موبائل کی مستقل تیز روشنی ہمیں نابینا بھی کر سکتی ہے۔

    :وائی فائی کی تلاش

    اپنے موبائل کی سیٹنگز میں جا کر وائی فائی کے ’آٹو کنیکٹ‘ آپشن کو بند کردیں۔ یہ آپشن کھلا رہنے کی صورت میں موبائل مستقل وائی فائی تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے اور جہاں کہیں اوپن وائی فائی ملتا ہے یہ وہاں کنیکٹ ہوجاتا ہے۔

    اس کے بعد موبائل کی ایپس کام کرنے لگتی ہیں یوں بیٹری ختم ہونے لگتی ہے۔

    :نوٹیفیکشن موصول ہونا

    موبائل پر مستقل نوٹیفیکیشنز آنا بھی موبائل کی بیٹری میں کمی کا سبب بنتا ہے۔ سیٹنگز میں جا کر نوٹیفیکیشنز کو ڈس ایبل کردیں اور صرف انہی نوٹیفیکیشنز کو کھلا رکھیں جو ضروری ہیں جیسے میسیجنگ یا واٹس ایپ۔

    :ایپس کا مستقل کام کرنا

    ہر اسمارٹ فون میں ایپس کو بند کرنے کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔ اگر آپ اس طریقے پر عمل کیے بغیر ایپس کو بند کریں گے تب وہ اسکرین سے تو غائب ہوجائیں گی لیکن پس منظر میں کام کر رہی ہوں گی اور موبائل کی بیٹری خرچ ہو رہی ہوگی۔

    ان ایپس کو بند کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہوم بٹن کو کچھ دیر پریس کر کے رکھیں، کھلی ہوئی ساری ایپس آپ کے سامنے آجائیں گی۔ ان کو سلائیڈ کردیں یا ’کلوز‘ کے نشان پر ٹچ کر کے بند کردیں۔

    :ایپس کا مستقل استعمال

    اگر آپ مستقل موبائل کو استعمال کر رہے ہیں اور مختلف ایپس کو بار بار کھول بند کر رہے ہیں تو یہ بھی آپ کے موبائل کی بیٹری ختم ہونے کی بڑی وجہ ہے۔

    :سافٹ ویئر اپ ڈیٹ

    موبائل سافٹ ویئر کا پرانا ورژن بھی بعض اوقات بیٹری ختم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں تاکہ یہ جدید طریقہ سے کام کرتا رہے۔

    :ہارڈ ویئر میں مسئلہ

    ان تمام طریقوں کے باوجود بھی اگر آپ بیٹری جلد ختم ہونے کے مسئلہ کا شکار ہیں تو آپ کے موبائل کے ہارڈ ویئر میں کوئی مسئلہ ہے اور اسے کسی اچھے موبائل ٹیکنیشن کو دکھانے کی ضرورت ہے۔

  • پشاورتبلیغی مرکزمیں بم دھماکےکی فرانزک رپورٹ جاری

    پشاورتبلیغی مرکزمیں بم دھماکےکی فرانزک رپورٹ جاری

    پشاورکےتبلیغی مرکزمیں ہونےوالےبم دھماکےکی فرانزک رپورٹ جاری کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق دھماکے کے لئے منصوبہ بندی کے تحت جمعرات کاانتخاب کیاگیا ،ناکارہ کیےگئےبم پھٹ جاتے توجانی نقصان زیادہ ہوتا۔

    پشاور کے تبلیغی مرکز میں دھماکے کی فرانزک رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق تبلیغی مرکز میں رکھے گئے تینوں بم ایک ہی ساخت کے تھےجنہیں موبائل سےمنسلک کرکے آپریٹ کیاگیا تاہم دو بم بیٹری ہلنےکے باعث پھٹ نہیں سکے۔

    تینوں بموں میں پرائم کارڈ اور بال بیرنگ کا استعمال کیاگیا تھا۔۔۔بموں کو گھی کے ڈبوں میں رکھا گیاتھا ۔۔۔بم موبائل سئ منسلک ہونے پر کسی بھی جگہ سے باآسانی آپریٹ کئے جاسکتے تھے ۔۔رپورٹ کے مطابق دھماکے کے لئے منصوبہ بندی کے تحت جمعرات کا انتخاب کیا گیا تھا ۔

    ناکارہ کیے گئے بم اگرپھٹ جاتے توجانی نقصان زیادہ ہوتا۔۔۔ ناکارہ بنائے جانے والے بموں کے ساتھ منسلک موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جائے گا ۔۔۔ فرانزک رپورٹ آئی جی خیبر پختونخوااوروفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی۔