کراچی: کورنگی زمان ٹاؤن میں والد کے مبینہ تشدد سے شدید زخمی ہونے والی بچی فضا انتقال کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں زیادہ بھیک مانگنے کے لیے بچی کو والد نے جلا دیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی کئی دن تک علاج کے بعد آج انتقال کرگئی۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپتال میں دم توڑنے والی بچی کی شناخت 3 سالہ فضا کے نام سے ہوئی، ان کے والدین گداگر ہیں، بچی کے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی اور 6 محرم کے روز بچی کا والد اسے زبردستی اپنے ساتھ لے گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بھکاری باپ نے 9 محرم کو تشویشناک حالت میں بچی کو ماں کے حوالے کیا، بچی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج دم توڑ گئی تاہم اس واقعے کے بعد سے بچی کے ماں باپ غائب ہیں۔
دوسری جانب اسپتال میں بچی کی لاش اس کی نانی نےحوالے کی گئی، بچی کی نانی کا کہنا تھا کہ فضا کا بھکاری باپ نشے کا عادی ہے وہ آئس کا نشہ کرتا ہے، اس نے بھیک مانگنے کیلئے بچی کو جلایا تاکہ زیادہ پیسے ملے اور وہ آئس کا نشہ کرے۔