Tag: بیٹ مین

  • ہر 5 میں سے 1 شخص ’بیٹ مین‘ ہے

    ہر 5 میں سے 1 شخص ’بیٹ مین‘ ہے

    ایک تحقیق میں پتہ چلا کہ ہر 5 میں سے 1 شخص بیٹ مین کی خصوصیات کا حامل ہوتا ہے اور ایک خود ساختہ چوکیدار کا روپ دھار لیتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ہر 5 میں سے ایک شخص بیٹ مین کی طرح خود ساختہ چوکیدار کا روپ دھار لیتا ہے اور دوسروں کے رویوں کو روزمرہ کی بنیاد پر دیکھتا ہے اور جو اصولوں کی پیروی نہیں کرتے ان کو سزا دیتا ہے۔

    یہ خصوصیت ان خود ساختہ چوکیداروں کو مخصوص مواقع پر عمل کرنے کے لیے بڑھاتی ہے جہاں ان کا خیال ہوتا ہے کہ حکام انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں اور یہ ان کی انا کو تقویت بخشتی ہے۔

    یہ خود ساختہ چوکیدار دوسروں کو سوشل میڈیا پر ان کی توہین کرتے ہوئے سزا دے سکتے ہیں۔

    یونیورسٹی آف الی نوائے، یونیورسٹی آف اوٹاگو اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے ماہرین نے یہ جاننے کے لیے کہ کون سے لوگ وجلانٹے شناخت اپناتے ہیں، ایک وجلانٹے آئیڈینٹٹی اسکیل بنایا ہے۔

    یونیورسٹی آف الی نوائے میں نفسیات میں ڈاکٹریٹ کے امیدوار فین شوان چین کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو خود کو سزا دینے والا سمجھتے ہیں اور ماحول پر نظر رکھتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کے جوابات یہ بتاتے ہیں کہ انہیں مستقبل کے مجرموں کو سبق سکھانے کے لیے معصوموں کو سزا دینے سے کوئی مسئلہ نہیں اور یہ لوگ واجب العمل طریقے کو نظر انداز کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق یہ اسکیل ان امیدواروں کی اسکریننگ کے لیے کارآمد ہوسکتا ہے جو پولیس یا ملٹری میں کام کرنا چاہتے ہوں۔

  • ڈی سی کامکس نے مداحوں کو خوشی سے دیوانہ کردیا

    ڈی سی کامکس نے مداحوں کو خوشی سے دیوانہ کردیا

    ڈی سی کامکس اور وارنر بروز نے اپنے آن لائن ایونٹ فین ڈم میں بیٹ مین سمیت متعدد فلموں کے ٹریلرز اور ٹیزرز جاری کر کے مداحوں کو شاندار تحفہ دے دیا۔

    رواں برس ڈی سی کامکس کے سالانہ کامک کون کے بجائے آن لائن ایونٹ فین ڈم منعقد ہوا، جس میں متعدد فلموں کے ٹریلرز ریلیز کیے گئے۔

    جاری کیے جانے والے ٹیزرز اور ٹریلرز میں بیٹ مین، ونڈر وومن 1984، زیک سینڈر کی جسٹس لیگ، جبکہ شازم 2 اور ایکوا مین 2 کا فرسٹ لک جاری کیا گیا۔

    بلیک ایڈم کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا ہے جس میں دی راک ڈوائن جانسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ونڈر وومن 1984 کا یہ دوسرا ٹریلر ہے جس میں فلم کی ولن باربرا کو چیتے کے روپ میں دکھایا ہے جس نے مداحوں کو پرجوش کردیا۔

    بیٹ مین کے ٹیزر میں رابرٹ پیٹنسن بیٹ مین کے کردار میں دکھائی دے رہے ہیں، یہ بطور بیٹ مین ان کی پہلی فلم ہے اور اس کا سیریز کی گزشتہ فلموں سے کوئی تعلق نہیں۔

    مذکورہ تمام فلموں میں سے کسی کی بھی ریلیز کی تاریخ نہیں بتائی گئی، کرونا وائرس اور اس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔

  • اسپین، لاک ڈاؤن میں یہ باپ بیٹی روز کیا کرنے جاتے ہیں؟

    اسپین، لاک ڈاؤن میں یہ باپ بیٹی روز کیا کرنے جاتے ہیں؟

    میڈرڈ: اسپین کے صنعتی شہر پیورٹولانو میں ایک باپ بیٹی کے لاک ڈاؤن کے دوران ایک دل چسپ عمل نے دنیا بھر کے لوگوں کے دل اپنی طرف کھینچ لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین کے ایک شہری نے کچرا پھینکنے کا ایک ایسا انداز اپنا لیا ہے جس نے نہ صرف علاقے کے لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ دنیا بھر میں اس کی ویڈیوز نے پذیرائی حاصل کر لی ہے۔

    پیورٹولانو کے شہری جیمی اپنی 3 سالہ ننھی بیٹی مارا کے ہم راہ لاک ڈاؤن کے دوران روزانہ نئے بہروپ میں گھر سے نکل کر کچرا پھینکنے جاتے ہیں، وہ اس مقصد کے لیے کبھی اسپائڈر مین تو کبھی بیٹ مین، کبھی بیوٹی اینڈ دا بیسٹ کا کاسٹیوم پہن لیتا ہے، کبھی ڈزنی پرنسز کے روپ میں کبھی ونڈر وومن کے کردار میں ڈھل جاتا ہے، اور کبھی وہ فروزن کے مشہور اسنومین کا روپ دھار لیتا ہے۔

    نہ صرف محلے والے ان کی حرکتوں سے خوب محظوظ ہوتے ہیں بلکہ اب دنیا بھر سے بڑی تعداد میں لوگ ان کی ویڈیوز دل چسپی سے دیکھ رہے ہیں، خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران وقت گزاری کے لیے لوگوں نے اپنے روزمرہ کام نمٹانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تخلیقی طریقے نکال لیے ہیں۔

    یہ بھی یاد رہے کہ اسپین میں اپریل سے 14 سال تک کے بچوں کو دن میں ایک گھنٹے کے لیے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    نہ صرف اسپین بلکہ دیگر ممالک میں بھی لاک ڈاؤن اور آئسولیشن کے دوران لوگوں نے کچرا پھینکنے کے عمل کو اپنے تخلیقی انداز سے دل چسپ بنایا، اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ روزانہ عمل میں آنے والی واحد سرگرمی ہے جس کی لوگوں کو آزادی رہی، اس لیے لوگوں نے اسے دل چسپ طریقوں سے انجام دینا شروع کیا۔

    آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے فیس بک پر ‘بِن آئسولیشن آؤٹنگ’ گروپ بنایا، جس میں لوگوں نے مختلف سپر ہیروز کے کاسٹیومز میں ڈسٹ بن کے ساتھ تصاویر لیں اور گروپ میں پوسٹ کیں۔ یہ گروپ مارچ 27 کو بنایا گیا اور اب تک اس کے 10 لاکھ سے زائد ممبرز بن چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سپر ہیروز بھی سڑکوں پر آ گئے

    کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سپر ہیروز بھی سڑکوں پر آ گئے

    جکارتہ: نہایت مہلک اور نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی روک تھام کے لیے سپر ہیروز بھی سڑکوں پر آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انڈونیشیا میں چند نوجوانوں نے سپر ہیروز کا روپ دھار کر کرونا کے خلاف جنگ شروع کر دی ہے، ان نوجوانوں نے اسپائیڈر مین اور بیٹ مین کے کاسٹیوم پہن کر کرونا کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا۔

    کہیں اسپائیڈر مین جراثیم کش ادویات اسپرے کرتا نظر آتا ہے تو کہیں بیٹ مین لوگوں میں کرونا سے بچاؤ کے لیے سینیٹائزر بانٹتا نظر آتا ہے، اسپائیڈر مین نے مختلف علاقوں میں گھروں کے اندر اور باہر اسپرے کیا، جب کہ بیٹ مین نے نہ صرف گھروں میں لوگوں کو بلکہ راہ چلتے لوگوں میں بھی سینیٹائزر کے اسپرے تقسیم کیے۔

    کرونا کا خطرہ: جاپان سے ملائیشیا واپسی، شہری پیدل گھر پہنچ گیا

    اپنے منفرد انداز سے یہ نوجوان نہ صرف وائرس کے تدارک کے لیے کوشاں ہیں، بلکہ عام لوگوں کا حوصلہ بھی بڑھا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ایک ایسی جدوجہد ہے جس میں سماج کے ہر فرد کا حصہ لینا ضروری ہے۔

    کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں عالمی سطح پر ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ حقیقی ہیروز اور فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کر رہا ہے، اس جنگ میں اب تک سیکڑوں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

    عالمی سطح پر ان مریضوں کو بھی سپر ہیروز قرار دیا جا رہا ہے جنھوں نے وائرس کو شکست دی اور اب دیگر مریضوں کی صحت یابی کے لیے پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی ایسے سپر ہیروز سامنے آ چکے ہیں جنھوں نے دوسرے مریضوں کے لیے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے۔

  • کون ہوگا اگلا بیٹ مین؟

    کون ہوگا اگلا بیٹ مین؟

    لاس اینجلس: ڈی سی کومکس کے معروف سپر ہیرو بیٹ مین کا کردار نبھانے کے لیے نوجوان اداکار کا نام سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق بیٹ مین کے کردار کو ڈی سی یونیورس میں خصوصی اہمیت حاصل ہے، اسی وجہ سے یہ بات ہمیشہ موضوع بحث رہتی ہے کہ کون سا اداکار بیٹ مین کا کردار نبھائے گا.

    خیال رہے کہ ممتاز ہدایت کار کرسٹرفر نولن کی ڈائریکشن میں بننے والی بیٹ مین سیریز میں کرسچن بیل نے یہ کردار نبھا کر اسے یادگار بنا دیا تھا۔

    البتہ جب ’’جسٹس لیگ سریز‘‘ کی داغ بیل ڈالی گئی، تب کرسچن بیل اس سے الگ ہوچکے تھے، تب بین فلک نے کو یہ کردار ادا کیا، البتہ اب وہ بھی اس پراجیکٹ سے الگ ہوگئے ہیں، تب ہی سے یہ بحث جاری تھی کہ اب یہ یادگار کردار کون نبھائے گا.

    مزید پڑھیں: کیا ایوینجرز اینڈ گیم ایواتار کو شکست دے پائے گی؟

    البتہ اب ٹوائلائٹ سیریز میں‌ مرکزی کردار نبھانے والے رابرٹ پیٹنسن کا نام حتمی کیا گیا ہے.

    میڈیا رپورٹس کے مطابق وارنر بروز اسٹوڈیو کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے  کہ بیٹ مین کی نئی فرنچائز  میں رابرٹ یہ کردار ادا کریں گے، یہ میگا بجٹ فلم 2021 میں جون تک ریلیز کی جائے گی.

  • روبی روز ’بیٹ ویمن‘ کے کردار کے لیے کاسٹ

    روبی روز ’بیٹ ویمن‘ کے کردار کے لیے کاسٹ

    آپ نے مشہورِ زمانہ ہالی وڈ فلم بیٹ مین تو ضرور دیکھی ہوگی، اب اس سیریز کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ’بیٹ ویمن‘ بھی جلد ایکشن میں نظرآئیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف آسٹریلوی نژاد ماڈل اور اداکارہ روبی روز کو امریکی ٹی وی چینل ’سی ڈبلیو‘ نے اپنی ٹی وی شوز میں بطور ڈی سی ہیرو بیٹ ویمن کے کردار کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔

    ہالی وڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹ ویمن سی ڈبلیو کے چار ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوں گی جن میں دی فلیش، ایرو، لیجنڈز آف ٹومارو اور سپر گرل شامل ہیں۔

    آسٹریلوی اداکارہ روبی روز

    بیٹ ویمن کی کہانی کا مرکزی خیال ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتا ہے جو کہ معاشرے میں انصاف کے لیے کوشاں ہے، وہ ایک تربیت یافتہ اسٹریٹ فائٹر ہے اور گوتھم( بیٹ مین کردار کا تخیلاتی شہر) میں مجرموں سے نبرد ہوتی نظر آئیں گی۔

    ایک امریکی ویب سائٹ کے مطابق بیٹ ویمن کا کردار کیرولین ڈرائز نامی مصنف لکھیں گے اور وہی اس پروجیکٹ کے خصوصی پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

    یاد رہے کہ ڈی سی کامکس بیٹ مین اینڈ سپر مین سیریز پر گزشتہ آٹھ سال سے کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں متعدد فلمیں بھی ریلیز کی گئیں ہیں جن میں مین آف اسٹیل، بیٹ مین ورسز سپرمین، ونڈر ویمن اور جسٹس لیگ شامل ہیں۔

    جسٹس لیگ میں ڈی سی کامکس کے تمام تر کردار مداحوں کو ایک ساتھ ایکشن میں نظر آتے ہیں، اس سلسلے کی فلم جسٹس لیگ میں ایکوا مین کے کردار کو اس قدر پسند کیا گیا تھا کہ ڈی سی کامکس اس پر الگ سے فلم جلد ریلیز کرنے جارہاہے۔

    دیکھا گیا ہے کہ ڈی سی کامکس کے مردانہ کردار عوام کی جانب سے زیادہ پذیرائی حاصل نہیں کرسکے، بہ نسبت اس سلسلے کے نسوانی کرداروں کے ، اس سیریز کی سب سے مشہور فلم ونڈر ویمن رہی ہے جسے فلم شائقین نے بے پناہ سراہا تھا۔

    دوسری جانب بیٹ مین سیرز کے ولن پر بننے والی فلم سوسائیڈ اسکواڈ میں بھی ہارلے کوئین نامی نسوانی کردار کو بے حد پسند کیا گیا تھا، اور کئی شائقین نے اس پر الگ سے فلم بنانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔