Tag: بیپر جوائے

  • سمندری طوفان: کور کمانڈر کراچی کی بدین میں ہنگامی کانفرنس

    سمندری طوفان: کور کمانڈر کراچی کی بدین میں ہنگامی کانفرنس

    بدین: سمندری طوفان بیپر جوائے کے سلسلے میں کور کمانڈر کراچی نے سندھ کے شہر بدین میں ہنگامی کانفرنس طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، کور کمانڈر کراچی نے بھی بدین میں ایک ہنگامی کانفرنس بلائی، جس میں ڈی جی رینجرز سندھ اور جی او سی حیدرآباد سمیت فوجی و سول اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

    طوفان سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی بروقت تیاریوں پر کور کمانڈر کراچی نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا ممکنہ طوفان کے خطرے سے نمٹنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    کور کمانڈر کا کہنا تھا کہ اب تک پاک فوج کے دستے ریسکیو کے لیے مختلف مقامات پر پہنچ چکے ہیں، اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    ادھر وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت بھی اہم اجلاس بلایا گیا، جس میں ڈی جی رینجرز اور جی او سی حیدرآباد گیریژن سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے تازہ دم دستے حفاظتی اقدامات کے طور پر تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی میں کیٹی بندر، شاہ بندر اور جاتی کا دورہ بھی کیا، اور سمندری طوفان سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ اور ساحلی علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کر کے سمندری طوفان کی تازہ ترین صورت حال اور اقدامات پر گفتگو کی، انھوں نے وفاق، صوبائی حکومتوں اور اداروں میں مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

  • سمندری طوفان: محکمہ موسمیات نے 12 واں الرٹ جاری کر دیا

    سمندری طوفان: محکمہ موسمیات نے 12 واں الرٹ جاری کر دیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے متعلق 12 واں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے کراچی کے مزید قریب آ گیا ہے، اور فاصلہ 630 کلومیٹر رہ گیا، محکمہ موسمیات نے طوفان سے متعلق بارواں الرٹ جاری کر دیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کا فاصلہ ٹھٹھ سے 670 اور اورماڑہ (بلوچستان) سے 720 کلومیٹر رہ گیا ہے، طوفان کے اردگرد ہوائیں 180 سے 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور طوفان سمندر میں 40 فٹ بلند لہریں پیدا کر رہا ہے۔

    طوفان کا رخ 14 جون کی صبح تک بدستور شمال کی جانب رہے گا، بعدازاں رخ جنوب مغرب کی جانب تبدیل کر کے 15 جون کی صبح کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کو کراس کرے گا۔

    طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں 13 جون سے 16 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور آندھی کا امکان ہے، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص میں بھی 13 سے 16 جون کے درمیان تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، 13 سے 17 جون کے درمیان ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آندھی کا امکان ہے۔

  • کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی: شہر قائد کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، شہریوں نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے بے خبر، بے خوف ہو کر دفعہ 144 کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، تاہم کراچی کے شہریوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے، اور پولیس بھی عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی کی طرف جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند نہیں کیا گیا، ماڑی پور ہاکس بے، کلفٹن سی ویو کی ساحلی پٹی پر شہریوں کی بڑی تعداد فیملیوں کے ہمراہ پہنچ گئی ہے۔

    ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے جانے والے شہریوں کو روکا لیکن شہری پولیس کو خاطر میں نہیں لائے، اور ہاکس بے اور سی ویو کے مقام پر شہری بچوں کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے نظر آئے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں، شہری سمندری طوفان سے بے خبر بے خوف دکھائی دیتے ہیں، واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، دفعہ 144 کے تحت کشتی رانی اور ماہی گیری پر بھی پابندی ہے۔

  • بیپر جوائے: بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 گھنٹے اہم قرار دے دیے

    بیپر جوائے: بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 گھنٹے اہم قرار دے دیے

    نئی دہلی: بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے سلسلے میں بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 گھنٹے اہم قرار دے دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی موسمیاتی ادارے آئی ایم ڈی نے اتوار کو کہا ہے کہ بھارت میں طوفان بیپر جوائے کے باعث ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، اور آئندہ چھ گھنٹے اہم قرار دے دیے گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بِیپر جوائے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، جس میں آئندہ 6 گھنٹوں میں مزید شدت آنے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث ریاست گجرات، مہاراشٹر، گوا اور دیگر ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں پانچ روز تک نہ جانے کی ہدایت کر دی ہے۔

    سمندری طوفان کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا: محکمہ موسمیات

    محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ’’انتہائی شدید‘‘ سمندری طوفان مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں 11 جون کی صبح پوربندر کے جنوب-جنوب مغرب میں تقریباً 510 کلومیٹر دور واقع تھا۔

    آئی ایم ڈی کی پیشگوئی کے مطابق طوفان اگلے چھ گھنٹوں میں ’انتہائی شدید‘ سائیکلونک اسٹام کے طور پر شدت اختیار کرے گا اور 15 جون کی سہ پہر کے قریب پاکستان اور اس سے ملحقہ سوراشٹرا اور کَچھ کے ساحلوں تک ’انتہائی شدید سمندری طوفان‘ کے طور پر پہنچے گا۔

  • سمندری طوفان کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا: محکمہ موسمیات

    سمندری طوفان کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا: محکمہ موسمیات

    کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان انتہائی سنگین شدت اختیار کر گیا، سمندری طوفان بیپر جوائے کراچی سے 770 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سائیکلون بیپر جوائے کی رفتار میں کمی نہ آ سکی، طوفان اس وقت بھی شمالی بحر ہند میں موجود ہے، اور کراچی کے جنوب سے 770 کلو میٹر کی دوری پر آ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان انتہائی تیزی سے جنوب ٹھٹھہ سے 750 کلو میٹر، 860 کلو میٹر جنوب مشرق سے اورماڑہ کی جانب بڑھ رہا ہے، اور امکان ہے سمندری طوفان شمال کی جانب رخ کرتا رہے گا، طوفان کے مرکز اور ارد گرد کی ہوا 140 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جب کہ لہروں کی اونچائی 30 سے 40 فٹ ہے۔

    سمندری طوفان بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی جا چکی ہے، شہریوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے اور ساحل پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، دوسری طرف محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

    ادھر کراچی کا موسم آج گرم خشک اور مرطوب رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فی صد، رفتار 5 ناٹیکل مائل ہے، ہوا جنوب مغرب کی سمت سے چل رہی ہے۔

  • بحیرہ عرب کے طوفان کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا، 910 کلو میٹر دور

    بحیرہ عرب کے طوفان کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا، 910 کلو میٹر دور

    کراچی: بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا ہے، اور وہ اس وقت شہر سے صرف 910 کلو میٹر دوری پر ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹے میں بحیرہ عرب کے طوفان نے شمال، شمال مشرق کی طرف رخ کر لیا ہے، طوفان بیپر جوائے جنوب کراچی سے 910 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے رخ میں مزید تبدیلی آج شام تک ہوگی، اور طوفان کا رخ شمال مغرب کی طرف ہونے کا بھی امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ طوفان جنوب ٹھٹھہ سے 890 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے گرد کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سمندری ہواؤں کے ساتھ ساتھ اونچی لہریں بڑھنے کا امکان ہے اس لیے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ ہے۔

    موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طوفان کی شدت اختیار کرنے پر مکران اور ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    ہوا کی رفتار 12 ناٹیکل میل جب کہ نمی کا تناسب 70 فی صد ہے، شہر میں ہوا جنوب مغرب کی سمت سے چل رہی ہے۔