Tag: بیڈ شیٹ

  • قرنطینہ میں موجود شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے کیسے فرار ہوا؟

    قرنطینہ میں موجود شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے کیسے فرار ہوا؟

    کینبرا: آسٹریلیا میں ایک شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے چادروں کو آپس میں باندھ کر نیچا اترا اور قرنطینہ سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے کچھ گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا۔

    آسٹریلیا کے شہر پرتھ آنے والے مذکورہ شہری کو ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، مذکورہ شہری برسبین سے آیا تھا۔

    کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آسٹریلیا میں ایک سے دوسری ریاست میں سفر پر بھی فی الحال پابندی عائد ہے لہٰذا مذکورہ شخص کو شہر میں داخل ہونے نہیں دیا گیا اور اسے 48 گھنٹوں کے اندر واپس جانے کا کہا گیا۔

    اس دوران اس مدت کے لیے اسے ہوٹل میں قرنطینہ کے لیے بھیج دیا گیا۔

    تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے بستر کی چادروں کو جوڑ کر رسی بنائی اور اس کی مدد سے چوتھی منزل سے نیچے اتر کر فرار ہوگیا۔

    پولیس نے 8 گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ اس کی عمر 39 سال ہے اور اس کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا میں نہ صرف اندرون ملک سفر بلکہ بیرون ملک سے آنے والے افراد پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔

  • بستر کا رنگ کھٹملوں کو متوجہ کرنے کا سبب

    بستر کا رنگ کھٹملوں کو متوجہ کرنے کا سبب

    کیا آپ جانتے ہیں آپ کے بستر کا رنگ کھٹملوں اور کیڑے مکوڑوں کو متوجہ کرنے کا سبب بن سکتا ہے؟

    حال ہی میں حشریات (کیڑے مکوڑوں) سے متعلق ایک معلوماتی جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق سے پتہ چلا کہ بستر کی چادروں کے کچھ مخصوص رنگ کیڑے مکوڑوں کو اپنی طرف راغب کر سکتے ہیں۔

    گہرے رنگ جیسے سیاہ، سرخ، سبز کھٹملوں اور دیگر کیڑوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ یہ رنگ اندھیرے کا تاثر پیدا کرتے ہیں جس میں کھٹملوں کا چھپنا آسان ہوتا ہے۔ لہٰذا یہ رنگ بستر میں کھٹملوں کی افزائش کے لیے موزوں ترین ہیں۔

    اس کے برعکس ہلکے رنگ جسیے سفید، زرد وغیرہ میں آسانی سے کھٹملوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ ایسے رنگوں میں کھٹمل اور دیگر کیڑے بھی چھپنے سے گریز کرتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بستر میں چھپے کیڑے مکوڑے مختلف جلدی بیماریوں اور الرجی کا سبب بن سکتے ہیں لہٰذا بستر کی صفائی ضروری ہے۔

    bed-1

    کھٹملوں اور دیگر کیڑوں سے بچنے کے لیے ان تجاویز پر عمل کیا جاسکتا ہے۔

    ہلکے رنگوں میں کھٹملوں کو دیکھنا آسان ہوتا ہے لہٰذا اپنے بستر پر ہلکے رنگ کی چادر بچھائیں۔

    بیڈ پر پڑنے والی خراشوں اور سوراخوں کی صفائی کرتے رہیں اور ان میں کیڑے مار ادویات کا چھڑکاؤ کریں۔

    بستر پر کم سے کم سامان، تکیے وغیرہ رکھیں تاکہ کیڑوں کو چھپنے کے لیے جگہ نہ ملے۔

    باہر سے کوئی چیز لا کر بستر پر رکھنے سے گریز کریں۔ چھت سے اتارے ہوئے کپڑے، شاپنگ بیگز یا بستر پر کھانے پینے سے مٹی یا غذا کے ذرات بستر میں رہ جاتے ہیں جو کیڑوں کی افزائش کا سبب بن سکتے ہیں۔