Tag: بیگم کلثوم نواز کا انتقال

  • نوازشریف، مریم نواز اور صفدرکی پیرول پر رہائی کا وقت ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی

    نوازشریف، مریم نواز اور صفدرکی پیرول پر رہائی کا وقت ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف،مریم نواز ، کیپٹن(ر)صفدرکی پیرول پررہائی کا وقت ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے، تینوں مجرمان کوآج تین بجےتک اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، کیپٹن(ر)صفدر کو دی جانے والی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہورہی ہے، تینوں قیدیوں کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، تینوں مجرمان لاہور سے خصوصی طیارے میں اسلام آباد پہنچایا جائے گا، شہباز شریف اور دیگر پارٹی رہنما اڈیالہ جیل تک ساتھ جائیں گے۔

    تینوں قیدیوں کو راولپنڈی ائیرپورٹ سے اڈیالہ جیل سخت سیکیورٹی میں لایا جائے گا۔

    نوازشریف کی والدہ، چھوٹی بیٹی اسما، حسن،حسین نوازکی اہلیہ اوربچے جاتی امرا میں قیام کریں گی۔

    گذشتہ روز بیگم کلثوم نواز کےسوئم میں سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، چوہدری شجاعت حسین، مونس الہیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    آصف زرداری کا کہناتھا بلا شبہ بیگم کلثوم نوازنڈر خاتون تھیں،ان کی جد و جہد کو ملک یاد کرتا رہے گا، شریف خاندان اورن لیگ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

    تکلیف اس بات کی ہےکہ آخری وقت بیمار بیوی کےساتھ نہ گزار سکا، نواز شریف

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ تکلیف اس بات کی ہےکہ آخری وقت بیمار بیوی کےساتھ نہ گزار سکا، پیپلز پارٹی کی قیادت کاشکرگزارہوں کہ دکھ میں ہماراساتھ دیا۔

    یاد رہے 11 ستمبر کو بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں کو 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ جاتی امرا پہنچے، تاہم پیرول کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے تین دن کیا گیا تھا اور جاتی امراء کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی پیرول پر رہائی میں توسیع کرتے ہوئے مدت پانچ دن کر دی گئی تھی۔

    خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنےکے بعد انتقال کرگئیں ، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

    واضح رہے احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    لاہور: اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی، اہلیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں مزید توسیع کر دی ہے، محکمۂ داخلہ پنجاب نے توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    اس سے قبل دو بار سابق وزیرِ اعظم کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی جا چکی ہے، دو دن قبل پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے نواز شریف اور ان کی صاحب زادی کی پانچ دن پیرول پر رہائی کے لیے جاری کی جانے والی سمری پر دستخط کیے تھے۔

    چالیسیوں تک جاتی امرا کو سب جیل قرار دینے کی قرارداد

    دوسری طرف سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو کلثوم نواز کے چالیسویں تک اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  شہبازشریف کلثوم نوازکی میت لے کر لندن سے پاکستان روانہ، آج صبح لاہور پہنچیں گے


    قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی میاں نصیر احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں نواز شریف کی اہلیہ کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار اور کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے کسی المیے سے کم نہیں، شریف خاندان کی ملک کے لیے خدمات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ انسانی ہم دردی کی بنا پر نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں توسیع کی جائے اور انھیں واپس اڈیالہ جیل منتقل نہ کیا جائے۔

    قرارداد میں حکومتِ پنجاب سے اپیل کی گئی کہ جاتی امرا کو چالیسویں تک سب جیل قرار دیا جائے اور تعزیت کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں سے نواز شریف کو ملنے کی اجازت دی جائے۔

  • ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت

    ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت

    لاہور: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اڈیالہ کے قیدی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو فون کر کے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال پر میاں نواز شریف کو ترکی کے صدر نے فون کیا، فون پر رجب طیب اردوان نے کلثوم نواز کے انتقال پر اپنی اور اہلِ خانہ کی طرف سے اظہار تعزیت کیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ’بیگم کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے بڑا صدمہ ہے، اللہ تعالی انھیں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔‘

    خیال رہے کہ آج سعودی عرب کے سفیر نے بھی میاں نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی ہے، سفیر نواف بن سعيد المالکی نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

    واضح رہے کہ پیرول پر رہائی کے بعد آج پہلی بار نواز شریف تعزیت کرنے والوں سے ملے، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا۔


    سعودی سفیر کی نوازشریف سے ملاقات، بیگم کلثوم نوازکے انتقال پراظہار تعزیت


    آج سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شریف خاندان اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

  • نواز شریف، مریم نواز کی جاتی امرا کے باہر تعزیت کرنے والوں سے ملاقات

    نواز شریف، مریم نواز کی جاتی امرا کے باہر تعزیت کرنے والوں سے ملاقات

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کے لیے جاتی امرا پہنچ گئی ہے، نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم تعزیت کرنے والوں سے ملنے کے لیے باہر آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مرحومہ کلثوم نواز کی تعزیت کے لیے بڑی تعداد میں لیگی رہنما اور کارکن جاتی امرا پہنچ چکے ہیں، ان سے ملنے کے لیے سابق وزیرِ اعظم اور مریم نواز کو باہر آنا پڑا۔

    نواز شریف اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد پہلی بار تعزیت کرنے والوں سے ملے، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا۔

    دوسری طرف مریم نواز بھی پیرول پر رہائی کے بعد تعزیت کے لیے آنے والی خواتین سے باہر آ کر ملیں، لیگی کارکن خواتین نے ان سے والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔

    تعزیت کے لیے جاتی امرا  پہنچنے والوں میں متحدہ مجلس عمل کا وفد بھی شامل ہے، ایم ایم اے کے وفد میں فضل الرحمان، لیاقت بلوچ، پیر اعجاز ہاشمی اور فرید پراچہ و دیگرشامل ہیں۔


    لندن: بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی


    مسعود خان، خورشید قصوری، سائرہ افضل تارڑ اور حریت رہنما یاسین ملک بھی جاتی امرا پہنچ گئے ہیں، انھوں نے نواز شریف سے مل کر اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

  • کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ جمعے کو شام 5 بجے لاہورمیں ادا کی جائے گی

    کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ جمعے کو شام 5 بجے لاہورمیں ادا کی جائے گی

    لاہور: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ بروز جمعہ شام پانچ بجے لاہور میں جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کے مطابق سابق خاتونِ اوّل کی نمازِ جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں ادا ہوگی، رسمِ قل اتوار کو عصر سے مغرب تک جاتی امرا میں ہوگی۔

    مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ جاتی امرا میں ملک کے معروف مذہبی رہنما مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے۔

    گزشتہ روز ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی تصدیق کی تھی کہ کلثوم نواز کے ایصالِ ثواب کے لیے رسمِ قل مورخہ 16ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امرا میں ہوگی۔

    ترجمان ن لیگ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے آج شام 4 سے 6 بجے تک لوگ تعزیت کر سکیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں


    دوسری طرف مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا طیارہ برطانیہ کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر اتر گیا، شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان لانے کے لیے لندن پہنچے ہیں۔

    واضح رہے کہ جاتی امرا میں کلثوم نواز کی تعزیت کے لیے ن لیگ کے قائدین اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اہلیہ کے انتقال پر غم سے دوچار سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد شریف سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا اور آرام کا مشورہ دیا۔

  • مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث بچوں کے اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا، اسپتال کے منصوبے کا افتتاح لاہور میں 14 ستمبر کو کیا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نہایت کام یاب کپتان مصباح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سے ان کے دل کو بہت تکلیف پہنچی۔

    مصباح الحق نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال پُر ملال پر میں اور بچوں کے اسپتال کی ٹیم مرحومہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’ہم محترمہ کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال کے باعث اپنے 14 ستمبر والی تقریب کو ملتوی کرتے ہیں، تقریب کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔‘

    خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 68 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئی ہیں، انھیں ایک مدت سے گلے کا کینسر لاحق تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  مصباح الحق نے امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے لیے اسپتال کا اعلان کر دیا


    واضح رہے کہ مصباح الحق نے 6 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ بچوں کے لیے ایک اسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا یہ منصوبہ ان بچوں کے لیے ہے جو پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنھیں طبی اصطلاح میں congenital heart disease کہا جاتا ہے۔