Tag: بی آئی ایس پی

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا سازش ہے: بلاول بھٹو

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا سازش ہے: بلاول بھٹو

    شکار پور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے دشمن بی آئی ایس پی ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو سندھ کے شہر شکارپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، 18 ویں ترمیم کا خاتمہ وفاق کے لیے اچھا نہیں ہوگا، حکمرانوں کی سوچ صرف امیروں کو مزید امیر بنانا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹرین مارچ میں سندھ کے غیرت مند باسیوں نے استقبال کیا۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیسے کی کمی کے باعث صوبے کو ترقیاتی بجٹ میں کمی کا سامنا ہے، اور وفاق کی طرف سے فنڈز نہ ملنے پر کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    قبل ازیں سکھر میں بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کے ہم راہ مدیجی کے جنگلات کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، جنگلات پر قبضہ کرنے والی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان  نے سندھ دورے کے دوران اتحادی جماعتوں کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے مطالبے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے خلاف مزاحمت کریں گے: خورشید شاہ

    بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے خلاف مزاحمت کریں گے: خورشید شاہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کیے جانے کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے مطالبے پر بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے عندیے پر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس اقدام کی مزاحمت کرے گی۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی خبر اے آر وائی نیوز پر دیکھی، کہا وزیر اعظم سے اسی کی توقع کی جا سکتی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آمر ضیا الحق اور پرویز مشرف محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے خوف زدہ تھے، شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر جام شہادت نوش کیا، بی بی سے خوف زدہ سیاست دانوں کو عوام نے مسترد کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان پاکستان کے عوام کے دلوں پر راج کرتا ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک نظریے کا نام ہے۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز خان گڑھ میں علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادیوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے مطالبے پر کیا۔

    اتحادی جماعتوں کے اراکین کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا پروگرام ہے لیکن پی پی والے سمجھتے ہیں کہ یہ صوبائی حکومت کا پروگرام ہے، اگر اس کا نام تبدیل کیا جائے تو اچھا ہوگا۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    خان گڑھ: وزیر اعظم عمران خان نے آج جی ڈی اے کے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادیوں کے مطالبے پر کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ دورے کے موقع پر خان گڑھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم سے اتحادی جماعتوں کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا پروگرام ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہ صوبائی حکومت کا پروگرام ہے، اگر اس کا نام تبدیل کیا جائے تو اچھا ہوگا۔

    اتحادیوں کے مطالبے پر وزیرِ اعظم عمران خان نے فوری یقین دہانی کرا دی، انھوں نے مطالبے پر فوراً کہا ’تبدیل ہو گیا نام۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم سے علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تبدیلی کا اعلان سندھ میں اتحادیوں کے مطالبے پر کیا ہے، یہ دورہ سندھ پر ایک اور بڑا اعلان ہے۔

    قبل ازیں ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے، بے لگام کرپشن نے صوبے کے عوام کو غربت کی دَل دَل میں دھکیلا ہے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک  بی آئی ایس پی کو 30 کروڑڈالرفراہم کرے گا

    ایشیائی ترقیاتی بینک بی آئی ایس پی کو 30 کروڑڈالرفراہم کرے گا

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو تیس کروڑ ڈالر فر اہم کرے گا، یہ  رقم2019 سے 2021 کے دوران جاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے درمیان طویل مدتی معاہدہ طے پاگیا ہے، اے ڈی بی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو تیس کروڑ ڈالر فر اہم کرے گا۔

    بی آئی ایس پی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ یہ رقم تین سال میں فراہم کرے گا، رقم 2019 سے 2021 کے دوران کنٹری آپریشنز بزنس پلان کے تحت فراہم کی جائے گی اور بی آئی ایس پی کے موجودہ پروگرامز اور آئندہ منصوبوں کے لئے استعمال ہوگی ۔

    اعلامیہ کے مطابق رقم کا بڑا حصہ غربت کے خاتمے اور صنفی امتیاز کم کرنے سے متعلق منصوبوں پر خرچ ہوگا۔

    مزید پڑھیں : ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 10 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری

    یاد رہے گذشتہ روز ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے دس کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی تھی، اس رقم سے بلوچستان میں 12 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے دو منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

    بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے واٹر ریسورس منصوبہ ژوب اور دریا مولا بیسن میں جاری ہے، منصوبے پر مکمل لاگت بارہ کروڑ پچپن لاکھ ڈالر آئے گی جبکہ بقیہ رقم بلوچستان حکومت فراہم کرے گی۔

    اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پانی کی دستیابی بہتر بنانے سے بلوچستان میں زرعی آمدنی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔