Tag: بے نامی جائیدادیں

  • بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے گرد شکنجہ تنگ

    بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے گرد شکنجہ تنگ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے گرد شکنجہ تنگ ہوگیا، 150 کنال سے زائد اراضی رکھنے والے 300 مالکان کو کارروائی کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق 150 کنال یا زائد اراضی کے مالکان کی تحقیقات جاری ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 150 کنال سے زائد اراضی کے 300 مالکان کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو 300 افراد کا ریکارڈ فراہم کردیا۔

    ذرائع کے مطابق اگلے مرحلے میں 300 افراد کے اثاثوں اور آمدنی کا جائزہ لیا جائے گا، فہرست میں شامل افراد کی جائیدادیں بے نامی ہونے پر سخت کارروائی ہوگی۔ بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف نیب ریفرنس دائر کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر رکھی ہے۔

    اس سے قبل ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیدادوں کے خلاف آرڈیننس تیار کیا گیا ہے، بے نامی قانون میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کر رہے۔ تاجروں کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

    شبر زیدی نے بتایا تھا کہ پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات کے تبادلے پر دبئی میں میٹنگ ہوئی ہے، ملاقات میں طے ہوا کہ دبئی کا لینڈ ڈپارٹمنٹ اس حوالے سے فوری معلومات فراہم کرے گا۔

  • بے نامی جائیدادیں: ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو قید ہوگی، کمشنر ایف بی آر

    بے نامی جائیدادیں: ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو قید ہوگی، کمشنر ایف بی آر

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیف کمشنرلارج ٹیکس یونٹ محمدنصیربٹ نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سےفائدہ نہ اٹھانےوالےکو7سال تک قیدہوگی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد نصیر بٹ کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم ختم ہونے کے بعد خفیہ طور پر رکھی جانے والی جائیدادیں بھی ضبط کرلی جائےگی اور واجب الاداٹیکس کی رقم کا100فیصدجرمانے کے ساتھ اضافی ٹیکس بھی ادا کرنا ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں کئی شعبوں سےاچھارسپانس ملنےکی توقع ہے، 30جون تک سہولت سےفائدہ نہ اٹھایاگیاتوقانون حرکت میں آئے گا،ایمنسٹی اسکیم لینے والوں کو ایک کروڑکی جائیداد پر ڈیڑھ لاکھ روپےٹیکس دیناہوگا۔

    مزید پڑھیں: ایمنسٹی اسکیم کا بنیادی مقصد تمام غیرقانونی اکاؤنٹس کو دستاویزی شکل دینا ہے، حماد اظہر

    کمشنر ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 10کروڑ روپےکےپلاٹ پر15لاکھ روپےٹیکس وصول کیاجائےگا، ایمنسٹی اسکیم کےتحت پراپرٹی پرڈیڑھ فیصدٹیکس لاگوہوگا۔

    یاد رہے کہ حکومت نے خفیہ جائیدادیں رکھنے والوں کے لیے ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی جس کی معیاد 30 جون تک ہے، اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان نے دو بار قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا اور عوام کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنی پراپرٹیز کو قانونی بنائیں اور ملک کی مدد کریں۔

    چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ یہ ایمنسٹی اسکیم نہیں بلکہ اثاثے ظاہر کرنے کا قانون ہے، بے نامی ایکٹ 2017 کو لوگ نظر انداز کررہے ہیں، 2018 میں جو ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی گئی اُس میں بے نامی ایکٹ کو نافذ نہیں کیا گیا تھا۔

  • بے نامی جائیدادیں ضبط کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، تاجر برادری

    بے نامی جائیدادیں ضبط کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، تاجر برادری

    اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ تاجر برادری حکومت کی جانب سے بے نامی جائیدادیں ضبط کرنے کے لئے بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ کو فعال کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن میں کمی اور معیشت کی دستاویز  بندی کی طرف اہم قدم ہے ،اس فیصلے سے سرمائے کا رخ پیداواری شعبوں کی طرف ہو جائے گا ۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن میں کمی سے زیر زمین معیشت کا حجم کم ہونا شروع ہو جائے گا،اس سلسلے میں نجی شعبہ اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز سے بھی رائے لی جائے اور فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

    شاہد رشید بٹ نے مزیدکہا کہ اس قانون کی زر میں آنے والوں کو ایمنسٹی اسکیم نہ دی جائے جبکہ عمل درآمد میں روڑے اٹکانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے جبکہ اس قانون کا دائرہ وسیع کیا جائے اور جرمانے کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔