Tag: بے نظیر بھٹو کی نویں برسی

  • بے نظیر بھٹو نے عوام کی جنگ لڑی اور شہادت پائی، خورشید شاہ

    بے نظیر بھٹو نے عوام کی جنگ لڑی اور شہادت پائی، خورشید شاہ

    لاڑکانہ : قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے لیے جمہوریت، حق اور انصاف کی جنگ لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔

    یہ بات پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ ’’طاقت کا سرچشمہ عوام ہے‘‘ کے ایجنڈے پر کاربند رہتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے اپنی جانیں تک عوام کے لیے قربان کردیں۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر آج طاقت کے ایوان، عوام کے منتخب نمائندوں کی دسترس میں ہیں، عوام کی حکمرانی قائم ہے تو اس کا سہراشہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے۔

    قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بھٹو خاندان نے اقتدار مطلق العنان آمروں سے چھین کر عوام کی جھولی میں ڈالا اور یہ کام پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں کوئی لیڈر نہیں کرسکا۔

    انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر ہم اپنی شہید قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کی تکمیل کے لیے عوام کے شانہ بشانہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

    یاد رہے 27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو راولپنڈی جلسے کے اختتام پر خود کش بم دھماکے میں جاں بحق ہو گئی تھیں اور آج ان کی نویں برسی گڑھی خدا بخش میں نہایت عقیدت اور احترام سے منائی جا رہی ہے۔

  • شہید بی بی کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں، آصف علی زرداری

    شہید بی بی کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں، آصف علی زرداری

    کراچی: سابق صدرِ مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم بے نظیر بھٹو سمیت جمہوریت، آئین اور قانون کے لیے قربان ہونے والے دیگر شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے یہ بات بینظیر بھٹوکی نویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کا وژن جدید، ترقی پسنداورخوشحال پاکستان تھا۔

    انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ کوپتا تھا کہ مذہبی انتہا پسند بھیڑیے انہیں راستے سے ہٹانے کے در پہ تھے اس کے باوجود محترمہ کاعزم مسلح مذہبی انتہاپسندوں کیخلاف جنگ جاری رکھنا تھا حالانکہ محترمہ کے پاس آسان راستہ موجود تھا کہ وہ انتہاپسندوں کی مزاحمت ترک دیتیں لیکن وہ پاکستانیوں کے لیے خوشحالی کاخواب دیکھتی تھیں اوراس خواب کوشرمندہ تعبیرکرنے کے لے انہوں نے اپنی جان تک قربان کردی۔

    آصف زرداری نے کہا کہ آج ہمارے سر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جھکے ہوئے ہیں، کسی کو پیپلزپارٹی کیخلاف سازشیں کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،یہ سازشی ہرقیمت پرشکست سے دوچار ہوں گے کیوں کہ پیپلز پارٹی کی تحریک میں شہیدوں کا خون شامل ہے۔

    یاد رہے محترمہ بے نظیر بھٹو نے 27 دسمبر 2007 کو روالپنڈی میں جلسہ گاہ سے نکلنے کے بعد ایک خود کش دھماکے میں جام شہادت نوش کر لی تھی اور کل شہید بی بی کی نویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔